پیہم چھے عشروں تک پرورش ِ لوح و قلم میں انہماک کا مظاہرہ کرنے والے ادیب اختر انصاری دہلوی کو ہم سے بچھڑے بتیس سال بیت گئے ۔عبرت سرائے دہر میں ’’ شہر زاد ‘‘ کایہ مکین رُوٹھ کر ایسا گیا کہ پھر کبھی نہیں آیا۔ ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز رہتے ہوئے اپنے خونِ دِل سے گلشنِ ادب کو سیراب کرنے والے اِس یگانۂ روزگار فاضل کو ادبی گروہ بندی کرنے کے عادی سسلین مافیا نے جس بے دردی سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایاوہ تاریخ ِ ادب کا ایک اعصاب شکن سانحہ ہے ۔ اختر انصاری دہلوی نے موقع پرست عناصر کی بڑھتی ہوئی حرص و ہوس،اہانت آمیز سلوک اور سادیت پسندی سے بیزا ر ہوکر گوشہ نشینی اختیار کر لی ۔انھیں اس بات کا قلق تھا کہ ایوانِ ادب میں تخلیق کار کا بھیس بنا کر گُھس جانے والے غاصب مکینوں نے زندگی کے سب موسموں کی رنگیی اور رعنائی کو گہنا دیا ہے ۔ایک حساس تخلیق کار کی حیثیت سے انھوں نے یہ محسوس کر لیا تھاکہ کہ جب آرزوئیں ،اُمنگیں ،تمنائیں اور خواب دِلِ ویراں سے رخت ِ سفر باندھ لیتے ہیں تو حسرت و یاس کے عالم میں در و بام بھی تڑ پ اُٹھتے ہیں۔اختر انصاری دہلوی کی دائمی مفارقت کے بعد بھی اُس کے اسلوب کی مسحور کن دِ ل آویزی قاری کے قریۂ جاں کو معطر کر دیتی ہے ۔گردشِ ایام کا جائزہ لینے کے بعد اپنی شاعری میں رومانویت اور جدیدیت کی فضا سے آگے نکل کر افکارِ تازہ کی مشعل تھام کر جہانِ تازہ کی جانب سر گرم سفر رہنے والے اس ادیب نے اپنی وسعت نظر سے اپنے اسلو ب کو اِس انداز میں نکھار عطاکیا کہ آج بھی اُس کی عطر بیزی ذوق سلیم سے متمتع قاری کے قلب و جاں کو مسخر کر لیتی ہے۔ اختر انصاری دہلوی نے اپنے عہد کی جن ادبی تحریکوں میں اپنی انفرادیت بر قرار رکھی اُن میں رومانویت ،ترقی پسند تحریک ،جدیدیت اور نئی ترقی پسندی قابل ذکر ہیں۔اردو ادب کی کلاسیکی روایات کو بہ نظر تحسین دیکھنے کے باوجود اختر انصاری دہلوی نے اقتضائے وقت کے مطابقت زندگی کی برق رفتاریوں اور تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کو سدا پیشِ نظر رکھنے پر اصرارکیا۔ اپنے منفرد اسلوب میں انھوں نے طرزِ کہن پر اڑنے کے بجائے آئین ِ نوسے پیمانِ وفاباندھنے کی جو راہ دکھائی وہ اُن کے اس شعر میں نمایاں ہے ۔
یادِ ماضی عذاب ہے یارب
چِھین لے مُجھ سے حافظہ میرا
حالاتِ زندگی
اختر انصاری ( محمد ایوب انصاری ،پیدائش: بدایوں، اتر پردیش یکم اکتوبر 1909،وفات: علی گڑھ ،پانچ اکتوبر 1988 ) نے ابتدائی تعلیم کے لیے قدیم اینگلو عربک ہائی سکول، دہلی میں داخلہ لیا اور سال 1924ء میں اِسی ادارے سے میٹرک کاامتحان پاس کیا ۔اِس کے بعد ( 1930ء میں) سینٹ اسٹیفن مشن کالج ،دہلی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی اور سال 1930ء میں تاریخ میں بی ۔اے آنرز کیا ۔اگلے سال ( 1931ء)اعلا تعلیم کے سلسلے میںبر طانیہ پہنچے مگر والد کی اچانک وفات کے باعث تعلیم نا مکمل چھوڑ کر واپس وطن چلے آئے۔ سال 1933ء میںقانون کی تعلیم کا ارداہ کیا مگر ایک سال کے بعد ہی اس شعبے کو خیر باد کہہ دیا۔اُسی سال ( 1933ء )میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تدریس میں داخلہ لیا اورسال 1934ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی ۔ٹی کاامتحان پاس کیا ۔ اسی سال ان کا تقرر بہ طور معلم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زیر اہتمام کام کرنے والے سٹی ہائی سکول میں ہوا ۔ سال 1947ء میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ہی سے ایم۔اے ( اردو )کی ڈگری حاصل کی۔ جلد ہی ان کا تقرر بہ حیثیت لیکچرر شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میںہو گیا۔ یہاں انھوں نے تین سال ( 1950ء تک ) خدمات انجا م دیں۔یہاں سے فراغت کے بعد وہ ٹریننگ کالج میں تدریس پر مامور ہوئے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فراغت کے بعد وہ بہت دِل برد اشتہ رہنے لگے۔یہ دکھ انھیں دیمک کی طرح اندر ہی اندر سے کھا گیا۔بعض لوگوں کا خیال ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی داخلی سیاست اور گروہ بندی نے اس جری تخلیق کار کو اس قدر مایوس و بیزار کیا کہ اُس کے اعصاب جواب دے گئے اور وہ گوشہ نشین ہو گیا۔یہی مایوسی اور بیزاری آخری وقت تک اس کے مزاج میںشامل رہی اور یوں یہ ہنستا بولتا چمن مہیب سناٹوں اور جانگسل تنہائیوں کی بھینٹ چڑھ گیا۔اختر انصاری دہلوی کی دستار فضیلت کو اُچھا ل کر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ایک فطین تخلیق کار کو جیتے جی مارڈالا ۔ ٹریننگ کالج میں طویل عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دینے کے بعدوہ سال 1971ء میں ریٹائر ہوئے ۔اُن کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں سال 1987ء میں اُنھیں غالب ؔ ایوارڈ سے نوازا گیا۔اتر پردیش اردو اکادمی نے سال 1983ء میں ’’ دستاویز ‘‘ کے نام سے ایک کتاب شائع کی جس میں اختر انصاری دہلوی نے اپنی زندگی کے حالات اختصار کے ساتھ لکھے تھے ۔
ترقی پسند تحریک کے نظریات سے متاثر ہو کر اختر انصاری نے افسانے لکھنے کا آغاز سال 1934ء میں کیا ۔ تخلیق ادب میں پامال راہوں کی کورانہ تقلید کو وہ ادبی خود کشی پر محمول کرتے تھے۔اپنے افسانوں میں انھوں نے ایک نئی طرزِ فغاںکو پیشِ نظر رکھا۔اپنے افسانوں میںانھوں نے واقعاتی انداز سے ہٹ کر تاثراتی نوعیت کے افسانے لکھنے کا منفرد انداز اپنایا ۔پہلے سے طے شدہ پلاٹ کے بغیر افسانے لکھ کر انھوں نے فن افسانہ نگاری میں اپنی چونکا دینے والی انفرادیت کا لوہامنوایا ۔ فکشن میں وہ اگرچہ چیخوف ،گورکی اور ٹالسٹائے کے اسلوب کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے مگر تخلیق فن کے لمحوں میں وہ اپنی انفرادیت کو برقرار رکھنے کی سعی کرتے تھے ۔ان کی ہر کہانی سے ایک آفت نا گہانی نمودار ہوتی ہے ۔قاری اس نتیجے پر پہنچتاہے کہ سیکڑوں دورِ فلک ابھی آنے والے ہیں۔جیسے جیسے کہانی آگے بڑھے گی حالات نئی کروٹ لیں گے اور نئے کردار سامنے آکر مرکزی دھارے میں شامل ہو جائیں گے۔ اردو زبان میں فن افسانہ نگاری کا جو انداز منشی پریم چند اور مولانا راشد الخیری نے اپنا یا اختر انصاری نے اس سے الگ اپنی راہ متعین کی جسے فن افسانہ نگاری کے ایک نئے سکول کا نام دیاگیا ۔اختر انصاری دہلوی کاطویل مختصر افسانہ ’’ لو ایک قصہ سنو ‘‘ تکنیک کے اعتبار سے بہت اہم ہے ۔اس میںہر قصہ سے ایک نئے قصے کے سوتے پُھوٹتے ہیں۔یہ بات قابلِ غور ہے کہ اگر چہ ہر نیا قصہ اپنی جگہ مکمل کہانی ہے مگر اس کے ساتھ ہی وہ گزشتہ قصے سے پیوستہ بھی ہے۔افسانہ نگار کے اسلوب کا کمال یہ ہے کہ وہ ان سب قصوں کو تسبیح روزوشب کے دانوں کی طرح ایک ہی لڑی میں پرو کر اس اندا ز میں پیش کرتاہے کہ قاری ان سب قصوں کو ایک وحدت کے رنگ میں دیکھ کر دنگ رہ جاتاہے ۔اختر انصاری نے اگرچہ ترقی پسند تحریک سے وابستہ ادیبوں کی ادبی فعالیت میں گہر ی دلچسپی لی مگراُن کے نعرو ںسے بالکل متاثر نہیں ہوئے ۔
پس نو آبادیاتی دور میںمتوسط طبقے کے نوجوانوں کے لیے روزگاراور تعلیم کے موضوع پر کئی افسانے لکھے گئے ۔یہ حالات کی ستم ظریفی نہیںتو اورکیا ہے کہ جاہل کو اس کی جہالت کے انعام سے نوازاجائے مگر اہلِ کمال کا کوئی پرسان ِ حال ہی نہ ہو۔ مشکوک نسب کے چربہ ساز ،سارق اور کفن دُزد سفہا اور اجلاف و ارذال قماش کے بونے جب باون گزے بن بیٹھیں تو حالات کی ستم ظریفی کو دیکھ کر اہلِ کمال کا نڈھا ل ہونا قابلِ فہم دکھائی دیتاہے ۔متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوںکو روزگار کے سلسلے میں جن صبرآزما حالات کا سامنا کرنا پڑتاہے اُس کی تصویر کشی ’’ اندھی دنیا ‘‘ میں کی گئی ہے ۔یہ افسانے معاشرتی زندگی کے تلخ حقائق کے آئینہ دار ہیں۔دوسرا افسانوی مجموعہ ’’ خونی ‘‘ معاشرتی زندگی میں پائے جانے والی خوف اور دہشت کی فضا کو سامنے لاتاہے ۔یہ اُن الم نصیب جگر فگار لوگوں کی زندگی کے لرزہ خیز حالات کی تصویر پیش کرتاہے جن کی زندگی کی تمام رُتیں اہل ِ جور نے بے ثمر کر دیں ۔فسانوی مجموعہ ’’ خونی ‘‘ میں زندگی کے جان لیوا صدمات کا احوال بیان کیا گیاہے ۔ الم نصیب اور جگر فگار مجبوروں کا شبا ب بھی جاڑوں کی چاندی راتوں کے مانند خوار و زبوں ہوتاہے ۔ان کے شب و روز کو گَنج راحت سمجھنا خود فریبی سی خود فریبی ہے ۔ غم کے شباب میں بھی دِل بُرا نہ کرنے والے افسانوی کردا ر دُکھ کا ہر وار سہہ کر آگے بڑھنے پر آمادیہ نظر آتے ہیں۔اپنے افسانوں میں وہ دُکھی انسانیت کے مصائب و آلام پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں ،ان کے کردار اپنے دِل کی بات لبوں پر لانے کبھی تامل نہیں کرتے ۔ تیسرا افسانوی مجموعہ ’’ نازو ‘‘ میں چودہ افسانے شامل ہیںجن میں زندگی کی برق رفتاریوں کے نتیجے میںزندگی کی اقدار ِعالیہ اوردرخشاں روایات کو لاحق خدشات کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔یہ افسانوی کر دار اس انداز سے متکلم ہوتے ہیں کہ قاری ان کے کرب کو محسوس کرتے ہوئے تڑپ اُٹھتا ہے ۔
دِل کے شکستہ ساز سے نغمے اُبل پڑے
پُوچھا کسی نے حال تو آنسو نِکل پڑے
بلبل ! ترے نثار ، اِس انداز سے چہک
فصل ِ بہار کا بھی کلیجہ اُچھل پڑے
اختر انصاری نے ایک ترقی پسند شاعر کی حیثیت سے شاعری کا آغاز سال 1928ء میں کیا۔ ابتدا میں ان کی شاعری میںرومان کا عنصر حاوی رہا مگر جلد ہی وہ وادی ٔ خیال میں مستانہ وار گھومنے کی روش کو ترک کر کے زندگی کے تلخ حقائق کی طرف پلٹ آئے ۔ یہ حقیقت اپنی جگہ بر قرار ہے کہ اُن کے شعری اسلوب میں حسن و رومان کے بیان نے خوب سماں باندھا ہے مگر جہاں انھوںنے زندگی کے تلخ حقائق کو اشعار کے قالب میں ڈھالاہے وہاں رنگ ،خوشبو اور حسن و خوبی کے سب استعارے ماند پڑنے لگے ۔ ادب کے وہ قارئین جو اختر انصاری کی رومانی شاعری کے گرویدہ تھے، ان کی سنجیدہ شاعری اُنھیں اپنی طرف مائل نہ کر سکی۔ اپنی مرتبہ کتاب ’’ اختر انصاری : شخص اور شاعر ‘‘ میںخلیق انجم کے سوانحی خاکہ میں اختر انصاری کی درج ذیل تصانیف کو شامل کیا ہے:
نمبر شمار
تصانیف
سال اشاعت
نمبر شمار
تصانیف
سال اشاعت
1
نغمہ ٔ روح ( قطعات ،غزلیات اور نظموں کا مجموعہ )
1932
20
شعلہ بہ جام ( رباعیات کا مجموعہ )
1968
2
اندھی دنیا ( 23۔افسانوں پر مشتمل افسانوی مجموعہ )
1939
21
اینک ڈوٹس فروم دی لائف آف غالب( مطائبات غالبؔ)
1972
3
نازہ ( 14۔افسانوں کا مجموعہ )
1940
22
غزل کی سر گزشت
1975
4
آبگینے ( قطعات کا مجموعہ )
1941
23
دلی کا روڑا( یوسف بخاری : حیات و کائنات)
1977
5
افادی ادب ( ترقی پسند تنقید پر مقالہ )
1941
24
وقت کی بانہوں میں ( طویل نظم )
1979
6
خونی ( افسا نوی مجموعہ )
1943
25
غزل اور غزل کی تعلیم
1979
7
خوناب ( اگست 1942ء تک کی غزلوں کا مجموعہ )
1943
26
Education and Sociology ( A.K C.Ottwey)
1979
8
خندہ ٔ سحر ( مئی 1944ء تک کی نظموں کا مجموعہ )
1944
27
اردو فکشن: بنیادی و تشکیلی عناصر( تنقید )
1983
9
ایک ادبی ڈائری
1945
28
ایک قدم اور سہی ( 1969-1983) تک کا کلام
1986
10
روحِ عصر
1945
29
ہماراخون ( طویل نظم)
1939
11
غزل اور درسِ غزل
1959
30
پر ِ طاؤس ( قطعات)
12
حالیؔ اور نیا تنقیدی شعور
1962
31
شعلہ بہ کف ( رباعیات کا مجموعہ )
13
Studies in language and language teaching
1962
32
،روح ِ عصر ( اکتوبر 1944 ء تک کی ترقی پسند شاعری کا مجموعہ )
14
ٹیڑھی زمین ( قطعات کا دوسر امجموعہ )
1963
33
دہانِ زخم (سال 1968ء تک شائع ہونے والے دس مجموعہ ہائے کلام کا ضخیم انتخاب،1971ء)
15
سرودِ جام ( غزلیات کا دوسر امجموعہ )
1963
34
،تعلیم اور سماج ( اردوترجمہ 1959)
16
مطالعہ و تنقید ( تنقیدی مضامین کا پہلا مجموعہ )
1965
35
لو ایک قصہ سُنو ( افسانوی مجموعہ )
17
A background to educational theory.
1965
36
یہ زندگی ( افسانوی مجموعہ )
18
چند نظمیں ( 1947-1945)کے عرصہ کی نظمیں
1967
37
غزل کی سر گزشت
19
درد و داغ ( مثنوی )
1967
38
روحِ نغمہ
انتخابات اختر انصاری
اختر انصاری کی جن تخلیقات کا انتخاب ان کی زندگی میں شائع ہوا ،اُس کی تفصیل درج ذیل ہے :
نمبر شمار
تصانیف
اشا عت کا سال
نمبر شمار
تصانیف
اشاعت کا سال
1
لو ایک قصہ سنو ( بارہ منتخب افسانوں کامجموعہ )
1953
5
پرطاؤس ( آبگینے اور ٹیڑھی زمیں زمین کے 307قطعات
1965
2
انتخابات اختر انصاری( منتخب کلام کا مجموعہ )
1957
6
دہانِ زخم( قطعات،غزلیات،رباعیات،مثنوی اور نظمیں)
1971
3
یہ زندگی ( چوبیس افسانوں کا مجموعہ )
1958
7
شعلہ بہ کف( سو منتخب رباعیات کا مجموعہ )
1973
4
بادہ ٔ شبانہ ( آبگینے ،خوناب،خندہ ٔ سحراور روح عصر کا انتخاب )
1961
8
روحِ نغمہ ( بہ خط ِ ہندی )ایک سو بیس قطعات کا مجموعہ
1974
(1)
اختر انصاری کی ذاتی زندگی کے جو رنج و غم ان کی تخلیقات میں سمٹ آئے ہیںاُن کے بارے میں یہی کہا جا سکتاہے :
وہ کرب ،جس کو یہ سمجھتے تھے ہم کہ ذاتی ہے
نظر اُٹھائی ،تو دیکھا کہ شش جہاتی ہے
اختر انصاری ایک وسیع المطالعہ اور کثیر التصانیف ادیب تھے ۔ ان کی تنقید میں مارکسی اور عمرانی فکر کا غلبہ ہے ۔ انھوں نے ترجمہ نگاری پر بھی توجہ دی اور کچھ انشائیے بھی لکھے ۔ بر صغیر کی مختلف زبانوں کے ادب کے علاوہ اُنھوں نے عالمی کلاسیک کا وسیع مطالعہ کیا تھا۔پروفیسر شہپر رسول نے اپنے اہم مضمون ’’ اختر انصاری ۔آئینے سے عکس تک ‘‘ میں اختر انصاری کی زبان دانی کے بارے میں شعبہ فارسی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسر وارث کرمانی کے اِس قول کا حوالہ دیاہے:
’’ اردو ،فارسی ،انگریزی ۔۔۔ان تینوں زبانوں کے ادب کا جہا ںتک تعلق ہے اختر انصاری کے علم و واقفیت کی حد کوئی مشکل ہی سے پہنچے گا۔‘‘(2)
اپنی تدریسی اور ادبی مصروفیات میںاختر انصاری دہلوی نے فلسفہ ، تدریس ،تنقید ،تاریخ ادب،تراجم ،تخلیق ادب اور علم بشریات کو بہت اہمیت دی ۔افسانہ نگاری اور شاعری میں اُن کی تخلیقی فعالیت کے جوہر کُھل کر سامنے آتے ہیں۔ اُن کی شاعری میںشعریت اور آ ہنگ کا کرشمہ دامنِ دِل کھینچتا ہے ۔ قطعات نگاری میں اختر انصاری کی مہارت مسلمہ ہے ۔وہ اپنے منفرد اسلوب سے ایسی مرقع نگاری کرتے ہیں کہ قاری حیرت زدہ رہ جاتاہے ۔ان کے قطعات میں جذبوں کی صداقت کا جادوسر چڑھ کر بولتاہے :
اس طرح قلب میں پنہاں ہے تصور تیرا
جس طرح چاند گھٹاؤں میں چُھپا ہوتاہے
سینہ معمور ہے یوں تیری حسیں یادوں سے
آسماں جیسے ستاروں سے بھرا ہوتاہے
نسیم،پھولوں کی رونق ،کُھلے ہوئے تارے
فضامیں چُھوٹ رہے ہیں ضیا کے فوّارے
رُخِ حسینۂ فطرت سے اُٹھ گئی ہے نقاب
نظر کو ڈُھونڈ رہے ہیں حسین نظارے
چاندنی، تارے، ابر کے ٹکڑے
ہائے کس قہر کی حسین ہے رات!
لیجیے وہ پھوار پڑنے لگی
آج کیوں ہوش میں نہیں ہے رات
غزلیات سے انتخاب:
کمروں کی سیاست سے بیزار ر ہنے و الے اس جری تخلیق کار نے اپنے دِل کی بات لبوں تک لانے میں کبھی تامل نہ کیا۔ پچاس سال تک غزل گوئی میں اختر انصاری نے دھیمے لہجے میں درد کی بات کرنا اپنا شعاربنایا۔ اُن کی غزلوں میں پائی جانے والی روح اور قلب کی گہرائی میںاُتر جانے والی اثر آفرینی سہل ممتنع کی کی مرہونِ منت ہے ۔زندگی کے تمام موسموں کا احوال ان کے اشعار میں سمٹ آیا ہے ۔ایک کم گو اور گوشہ گیر انسان کی حیثیت سے انھوں نے اپنے حالات سے سمجھوتہ کر لیا تھا۔ان کی غزلیات میں نادر تشبیہات اور استعارات کے اعجاز سے کلام کی اثر آفرینی میں اضافہ ہو جاتاہے ۔
حسیں یادوں کی شمعیں مجھے جلانے دو
مزار ہیں مرے سینوں میں آرزوؤں کے
آہ! مطرب یہ تیرا دھیمے سُروں میں گانا
جیسے دریا شبِ ِ ماہتاب میں آہستہ بہے
ہجومِ ِ کیف و وفورِ طرب کے عالم میں
شفق کے بستر ِ گُل پر مچل رہی ہے سحر
جسے کلیجے کی ٹھندک کہیں ،وہ تابش ہے
مثالِ عارضِ محبوب جل رہی ہے رات
زندگی کے نشیب و فراز کے موضوع پر اختر انصاری نے کُھل کر لکھا ہے۔ جزیرہ ٔ جہلا میں گِھر جانے کے بعداختر انصاری دہلوی نے اپنی تنہائی کو قسمت کا لکھا سمجھ کر قبول کر لیا۔ بگولوں اور آندھیوں کو گھنگھور گھٹا کہنا اور جعل سازوں کی مدح سرائی اُن کے ادبی مسلک کے خلاف تھا ۔ اپنے منھ میاں مٹھو بننے والے خود ستائی کے عادی ،خوشامد پسند اورچربہ ساز ا س قناعت پسند ادیب کے در پئے پندا ر تھے۔ محض اپنی ترقی کو پسند کرنے والے مرغان ِ باد نما نے اس شاہین صفت ادیب کی ادبی کامرانیوں سے شِپرانہ چشم پوشی کو وتیرہ بنا لیا ۔اس انا پرست ادیب کے لیے یہ ممکن ہی نہ تھا کہ وہ شعبدہ بازوں کی چرب زبانی پر مبنی اس کہانی کو من و عن تسلیم کر لے جس کے مطابق وہ سراب کو کِشت روح اور قلب کو سیراب کرنے والا آب ِ رواں قرار دیتے تھے۔منافقوں کی مصلحت اندیشی سے انھیں شدید نفرت تھی اِس لیے ان کینہ پرور اور حاسد حریفوں کے کریہہ چہرے اور قبیح کردارکو وہ بر ملا ہدفِ تنقدی بناتے رہے ۔اس کے ردِعمل میں معاصرانہ چشمک نے ایسا رنگ اختیار کر لیا جس کے نتیجے میں صرف ذاتی عناد اور بد بختانہ کینہ پروری کی بنا پر اختر انصاری دہلوی کے اسلوب کا دھنک رنگ منظر نامہ ان کی زندگی ہی میں بے رنگ کر دیا گیا۔ ایسا محسوس ہوتا تھاکہ زندگی کے آخری دنوں میں سب بلائیں تمام ہو جانے کے بعد وہ اپنی زندگی کے حالات سے اس قدر ناخوش و بیزار ہو چکے تھے کہ مرگِ نا گہانی کے منتظر رہنے لگے تھے ۔ان کی اُمید کا انحصار صرف موت ہی پر رہ گیا تھا۔
دیکھتے دیکھتے ایک دِن یہ جہاں چھوڑجاؤں گا میں
لہلہاتا ہوا دشتِ آہ و فغاں چھوڑ جاؤں گا میں
آفتوں میں گِھر گیا ہوں زیست سے بیزار ہوں
میں کِسی رومان ِ غم کا مرکزی کردار ہوں
اِک غم انگیز حقیقت ہے ہماری ہستی
قصہ خواں ! تیری غم انگیز کہانی کی قسم
ہمارے سر سے کبھی کا گزر گیا پانی
برس بہار کی سرشار رات ،خوب برس !
شامِ ِ ویراں کی اُداسی ،دِلِ تِیرہ کا سکوت
دِلِ محزوں کو مِلے ہمدم و محرم کیا کیا
سوال ہے غم ِ ہستی کے بِیت جانے کا
یہ زندگی تو بہ ہر حال بِیت جاتی ہے
لچک ہی جاتی ہے شاخ اپنے آ شیاں کی بھی
چمن میں گاتی ہوئی جب بہار آتی ہے
گردِ شِ مدام اورپیہم شکستِ دِل کے نتیجے میں حساس تخلیق کار اضطراب اور اضمحلال کا شکار ہو جاتاہے ۔جب اُس کی کوئی اُمید بر نہ آئے اور نہ ہی اصلاح ِ احوال کی کوئی صورت دکھائی دے تو زندگی ایک کرب ،اذیت اور عقوبت کی صورت اختیار کر لیتی ہے ۔اختر انصاری دہلوی کی شاعری میں پائی جانے والی یہی کیفیت اس کے دِل پر اُترنے والے سب موسموں کااحوال پیش کرتی ہے ۔ موزوں ترین الفاظ کے انتخاب اور ان کے بر محل استعمال کا جو قرینہ اختر انصاری دہلوی کے اسلوب میں جلوہ گر ہے وہ ان کی انفرادیت کا منھ بولتا ثبوت ہے ۔ان کی شاعری میں جدت اور تنوع کی مظہر خیال آفرینی اور معنی آفرینی کے سوتے لفظیات ہی سے پُھوٹتے ہیں۔ اختر انصاری دہلوی جیسے با کمال ادیب کے اشہب ِقلم کی جولانیاں اور اسلوب کی حشر سامانیوں کی تاثیر حد اِدراک سے بھی کہیں آگے ہے ۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ جہاں تک کلام میں حزن و یاس کا تعلق ہے اختر انصاری دہلوی کے اسلوب پر فانی بدایونی( شوکت علی خان : 1879-1961) کے اثرات محسوس کیے جا سکتے ہیں ۔ بادی النظر میں یہ بات اس لیے حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی کیونکہ اختر انصاری دہلوی نے ہوائے جور و ستم میں نرغہ ٔ اعدا میں بھی حوصلے اور اُمید کی شمع فرزاں رکھنے پر اصرارکیا ہے ۔ سمے کے سمے کے ثمر نے ایسا گُل کِھلایا کہ اِس حساس تخلیق کار کا غنچۂ دِل اِس انداز سے کِھلاکہ یہ کِھلتے ہی مُرجھا گیا۔ ہوا کی سر سراہٹ ،موسموں کے تغیر و تبدل اورگُل ہائے رنگ رنگ سے رازِ مسرت کی جستجو کرنے والے اس فطرت نگار اور متحمل مزاج ادیب نے عیش کی راتوں ،برساتوں اور خواب کی باتوں کو بر شگال کی سوغاتوں سے تعبیر کیا ۔ اسے معلوم ہے کہ قزاقِ یاس و ہراس نہایت سفاکی کے ساتھ اُمیدوں کی متاع بے بہا کو لُو ٹ لیتا ہے۔ اگرچہ شدت ِ احساس نے اُسے جیتے جی مارڈالااس کے باوجود وہ کاسۂ گدائی تھامے عمر رفتہ سے زندہ اور توانا جذبات کی بھیگ مانگنے میںکوئی تامل نہیں کرتا۔ ا ختر انصاری دہلوی اپنی گم گشتہ تمنا سے بھی والہانہ محبت کرتا ہے یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اس کی زندگی بہاروں کے سوگ میں بیت گئی مگرکنج تنہائی کو گوشۂ عافیت قرار دینے والے اس مستغنی کو یاسیت پسند کہنا مناسب نہیں ۔
محبت کرنے والوں کے بہار افرو زسینوں میں
رہا کرتی ہے شادابی خزاں کے بھی مہینوں میں
ہوائے تُند ہے ،گِرداب ہے ،پُر شور دَھاراہے
لیے جاتے ہیں ذوقِ عافیت سی شے سفینوں میں
میں بتاؤں کیا ہے یہ شاعری ،یہ نوائے دِل ،یہ سرودِ جاں
کبھی درد لفظوں میں ڈھل گیا،کبھی ٹِیس لے میں سما گئی
اب تو خاموش ہیں ،لیکن انھی آنکھوں نے کبھی
ایسے طوفان اُٹھائے ہیں کہ جی جانتا ہے
ایک تصویر ِ محبت ہے جوانی گویا
جس میںرنگوں کے عوض خونِ جگر بھرتے ہیں
عِشرتِ رفتہ نے جا کر نہ ہمیں یاد کیا
عِشرتِ رفتہ کو ہم یاد کیا کرتے ہیں
آسماں سے کبھی دیکھی نہ گئی اپنی خوشی
اب یہ حالت ہے کہ ہم ہنستے ہوئے ڈرتے ہیں
جو پُوچھتا ہے کوئی دِل کی حسرتوں کا حال
تو منھ سے ’’ ہائے ‘‘ نکلتی ہے ،بات کے بدلے
کیا یاد کر کے عشرتِ رفتہ کو روئیے
اِک لہر تھی کہ ناچتی گاتی نکل گئی
یادش بخیر ! عہدِ محبت کی شاعری
اِک آ ہ تھی کہ گِیت کے سانچے میں ڈھل گئی
حریت فکر و عمل کے مجاہد کے مجاہد کی حیثیت سے اختر انصاری دہلوی نے اپنی شاعری کو ضمیر کی للکار اور حریت فکر کی پیکار کی شکل عطا کر د ی تھی ۔ ایک صابر و شاکر ادیب کی حیثیت سے اختر انصاری دہلوی نے ایک شان ِ استغنا کے ساتھ زندگی بسر کی ۔جمالیاتی سوز و سرور کو اپنا مطمح نظر بنانے والے اس ادیب نے اپنی زندگی میں کبھی دو عملی اور منافقت سے کام نہ لیا ۔ خوابوں کی صورت گری اور حسن و جمال کی مرقع نگاری میں انھوں نے ہمیشہ گہری دلچسپی لی ۔محبت اور نفرت کے درمیان وہ کسی مصلحت کے قائل نہ تھے ۔سادیت پسندوں سے وہ سدا ناخوش و بیزار رہتے تھے۔ عملی زندگی میں انا کا بوجھ ہی ان کا زادِ سفر رہا۔آستین کے سانپ ،سانپ تلے کے بچھو اور بروٹس قماش کے محسن کش موقع پرستوں سے اُنھیں شدید نفرت تھی ۔ پس نوآبادیاتی دور میں عادی دروغ گو مفاد پرست طبقے نے حسد اور ٹھگی کو وتیرہ بنا لیا ۔ان سفہا اور اجلاف و ارذال نے ایذا رسانی کومشغلہ بنا لیا ۔ان حالات میں الم نصیب جگر فگار مظلوم کسے وکیل کریں اور کس سے منصفی کی توقع رکھیں۔ عملی زندگی میں وہ کئی کینہ پرورحاسدوںکی شقاوت آمیز نا انصافیوں کا نشانہ بنے مگر انھیں ہمیشہ کے لیے نظروں سے گر ا دیا اور کبھی ان کا نام لینا بھی گوارا نہ کیا۔اہلِ جور کی پیہم سختیوںاور نا انصافیوں نے زندگی بھر انھیں یاس و ہراس میں مبتلا رکھا۔وہ جبر کے ہر انداز کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دِل آزاری کرنے والے سادیت پسندوں سے اُن کی نفرت بڑھتی چلی گئی ۔پروفیسر ظہیر احمد صدیقی نے ان کی شخصیت کے اسی پہلو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اطہر پرویز کے حوالے سے لکھاہے :
’’ کسی ترقی کے سلسلے میں پروفیسر عمرالدین نے ان کی مخالفت کی تھی جس کی وجہ سے ان کو ترقی نہ مِل سکی ۔جب عمر الدین صاحب کا انتقال ہوااور دریافت کیا کہ کیا آپ اُن کے جنازے میں شریک ہوں گے ؟ کہنے لگے ’’ جناب ! آپ نے کسی مقتول کو اپنے قاتل کے جنازے کو کاندھا دیتے ہوئے بھی دیکھاہے ۔‘‘ (3)
پروفیسر اختر انصاری دہلوی کے بارے میںاپنے اس مضمون کے لیے مآخذ کے حصول کے سلسلے میں مجھے مشاہیر ادب سے بھی رابطہ کرنا پڑا۔ وھیٹی ،اونٹاریو، کینیڈا میں مقیم عالمی شہرت کے حامل ممتاز بھارتی ادیب طار ق غازی کی طرف سے منگل دس نومبر 2020 کو صبح چار بج کر چھپن منٹ پر یہ ای۔ میل موصول ہوئی جس سے مندرجہ بالا بات غلط ثابت ہوئی ہے ۔اس ای ۔میل کے ساتھ اُن کی تصنیف ’’ تذکار الانصار‘‘ میں شامل اختر انصاری کے بارے اُن کا مضمون بھی منسلک ہے ۔اپنی اس ای ۔میل میں محترم طارق غازی صاحب نے لکھا ہے :
’’ پروفیسر اختر انصاری دہلوی پر ایک سوانحیہ میںنے اپنی کتاب ( تذکار الانصار )میں لکھاہے جس کی نقل یہاں پیش ہے ۔جہاں تک ان کے ساتھ پروفیسر محمد عمر الدین مرحوم کے کسی اختلاف کا تعلق ہے تو اِس سے قطع نظر ،یہ بیان محلِ نظر ہے کہ اختر انصاری نے پروفیسر عمر الدین کے جنازہ میں شرکت سے انکار کر دیاتھا۔عمر الدین صاحب علی گڑھ میں فلسفہ کے پروفیسر تھے ،جس سال ( جولائی 1959 ء میں) میں وہاں پہنچاوہ ایس ایس ہال کے پروووسٹ بھی تھے ۔میں اِسی ہال کے ہوسٹل ایس ایم ایسٹ میں رہتاتھا۔مسلم یونیورسٹی سے ریٹائر ہونے کے بعدپروفیسر عمر الدین پاکستان چلے گئے اور وہیں (غالباً لاہور میں)اُن کا انتقال ہوا تھا۔پروفیسر اختر انصاری کاانتقال علی گڑھ میں ہوا۔اس صغری کبری سے نتیجہ یہ نکلتاہے کہ پروفیسر عمر الدین کے انتقال کے وقت یہ دونوں ممتاز علمی بزرگ ایک دوسرے سے جسمانی طور پر بہت دُور تھے اور پروفیسر عمر الدین کے جنازہ میں پروفیسر اختر انصاری کی شرکت خار ج از امکان تھی۔‘‘(4)
تصورات کی زلفوں کا پیچ و خم ،رعنائیٔ خیال اور رباب زیست کے تاروں کا زیر وبم عنقا ہوجانے کے بعد حصول ِ مسرت کو سرابوں میں بھٹکنے پر محمول کرنے والے جادو نگار تخلیق کار ا ختر انصاری دہلوی نے زمانے کے چلن دیکھ کر اسے خراباتی کہنا شرو ع کر دیاتھا۔ رفعتِ چرخ کے اسرار سے آگاہ یہ ادیب بھی رام ریاض ،ساغر صدیقی اور خادم مگھیانوی کی طرح موہوم شادابیوں کو سینے سے لگائے غموں سے نباہ کرتا رہا اور کبھی حرفِ شکایت لب پر نہ لایا۔ پیہم شکست ِدِل کے بعد بھی تکلم کے سلسلوں میں وہ رنج و الم سے بھی لطف اُٹھانے کا کوئی نہ کوئی پہلوتلاش کر لیتاتھا۔ گردشِ حالات نے اُسے افسردگی کے ماحول کا اسیر بنا دیامگر اِس قناعت پسند ادیب نے ایک شان ِ استغنا کے ساتھ بعض اوقات گرداب کی لہروں سے چُہل کرنے جیسے شغل بے معنی کو بھی راحت کے حصول کا ایک وسیلہ سمجھا۔مراعات یافتہ استحصالی عناصر کی رودادِ عشرت سُن کر رشک کرنابعض حریص لوگوں کا وتیرہ بن جاتاہے مگر ا ختر انصاری دہلوی نے کُھلی آ نکھوں سے اس تصورِ پر کیف کا خواب دیکھنے والوں پر گرفت کی اور اُنھیں حقائق سے آ نکھیں چار کرنے پر مائل کیا ۔عملی زندگی میں کچھ لوگ بلند مناصب پر پہنچ جاتے ہیں مگر ان کے قناعت پسند دیرینہ ساتھی ان سے مفادات حاصل کرنے کی کبھی کوشش نہیں کرتے ۔نوآبادیاتی دور میں زمانہ طالب علمی میںپروفیسر عبدالستا ر چاولہ اور حاجی محمد اکرم کے جالندھر میں جنرل ضیاالحق او ر ان کے خاندان سے قریبی تعلقات تھے ۔پس نو آبادیاتی دور میں پرانے ربط و تعلق سے وابستہ سب حقیقتیں خیال و خواب ہو گئیں ۔اختر انصاری کے ہم جماعت ساتھیوں میں فخر الدین علی احمد اور نو ر الدین احمد جیسی مقتدر ہستیاں شامل تھیں در کسریٰ پر صدا کرنا اُن کے مسلک کے خلا ف تھا اس لیے وہ اپنی دنیا میں مگن رہے ۔ اپنے دِلِ پُر خوں سے بہنے والے آنسوؤں کا خیال کرتے ہوئے بھی بزمِ طرب کی تلا ش رجائیت کا منفرد انداز ہے ۔
سر مستیوں میں رُوح ِ جوانی کُچل گئی
یعنی بہار سوزِ بہاراں سے جل گئی
اختر انصار ی دہلوی کو یہی شکوہ تھا کہ کاتب تقدیر نے ان کے کاسہ ٔ مقدر میں ڈالے گئے دردو کرب اور مصائب و آلام قاروں کے خزانے کے مانند ہیں ۔ جان گسل تنہائیوں اور سکوتِ مرگ میں بھی ظلمت ِ شب کے پردے ہٹا کر وہ انجمن خیال سجا کر اپنے دِل کا خلا بھرنے اور سکون ِ قلب تلاش کرنے کا کوئی بہانہ تلاش کر لیتے تھے ۔ لطفِ زیست کے محض چند لمحوں کی تلاش میں نکلنے والا یہ درویش فقیری میں بھی امیری کے انداز اپنا تا ہے ۔ تنہائی کے عالم میں شبِ مَہ کے منتشر جلووں کو دیکھ کر حسن و جمال کی تلاش کا خیال رُخ، حسینہ ٔ فطرت کے چہرے سے نقاب اُٹھانے کاانوکھا خیال ہے ۔ ان کی عادات و اطوار ،میل جول اور رہن سہن کے انداز دیکھ کر ان کے معیار اور ذوق سلیم کا انداز ہ لگایا جاسکتاتھا۔ بے ہنگم واقعات اور بد وضع لوگوںکے بارے میںکوئی بات سنناگوارا نہیں کرتے تھے ۔ ان کے معمولات اور حلقۂ یاراں کے مشاغل کے بارے میں بھارت میں مقیم عالمی شہرت کے حامل ادیب ،نقاد ،محقق اور ماہر تعلیم پروفیسر شہپر رسول نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے لکھاہے :
’’ اچھا لباس،اچھے لوگ اور اچھی صورتیں اُن کو پسند تھیں ۔ایک مرتبہ علی گڑھ ہی کے ریستراں میں راقم الحروف کے ساتھ ڈنرکاپروگرام طے پایا۔ معینہ وقت پر میں اور مرحوم ریستراں پہنچے۔اِدھر اُدھر نگاہیں دوڑائیں اور صرف اِس بنیادپر کہ وہاں موجود اشخاص یاافراد کے لباس اور شکلیں ان کو پسند نہیں آئی تھیں ڈنر ہی منسو خ کر دیا۔۔۔۔۔اور یہ فرماتے ہوئے کہ ’’ یہاں کی فضا تکدر سے پُر ہے ،ہم توگلیمر کی تلاش میں یہاں آئے تھے ‘‘۔واپس گھر روانہ ہو گئے ۔‘‘ ( 5)
دِلِ فسردہ میں کچھ سوز و ساز باقی ہے
وہ آ گ بجھ گئی لیکن گدا زباقی ہے
تقدیرو ںکے بننے اور بگڑنے اور خزاںکے سیکڑوں خوں رُلانے والے مناظر دیکھنے کے بعد زخم خوردہ اختر انصار ی دہلوی نے ہر قسم کا شکوہ اور شکایت چھوڑ کر اپنے دِلِ شوریدہ کو تھام کرصبر کو شعار بنا لیا جواُن کی مضبوط اور مستحکم شخصیت کی دلیل ہے۔ اُن کے دِل ِ غم گدا زمیں کرب پیہم کروٹیں بدلتا رہا مگر محبت کے ستم سہہ کر بغیر آ نسوؤں کے رونے والے اس ادیب نے اپنے غم کا بھید کبھی نہ کھولا۔ اُن کے اسلوب میں جلوہ گر اُن کی نکتہ سنجیوں کو دیکھ کر یقین ہو جاتاہے کہ وہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ چلنے کی صلاحیت سے متمتع تھے ۔ گردش ِ ایام کے باوجود اپنے مرکز قائم رہنے کا یہ منفرد انداز انھیں ممتاز مقام عطا کرتاہے ۔ وہ ایک ایسے مرقع ساز تھے جو حسین الفاظ کے رنگوں سے روح ،قلب اور ذہن و ذکاوت کی مرقع نگاری پر قاد ر تھے۔ روح کے زخم سے نا آشناچارہ گری سے گریز کرنے والے غم گساروں پر وہ یہ بات واضح کر دیتے ہیں کہ گردشِ ماہ و سال کو دیکھ کر وہ اندمال کی مساعی کے نتائج سے نا اُمید نہیں ۔ ضعیفی کے عالم میں محبت اور جوانی کے تذکرے اُنھیں اِس لیے پسند نہ تھے کہ جہانِ دِل کی ویرانی اور سوختہ سامانی کی لرزہ خیز کیفیت دیکھنے کے بعد اِس کا نئے سرے سے بسنا بعید از قیاس ہے ۔ اپنے سب احباب سے اخلا ق او راخلاص سے پیش آنا اُن کا شیوہ تھا۔ انھوں نے معاشرتی زندگی میں پائے جانے والے تضادات ،بے ہنگم ارتعاشات اور ناانصافیوں کے خلاف قلم بہ کف مجاہد اکردار ادا کیا ۔اپنے ذاتی تجربات کی بنا پر انھوں نے سماجی زندگی میں راہ پا جانے والے مناقشات کے خلاف کُھل کر لکھا۔اپنے ذاتی مسائل کے باوجود انھوں نے ہوائے جورو ستم میں بھی مشعل وفاکو فروزاں رکھنے پر اصرارکیا۔معاشرتی زندگی کی اصلاح ،روّیوں کو اعتدال میں لانے اور اذہان کی تطہیر و تنویر کی خاطر اُنھوں نے طنز کو اپنے اسلوب میںجگہ دی ۔معاشرے اور سماج پر طنز کرتے وقت وہ اپنی ذات کو بھی نظر انداز نہیںکرتے تھے ۔ قحط الرجال کے موجودہ زمانے کا المیہ یہ ہے کہ چور محل میں جنم لینے والے چور دروازے سے گُھس کر جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کر لیتے ہیں ۔اس بڑھ کر سانحہ کیا ہوگا کہ انگوٹھا چھاپ بھی اپنی جہالت کا انعا م بٹورنے میں کا میاب ہو جاتے ہیں ۔ادبی انجمنوں کے بڑے انعام بھی موقع پرست اپنے مکر کی چالوں سے اُڑا لے جاتے ہیں جب کہ با صلاحیت ادیب اپنی سادگی اور انا کی وجہ سے مات کھا جاتے ہیں۔ اختر انصاری کو اس بات کا قلق تھا موجود ہ زمانے میں معاشرتی بے حسی کے باعث اہلِ کمال کا کوئی پرسان ِ حال نہیں ۔بہتی گنگا میںہاتھ دھونے والے ،چڑھتے سور ج کی پرستش کرنے والے اور ایک چہر ے پر کئی چہرے سجا کر اپنا اُلّو سیدھا کرنے والے پینترے بازوںکی قلابازیوں کو وہ شامِ الم سے تعبیر کرتے تھے جسے صبح کہنا حقائق کی تمسیخ اور صداقتوں کی تکذیب تھا۔اپنے اس موقف پر وہ زندگی بھر ڈٹے رہے گوشہ نشینی اختیار کر لی مگر پامال راہوں پر چلتے ہوئے کسی کی تقلید نہ کی ۔کر گس زادوں نے اس شاہین صفت ادیب پر کئی وار کیے مگر اس نے زندگی بھر نیام حرف اور شمشیر ِ دِل کو سنبھال کر اپنا دفاع کیا۔ ساہتیہ اکیڈمی ایوار ڈ کی تقسیم کے سلسلے میں ہونے والی نا انصافی پر اختر انصاری کے ملال کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر ظہیر احمد صدیقی نے لکھاہے کہ اختر انصاری کاخیال تھا کہ یہ ایوارڈ اکثر نا اہل لوگوںکی جھولی میں ڈال دیاجاتاہے ۔اہلِ کمال کے ساتھ کی جانے والی نا انصافیوں کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر ظہیر احمد صدیقی نے لکھا ہے :
’’ میں نے اپنے ایک مضمون میں عہدِ حاضر کے چند ممتاز شاعروں کے نام لکھے تھے ۔اختر صاحب نے مضمون کے حاشیہ پر لکھ دیا:
’’ یہ سب تیسرے درجے کے شاعر ہوئے ہیں ۔بد بخت اختر انصاری تو اِن مینڈکوں کی صف میں بھی شامل نہیں ہے ۔‘‘ (6)
اُن کی خوش لباسی وضع داری اور مہمان نوازی کی ہر طرف دُھوم تھی ۔ پروفیسر شہپر رسول نے اختر انصاری کی شخصیت کے بارے میں لکھاہے :
’’ مکمل انسان اس طرح کہ تکمیل انسانیت مرحوم پر فخر کر سکتی تھی ،نہایت انکسارپسند،خوش مزاج ،سادہ طبیعت ،نر م گواور اَدب کے دُوسرے لوگوںسے قطعی جُدا۔ہر اچھی بُری سے دُور اپنے کام سے کام کرنے والے آدمی۔۔۔) ( 7)
اخترانصاری پر تحقیقی کام
اس عالمِ آب و گِل کے بارے میں اختر انصاری نے اپنے تجربات،مشاہدات ،خیالات ،تصورات اور احساسات کو جس فنی مہارت سے زیبِ قرطاس کیا ہے اس کا ادراک کرتے ہوئے بھارت کی مختلف جامعات میں اختر انصاری کی شخصیت اور اسلوب پر تحقیقی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔اس تحقیقی کام کی تفصیل درج ذیل ہے:
نمبر شمار
محقق
نگران
موضوع
جامعہ
1
فاطمہ پروین
پروفیسر مغنی تبسم
اختر انصار ی شخصیت اور فن
عثمانیہ یو نیورسٹی ،حید رآبادکن ،سطح Ph.D
2
محمدمنصور عالم
پروفیسر ابو ذرعثمانی
اختر انصار ی شخصیت اور فن
رانچی یونیورسٹی ،سطح ۔ Ph.D ڈگری جاری کی جا چکی ہے ۔
سیّد یوسف بخاری کا شمار دبستان دہلی سے تعلق رکھنے والے اُردو زبان کے ممتاز ادیبو ںمیں ہوتا ہے۔سیّد یوسف بخاری کی تصانیف ’’ یہ دلّی ہے ‘‘ اور ’’ یارانِ رفتہ ‘‘ اپنے زمانے کی مقبول تصانیف تھیں ۔ اختر انصاری دہلوی کی تصنیف ’’ دِلّی کا روڑا ‘‘ کے محاوراتی عنوا ن سے تصنیف جس میں سیّد یوسف بخار ی دہلوی کی شخصیت اور ادبی کار ناموںکا جائزہ لیا گیاہے۔ میر امن دہلوی ،مرزا اسداللہ خان غالب ؔ، خواجہ حسن نظامی ،ملا واحدی اور اشرف صبوحی نے دہلی میں اردو نثر کی ثروت میں جو اضافہ کیا سیّد یوسف بخاری نے اسی درخشاں روایت کو آگے بڑھایا۔اختر انصاری دہلوی کی اس سوانحی کتاب کی بہت پزیرائی ہو ئی ۔’ ’ یادوں کے چراغ ‘‘ کو یاد نگاری میں بہت اہم سمجھا جاتاہے ۔ پر وفیسر اختر انصاری دہلوی کی شخصیت اوراسلوب پر درج ذیل کتب شائع ہو چکی ہیں :
۱۔ عادل حیات : اختر انصاری اور اُن کی غزل گوئی ، ۲۔ خلیق انجم : اختر انصاری : شخص و شاعر ،۳۔بشیر احمد: مطالعہ ٔ اختر انصاری
اختر انصاری دہلوی کے ساتھ ان کی زندگی میں جوشقاوت آمیز نا انصافیاں ہوئی ان پر اپنے دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر شہپر رسول نے لکھاہے :
’’ اختر انصاری کے ساتھ ادبی سطح پر بہت سی نا انصافیاں ہوئیں جس کا مرحوم کو تمام عمر افسو س رہا۔یوں تو اُن کو بہت سے انعامات سے نوازا گیا،گزشتہ سال ’’ غالب ایوارڈ‘‘ بھی اُن کے آخری مجموعہ ٔ شعر ’’ ایک قدم اور سہی ‘‘پر دیا گیا ——— لیکن کیاوہ صرف اِسی کے مستحق تھے ؟کیا چالیس کتابوں کے مصنف کو اِسی طرح فراموش کر دینا چاہیے ؟کیاشہنشاہ ِ قطعات،صاحبِ طرز غزل گو،معروف افسانہ نگاراور صاحب ِ نظر تنقیدنگار کی تمام عمرکی ادبی و علمی کاوشوں کا بس یہی صلہ ہے ؟؟؟‘‘ ( 8)
اختر انصاری کی محبت کی کہانی میں اس کے سوا کیا ہے کہ عروس ِکامرانی کے انتظار میںاُس کی ستم آرا جوانی کے دِن بیت گئے ۔ اپنی اُجڑی ہوئی دنیا کی کہانیاں سناتے سُناتے اپنے غم کی نشانی چھوڑ کر داستان گو اختر انصاری اس جہانِ فانی سے رخصت ہو گیا۔اس یگانۂ روزگار فاضل کی علمی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پروفیسر شہپر رسول نے اپنی معرکہ آرا تصنیف چشمِ دروں کے حرف اوّل میںلکھا ہے :
’’ اختر انصاری بڑی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے ۔انھوں نے اپنے تخلیقی اظہارکے لیے مختلف فنی ادبی جہات کاانتخاب کیا تھا۔ایسا بہت کم دیکھنے میں آتاہے کہ ایک قلم کار بیک وقت کئی اصناف ِادب میں فنی معیاروں کی یکساں بلندی کے ساتھ تخلیقات و تصنیفات پیش کرنے کا امتیاز رکھتا ہو ۔غزل ،قطعہ،رباعی،نظم ،افسانہ ،انشائیہ اور تنقید کہاں کہاں انھوں نے اپنی فنکاری اور جادو نگاری کے جوہر نہیں دکھائے لیکن ان کی خدمات کا اعتراف اورقدر وقیمت کا صحیح تعین نہ کر کے ان کے ساتھ بہت نا انصافی کی گئی ۔‘‘( 9)
عالم افروز تپش سے لبریز اختر انصاری کے اسلوب کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتاہے کہ تخلیق کار کا غنچۂ دِل جب کِھلتے ہی مُرجھاجائے تو دِل کی ویرانی کا کیا مذکور ہے ۔آرزوئیں جب حسرتوں میں بدل جائیں تو وہ روح اور قلب میں ایک درد ِلا دوا کا رُوپ دھا رلیتی ہیں۔ ہجوم ِ غم میں دِل کو سنبھالنے کی کوشش میں اختر انصاری بعض اوقات گردش ِ مدام سے گھبر اجاتامگر پیہم دُکھ سہنے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچاکہ ستم ہائے روزگار کے ساتھ نباہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ اپنی شاعری کے وسیلے سے اُس نے اپنے درد و غم کا اظہار کیا یہی ضبط ِ سوز و ساز کاانداز تھا جسے اُس نے زندگی بھر پیشِ نظررکھا۔ الفاظ کو غنچوں ،کلیوں اور شگوفوں کے مانند اپنے تصرف میں لانے والے اس حساس تخلیق کار کا لہجہ جب خنجر کا رُوپ دھار لیتاتو سامعین گردشِ مدام کے اِس انجام پر دِل تھام لیتے ۔ حسن و جمال کی جستجو کرنے والوں کو یہ رازِ مسرت سمجھ لینا چاہیے کہ بزمِ گلشن میں اِک برگِ گُل کی خاطر چاندنی کتنی شاخوں کے پاؤں پڑتی ہے ۔ وہ زندگی کے اسرار و رموز کو خوب سمجھتاتھا مگر اُسے کوئی ایسامحرم ہی نہ مِل سکا جسے وہ اپنے شوقِ نا رسا،دِل غم دیدہ اور نامرادی کی روداد سنا تا۔طوفانِ حوادث کے سامنے ڈٹ جانے والے اس تخلیق کار کی زندگی بہ جائے خود ایک ایسے طوفان کی شکل اختیار کر گئی جسے گردشِ حالات کے بگولوں نے ماضی کا قصہ اور بھولی بسری یادوں کاحصہ بنا دیا۔ سمے کے سم کے ثمر نے اختر انصاری کی زندگی کو جن حسرتوں کی بھینٹ چڑھا دیا اس کے بارے میں طارق غازی نے اپنے مضمون میں لکھاہے :
’’ وہ اتر پردیش ہی میں اناؤ اور کانپور میں بھی کچھ عرصہ رہے ۔اختر انصاری بیسویں صدی کے وسط کی نسل کے ایک شاعر ،نقاد اور ماہر تعلیم تھے ۔دنیائے تعلیم میں اُن کی زندگی خانہ بدوشانہ تھی ۔(10)
تخلیق ِ ادب میں اس قدر انہماک سے کام لینے اور علم و ادب کی ثروت میں اضافہ کرنے کے باوجود علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ٔاردو سے بے نیلِ مرام واپس آنے کے بعد اختر انصاری نے اپنے دِلِ شکستہ کو سنبھالااور اپنے غم کا بھید کبھی نہ کھولا۔شمس بدایونی نے اختر انصاری کی روایت پر لکھا ہے :
’’ مجھ بے چارے غریب کو اُردو ڈیپارٹمنٹ سے اِس لیے پھینک دیا کہ رشید احمد صدیقی سے بعض لوگوں نے یہ کہہ دیا کہ یہ ( اختر انصاری ) آپ کی صاحبزادی سلمیٰ صدیقی سے محبت کرتے ہیں جب کہ یہ بات بالکل غلط تھی ۔‘‘ ( 11)
ایک ملاقات میں میاں علی محمد ( علیگ )نے راقم کو بتایا کہ سلمیٰ صدیقی ( 1931-2017)کے ساتھ اختر انصاری ( 1908- 1988)کے رومان کے قصے میں واقعی کوئی صداقت نہیں ۔قحط بنگال کے موضوع پر لکھے گئے افسانے ’’ ان داتا ‘‘ سے متاثر ہو کر سلمیٰ صدیقی تو سال 1943ء ہی سے کرشن چندر ( 1914-1977) کے اسلوب کی گرویدہ تھی ۔ کم عمری میںہونے والی اپنی پہلی شادی کی ناکامی کے تلخ تجربے کے بعد ایک ادبی مجلے کے مدیر شیام چندر پرواز کی وساطت سے سلمیٰ صدیقی اور کرشن چندر کی علی گڑھ میں ملاقاتیں ہونے لگی تھیں ۔کرشن چندر اور سلمیٰ صدیقی نے سال 1957ء میں نینی تال میں شادی کر لی ۔یہ دونوں کی دوسری شادی تھی جو کرشن چندرکی وفات تک بر قرا رہی ۔(12)اختر انصاری نے کینہ پرور سادیت پسندوں ، شقی القلب حاسد وں اور عادی دروغ گو مفسدوںکے سامنے سپر انداز ہونے سے انکار کر دیا اور خاموشی سے اپنے کام میں مگن رہے ۔کُوڑے کے ہر عفونت زدہ ڈھیر سے جا ہ و منصب کے استواں نو چنے اور بھنبھوڑنے والے خارش زدہ سگانِ راہ سے انھیں شدید نفرت تھی ۔بے کمال حرف گیروں کی دشنام طرازی کے جواب میں وہ خاموشی اختیار کر لیتے اور کبھی دِل بُرا نہ کرتے ۔
اختر انصار ی دہلوی زندگی بھر نہایت تحمل اور سنجیدگی سے پرورش لوح و قلم میں مصروف رہے ۔کوئی ادبی مہم جُو جب بھی بہتان طراز ی اور الزام تراشی کی غرض سے اُن کی طرف یلغار کرتاتو وہ اسے بالعموم نظر انداز کر دیتے اور پرورش ِلوح و قلم میں انہماک کا مظاہرہ کرتے تھے۔ اُن کا خیال تھاکہ ذہین اور متحمل مزاج نقاد کو اپنے خلاف سادیت پسندی پر مبنی ایسے بغض و عناد،بے معنی حرف گیری،سبک نکتہ چینی اور بے وقعت الزام تراشی کو کبھی لائق اعتنا نہیں سمجھنا چاہیے ۔اختر انصار ی دہلوی نے واضح کیا کہ اَدب کے نقادکو بے باک صداقت کو شعار بنانے والا بہترین مدبر ، لچک دار سوچ سے متمتع بہترین اعتدال پسند ،قابل فہم اور متنوع تصورات کوپروان چڑھانے والا ذہین دانش ور ،تناقضات کو ختم کرنے والا دیانت دار مصلح ،وسیع المطالعہ محقق اور منصف مزاج مورخ ہونا چاہیے ۔ اپنے طرزِ عمل سے اُنھوں نے واضح کیا کہ ایک جری اور معاملہ فہم نقاد کا تبحر علمی واضح طور پر غلط سمت میں لے جانے والے فرسودہ خیالات پر مبنی جہالت اور جعل سازی کو خس و خاشاک کے مانند بہا لے جاتاہے ۔لائق صد رشک و تحسین اسلوب کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ایک نقاد اور تخلیق کار کی حیثیت سے اختر انصار ی دہلوی نے قارئینِ ادب کے ذوق ِسلیم کی نمو اور فکر و خیال کو مہمیز کرنے کے لیے جو بے مثال جد جہد کی اور صبر و تحمل کی جو مثال قائم کی اس کی بنا پر تاریخ ہردور میں اُن کے نام کی تعظیم کر ے گی۔ پس نو آبادیاتی دور میں مادی دور کی لعنتوں سے آلودہ ہو جانے والی معاشرتی زندگی کا المیہ یہ ہے کہ چور محل میں جنم لینے والے مارِ آ ستین چور دروازے سے گھس کر جاہ و منصب پر غاصبانہ قبضہ کر لیتے ہیں ۔یہ حقیر بونے مختلف سیڑھیاں استعمال کر کے پنے تئیں باون گزے ثابت کرنے پر تُل جاتے ہیں اوررواقیت کے داعی بن کر لاف زنی شروع کر دیتے ہیں ۔ان کے بے سروپا سلسلہ ٔتکلم کے بارے میں یہی کہا جا سکتاہے کہ ان کی قابل نفرت جہالت نے ان کی مانگے کی علمیت اور جعلی ڈگریوں پر سوالیہ نشان لگا دیاہے ۔ جس بے حس معاشرے میں انگوٹھا چھاپ جاہل کو اُس کی جہالت کاانعام ملنے لگے وہاں وقت کے اِس قسم کے لرزہ خیز سانحات کو کس نام سے تعبیر کیا جائے ۔عقیدت کی اداکاری کرنے والے طوطاچشم بروٹس کی مشقِ ستم کو دیکھ کر کفِ افسوس ملنے والے وقت کے ہر سیزر کے بارے میں یہی کہا جا سکتاہے کہ قدر نا شناس کے ساتھ گزارا جانے والا وقت رائیگاںہی جاتاہے ۔ چربہ ساز ،سارق ،جعل ساز ،کفن دُزد اور لفاظ حشرات ِ ادب کی کینہ پروری پر مبنی الزام تراشی کے جواب میں میتھیو آ ر نلڈ نے جو بات کہی تھی وہ صداقتوں کی تکذیب اور حقائق کی تمسیخ کرنے و الے ہر پیمان شکن درندے ، دغا باز محسن کش اور برادرانِ یوسف کے لیے نوشتۂ دیوار کے مانندہے ۔یہی بات اختر انصار ی دہلوی کے اُن اعدا کے بارے میں بھی کہی جا سکتی ہے جنھوں نے اس قناعت پسند تخلیق کار پر عرصہ ٔ حیات تنگ کر دیااور اُسے گوشہ نشینی پر مجبور کردیا:
( 13) ” You shall die in your sins ”
یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ جس قدر شدت سے حاسدوں کی طرف سے ان کی کردار کشی کی جاتی ان کی نفرت میں اُس سے بڑھ کر اضافہ ہوتا چلا جاتا۔ادبی محفلوں اور شعر ی نشستوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد اختر انصاری اپنے گھر تک محدود ہو کر ر ہ گئے ۔ان کی زندگی کے آخری ایام کی کیفیت دیکھ کر مجھے جھنگ کے شاعررام ریاض ( ریاض احمد شگفتہ :1933-1990)یا د آ گئے جنھوں نے بستر ِ مرگ پر اخلا ق اور ضمیر سے عاری کینہ پرور حاسدوں سے مخاطب ہو کر کہا تھا:
اَب تو ناراض نہ ہو گے ہم سے
کر لیا ہم نے کنارا لوگو
رام ؔ دیکھا نہیں جاتا ورنہ
اور سب کچھ ہے گوارا لوگو
اختر انصاری دہلوی نے پہلے تو گوشہ نشینی اختیار کی اس کے بعد اپنا معاملہ تاریخ کے حوالے کر کے دنیا سے کنارا کر لیا ۔ مظلوموں پر کوہِ ستم توڑنے والوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ آج وہ اپنی باری بھر چلے کل اُن کی باری ہے ۔
——————————————————————————————————————————————————————
مآخذ
(1) خلیق انجم ( مرتب ) :اختر انصاری : شخص اور شاعر ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ10۔
(2) پروفیسر شہپر رسول : ’’ اختر انصاری ۔آئینے سے عکس تک ‘‘ مضمون مشمولہ ’’اختر انصاری : شخص اور شاعر‘‘ مرتبہ خلیق انجم ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ50۔
(3) پروفیسر ظہیر احمدصدیقی : ’’ خدا کی دین ہے سرمایہ غم ِ فرہاد ‘‘ مضمون مشمولہ ’’اختر انصاری : شخص اور شاعر‘‘ مرتبہ خلیق انجم ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ28۔
(4)طارق غازی : وھیٹی ،اونٹاریو، کینیڈا میں مقیم عالمی شہرت کے حامل ممتاز بھارتی ادیب طار ق غازی کی طرف سے منگل دس نومبر 2020 کو صبح چار بج کر چھپن منٹ پر یہ ای ۔میل موصول ہوئی ۔
(5) پروفیسر شہپر رسول : ’’ اختر انصاری ۔آئینے سے عکس تک ‘‘ مضمون مشمولہ ’’اختر انصاری : شخص اور شاعر‘‘ مرتبہ خلیق انجم ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ48۔
( 6) پروفیسر ظہیر احمدصدیقی : ’’ خدا کی دین ہے سرمایہ غم ِ فرہاد ‘‘ مضمون مشمولہ ’’اختر انصاری : شخص اور شاعر‘‘ مرتبہ خلیق انجم ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ28۔
(7 )پروفیسر شہپر رسول : ’’ اختر انصاری ۔آئینے سے عکس تک ‘‘ مضمون مشمولہ ’’اختر انصاری : شخص اور شاعر‘‘ مرتبہ خلیق انجم ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ53۔
( 8) پروفیسر شہپر رسول : ’’ اختر انصاری ۔آئینے سے عکس تک ‘‘ مضمون مشمولہ ’’اختر انصاری : شخص اور شاعر‘‘ مرتبہ خلیق انجم ،انجمن ترقی اردو ،ہند ،نئی دہلی، سال اشاعت ،1990ء صفحہ53۔
(9) پروفیسر شہپر ر سول : چشمِ درو ں ( مضامین)،مکتبہ جامعہ ملیہ ،نئی دہلی ،سال اشاعت درج نہیں ،صفحہ 9۔
( 10) طارق غازی : تذکار الانصار ، لکھنو،مضمون ’’ اختر انصاری‘‘ ، سال اشاعت درج نہیں، صفحہ 443۔
(11) عادل حیات : اختر انصاری اور ان کی غزل گوئی ،نرالی دنیا پبلی کیشنز مدہلی ،سال اشاعت ،2006،صفحہ 21۔
(12) میاں علی محمد ( علیگ ) َ ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر جھنگ سے مقالہ نگار کی ملاقات ،کمالیہ ، ( ٹوبہ ٹیک سنگھ ) یکم نومبر 1980
13.Matthew Arnold :Essays In Criticism,A.L.Burt Company ,New York,1865,Page ,240.
——————————————————————————————————————————————————-
ڈاکٹر غلام شبیررانا: ’’ اختر انصاری دہلوی ‘‘ ،مضمون مطبوعہ علمی و ادبی مجلہ سہ ماہی بیلاگ ،کراچی ( سا لنامہ2020 ) ،جلد 15 ، شمارہ 4 ،صفحہ19