’’ایک تخلیقی فعالیت کی حیثیت سے داستان ،افسانہ اور کہانی لکھنا کوئی بچوں کا کھیل نہیںبل کہ یہ تو اسرارِ کائنات کی ایسی تفہیم ہے جس کے وسیلے سے زندگی کی تعمیر نو اور کارِ جہاں کی از سرِ نو تشکیل کی راہ ہموار ہو جاتی ہے ۔‘‘ میرے بڑے بھائی شیر خان نے مجھے سمجھاتے ہوئے آ ہ بھر کر کہا’’ اپنے تجربات، مشاہدات اور تاثرات کو پوری دیانت سے زیبِ قرطاس کرنا دراصل انھیں اپنی کتاب ِ زیست کا ایک معتبرحوالہ بنا پیش کرنا ہے جومستقبل کے قاری کے لیے ایسا زادہ راہ ہے جو اُسے سرابوں کے عذابوں سے بچاتاہے ۔ کہانی کارکی جان پرتین قسم کا عذاب ہوتاہے وہ معاشرتی زندگی کی شقاوت آمیز نا انصافیوں کو دیکھتاہے ،ان کے بارے میں سوچ کر کُڑھتاہے اورپھر تزکیہ نفس کی خاطراِنھیں قلم و قرطاس کا معتبر حوالہ بناتا چلا جاتاہے ۔تم کہانیاں لکھتے ہو مگر یہ بات یاد رکھنا کہ ایک حساس اور زیرک تخلیق کار کی یہی تمناہوتی ہے کہ تخلیق ِ فن کے لمحوں میں خون بن کر رگِ سنگ میںاُترجائے ۔ ملبوس ِ بہار کی تیاری میں تخلیق کار کی اُنگلیاں فگار ہو جاتی ہیں ۔ زندگی کے ساز پر کہانی کی تان چھیڑتے وقت لمحات کی سارنگی کے تار سے جب اُس کی اُنگلیاں ٹکراتی ہیں تو فگار اُنگلیوں سے بہنے والاجگر کا خون فرشِ زمین پر ہر طرف بکھر جاتا ہے ۔ مظلوم انسانوں کے کرب کی آواز کو لوحِ دِل سے نقل کر کے صفحہ ٔ قرطاس پر منتقل کرنا جا ن جوکھوں کا کام ہے ۔ جبر کا ہر انداز مسترد کرتے ہوئے بے بس انسانیت کی مظلومیت اور درندوں کی سادیت پسندی کے نفسیاتی مطالعہ پر توجہ دینا افسانہ نگار کی اہم ترین ذمہ داری ہے ۔ کئی افسانہ نگار ایسے بھی ہیں جو پہلے تو افسانے لکھتے تھے مگر گردشِ ایام نے خود انھیں افسانہ بنا دیااور اہلِ جور نے انھیں اس دنیا کے آئینہ خانے میں تماشا بنا دیا۔‘‘
اپنے بڑے بھائی کی نصیحت سُن کر میں سوچنے لگا کہ ا س دنیا میں خوابوں کی خیابا ں سازیاں انسان کو نت نئی قلابازیاں کھانے پر مجبور کر دیتی ہیں ۔ انسانیت کے وقار پر مکر و فریب،دغا و دُزدی ،جبر و اِستبداد ،پیمان شکنی،محسن کشی اور ٹھگی کی قبیح واردات کے مرتکب درندوں کی سادیت پسندی کا پردہ فاش کرنا اور مظلوموں سے عہدِ وفا استواررکھنا ایک کٹھن مر حلہ ہے ۔کوئی نصف صدی پہلے کی بات ہے میرے بڑے بھائی شیر خان کا رمزی ٹھگ سے پالا پڑا ۔اُس زمانے میں بہرام ٹھگ کے تینوں بیٹے رمزی،نازی ،رازی اور ایازو بُری صحبت میں مبتلا ہوکر چوتیاں چٹخاتے پھرتے تھے ۔میرے بھائی شیر خان نے ان کی حالت ِزار دیکھ کر انھیںکام پر مائل کیا اور یہ کندہ ٔ ناتراش باروزگار ہو گئے ۔ رسوائے زمانہ پینترے باز اور مرغ ِ باد نما رمزی ٹھگ سے میری جان پہچان اسی زمانے کی یاد ہے ۔دریائے چناب کے سیلاب سے جھنگ کو محفوظ رکھنے کے لیے تعمیر کیے گئے حفاظتی بند کے مشرق میں ایک نشیبی علاقے کی کچی آبادی میںاُپلوں کے ڈھیر جیسے عفونت زدہ کھنڈرمیںدس افراد پر مشتمل اس گھرانے کا بسیرا تھا۔ یہ شکستہ جھونپڑا جو طوفانِ نوح ؑ کی باقیات تھا اپنے مکینوں کی زندگی کی بے سروسامانی پرنوحہ کناں تھا۔ جب بہرام ٹھگ کی پانچ بیٹیوں نے جوانی کی حدود میں قدم رکھا تو غربت و افلاس کے بادل چھٹ گئے اور اِس گھر میں ہُن برسنے لگا۔ زندگی کا معیار بدلنے کے ساتھ ہی اِن سب کا مزاج بھی بدل گیا۔عشرت کدے تعمیر ہونے لگے اور بڑے بڑے فارم ہاؤس اِس خاندان کی ملکیت بن گئے ۔ اپنے ٹھکانے اور پینترے بدلنے میں رمزی کا کوئی ہم پلہ نہ تھا۔ رمزی یہ بات بر ملا کہتا کہ لکشمی دیوی کے کرم سے اُس کے تیرہ و تار مقدر چمک اُٹھے ہیں۔رمزی کی بیوی تفسی کہتی تھی کہ دولت کی یہ ریل پیل پارواتی دیوی کی کرپا کا نتیجہ ہے۔ رمزی اپنی بہنوں ،ماں اور بیٹیوں کو لے کر نئے زمانے اور نئی صبح و شام کی جستجو میںجھنگ سے نکل گیا اور سیاہی وال جا پہنچا۔ رمزی نے کالا دھن کمانے کے لیے اپنے مورث ادنیٰ بہرام ٹھگ کی طرح ہر حربہ استعمال کیا اور عزت ،غیرت اور ضمیر کی نیلامی سے تجوری بھر لی ۔ رمزی کا بیٹا گنوارو سمگلنگ میں ملوث سسلین مافیا کا آلۂ کاربن گیااور قبائلی علاقے کے ایک چور محل میں ٹھکانہ کر لیا۔
بلوچستان کے ضلع بولان کی یونین کونسل مچھ ( Machh)کے پہاڑی سلسلوں اور جنگلوںسے تعلق رکھنے والے عادی دروغ گو اور پیشہ ور ٹھگ گنوار و کی سادیت پسندی نے مجبور اور مظلوم انسانوں کے لیے بلائے نا گہانی کی صورت اختیار کر لی۔ سمگلنگ اور انڈر ورلڈ کے سرغنہ گنوارو کا سسلین ما فیا اور انڈر ورلڈ سے گہرا تعلق تھا۔ گنوار و ٹھگ جس سفاکی سے مظلوم انسانوں کے پیراہن ِ حیات کو چاک چاک کرتا سوزن ِ تدبیر کی رفوگری بھی کسی کام نہ آتی اور وہ درد لادوا بن جاتا۔اکثر لوگ اس کے تکیہ کلام کی وجہ سے گنوار و ٹھگ کو مگر مچھ کہتے تھے ۔وہ جہاں بھی جاتا اپنی جنم بھومی کو ضرور یاد رکھتا۔ ہر سوال کے جواب میں وہ پہلے مگر کہتا اور اس کے فوراً بعد مچھ کہہ کر اپنے آبائی قصبے کو یاد کرکے آہیں بھرتا اور ٹسوے بہاتاتھا۔ اس کے تکیہ کلام کی چند مثالیں درج ہیں :
کچھ عرصہ قبل گنوارو جب رابن ہڈ کے پڑ پوتے اور بہرام ٹھگ کی نواسی کے پوتے رمنو ٹھگ کے پاس سیاہی وال پہنچاتو رمنو نے اپنے اِس ہم پیشہ و ہم مشرب و ہم راز درندے کے سراپا کو غور سے دیکھا اور حیرت سے کہا :
’’ گنوارو ! تم دو سال کے بعد مجھے ملنے آئے ہو تم پر کیااُفتادپڑی کہ تمھارے سر کے سارے بال سفید ہو گئے ہیں؟ کچھ عرصہ ہمارے پاس سیاہی وال میں رہو تو تمھیں معلوم ہو جائے گاکہ رُو سیاہی کس چیز کانام ہے ۔پتھر کے زمانے کا ماحول کے امین اِس شہر ِ نا پُرساں میںمقدر کی تاریکی انسان کو جگ ہنسائی کے بے آب و گیاہ ریگستانوںمیں بھٹکنے پر مجبور کر دیتی ہے ۔قحط الرجال کا وبال سیاہی وال کا احوال ہے اور یہاں جب دیکھو باسی کڑی میں اُبال ہے ۔بُوڑھی گھوڑی اور لال لگام کا یہاں کمال ہے ۔میں تمھارے لیے بھیرے کی مہندی منگواؤں گا اس مہندی کے لگانے سے تمھارے سر کے بال بھی تمھارے چہرے اور دِل کے مانند کالے ہوجائیں گے ۔‘‘
’’ ارے میاں رمنو ٹھگ ! تم کن بکھیڑوں میں پڑ گئے دو سال کے عرصے میں میرے تو صرف سر کے بال ہی سفید ہوئے ہیں مگر تمھارا تو خون ہی سفید ہو چکاہے۔مجھے معلوم ہوا ہے کہ تم نے اپنے بھائیوں ،بہنوں اور یتیم بھتیجوں کو اپنی راہ سے ہٹا کر اُن کی ساری جائیداد پر قبضہ کر لیا ہے ۔ آثار قدیمہ کے ماہرین کاخیال ہے کہ ’’وال ‘‘کے لاحقے والے شہر اپنا الگ مزاج رکھتے ہیں ۔ خانیوال ،ملک وال ،بھلووال، ساجھو وال ،چکوال ،کانڈی وال اور ہانڈی وال وغیرہ ۔ آہ ! میںمگر مچھ کا کیا کروں جس کی یادیں میرے دِل میں بس گئی ہیں۔ یہ سب شہر اپنی جگہ خوب صورت ہیں مگر مچھ کی تو بات ہی الگ ہے ۔ ‘‘
یہ سُن کر اُجرتی بد معاش اور پیشہ ور لٹیرے رمنو ٹھگ نے قہقہہ لگایا اور کہا :
’’ یہ ہانڈی وال تو کوئی شہر نہیں یہ تواپنے ہم پیشہ و ہم مشرب ساتھیوں کے بارے میں کہا جاتاہے ۔جیسے رابن ہڈ ہم سب اُچکوں ،ٹھگوں اور پیشہ ورقاتلوں کا ہانڈی وال تھا۔ بزرگو ںسے سنا ہے کہ حرف ِ صداقت کو تحریف، تخفیف یا اضافہ جیسی قباحت کی تمازت پگھلا کر نیست و نابود کرد یتی ہے مگر تم جیسے عادی دروغ گو کے مکر و فریب کی کوئی انتہا ہی نہیں ۔ ضمیر کی نیلامی کے بعد اگرچہ تمھاری زندگی کاسفر تو کٹ چکاہے مگر تمھارا پورا وجودکِرچیوں میں بٹ چکاہے اور اب تمھارے پاس کوئی زادِ سفربھی باقی نہیں بچا۔ ایک پیشہ ور ٹھگ کی حیثیت سے تم دنیا کی ہر چیز کو بُھلا سکتے ہو مگر مچھ اور اُس کی نواحی بستیوں کا بُھلانا تمھارے لیے ممکن ہی نہیں ۔گمان ہے کہ تمھاری خاک بھی وہیں پہنچے گی جہاںسے تمھارا خمیر اُٹھا ہے ۔‘‘
گنوارو ٹھگ کا ایک رقیب ایازو جو لاہور کے مضافات میں شاہدرہ کے قریب ایک یتیم بچے کے آبائی مکان پر قابض تھا۔اُس نے بتایا کہ گنوارو کی کوئی بات اپنے آبائی قصبے مچھ کے ذکر کے بغیر مکمل ہی نہیں ہو سکتی تھی ۔ایک شام وہ ایازو کے ہمراہ لاہور کے آثار قدیمہ کی سیر کرر ہاتھا۔ مغل شہنشاہ جہاں گیر اور نو رجہاں کے مقبرے پر پہنچا تو زارو قطار رونے لگا اور چیخ مار کر کہا:
’’ جہاں گیر کا مقبرہ بھی قدیم طرز تعمیر کا عمدہ نمونہ ہے مگر مچھ جیل کی تو کیا ہی بات ہے ۔سال 1929ء میں سنگلاخ چٹانوں اور پہاڑوں کے درمیان تعمیر ہونے والی اِس تاریخی جیل میں میری زندگی کے حسین مہ و سال گزرے ہیں ۔ مجھے اپنی زندگی میں جو بھی دکھ اور درد ملے وہ میں نے دوسروں کے سر تھوپ دئیے ،میں نے زندگی بھر کسی کا احسان نہیں لیاہاں میری گردن بادہ و ساغرکے بارِ احسان سے ہمیشہ خم رہے گی ۔ قفس کو میں اپنا دوسرا گھر سمجھتاہوں ملک میں اور بھی زندان ہیں مگر مچھ جیل کی اذیت و عقوبت اپنی مثال آپ ہے ۔‘‘
شاہدرہ کے قریب سے گزرنے والی ریلوے لائین نو آبادیاتی دور کی یاد دلاتی ہے ۔لاہور ریلوے سٹیشن کو دیکھ کر گنوارو نے کہا:
’’ مجھے معلوم ہے کہ کراچی سے پشاور جانے والی اس ریلوے لائین پر سال 1860ء میں ریلوے سفر کا آغاز ہوا۔ لاہورریلوے سٹیشن کی قلعہ نماعمارت کی دل کشی کی بات درست ہے مگر مچھ ریلوے سٹیشن کی فطری سادگی ،قدامت ،ندرت ،سکوت اور تنہائیوںکا مقابلہ دنیا کا کوئی ریلوے سٹیشن نہیں کر سکتا۔مجھے ارض ِ وطن کے چپے چپے سے محبت ہے مگر مچھ کی خاک کا ہر ذرہ میرے لیے دیوتاہے ۔ کوئٹہ سے پچاس کلو میٹر جنوب میںواقع وسیع کوہستانی علاقہ بہت حسین مگر مچھ جیسے قصبے کی اِس کوہستانی علاقے میں موجودگی فطرت کے مقاصد کی ترجمانی کی ایک صورت ہے ۔ ‘ ‘
منشیات کے پھندے اور اس سے وابستہ گورکھ دھندے کی وجہ سے گنوارو طویل سفر کرنے کا عادی تھا۔اپنے ایک بزرگ تشفی کنجڑے سے ملنے یہ ابلہ کالاباغ پہنچا۔تشفی کنجڑے نے اس پیشہ ور لٹیرے کو اپنے علاقے میں سیر و سیاحت کی دعوت دی اور کہا ـ:
’’ کالا دھن بٹورنے کی دوڑمیںبہرام ٹھگ کے خاندان کے سب نے اپنے ضمیرکی نیلامی کے اشتہار لگارکھے ہیں۔ حالات نے ایسا رخ اختیارکر لیا ہے کہ اب جرائم کے احتساب کا تصور ہی عنقا ہے ۔میںبھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے اور اپنی تجوری بھرنے کی خاطر زندگی بھر لوگوں کو سبز باغ دکھاتا رہا ہوںمیری دلی تمناہے کہ تمھیں بھی سبزباغ دکھاؤںاور تمھارا دِل بہلاؤں مگر وقت کی کمی کے باعث آج تو صرف کالا باغ کی سیر کریں گے ۔‘‘
’’ ارے او ٹھگی سے روزی کمانے والے مچھندر!مجھے یقین ہے تم اپنی عادت سے مجبور ہو کر اپنی جبلت مطابق مجھے سبز باغ ضرور دکھاؤ گے مگر مچھ کی بات ہی نرالی ہے ۔ تمھارے شہر میں بھی حسن فطرت کی فراوانی اور ضمیر کی ارزانی ہے مگر مچھ والی بات یہاں ممکن نہیں۔تم میرے پاس میری جنم بھومی مچھ آنا یہاں کوئلے کی کانیں ہیں اور تمھارے لیے کوئلے کی دلالی میں منھ کالا کرنے کے بے پناہ مواقع ہیں۔ یہاں ایک بستی مگر مچھ نگر کے نام سے مشہور ہے جو بھی یہاں پہنچا وہ آدم خور قبائل اور اُن کے پالتو مگر مچھوں کا لقمۂ تر بن جاتاہے ۔اس پر اسرار بستی پر موت کا عفریت منڈلاتاہے اسی لیے کوئی اس بستی کا رخ نہیں کرتا۔‘‘
یہ سنتے ہی تشفی کنجڑا جوش میں آ گیا اور پھنکارتے ہوئے بولا:
’’ میں تمھاری دعوت قبول کر کے درد سے عاری پتھروں میں گِھرے تمھارے آبائی شہر میں تم سے ملنے ضرور آؤں گامگر مچھ میں کوئلے کی کانوںسے نکلنے والے پتھر کے کوئلے کی دلالی میںاپنا منھ کالاکرنے کی مجھ میں تاب نہیں ۔یہاں میری بیٹی تفسہ ، نواسی مسبی اور نواسوں اذکارو اور تنوارانے رقص و موسیقی اور قحبہ خانے کا جو دھندہ شروع کر رکھا ہے اُس کی وجہ سے نہ صرف اپنے گھر میں بل کہ شہر بھر میں ہر روز میرا منھ کالا ہوتاہے۔میری اس قدر ذلت و رسوائی اور جگ ہنسائی ہو رہی ہے کہ میں کسی کو منھ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ میں گھر سے بازار کو نکلتا ہوں تو جب اہل شہر کی دو طرفہ ندامت اور بھرے بازار کی ملامت میرا تعاقب کرتی ہے تومیرا زَہرہ آب ہو جاتاہے ۔میرا گھر تو میرے لیے عقوبت خانہ اور چنڈو خانہ بن گیاہے جہاں میں سانس گِن گِن کر زندگی کے دِن پُورے کر رہا ہوں۔ تم نے ہر با ت میںمگر مچھ کی رَٹ لگا رکھی ہے میری مانو تو ایک مگر مچھ اپنے گھر میں پال کر اُس سے دِل بہلاؤ ۔ ‘‘
شدید عفونت اور سڑاند سے لبریز جھگڑوں اور فسادات کا سر غنہ اُجرتی بد معاش اور پیشہ ور ٹھگ گنوارو بڑی توجہ سے تشفی کنجڑے کی باتیں سُن رہاتھااچانک اُس نے جمائی لی اور اپنے بھاڑ جیسے منھ سے بہنے والے جھاگ کو اپنی آستین سے صاف کرتے ہوئے ہوا میں ہاتھ لہرایا ۔اس کے فوراً بعد گنوارو نے اپنے پٹاری کھولی تو اُس میں سے ایک مگر مچھ نے زمین پر چھلانگ لگادی ۔ غذا کی کمی کے شکار دُبلے مگر مچھ کو تیزی سے اپنی طرف بڑھتے دیکھ کر تشفی کنجڑے کے اوسان خطا ہو گئے ۔ گنوارو نے مگر مچھ کو دوبارہ اپنی پٹاری میں بند کردیا اور کہا :
’’ میاں تشفی مَل کنجڑے ! میں اگرچہ یہاں موجود ہو ں مگر مچھ کے خواب و خیا ل میرے شریک ِ سفر رہتے ہیں ۔تم خاطر جمع رکھو میرے گھر میں بھی تمھیں اپنے ہی گھر جیسا ماحول ملے گا۔تمھاری بیٹی تفسہ ،نواسی مسبی اور بہو شانی مجھ پر بہت مہربان ہیں اور مزے مزے کے کھانے تیار کرکے پیش کرتی ہیں مگر مچھ جیسے کھابے یہاں نہیں مِلتے۔ جب تم میرے پاس آؤ گے تو میں پِدی کے شوربے سے تمھاری تواضع کروں گا۔تمھیں کیا معلوم کہ طبی لحاظ سے پدی کا شوربا کس قدر مفید اور فرحت بخش ہے ۔‘‘
’’ تم پورے علاقے کے لیے آفت ِ ناگہانی بن گئے ہو ۔‘‘ تشفی مَل کنجڑے نے آہ بھر کر کہا’’ تم چلتے ہو تو اہلِ شہر کی ندامت ،بے بس انسانوں کی ملامت اور تمھاری ذلت ،تخریب اور خست و خجالت تمھارا تعاقب کرتی ہے ۔ تمھاری حیات ِ رائیگاں کے صحراؤں میں پائے جانے والے عقرب ،مارِ آستین اور شِپر وہ جعل ساز حسینائیں ہیں جو سدا اِس بات کی شدت سے منتظر رہیں کہ کب اُن کی زلف ِ گرہ گیر میں اُلجھ کر کوئی منھ کے بَل گِرتاہے ۔تمھارے گروہ نے ہمیشہ مظلوموں کے حوصلے اور صبر کا امتحان لیا ہے۔حادثے سے کہیں بڑھ کر سانحہ یہ ہوا کہ تمھارے مکر و فریب کے زخم کھانے کے بعد دُکھی انسانیت جبر کے سامنے سپر انداز ہونے کے بجائے اپنی باری بھر کے اپنی حسرتوں پہ آنسو بہا کر زینہ ٔ ہستی سے اُتر گئی ۔ آج مجھے اپنی نحوست بھری حیات رائیگاں کی کہانی اپنی زبانی سناؤ۔‘‘
گنوارو نے مگر مچھ والی اپنی وہ غلیظ پٹاری جس سے عفونت اورسڑاند کے بھبھوکے اُٹھ رہے تھے ایک طرف رکھ دی اور یوں ہرزہ سرا ہوا:
’’ میری زندگی سفلگی ،ٹھگی ،دغا ،دُزدی ،محسن کُشی اور پیمان شکنی کے مداروں میں گھو متی رہی ۔ان میں سے ہر مدار جرائم کے پُر اسرار سرابوں کی نشان دہی کرتا ہے ۔میری پوری زندگی حیرت انگیز ،نفرت انگیز ،خوف ناک اور شرم ناک واقعات سے لبریز ہے ۔لوگ مجھے گنوار سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں عفونت زدہ اور غلیظ کوڑے کے ہر ڈھیر پر مکھیوں کی طرح بھنبھنانے کا عادی ہوں ۔ جرائم کی دنیا میں میں تنہا نہیں بل کہ یہاں میرے ہم پیشہ و ہم مشرب رازدانوں کی کمی نہیں ۔ہمارے گروہ میں شامل ماڈل اور کال گرلز کااپنا کام ہے ۔وہ محبت کی اداکاری کرکے ایسے ایسے سگھڑ اورسیانے لوگوں کو زیر دام لاتی ہیں جو جان لیوا تنہائیاں سے گھبرا کر جعلی پیمانِ وفا اور ملاقاتوں کے جھوٹے وعدوں پر انحصار کرکے خوار وزبوں پھرتے ہیں ۔اُن کی یہی مہلک غلطیاں اُن کی جگ ہنسائی کا باعث بن جاتی ہیں ۔ سادہ لوح لوگ یہ بات بھول جاتے ہیں کہ جس بے حس معاشرے میں ہر کوئی اپنی فضا میںمست پھرتاہو وہاں اپنے گلے میں اپنی ہی بانہیں ڈالنے کے سِوا کوئی چارہ ٔکار نہیں۔ میں نے اَروڑ اور سروڑ جیسی جھونپڑیوں میں پرورش پائی ہے ۔ مجھے اپنی نیش زنی سے تکلیف دینے کی خاطر لوگ مجھے احمق کہتے ہیں مگر میں اُن کو اُلّو بنانے کا فن جانتاہوں ۔ میری جھوٹی انا اور کینہ پروری نے مجھے منتقم مزاج اور حاسد بنا دیا ہے ۔ اپنی ایک خفیہ محبت کی خاطرمیں نے اپنی پہلی بیوی جو میرے ماموں کی بیٹی تھی کو اپنی راہ سے ہٹا دیا ۔اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وٹے سٹے کی شادی کے نتیجے میں میری حقیقی بہن جو ایک بچی کی ماں تھی اسے میرے ماموں کے بیٹے نے اپنے گھر سے فارغ کر دیا۔ دو خاندانوں میں اذیت ناک نفرتوں کا یہ سلسلہ اب تک چل رہا ہے ۔جو بھی میری راہ میں حائل ہوا میں نے اُسے اپنی راہ سے فوراً ہٹا دیا۔میرا باپ رمزی بھی میرے انتقام کا نشانہ بن گیااور منوں مٹی کے نیچے سما گیا۔اب تو میری ہر خوشی میری دوسری بیوی ثمینہ آہن گر سے وابستہ ہے ۔ثمینہ آہن گر کی یہ چوتھی شادی ہے مگر میں نے اِپنی محبوبہ کو اُس کی پہلی شادی سے ہونے والے بچوں کو اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے ۔ مجھے اِس کی کوئی پروا نہیں کہ ثمینہ آہن گر کے سابق شوہر اور پرانے آ شنا اپنی اولاد اور اُن کی ماں سے ملنے چلے آتے ہیں۔ میری اپنی کوئی اولاد نہیں مگر ثمینہ آہن گرکی پہلی شادیوں سے ہونے والے بچے مجھے بہت عزیز ہیں ۔ کورنا وائرس کے باعث میرے کاروبا ر کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے ۔ ثمینہ آہن گر کی بڑی بیٹی کی اُٹھتی جوانی دیکھ کر مجھے یقین ہو گیاہے کہ اب میں پھر سنبھل جاؤں گا۔ میں بہرام ٹھگ کا پوتاہوں میرا کوئی بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔ ‘ ‘
آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے وہ تکلم کے سلسلوں سے بے نیاز ہے ۔الم نصیبوں اور جگر فگاروں کا سارا معاملہ قلب حزیں کی دسترس میں ہے ۔سال 2020ء دنیا میں اپنے ساتھ کورونا کی عالمی وبا بھی لایا مژگاں میں محفوظ ہو جانے والے مناظر اب بھی خون کے آ نسو رُلاتے ہیں ۔مارچ کا مہینا تھالاک ڈاؤن سے زندگی کو پورا نظام ہی جمود کی بھینٹ چڑھ گیا اس کے باوجود گنوارو جیسے مشکو ک نسب کے درندو ںنے اپنے لیے جس شرم ناک لائحۂ عمل کا انتخاب کیا وہ اُن کی ذلت و تخریب کاثبوت ہے ۔ قحط الرجال کے موجودہ زمانے میں حرص و ہوس کی مظہر محبت نے بھی کورونا وائرس کی صورت اختیار کر لی ہے محسن کش اورپیمان شکن سفہا کے جس قدرقریب جاؤگے یہ اُسی قدرقوت کے ساتھ تمھیں اپنی گرفت میں لیں گے اور تمھاری جان لے کر ہی نکلیں گے ۔یاس و ہراس کے عالم میں توہم پرست لوگ اس وبا سے بچنے کی فرضی تدابیر سوچنے لگے۔اِن حالات میں شعبدہ باز ٹھگوں کی بن آئی اور انھوں نے جنتر منتر ،ٹونے ٹوٹکے اور دم کی آڑ میں خوب اودھم مچایا اور لُوٹ ما رکا بازار گرم کر دیا۔رمضو ،قفسی ،مسبی ،گنوارو،ازارو،نازی ،فازی،ایازو اوررازی پر مشتمل پیشہ ور ٹھگوں اور جرائم پیشہ لٹیروں کا ایک گروہ وبا کے دنوں میںبے حسی ،بے غیرتی اور بے ضمیری کی عفونت زدہ چادر اوڑھ کر ساد ہ لوح لوگوں کی زندگی کی سب رُتیں بے ثمر کرنے میں مصروف رہا۔اُس زمانے کے الم ناک واقعات کے چشم دید گواہ چوب دار تغاری نے آہ بھر کر کہا:
’’ لاک ڈاؤن کے باعث شہر سنسان تھااورہر شخص اس وبا کے اثرات کی وجہ سے حیران و پریشان تھا۔ کچھ آدم خور درندوں نے سیاہی وال کو شہر کوراں میںبدلنے کی شرم ناک سازشوں کا آغاز کر دیا۔ چشم ِ بینا رکھنے والے جب اِن حالات کو دیکھتے تو زارو قطار رونے لگتے۔وہ حالات کی سنگینی کا مشاہدہ کرتے توحوصلے اور اُمید کی شمع فروزاں کرنے کی مساعی پر توجہ دیتے مگررمضو ،قفسی ،مسبی ،گنوارو،ازارو،نازی ،فازی،ایازو اوررازی پر مشتمل پیشہ ور ٹھگوں،اُچکوں ،تلنگوں اور لُچوں کا ٹولہ ان کٹھن حالات میں آرزو ،ولولے اور اُمید کی ٹمٹماتی ہوئی مشعل کو بجھانے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھتا۔ کورونا کی عالمی وبا کے دوران میںمجبوروں کے حال کی درہمی کو دیکھ کر ٹھگوں کا ٹولہ خوشی سے پھولا نہ سمایا ۔پریشاں حال اوردرماندہ لوگوں کو جھوٹی تسلیاں دینے کی خاطراپنے مکر کی چالوں سے عجیب سماں باندھا۔جعل سازی اور عملیات کے ذریعے جھوٹ کے بازار میں بددیانتی کا تراز و لیے یہ درندے دغا و دُزد ی کی فراوا ں جنس تولتے اور مرہم بہ دست پہنچنے کے دعوے کر کے صبح ومسا جھوٹ بولتے تھے ۔کورونا کی عالمی وبا کے ستم سہنے والے مظلوم اور بے سہارا لوگ اِن شقی القلب ٹھگوں کی اصلیت کو نہ سمجھ سکے اوراپنی متاعِ زیست لُٹوا کر جب خالی ہاتھ اپنے گھروں کو سدھارتے توحسرتوں،محرومیوں اورمایوسیوں کی آ ہ و فغاں اُن کی منتظر ہوتی تھی ۔ بہرام ٹھگ کے اولاد نے اپنے سر غنہ رمضو ٹھگ کی رہنمائی میں کورونا کی عالمی وبا کے دوران میںالم نصیب ،جگر فگار اور بے بس لوگوں کو بڑی بے دردی سے لُوٹااور اُن سے لاکھوں روپے بٹور لیے ۔ کورنا کی عالمی وبا نے دنیا کی معیشت کو منہدم کر دیا مگر اس وبا کے دوران میں بہرام ٹھگ کی اولاد کی پانچھوں گھی میں تھیں ۔ ‘‘
کورونا کی عالمی وبا کے دوران میںجب لوگوں کو جان کے لالے پڑے تھے سیاہی وال کی ایک کچی آبادی سے کچھ دُوررمزی ٹھگ کی آخری نشانی پرایک میلی سی چادربچھا کرگنوار و ہر شام توہم پرست اہلِ کرم کی سادگی کا تماشا دیکھنے بیٹھ جاتا اور ’’ سائیں کرونا پرشاد ‘‘ کا بھیس بنا کر سادہ لوح لوگوں کو فریب دیتا۔ اس قدر ابتر معاشرتی حالات میں بھی اِن ننگ ِ انسانیت ٹھگوں کو الم نصیب اور جگر فگار مظلوموں سے دولت بٹورنے کے علاوہ کوئی اورکام نہ سُوجھا۔ لوگ رمزی ٹھگ کے اس فرضی اور خود ساختہ مجاورکو نذرانے ،صدقات اور خیرات دیتے ۔ٹھگی کا یہ سلسلہ پیہم دس ماہ تک جاری رہااوراس کے بعد جب شہر کے لوگوں کو ان عیار چوروں اور پیشہ ور ٹھگوں کی جعل سازی کے بارے میں تمام حقائق معلوم ہوئے تو سب لوگوں نے ان پر دھاوا بول دیا ۔عوامی غیظ و غضب کی تاب نہ لاتے ہوئے ٹھگوں کا یہ ٹولہ وہاں سے ایسے غائب ہوا جیسے گدھے کے سر سے سینگ۔
اِ ن سفہا اور اجلاف و ارذال نے ٹھگی کو بھی شطرنج کی بازی بنا دیاجس کی بساط میں مصبو عرف مس بہو بنو سب سے کامیاب مہرہ تھا۔مکر و فریب ،دغا و دُذدی ،پیمان شکنی اور محسن کشی میں مس بہو بنو کا کوئی ثانی نہ تھا۔بروٹس قماش کی یہ لڑکی بتیس سال کی عمر میں سکیڑوں نوجوانوں کو شادی کا فریب دے کر لُوٹ چکی تھی ۔ نوجوان لڑکوں کے بوڑھے والدین کو یہ دھوکا دیا جاتاکہ اعلاتعلیم یافتہ حسینہ مصبو اب ان کی بہو بن گئی ہے۔ اس قسم کی جعلی منگنیاں کر کے اس حسینہ کے والدین رازداری کے ساتھ شادی کے خواہش مند نوجوان لڑکوں کے ضعیف والدین سے زندگی بھر کی کمائی اور زرومال ہتھیا لیتے۔ منگنی کی صورت میںبہو کی اداکاری کر کے اور تکلف کی رواداری کے ذریعے اِس شعبدہ باز حسینہ نے نوجوان لڑکوں کے سر پر سہرا سجانے کی تمنا رکھنے والے ضعیف والدین کی آ نکھوں میںدُھول جھونک کر اُنھیں کوڑی کوڑی کا محتاج کردیا۔ منگنیاں تو دُھوم دھام سے ہوتیں مگر مصبو عرف مس بہو بنوکے والدین جلد ہی شکوک و شبہات اور بد گمانیوں کی مینگنیاں ڈال کر خلوص کے دودھ جیسے صاف اور شیریں رشتوں کو آلودہ کر دیتے اور فضا میں بلند ہونے والی سنگت کی پتنگ کی ڈوری ہوس کی کاٹ سے ٹُوٹ ٹُوٹ جاتی۔ اپنی منگنیوں کے بارے میں مصبو عرف مس بہو بنو نہایت ڈھٹائی سے کہتی تھی :
’’ جہاں تک زرو مال کی لُوٹ مار کا تعلق ہے بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی کرپٹو کرنسی (Cryptocurrency) کی ملکہ رُوجا اِگناٹوا ( Ruja Ignatova) بھی میرے قدموں کی دُھول ہے ۔ میں نے اور میری ضعیف والدہ قفسہ جانم نے برج الضعیفہ میں کئی پُر تعیش فلیٹ خریدے ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک کے بڑے شہروں کے نواح میں ہمارے فارم ہاؤس موجود ہیں۔پھونک پھونک کرقدم رکھنے والے شکی مزاج نوجوان لڑکوں کے سٹھیائے ہوئے والدین کی احتیاطی تدابیر کے نتیجے میں اگر میری ایک منگنی ٹُوٹتی ہے تو مجھے اس کی کوئی پروا نہیں میرے سامنے سیکڑوں خانداں اور بھی ہیں ۔‘‘
چوب دار تغاری کاٹھگوں کے اس ٹولے سے واسطہ پڑ چکا تھا۔اُس نے اپنے ذاتی تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں بتایا:
’’ مصبو عرف مس بہو بنوکو جب بھی کہا جاتاکہ تم فلاں ضیعف کی بہو بنو تو وہ آناً فاناً اُس بوڑھے کی بہو کا رُوپ دھار لیتی او ر اُس چراغِ سحری کو بُجھانے کے لیے اپنی مکروہ سانسوں کی ہوا دیتی اور اُس کے گرد گھیرا تنگ کر دیتی ۔ ا س کے ساتھ ہی عشوہ و غمزہ و ادا کے تیر چلا کر اس منگنی کی آڑ میں سادہ لوح خاندان کے گھر میںجھاڑو پھیر دیتی۔قفسو کی پروردہ حسیناؤں کا حسن و جمال ،عشوہ و غمزہ و ادا اور عہد و پیما ن بھی ناقابلِ برداشت قسم کی ایک جذباتی دہشت گردی کی صورت اختیار کر جاتی جس کی تاب لانا بہت مشکل تھا۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ سات آسمان را ت دِ ن گردش میں رہتے ہیں۔ مصبو عرف مس بہو بنوکی منگنیوں کی داستان بھی اِسی گردش ِمدام کی آ ئینہ دارہے ۔ دِلی اُمنگ کے نتیجے میں منگ کے بعد سنگ کی کبھی نوبت ہی نہ آ ئی اور لڑکوں کے ضعیف والدین پر عرصۂ حیات تنگ کر دیا گیا۔ میں نے اس طرح کی دو سو منگنیاں عجیب ڈھنگ سے ہوتی اور ٹُوٹتی دیکھی ہیں ۔ میں بھی اُن مظلوموں میںشامل ہوں جو بہو بنو کے اِس کھیل میں در بہ در اور خاک بہ سر ہیں۔ گنوارو ایک ایسا خطرناک بھڑوا ہے جس نے اپنی بہن اور ماں کی خرچی کی کمائی سے عشرت کدے تعمیر کیے ہیں۔ ذلت ،تخریب ،نحوست ،بے برکتی ،بے غیرتی اور بے حیائی کا شرم ناک کھیل اسی عیار ٹھگ کی وجہ سے جاری ہے ۔ہر لحظہ نیا منگیتر نئی منگنی کی روداد توبہ توبہ اِن سفاک ٹھگوں کی بے رحمانہ اور بد بختانہ لوٹ مار کا مرحلہ طے ہونے کا نام ہی نہیں لیتا۔منگ اور سنگ کے ٹوٹنے کے اس کھیل کے بارے میں مجھے نو سو چوہے کھا کر گنگا کی یاترا پر روانہ ہونے والی ایک تارک الدنیا راہبہ ’’ مہابِلّی ‘‘ کا واقعہ یاد آتاہے جس نے سیال کوٹ کے نواح میں واقع پُورن بھگت کے کنویں کی غواصی کر کے تپسیا کی اور لکشمی دیوی ،رتی دیوی اور کالی دیوی سے آشیر باد حاصل کرکے نروان حاصل کیا ۔مہابِلّینے سیال کوٹ سے مکروال کا رُخ کیا اور وہاں ایک کچی آبادی میں مستقل طور پر بسیرا کر لیا ۔کہتے ہیں قسمت کی دیوی نیمہابِلّی پر اس قدر مہربانی کی کہ اُس کی سدا نئی آن بان اوراُٹھا ن سامنے آتی ۔جب بھی کوئی عقیدت مند اِس پُر اسرار حریص راہبہ سے مِلنے جاتا اُس کا نیا آ ہنگ،الفاظ کی ترنگ اور دبنگ لہجہ سب کو حیران کر دیتا۔ اُس راہبہ کی زندگی کا ہر ڈھنگ اُس کے سیاہ دِل کی نئی اُمنگ کی عکاسی کرتا۔اس کے باوجود جب کوئی شخص اس مہابِلّیکی چال ڈھال پر گرفت کرتا تو یہ کھسیانی ہو کر کھمبا نوچنے لگتی اور اِس کے شیدائی بھیگی بِلی بنے سب کچھ دیکھتے رہتے ۔ کئی توہم پرست لوگ اسی آس پر زندگی کے دِن پورے کر رہے تھے کہ شاید کسی صورت مہابِلّیکے بھاگوں چھینکا ٹُوٹنے کی نوبت آ جائے ۔حیران کن بات یہ تھی کہ ہر بار کئی نئے چہرے اور نامانوس عیاش اس راہبہ کے شریک کار اور شریک زندگی بن کر نئی تابندگی کا اظہار کرتے ۔ مہابِلّی کے عشرت کدے میںوقت کے اس قدر تیزی سے بدلتے ہوئے تیور دیکھ کر پنجابی زبان بولنے والے مقامی لوگ اکثر یہ بات دہراتے تھے :
’’ مہا بِلّی سدا نویاں ‘‘
ترجمہ : مہابِلّی کی محفل میںسدا نئی آ ب و تاب دیکھی جاتی ہے ۔
مصبو عرف بہو بنو کا بھی یہی حال تھا جو بھی اس سے ملتاوہ اُس کی کسی نہ کسی کے ساتھ نئی منگنی کی خبر لاتا۔ وقت کے اس سانحہ کو کس نام سے تعبیر کیاجائے کہ ابتدا ہی میں سب منگنیاں ٹُوٹ جاتیں اور اس جعلی تعلق کی انتہا کوئی نہ لا سکا۔ ‘‘
گنوارو کی ٹھگی میں اس کے تمام اہلِ خانہ بھی شامل تھے ۔ان پیشہ ور ٹھگوں نے جن سادہ لوح لوگوں کو لُوٹااُن میں جالب، موہن ، راجو، کہرام، جلال،رافع،مبشر،طاہراور کرشن شامل ہیں ۔معاملہ فہم لوگ ان مظلوموں کو سمجھاتے کہ گنوارو اور اس کا ٹولہ بھی کورونا جیسے جان لیوا اور لادوا وائرس ہی کی ایک شکل ہے ۔اس کی زد میں آنے والوں کو صبر و استقامت سے کام لیتے ہوئے کچھ عرصہ کے لیے قرنطینہ میں رہنا چاہیے ۔اس طرح نہاں خانۂ دِل میں نمو پانے والے انتقامی جذبات پر قابو پایا جا سکتاہے ۔مایوسی اور محرومی جب حد سے بڑھ جاتی ہے تو زندگی میں ایسے مسائل سر اُٹھاتے ہیں جن کا کسی مسیحا کے پاس کوئی حل موجود نہیں ۔یہی وہ مقام ہے جہاں ذہن و ذکاوت کی بے بسی دیکھ کرانسان کی نا رسائی اور عبرت ناک مجبوری پر تر س آتاہے ۔گنوار و کے ہاتھوں لُٹنے والوں کے ذہن میں کئی سوال تھے مگر ان کا جواب کسی کے پاس نہ تھا۔ حالات نے انھیں ایک ایسے موڑ پر پہنچا دیا کہ وہ اپنی زندگی کے باقی ایام میں انہی سوالوں کا جواب تلاش کرنے میں جی کا زیاں کرتے رہے۔ یہ فریب خورد ہ لوگ خوب سے خوب تر کی جستجو میںہر قدم پر نت نئے سانچے میں ڈھل جانے والے شعبدہ بازوں کے جال میںپھنس گئے ۔ ان کی مثال ِ ترکی ،عرب اور مارگن اسپان کی تھی جو گندم کے رسیا تھے مگراَب سادہ بُھس سے بھی محروم تھے ۔ یاس و ہراس کے صحرا کے اِن آ بلہ پا مسافروں کو گردشِ ایام نے قلعۂ فراموشی کااسیر بنا دیا جہاں وہ مکمل انہدام کے قریب پہنچ گئے ۔محبتوں اور چاہتوں کی موہوم منزلوں کے یہ درماندہ رہرو جب اپنی میزان ِ صبح و شام پر نظر ڈالتے تو اِس نتیجے پر پہنچتے کہ مجبوریٔ حالات نے اُنھیں ایسے سرابوں کی جانب دھکیل دیا جو جان لیوا عذابوں سے کم نہ تھے جب چڑیا ںکھیت چُگ کر اُڑ گئیں ، فصل کی برداشت کے بعد فصلی بٹیرے لمبی اُڑان بھر گئے اور سانپ نکل کر اپنے بِل میں جا گھسا تو جالب، موہن ، راجو، کہرام، جلال،رافع،مبشر،طاہراور کرشن کفِ افسوس مَلنے لگے۔اپنی تباہ کن غلطیوں سے وابستہ حقائق اور احتسابِ ذات کے تصور کو بالائے طاق رکھتے ہوئے یہ لوگ طویل عرصہ تک اُن عیارو ںسے وفا کی توقع میںخجل ہوتے رہے جو وفا کے مفہوم ہی سے نا آشنا تھے ۔آلام ِ روزگار کی زد میں آ کر بکھر جانے والے یہ لوگ حالات کی قبروں کے کتبوں کی صورت بن گئے تھے جنھیں سیلِ زماں کے مہیب تھپیڑوں نے کرچی کِرچی کر دیا تھا۔ یہ بات بلا خوفِ تردید کہی جا سکتی ہے کہ زندگی کا سفر نہایت کٹھن اور پر اسرار ہے مگر اپنے من کی غواصی کر کے زندگی کے گوہر یکتا کی جستجو اس سے کہیں بڑھ کر صبر آزما مرحلہ ہے ۔
نوجوان بیٹے کی وفات کے بعد ضعیف معلم مبشرآنے والے حالات کا صحیح ادراک نہ کر سکا۔ کاروان ِہستی کے بارے میں یہ بات واضح ہے کہ یہ ہمیشہ وقت مقررہ کے مطابق صحیح سمت میںرواں دواں
رہتاہے ۔ ضعیف معلم مبشرکی کوتاہی یہ تھی کہ وہ مرہم بہ دست مسیحا کا سوانگ رچا کر آنے والے رہزنوں کو نہ پہچان سکا۔برادرانِ یوسف اور بروٹس قماش کے آ ستین کے سانپوں نے اُس کا صبرو قرار،زرومال اور متاعِ علم کو لُوٹ لیا۔ دِلِ حزیں کے ہاتھوں مجبور ہو کرضعیف معلم مبشر فکری توازن اور فیصلوں میں اعتدال قائم نہ رکھ سکااور موہوم خوشیوں کی جستجو میں پیشہ ور ٹھگ گنوارو کے اہلِ خانہ کے مکر و فریب کے جال میں پھنس گیا۔گنوارو نے اپنی بہن مصبو کو ضعیف معلم مبشر کی بہو بننے کی ذمہ داری سونپ دی اس قسم کے ڈراموں میں مصبو یہی کردار سیکڑوں مرتبہ ادا کر چکی تھی ۔ضعیف معلم مبشرکی بہو کا کردار ادا کرتے وقت مصبو نے حسب معمول مگر مچھ کے آ نسو بہاتے ہوئے کہا :
’’ اے ضعیف اُستاد! مرگِ نا گہانی کے صدمات اور اِس عالمِ تنہائی میں تمھاری زندگی کو شدید خطرات کا سامنا ہے ۔ میں تمھاری بہو بننے والی ہوں اَب غم و آلام کی تلاطم خیز موجوں میں تمھاری کشتیٔ جاں کو ساحلِ عافیت تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے۔‘‘
رنج و اَلم کے ستم کھا کر نیم جاں ہوجانے والے ضعیف معلم مبشرکے لیے یہ بات حیران کن تھی کہ ایک اجنبی حسینہ پہلی ملاقات میں اس قدرخلوص کے ساتھ اُسے حوصلے اور اعتماد سے کام لینے کا مشورہ دے رہی ہے ۔وہ دِل ہی دِل میں سوچنے لگاکہ پریشاں حالی اور درماندگی کے اِن لمحات میں اُس کے زخموں پر مرہم رکھنے والی یہ عورت تو اُس کے لیے ابرِ کرم کی صورت بن کر آ ئی ہے جوکِشت ِجاں کو سیراب کر دے گی اور گھر کے آ نگن میں اُمنگوں کے گل ہائے رنگ رنگ کھل اُٹھیں گے ۔وہ اِس نتیجے پر پہنچا کہ کسی ایسے انسان کو جو حالات سے اس قدر دِل برداشتہ ہوکہ مرگِ ناگہانی کی راہ دیکھ رہاہوزندگی کا مژدۂ جانفزا سنانا خلوص ،مروّت ،وفا اور ایثارکا ارفع ترین معیار ہے ۔ فہم و فراست کی نارسائی اور فکر ِانسانی کا سب سے بڑا سانحہ یہ ہے کہ وہ بالآخرکسی نہ کسی فریب کا شکار ہو کر اُسی چیز کے طلسم کے اسیر ہو جاتی ہے جسے گرفت میں وہ سالہا سال سے ناکامی کا منھ دیکھ رہی ہے ۔مصبو اور گنوارو نے ضعیف معلم مبشرکے بڑے بیٹے سجاد مرحوم کاوہ قیمتی لیپ ٹاپ بھی اُچک لیا جس میں اس نے اپنے باپ کا لکھا ہوا چار سو صفحات کا ایک اہم مقالہ ’’ دکنی اور موجودہ اُردو زبان کے افعال کا تقابلی مطالعہ ‘‘ دِن رات ایک کر کے بڑی محنت سے کمپوز کیا او راُسے اشاعت کی غرض سے محفوظ کیا تھا۔ مصبو بہو بنو نے اپنی جسارت سارقانہ اور چربہ سازی سے اسی مقالے پر پنجاب کی کسی نئی جامعہ سے( 2015-2017) سیشن میں ایم۔فل ( اُردو ) کی ڈگری حاصل کر لی اور ملازمت ملتے ہی ضعیف معلم مبشر کے خاندان سے تمام روابط منقطع کر لیے ۔ جعلی منگ اور فرضی سنگ کے بدلتے اور ٹُو ٹتے مرضی کے ڈھنگ دیکھ کر سب احباب دنگ رہ گئے۔گنوارو اور مصبونے مِل کر ضعیف معلم مبشرکو زیر دام لانے اور اُسے پیہم فریب دینے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا۔ضعیف معلم مبشرنے اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی کے حوالے سے کہا :
’’ ہم اِس نیک کام میں مزیدتاخیرکے متحمل نہیں ہو سکتے۔میں پہلے ہی اپنے بڑے بیٹے سجاد کی الم ناک وفات کے صدمے سے غرقاب ِغم ہوں ۔اَب تمھاری جھوٹی تسلیاں اور مانوس دلاسے بھی ہمیں متوجہ نہیں کر سکتے ۔‘‘
’’ اگر تمھیںہماری تسلیوں اور یقین دہانیوں پر تمھیں اعتماد نہیں تو کسی اور کو بہو بنا سکتے ہو۔‘‘ مصبو نے غرور سے کہا ’’میں بھی اَب اپنے بارے میں کوئی بڑا فیصلہ کرنے والی ہوں ۔مجھے کسی ایسے شریک حیات کی تلاش ہے جس کے پاس بہت بڑی کار ،فارم ہاؤس اور بیرونِ ملک وسیع جائیداد ہو۔ تمھاری مثال اُس فاقہ کش چِیل کی ہے جِس کے آ شیانے میں ماس عنقا ہے ۔‘‘
اِن دغابازوں نے ماضی سے وابستہ تمام حقائق کو خیال و خواب بنا دیا۔ اب تشنگی کے عالم میں سرابوںکے صحرا میں بھٹکتے وقت ضعیف معلم مبشر کے پاس اندیشہ ہائے دُور دراز ،تفکرات اور حادثات کی ریت پھانکنے کے سوا کوئی چارۂ کار نہیں تھا۔
ضعیف معلم مبشر نے آہ بھر کر کہا:
’’تقدیر کے ستم سہنے کے بعد میں نے یہ سب کچھ بادِل ِ نا خواستہ کیا ۔ مجھے معلوم ہے کہ اس دنیا میں کوئی بھی احساس حتمی نہیں ہوتا اور ہر شب ڈھل جاتی ہے ۔ ایامِ غم رفتہ رفتہ بِیت رہے ہیں چربہ سازی اور جسارتِ سارقانہ سے اپنی جہالت کا انعام پانے کے بعد اس قدرگھمنڈ بلاجواز ہے ۔تقدیر کی بے آوا ز لاٹھی سے ڈرو یہ زندگی جاہ و منصب اور زر و مال جمع کرنے یا اعداد و شمار کا کھیل ہر گز نہیں ۔زندگی تو بُورلدے چھتنار کی مثال ہے جو کچھ عرصہ پھل دینے کے بعد طوفانِ حوادث کے مہیب تھپیڑوں کی تاب نہ لا کر زمیں بوس ہو جاتاہے ۔ اب دیکھتے چلے جاؤکہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے تمھیں جلد معلوم ہو جائے گاکہ اونٹ پہاڑ کے نیچے آ سکتاہے ۔تم سب پیشہ ور ٹھگ آخر کب تک خیر مناؤ گے ؟وہ وقت دُور نہیں جب تم حالات کی زدمیں آؤ گے ۔اُس وقت تم سب بہت پچھتاؤ گے مگر کوئی بھی تمھارا پرسانِ حال نہ ہوگا۔‘‘
سمگلنگ ،منشیات فروشی اوراغوا برائے تاوان کے کئی مقدموں میںگنواروکا ٹولہ ملوث تھامگر خونِ خاک نشیناں ہمیشہ رِزقِ خا ک ہوجاتا۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا تھا کہ جِس دِن جرائم و تخریب کاری کی وادیٔ پُر خار سے ذلیل و خوار ہو کر گنوارو در بہ در اور خاک بہ سر ہو گاوہ علاقے کے باشندو ںکے لیے اچھا شگون ہو گا۔سادیت پسندی کے اس موذی و مکار مریض کے بعد عفونت و سڑاندکی قابل نفرت داستانوں کو نیا عنوان مِلے گااو ر اِس شہر ناپرساں کے لوگ سُکھ کا سانس لیں گے ۔گنوارو کے ہاں بہرام ٹھگ کے خاندان کے رسوائے زمانہ مجرموں کا بسیرا تھا۔ شہر میں منشیات اور جنس وجنوں کے بڑھتے ہوئے قبیح دھندے اور لُوٹ مار کے پھندے نے حفاظتی انتظامات پر مامور دستوں کو سخت پریشانی نے گھیراتھا۔گنوارو اور اُس کے ٹولے کے گرد گھیر تنگ کر دیاگیا تو وہ اپنے اہلِ خانہ سمیت مچھ کی جانب چل نکلا مگر مچھ میں بھی اُسے کہیں پناہ نہ مِلی ۔جن لوگوں کے پاس گنوارونے اپنا اندوختہ امانت رکھا تھا سب نے اپنی آ نکھوں پر ٹھیکری رکھ لی اور اُسے پہچاننے سے بھی انکار کر دیا۔ حالات سے دِل برداشتہ ہو کرگنوارونے ایک دلدلی علاقے میں جھیل کے کنارے واقع ایک بستی میںپناہ لی ۔اگست 2020ء کے آ غاز میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی گنوارو اور اُس کے اہل خانہ کے مقدر کی تبدیلی کے آ ثار سامنے آ نے لگے ۔مصبو ،قفسو اور گنوارو کو کھانسی اور چھینکوں کے ساتھ تیز بخار نے دبوچ لیا ۔بستی کے لوگوں نے جب اِن درندوں کی یہ حالت دیکھی تو اُنھیں یقین ہو گیا کہ یہ سب کورونا وائرس کے مریض ہیں ۔بستی کے لوگوں نے اِنھیں وہاں سے نکل جانے کے لیے کہا تو گنوارونے اپنا پالتو مگر مچھ اُن کی طرف اُچھا ل دیا۔ اس اسیر مگر مچھ نے عجیب قسم کی آوا زنکالی اوردیکھتے ہی دیکھتے جھیل سے بڑی تعدا دمیں مگر مچھ نکلے اور اُنھوں نے گنوارو ،مصبو اور قفسو پر حملہ کر دیا۔ فضا میں زاغ و زغن،کرگس اور چغد منڈلانے لگے ۔فضا میں طیور ِ منحوس و ناکارہ کی پرواز ،مگر مچھوں کے حملے اور بستی کے لوگوں کی یلغار سے بو کھلا کر ٹھگوں کا یہ ٹولہ سر پر پاؤں رکھ کر بھاگا۔کچھ دُور بہ ظاہر تو خشک زمین تھی مگر مٹی کی تہہ کے نیچے خطرناک دلدل تھی ۔جوں ہی ان ٹھگوں نے اِس خشک زمین پر قدم رکھا وہ کندھوں تک دلدل میں دھنس گئے ۔مگر مچھ اِن پر ٹُوٹ پڑے اور دیکھتے ہی دیکھتے اِن کی تکابوٹی کر دی ۔
رانا مبشر :اَب زندگی ہے خواب میں گفتار کی طرح
وہ چاہتا تھا کہ کاسہ خریدلے میرا
میں اُس کے تاج کی قیمت لگا کے لوٹ آیا
خبر مِلی ہے کہ سونا نکل رہا ہے وہاں
میںجِس زمین پہ ٹھوکر لگاکے لوٹ آیا ( راحت اندوری )
اپنی آخری عمر میں گوشہ نشینی کی زندگی بسر کرنے والے قناعت پسند شخص رانا مبشر سے مل کر زندگی سے پیار ہو جاتا تھا۔ جب بھی مصائب و آلام نے اُس کے نہاں خانۂ دِل پر دستک دی اُس نے ایک شانِ استغنا سے اُنھیں خندہ ٔاستہزا میں اُڑا دیا۔ فروغ ِ گلشن و صوتِ ہزار کے موسم کی تمنا اور صحرا میں گل ہائے رنگ رنگ کی نمو کے تقاضوں سے عہدہ برا ٓ ہونے کی خاطر اس نے سرِ ہر خار کو اپنے جگر کے خون سے سیراب کیا۔ وہ اکثر اس بات پر اصرارکرتا کہ غلطی کرنا انسانی فطرت ،بار بار ایک ہی غلطی کو دہرانا حماقت اوراپنی غلطی پر ڈٹ جانابے غیرتی،بے ضمیری اور بے شرمی کی دلیل ہے۔اُس کا خیال تھاکہ اپنی غلطی کو تسلیم کر کے اس پر ندامت کا اظہار کرناعالی ظرفی اور عظمت کردار کی نشانی ہے ۔اپنے دل میں انصاف کے حصول کی حسرت رکھنے والوں میں خود اپنے خلاف فیصلہ صادرکرنے کاظرف ہونا چاہیے۔ وہ یہ بات واضح کر دیتاکہ احساس کم تری کو احساس برتری میں بدلنے کی کوشش نیوراتیت کہلاتی ہے ۔ جب کہ بے بس ولاچار انسانوں کو عقوبتی ہتھکنڈوں سے اذیت میں مبتلا کر کے لطف اندوز ہوناسادیت پسندی کہلاتاہے ۔ فرانسیسی ادیب مارکیوس ڈی ساد ( -1814 : 1740 Marquis de Sade )کی پیروی کرنے والے سادیت پسندوں اور نیوراتیت پسندوں سے بچنا چاہتا تھا۔عالمی کلاسیک پر کامل دسترس رکھنے والے اس ادیب نے اپنی پوری زندگی لفظوں کی مکانوں میں بسر کی ۔کتابوں کے مطالعہ کے دوران میں کوئی اور مصروفیت حائل ہوئی تو اُس نے سدا اُسے وقت ِدِگر پر موقوف رکھا۔ایک ملاقات میں اُس نے بتایا کہ وہ اپنے دِل کے زخموں کی اس انداز سے دیکھ بھال کرتا ہے جس طرح ایک حساس باغبان گلستان کی احتیاط کے ساتھ پروروش کرتا ہے۔وہ اس خوف میں مبتلا رہتا کہ کہیں یہ کرب اور گھاؤ اس کے لیے زخم اور کمان کی صورت اختیار نہ کر لیں ۔زخم اور کمان کی تلمیح کے بارے میں رانا مبشر نے بتایاکہ یونانی دیومالا کے مطابق تھیسلے ( Thessaly) میں واقع میلوبیا (Meliboea)کے بادشاہ پو ئیاس ( Poeas) کے شجاع بیٹے فیلو ککٹس( Philoctetes)کی بہادری ،مہم جوئی اور خطر پسند طبیعت کی ہر طرف دھوم مچی تھی ۔ جادو کی کمان رکھنے والاوہ ایسا ماہر ناوک انداز تھا جس کا نشانہ کبھی خطانہ ہوتا تھا۔اس نے ہیری کلز(Heracles) کی آخری آرام گاہ کا راز فاش کر دیااور اس کی بد دعاسے ایک سفر میں سانپ کے کاٹنے سے اُسے پاؤں پر ایسازخم لگا جو مندمل نہ ہوسکا۔اس زخم سے بیمار کر دینے والی عفونت و سڑاند کے بھبھوکے اُٹھتے تھے ۔شہر کے لوگوں کی نفرتوں ،حقارتوں اور عداوتوں سے عاجزآ کروہ روپوش ہو گیا۔کینہ پرور اور حاسد اس مہم جو کے خون کے پیاسے تھے ۔ ابن الوقت اور کینہ پرور حاسدجنگ تورجان (Torjan War ) جیتنے کے لیے وہ طلسماتی کمان اور تیرحاصل کرناچاہتے تھے جو فیلو ککٹس کوہیری کلز نے دی تھی۔اُس کے زخم سے نکلنے والی بُو کی وجہ سے اُنھوں نے فیلو ککٹس کو ڈھونڈنکالا۔امریکی ادیب ایڈ منڈولسن (Edmund Wilson :1895-1972)نے اپنی کتاب زخم اور کمان( The wound and the bow)میں اسی جانب اشارہ کیا ہے ۔ عالمی شہرت کے حامل ممتاز جرمن ناول نگار تھامس من ( : 1875-1955 Thomas Mann )کے اسلوب میں بھی اس یونانی دیو مالائی کہانی کا پرتو ملتاہے ۔
مبشر رانا کی دردمندی اور خلوص کاایک عالم معترف تھا۔الم نصیبوں اور جگر فگاروں کے ساتھ اس نے جو عہدِ وفا استوار کیا زندگی بھر اسی کو علاج گردش ِ لیل و نہار سمجھا۔ادیبوں کے ساتھ اُس نے جو درد کا رشتہ استوار کیا تھا وہ اس کی پہچان بن گیا۔ اس رشتے کو وہ سب سے معتبر اور مستحکم رشتہ قرار دیتا اور کہتایہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ فہمیدہ ریاض، قمرزماں کائرہ،خالدہ حسین ، روحی بانو،متین ہاشمی، جمیل فخری، نواز ایمن،ریاض الحق ، روبینہ قائم خانی ، شہلا رضا، افضل احسن، محمد اکرم،محمد یوسف اورشبیر راناکو نوجوان بیٹوں کی دائمی مفارقت کے غم نے زندہ در گور کر دیا۔
رانا مبشر کے پڑوس میں ایک مفت خور لیمو ں نچوڑ غبی متشاعر گنوار انتھک رہتاتھا۔ایک دن مبشر رانا نے اس کاہل ،نااہل اور کندہ ٔ ناتراش کو بتایا کہ اس کی ڈائری میں ناممکن کا لفظ کہیں درج نہیں ۔یہ بات اس ابلہ کے سر سے گزر گئی ۔دوسرے دن وہ ایک کتب فروش کی دکان سے ایک نئی ڈائری خرید لایااور اس کے ہر صفحے پر لفظ ناممکن لکھناشروع کر دیا۔شام تک اس نے اپنی ڈائری مکمل کر لی اور ہر صفحے پر لفظ ’’ ناممکن ‘‘ کے سوا کچھ نہ لکھا تھا۔کاتا اور لے دوڑا کے مصداق وہ اپنی ڈائری لے کر رانا مبشر کے پاس پہنچااور ہنہناتے ہوئے بولا :
’’ تمھاری ڈائری میں نا ممکن کا لفظ موجود نہیں مگر میری ڈائری دیکھو اس میں ہر صفحے پر نا ممکن ہی نا ممکن لکھا ہے ۔ میری زندگی تو ناممکن کی عملی تصویر بن گئی ہے ۔ میرے خاندان کے بارے میں کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہونا۔ ہمارے اسلاف آخری عہدِ مغلیہ میں شاہی دربار سے وابستہ رہے ہیں۔‘‘
رانا مبشر نے جب ا س عادی دروغ گوکی یہ بے ہودہ گفتگوسنی توحیران رہ گیا،اس نے پوچھا:
’’ آخری عہدِ مغلیہ میں تمھارے اسلا ف شاہی دربار میں کن خدمات پر مامور تھے ؟‘‘
گنوار انتھک نے مسکراتے ہوئے کہا’’ مغل بادشاہ جہاں دار شاہ کی بیوی ملکہ ٔ ہند لعل کنور میری دادی تھی۔اسی زمانے میں نعمت خان کلانونت جو ملتان کا صوبے دار تھا وہ میری دادی کا چچا زاد بھائی تھا۔قحبہ خانہ ،چنڈ و خانہ اور عشرت کدہ چلانا سو پشت سے ہمارا پیشہ ہے ۔ہمارے خاندان کے اکثر لوگ جلادتھے ۔وہ دربار میں شمشیر بہ دست آتے اور شاہی عتاب کا نشانہ بننے والے قسمت سے محروم مظلوموں کوکوڑے مارتے ،ان کی آ نکھیں، زبان ،ہاتھ ،پاؤں ،کان یاگردن کاٹ کر قصر ِ شاہی سے صادر ہونے و الے احکامات کی تعمیل کرتے ۔‘‘
رانا مبشر نے جب اس بز اخفش کی ہئیت کذائی پر غور کیا تو کہا:
’’الم نصیب انسانوں کے جسمانی اعضا کاٹنے و الے جلاد منش خاندان سے تعلق رکھنے والے درندے! اسی لیے تم اُن مظلوموں کی جیبیں کاٹتے پھرتے ہو جو اپنا پیٹ کاٹ کر اپنے بچوں کی پرورش کرتے ہیں ۔گنوار انتھک ! تم جیسے کور مغز کو ہمیشہ اُلٹاہی دکھائی دیتا ہے ۔ تمھاری زبان آری کی طرح چلتی ہے مگرتم اُس ذوق سلیم سے عاری ہو جوبزرگوں کی خوشہ چینی کے لیے ناگزیر ہے ۔نکتہ چینی تمھار اوتیرہ ہے اور اس کے لیے جس حماقت ،خست ،خجالت اورجہالت کی احتیاج ہے اس میں تم یقیناً خودکفیل ہو ۔معاشرتی زندگی میں ضبط تولید کے بارے میںبہت تحفظات پائے جاتے ہیں مگر جب میں تم جیسے ذہنی قلاش کو دیکھتا ہوں تو ضبط تولید کے جواز کے بارے میں کوئی ابہام نہیں رہتا۔مرزا محمد رفیع سوداؔ نے شاید تم جیسی نا خلف اولاد کے بارے میں کسی الم نصیب والد کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا:
یارو مجھ سے تو لا ولد بہتر
میرا بیٹا اوراس قدر ابتر
گنوار انتھک کی بہن اور چور محل میں جنم لینے والی رذیل طوائف اشتباہ بنوری کا تعلق مکڑوال کے ایک شُوم ڈُوم گھرانے سے تھا۔ چور دروازے سے گھس کر زرومال سمیٹنے والی اس پیشہ ور طوائف کے قحبہ خانے اور چنڈو خانے کی محفلوں اور عیاشیوں کی ہر طرف دُھوم تھی ۔ اپنے معمولات کے بارے میںیہ رسوائے زمانہ جسم فروش طوائف یہ بات بر ملاکہتی کہ اس نے اپنی زندگی کے دو اصول بنا رکھے ہیںیا تو اپنی مطلوبہ چیز کاہر قیمت پر حصول یاپھر سب کچھ فضول ۔ اشتباہ بنوری کی ماں قفس جانم پورے شہر کی بدنام نائکہ اور مکارمشاطہ تھی ۔قفس جانم کی لے پالک بیٹیوں ظلی،شباہت ،پونم ،سمی،شگن،شعاع اور گائتری نے منشیات، رقص و سرود اور جنس و جنون کے دھندے سے بہت زر وما ل جمع کر لیا۔ شہر کے کئی نوجوان ان طوائفوںکی زلف ِ گرہ گیرکے ایسے اسیر ہوئے کہ سب کچھ لٹوا کر کوڑی کوڑی کے محتاج ہوگئے ۔ان طوائفوںکے ہاتھوں لُٹنے والے ایک نوجوان رافع نے رانا مبشر کواپنے دِلِ شکستہ کاحال بتاتے ہوئے کہا کہ اس خسیس رنڈی قفس جانم اور اس کے کوٹھے کی ہر حسینہ گشتی ،کنچنی ،تتلی اور ناچی کے رُوپ میں واردات کرتی ہے ۔ان کی حرص و ہوس نے اِس شہر ِ ناپرساں کے سیکڑوں گھر بے چراغ کر دئیے ہیں ۔رافع نے روتے ہوئے کہا :
’’ تیرہ سال کی عمر میںجب اشتباہ بنوری نے نتھ پہنی تو رنڈی نائیکہ قفس جانم نے مجھے جھانسہ دیا کہ وہ بہت جلد میری شادی اشتباہ بنوری سے کر دے گی ۔نتھ اُتراوئی کی ہوس کا اسیر ہو کر میں نے اپنے بوڑھے والدین کی زندگی بھر کی کمائی اور بیش قیمت طلائی زیورات ان کے قدموں میں ڈھیر کردئیے ۔زیادہ بولی لگانے والوں کے ہاتھوں مجھے ہزیمت اُٹھانی پڑی اور میری آرزوئیں مات کھاکر رہ گئیں ۔ اشتباہ بنوری اب اکتیس سال کی ہو چکی ہے اور یہ چمن ہزار مرتبہ لوٹا جا چکاہے ۔ ہر روز اشتباہ بنوری کی نئی نتھ اور قحبہ خانے میںبھڑووں کی نئی ستھ اب قفس جانم کا معمول ہے ۔ اب اپنے شہر ِ آرزو کی ویرانی کاماتم کرنے کے لیے میں تنہا رہ گیا ہوں۔‘‘
مبشر رانا نے جب الم نصیب رافع کی باتیں سنیں تو اس نے اپنا دِل تھام لیا وہ سوچنے لگا کہ تھکی تھکی سی فضائیں اور مقدر کے بجھے بجھے سے تارے دیکھ کرعشاق کے دل پر جو کوہِ غم ٹُو ٹتا ہے اس کے نتیجے میں عشاق کے خشک لبوں پر سانس اڑی رہتی ہے ۔مبشر رانا نے رافع کو دلاسا دیتے ہوئے کہا:
’’ جس خاندان سے تمھارا پالا پڑاہے اسے نو آبادیاتی دور میں ناقابلِ ضمانت جرائم کاارتکاب کرنے کے عادی اور انتہائی خطرناک مجرموں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ کچہری میں جانے والوں کے لیے مقدمے میں وکیل کا خرچہ اور قحبہ خانے پہنچ کر رنگ رلیاں منانے والوں کو طوائف کی خرچی سب سے پہلے ادا کرنا لازم ہے ۔ شادی مسی کی ہوس تمھاری کور مغزی ،بے بصری اور خرمستی کا منھ بولتاثبوت ہے ،بیتے لمحات پر تمھاری چیخ پکاربے وقت کی راگنی ہے ۔آنے والے دنوںکی ابتلا اور آزمائش کاخندہ پیشانی سے سامنا کرنا چاہیے ۔ اب تم صرف یہ دعاکرو کہ جو رو جفا اور مکر و دغاکایہ منظر بدل جائے اور بُرا وقت جلد ٹل جائے ۔عشاق کو یہ با ت یاد رکھنی چاہیے کہ اُنھیںستیز کی رسم نبھاتے ہوئے قلزمِ جذبات کی تلاطم خیزموجوںسے ہراساں نہیں ہونا چاہیے بل کہ ساحلوں کے شبستانوں کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ وہ حرص و ہوس کے طوفانوں میں لنگر انداز ہونے کاحوصلہ رکھتے ہیں ۔‘‘
قحبہ خانے کا موذی و سفلہ بھڑوا رمنو جو طویل عرصہ تک نائیکہ قفس جانم کاملازم رہا وہ اچانک کہیں سے آٹپکا۔اس نے بھی یہ سب باتیں سُن لیں وہ کفن پھاڑ کر ہرزہ سرا ہوا:
’’جب قفس جانم کا پاؤں بھاری تھا توساتویں مہینے ہیرا منڈی میںرقص و سرودکی محفل سجائی گئی۔ گردو نواح کے سب ڈوم ،ڈھاری ،بھانڈ،بھڑوے ،مسخرے ،لچے ،تلنگے ،لچے ،شہدے ،اچکے ،وضیع،رہزن ،قزاق،رسہ گیر،اُٹھائی گیرے اورقزاق کچے دھاگے سے کھنچے چلے آ ئے۔ سب مست بادہ وجام تھامے بندقبا سے بے نیاز ہو کر داد عیش دیتے رہے ۔ قفس جانم کے ہونے والے بچے کے والد کے نام کے بارے میں سوچا گیا ۔ رقص کی اس یادگار محفل میں قرعۂ فال میرے نام نکلا ۔ اس دعوت کے تین ماہ بعدجب اشتباہ بنوری پیداہوئی تو مجھے ہی اس نومولود طوائف زادی کا والد قرار دیا گیا۔سچ کہتے ہیں کہ طوائف کا سنگ سدا باعثِ ننگ ۔‘‘
رافع نے جب یہ جلی کٹی باتیں سنیں تواس نے گلو گیر لہجے میں کہا:
’’ جھٹ منگنی پٹ بیاہ کا ڈھونگ رچا کر اشتباہ بنوری سے میری منگنی کر دی گئی اور گنوار انتھک کو میرا سالابنایا گیا۔اب یہ حال ہے کہ اِن میںسے کوئی بھی میرے حالِ زبوں کی خبر نہیں لیتا۔حیف صدحیف! اشتباہ بنوری کے آستانے سے میںایسے بے نیلِ مرام اُٹھا جیسے کوئی جہاں سے اُٹھتاہے ۔ ایک مرتبہ غیر مقبول اور نا معقول متشاعر بُوم صحرائی مجھے دیکھ کر یہ کہاتھا:
رافع اس طرح دَھن لُٹاتا ہے
مسخرا جیسے بن میں جاتاہے ‘‘
’’ رافع ! تم عقل کے اندھے اور گانٹھ کو پورے تھے اس لیے قفس جانم نے تمھیں چُلّو میںاُلّو بنادیا۔ ہوش و خرد سے تہی لوگ اپنی ذات پرجوکاری ضرب لگاتے ہیں اُس کا زخم اس قدر گہراہوتاہے کہ اعداکے وار بھی اس کی گرد کو نہیں پہنچتے ۔ ‘‘ رانا مبشر نے کہا ’’ کیسی واہیات باتیں کر رہے ہو ؟جسم فروش رذیل طوائف کسی ایک مرد کی شریک حیات اوربھڑوا کسی واحد شخص کاسالاہر گز نہیں ہو سکتا۔ ان خود غرض مفادپرستوں کے سیکڑوں خودسر اہلِ ثروت کے ساتھ اس قسم کے مراسم ہوتے ہیں۔ قحبہ خانے کی طوائف پر زر ومال نچھاور کرناکیکر پر انگور چڑھانے ،صحرا میں بکھری ریت کوآب ِ شیریں سے سیراب کرنے اور سنپولیے کو چُلّو میں دُودھ پلانے کے مترادف ہے ۔ حیرت ہے تمھیں شرم و حیا ،ظرف و ضمیر اور غیرت کو دریا برد کرنے والے پیشہ ور ٹھگوں سے وفا کی امید ہے ۔ سیلِ زماں کے ایک تھپیڑے کی دیر ہے قفس جانم کے قحبہ خانے کی ہر طوائف کو چکی پیسنی پڑے گی ۔‘‘
جب قحبہ خانے میں مندی کارجحان دیکھاتو اشتباہ بنوری نے لُوٹ مارکے لیے نیاسوانگ رچایا اور قزاقستان کی جامعہ اجودھا میں داخلہ لے لیا۔ ایک شیخ چلّی قماش کامسخرا زنہار زناری اپنی جہالت کا انعام ہتھیاکر اس جامعہ کاشیخ الجامعہ بن بیٹھا۔اس ابلہ کامشیر تقدیر کا مارا سرابوں کے عذابوں میںاُلجھا ناہنجار بر ہمچاری اپنے ساتا روہن گھامڑ غلیل اور چوب دار تغاری اور رذیل طوائف اشتباہ بنوری کے تعاون سے پریوں کااکھاڑا سجاتااور زنہار زناری اس محفل رقص میں راجہ اِندربن کردادعیش دیتاتھا۔قزاقستان کی جامعہ اجودھامیں ایک طالبہ کا سوانگ رچانے والی طوائف اشتباہ بنوری نے شرم و حیاکو غرقاب کر کے عجب گل کھلائے ۔ مغل بادشاہ جہاں دار شاہ کے زمانے میں بد نام طوائف لا ل کنور اور اس کی ہم پیشہ وہم مشرب و ہم راز سہیلی زہرہ کنجڑن نے جس طرح لُوٹ مار کی اسی طرح اشتباہ بنوری اور اس کی رذیل جرائم پیشہ سہیلیوںنے جامعہ اجودھامیںمنشیات اور جنس وجنوں کے تباہ کن دھندے میں ایسے خطرناک پھندے لگائے کہ اکثر طالب علم ان رسوائے زمانہ طوائفوں کے عشوہ و غمزہ و ادا کے اسیر ہو گئے ۔اشتباہ بنوری کی سات ہم پیشہ و ہم راز سہیلیوں میںشگن المعروف بیلے سٹار ( Belle Starr )، سموں المعروف مول کٹ پرس ( Moll Cutpurse)، ظلی المعروف اینے بونی (Anne Bonny)، شباہت المعروف شارلٹ کورڈے (Charlotte Corday)، شعاع المعروف میری صورت( Mary Surratt)، پونم المعروف ما بارکر (Ma Barker)، گائتری المعروف بونی واکر( Bonnie Parker)شامل تھیں ۔ان طوائف زادیوں نے سادہ لوح طالب علموں کومنگنی کے سبزباغ دکھاکر انھیں مفلس وقلاش کر دیا ۔ قزاقستان کی جامعہ اجودھا میںتعلیم مکمل کرنے کے بعداشتباہ بنوری اور اس کی ساتھی ساتوں گرگ منش سہیلیاںاپنے حسن و جمال کی سیڑھی استعمال کر کے بلند مناصب پر چڑھ دوڑیں ۔ عقابوں کے نشیمن میں زاغ و زغن ،بُوم و شپر اور کرگس گھس گئے ۔ مقتدر حلقوں نے بلندمناصب جس طرح اندھے کی ریوڑیوں کی طرح بلاامتیاز اپنے پروردہ نااہل مسخروں میں بانٹے اس کے نتیجے میں ایسی افراتفری پیداہو گئی کہ گمان گزرتاکہ اس شہرِ بے چراغ میں جنگل کا قانون پوری شدت کے ساتھ نافذہے ۔ جب اشتباہ بنوری نے جامعہ اجودھامیںتدریس شروع کی تواہلِ درد تڑپ اُٹھے کہ اس قدربلند مناصب پر کس قدر پست لوگوں نے غاصبانہ قبضہ کر رکھاہے۔ بونے اپنے تئیں باون گزے سمجھنے لگے ،اجلاف و ارذال کے پروردہ مشکوک نسب کے سفہاکی پانچوں گھی میں تھیں ۔ان درندوں نے مجبوروں کے چام کے دام چلائے ،کئی نوجوان طالب علموں اور ان کے ضعیف والدین کو بے دردی سے لُوٹا اور انھیں اس طرح فارغ کیا جس طرح ٹشو پیپر کو استعمال کر کے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتاہے ۔ان فریب خوردہ نوجوانوںکی حماقت کاکیا ٹھکانہ جو اپنی ہی خود رائی کازخم کھاتے رہے اور لب ِ اظہار پر تالے لگا کر اپنی خود فریبی کو مستحکم کرتے رہے ۔
سادیت پسندی اشتباہ بنوری کی گھٹی میں پڑی تھی،وہ یہ بات نہایت ڈھٹائی سے کہتی کہ درد کے رشتے کی تاثیر اپنی جگہ صحیح ہے مگر مکر و فریب اور عیاری و مکاری سے کام لے کر کسی جن یابھوت کو اپنے ذاتی مفادات کی بوتل میں بند کرتے وقت کئی سخت مقامات آتے ہیں۔ اشتباہ بنوری کی راحتوں ،مسرتوں اور عیاشیوں کے سوتے پیمان شکنی،احسان فراموشی ،محسن کشی اور مکر و فریب سے پُھوٹتے تھے ۔اس کاایک اور شکاررفحان تھاجسے اس ناگن نے ڈس لیا۔رفحان کواشتباہ بنوری کے بارے میں سب درشت، تلخ و تند واضح حقائق معلوم تھے مگر اس نے ان سب صداقتوں سے شپرانہ چشم پوشی کرتے ہوئے اِس عیار و مکار حسینہ سے پیمانِ وفا باندھ لیااور یوں رفحان کی طرف سے اپنی ذات کو دھوکا دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اس رومان کا نتیجہ بھی رفحان کے جی کے زیاں کی صورت میں سامنے آیا ۔سب کچھ لٹوا کے رفحان اپنے پڑوسی اور درد آشنا محسن مبشر رانا کے پاس پہنچا۔
مبشر رانا نے رفحان کی باتیں پوری توجہ سے سنیں اور کہا:
’’ تم نے صحیح فیصلہ کرنے میں دیر کر دی ۔عملی زندگی میں ہمیشہ ہاتھی کی مثال سامنے رکھو جس کے کھانے کے دانت اور جب کہ چبانے کے دانت اور ہوتے ہیں ۔جب برادرانِ یوسف اور آستین کے سانپوں سے پالا پڑے تو کبھی اپنی حقیقت ظاہر نہ کرو۔اپنی ذات کو اس وقت بے بس و لاچار اور نحیف وناتواں ظاہر کرو جب تم پوری قوت ،ثروت اورجاہ و جلال کے مالک ہو۔اگر کبھی ایسا وقت آجائے کہ سب اعضا مضمحل محسوس ہوں تو کسی کے سامنے اِس ضعفِ ناتوانی کا ہر گز اظہار نہ کروورنہ ہر طرف سے سیکڑوں مینڈک ٹراتے ہوئے ،بے شمار گدھے ہنہناتے ہوئے اور سانپ تلے کے بچھو ڈنک اُٹھائے آگے بڑھیں گے ۔‘‘
’’ اشتباہ بنوری نے مجھے مکمل طور پر تبا ہ کر دیاہے ۔‘‘ رفحان کی آ نکھیں ساون کے بادلوں کی طرح برس رہی تھیں۔اس نے آہ بھر کر کہا’’اشتباہ بنوری کے عشرت کدے میں نسیم سحر بھی ہے صبا کے جھونکے بھی آتے ہیں مگر میری کٹیا تو اس چڑیل کی ہوا و ہوس کے شعلوں میں جل کر راکھ ہو چکی ہے ۔اس راکھ میں اب کچھ بھی نہیںبچا،میرے دل کے سب ارمان اس راکھ میں دفن ہوگئے ہیں۔‘‘
’’ اس شہر نا پرساں میں ہر کوئی اپنی ہی فضا میں مست پھرتادکھائی دیتاہے ۔ان حالات میں اشتباہ بنوری کی عیاری اور مکاری کا نشانہ بننے والوں کی چشمِ تر کی جانب کون دیکھے گا؟‘‘مبشر ر انا نے رفحان کو تسلی دیتے ہوئے کہا’’ نوجوان عشاق کے لیے تواشتباہ بنوری برقِ نشیمن ہے۔وہ تباہیوں اور بربادیوں کو پھیلانے کی ماہر ہے ۔محبت کی اداکاری ،تکلف کی ر واداری ،جعلی خلوص و مروّت اور جھوٹے عہد و پیمان اس کی پہچان بن گئے ہیں۔مجھے اس بات پر حیرت ہے کہ اشتباہ بنوری کے بارے میں سب کچھ جانتے ہوئے بھی تم جیسے لوگ اس کینہ پرور حسینہ کے کذب وافتراکے حسین جال میںپھنس جاتے ہیں ۔ ‘‘
’’ اشتباہ بنوری منافق ،جعل ساز اور جفاکار ہے ۔‘‘ رفحا ن نے روتے ہوئے کہا’’ اس منحوس طوائف زادی کے ساتھ محبت سے پہلے میرے پاس بے پناہ وسائل تھے اور زرومال کی کمی نہ تھی مگر میری قسمت ایسی پھوٹی کہ اب تو میرے پاس پھوٹی کوڑی بھی نہیں بچی ۔‘‘
مبشر رانا نے نوجوان رفحان کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا’’منافق یقیناً بہت خطرناک ہوتاہے ۔ایسا جو فروش گندم نما شخص زمین کا بوجھ بن جاتاہے ۔اشتباہ بنوری نے ایک عادی دروغ گو طوائف ہے ۔ ہر وقت جھوٹ بولنا اس کی زندگی کا دستور العمل ہے ۔دروغ گوئی،بے سروپا الزام تراشی اور بہتان جیسے قبیح افعال ہی فریب کاری اور ٹھگی کے مذموم دھندے کو پروان چڑھاتے ہیں۔تم خالق ارض و سما کی رحمت سے مایوس مت ہونا۔وہاں دیر تو ہو سکتی ہے مگر اندھیر کا کوئی تصور ہی نہیں ۔یہ گلہری بہت جلد پہاڑ کے نیچے آ جائے گی۔‘‘
اشتباہ بنوری نے اکتیس برس کی عمر تک تاریخ زبان و ادب کامطالعہ کیالیکن عیاش طوائف زادی کی بے بصری ،کور مغزی اور علمی بے بضاعتی کایہ حال تھا کہ اس عرصے میں وہ علم و ادب کی ابجد سے بھی واقف نہ ہوسکی ۔ نہایت گھمنڈ سے دوسروں کی حرف گیری کرتے وقت وہ جن اصطلاحات پرانحصار کرتی ان میں حقیقت نگاری ،تانیثیت ،رد تشکیل ،فطرت نگاری اور ساختیات شامل ہیں۔ اکثر لوگ جب اس طوائف زادی کو تھوتھے چنے کے مانندگھنا باجتے دیکھتے تو وہ اس کی شرم ناک بے ہودگی اورافسوس ناک جہالت پر گہرے رنج و کرب کا اظہار کرتے تھے۔ کچھ عرصے بعد زر کثیر خرچ کر کے جامعہ اجودھا کے نواح میں اشتباہ بنوری نے اپنا ورکنگ ویمن ہاسٹل بنا لیا اورخود ہی اس کی مہتمم بن گئی۔ اس ہونی کو دیکھ کر اہلِ در د نے کہا شہر کی طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو ایک رہائشی مخبوط الحواس اور فاتر العقل مہتمم دارالاقامہ کی خدمات بھی میسر آ گئیں ۔
سادہ لوح لوگوں کو سبز باغ دکھا کر لُوٹنے کی ماہر اشتباہ بنوری کی دو بہنوںنے کالاباغ میں اپنی پسندکی شادی کر لی ۔اپنے بہنوئیوںکے لیے اشتباہ بنوری دیدہ و دِل فرش ِ را ہ کر دیتی اور ان کی ہر خواہش پوری کرتی تھی ۔دیکھتے ہی دیکھتے اشتباہ بنوری نے خرچی کی کثیر آ مدنی سے اتنی دولت جمع کر لی کہ لاہور میں اس کابہت بڑا بنگلہ بن گیا۔اس نے اپنی بہت بڑی کار خرید لی اوربن سنور کر ایسے باہر نکلتی جس طرح ایک آزمودہ کار اور کہنہ مشق شکاری شکار کے لیے باہر جاتاہے ۔
اشتباہ بنوری کے تیر ستم کھانے کے بعدجب رافع ،رفحان ،بشیر اور کرم دادنے اپنے اپنے آشیانوں کی راکھ کی طرف دیکھا تو دل تھام لیا۔جس سمت بھی ان کی نظر اُٹھتی اشتباہ بنوری کے غرانے کی آواز سنائی دیتی ۔ اشتباہ بنوری کی کرگسی آنکھیں پلک جھپکتے میں اپنا شکار تلاش کر لیتی تھیںیہی وجہ ہے کہ جوانی میں اُمنگوں کی ترنگوں نے انھیں فریب کھانے پر مجبور کر دیا۔ مبشر رانا کی باتیں اب انھیں یاد آرہی تھیں جب اس نے کہا تھاکہ اس دنیامیں دھوکاکھانے کے آرزومند احمقوں کی کمی نہیں ایک کو ڈھونڈنے نکلوہزار ہا فریب خوردہ خبطی راہ میں ملیں گے ۔کرگسوں کے نرغے میں پلنے والے عقاب بھی رہ و رسم شہبازی فراموش کر دیتے ہیں اور اپنا رزق حشرات الارض کے مانند خاکِ راہ میں تلاش کر کے خجل ہوتے ہیں۔ اشتباہ بنوری کے ہاتھوں لٹنے والے سب الم نصیب اکثرمل بیٹھتے اور ایامِ گزشتہ کی کتاب کی ورق گردانی کر کے آہ و زاری کر کے تزکیہ ٔ نفس کی کوئی صورت تلاش کرتے۔ایک شام یہ سب جگر فگار اکٹھے بیٹھے غم ِ جہاں کاحساب کر رہے تھے کہ اشتباہ بنوری انھیں بے حساب یاد آئی۔ اسی اثنامیں رانا مبشرکاادھر سے گزر ہوا۔اس نے جب ان سب تباہ حال لوگوں کودیکھاتو انھیں دلاسادینے کے لیے وہاں پہنچا۔رفحان نے آہ بھر کر کہا:
’’ہم نے کسی پرانے آشنا کو کبھی دھوکا نہیں دیابل کہ سدااپنے محبوب سے دھوکا کھاکے برباد ہوئے ۔دغا باز سے دھوکا کھانے کے بعداس سے ساز باز کرنابزدلی کی دلیل ہے ۔ اس سے پہلے کہ ہمارے قریۂ جاں میں بھڑکنے والی انتقام کی آگ کے شعلے ہمیں بھسم کر دیں آئیے انتقام کی آگ کے اُن شعلوں کوٹھنڈا کرنے کے بارے میںسوچیں۔‘‘
رافع نے کہا:’’ بعض لوگوں کاخیال ہے کہ ضعفِ بصارت کے اس دور میں دھوکا دینا اور دھوکا کھاناعام سی بات ہے ۔ قحط الرجال کے موجودہ زمانے میںآئندہ ہمیں کسی پر اندھااعتماد نہیں کرنا چاہیے ۔اگر ہم ہر شخص کو شک و شبہ کی نگاہ سے دیکھنے کے عادی ہوجائیں توہم پھر کبھی دھوکا نہیں کھائیں گے۔‘‘
اشتباہ بنوری کے ہاتھوں لٹنے والے کرم داد نے کہا:’’ تم سچ کہتے ہو دنیا کایہ دشتِ پر خار خطرناک ٹھگوں سے بھرا ہواہے ۔جس طرف دیکھو جعل ساز ،شعبدہ باز ، پینترے باز،رمال ،جوتشی ،عامل ،نجومی ،جنتر منتر کے ماہر ،طوطے کی مدد سے فالنامہ دکھانے والے ،پیراسائیکالوجی اور مابعد الطبیعات کے ماہر نت نئے سوانگ رچاکرضعیف العتقاد لوگوں کی آ نکھوں میں دُھول جھونک کر انھیں اُلّو بناتے ہیں اور اپنا اُلّو سیدھاکر کے رفو چکر ہو جاتے ہیں ۔‘‘
رافع نے گلوگیرلہجے میں کہا:’’ افسوس کہ ہم اپنی اوقات کو بھو ل گئے اور چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے کے بارے میں کبھی نہ سوچا۔ ماضی میںہمارا واسطہ جن چور ،اچکے ،ٹھگ ،لٹیرے اور بد معاش لوگوں سے پڑتا رہاہے یہ دراصل اپنے اپنے پیشے اور کاروبار کے ماہر تھے ۔ان کے کاروبار کی کوئی حد ہی نہیں ،یہ ننگ انسانیت درندے بازاروں میں بیٹھ کر اپنا کاروبار نہیں چلاتے بل کہ ہرگوٹھ ،گراں ،شہر،قصبے اور گزرگاہ پر انھوں نے دکان کر لی ہے جہاں لٹنے پر کمر بستہ لوگوں کاتانتابندھا رہتاہے ۔یہ ہماری سادگی ہے کہ ہم ان سے دھوکاکھا کر بھی ان سے انتقام لینے کے بارے میں سنجیدگی سے نہیں سوچتے ۔ رانا مبشر تم کوئی بات کیوں نہیں کرتے ؟ کیا تمھیں ہماری اور اشتباہ بنوری کی کوئی نئی بات معلوم ہو گئی ہے ؟‘‘
رانا مبشر نے توجہ سے یہ سب باتیں سن کر کہا:’’ تم نے بلاشبہ بہت ظلم سہے ہیں، تمھارے دِلِ حزیں میں ظالموں سے بدلہ لینے کی جوخواہش پیداہوئی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تم نے سمے کے سم کے ثمر کاذائقہ چکھنے کے بعداس کی تلخی کوشدت سے محسوس کیاہے ۔ ماضی میں تمھیں جن لرزہ خیز اور اعصاب شکن حالات کاسامنا کرناپڑاتمھار ا ذہن اس کرب اور جان لیوا صدمے کے اثرات کو فراموش کرنے پر رضامندنہیں۔غیظ و غضب کے عالم میں اس وقت انتقام کے بارے میں سوچناخود اپنے ہاتھوں اپنی تباہی کرنے کے مترادف ہے ۔تمھارا واسطہ ذلت وتخریب کی پستی میں گرے بد معاشوں سے پڑاہے مگر میں تمھیں یہی کہوں گا کہ تم ان کی سطح تک ہر گز نہ گرو ۔‘‘
رافع نے کہا: ’’بدمعاشوں سے اُن کے مظالم اور شقاوت آمیزناانصافیوں کا بدلہ لینے کے لیے ان کی زبان میں بات کرنی چاہیے ۔انھیں اپنے عمل کاحساب دیناپڑے گایہی اصولِ فطرت ہے کہ انھیں نمونۂ عبرت بنادیاجائے ۔‘‘
رفحان نے اپنے دیرینہ ساتھی رافع کی بات سنی تو اثبات میں سر ہلایا اور کہا:’’ ہم اتنے داناہر گز نہیں کہ جوصدمے ہم پر گزرے ہیں انھیں نظر اندازکر دیں اور نہ ہی اس قدرقوی کہ ان لوگوں کو معاف کر دیں جن کی بداعمالیوںکے باعث ہم پر کوہِ ستم ٹوٹا۔ہماری کم زوری ،خستگی اور شکستگی ہمیں مجبور کر ہی ہے کہ ہم ہر ظالم پہ لعنت کریں اور اسے کیفر کردار تک پہنچائیں ۔‘‘
رانا مبشر نے جب یہ دیکھاکہ ہجومِ یاس میں گھرے یہ سب لوگ اب کسی نصیحت پر کان نہیںدھرتے تو اس نے آخری بار آ ہ کر کے خود سے نباہ کر لی اور بولا :
’’ تم نے ناحق اپنی جان جوکھوں میں ڈالی اوراشتباہ بنوری کی صورت میں ایک بلا اپنے سر لی اور یوں اپنی حالت تباہ کر لی ۔ اب اپنے ہاتھ میں سپر تھام کر عدو کے ہر وار کو روکو۔‘‘
رانا مبشر کے جانے کے بعداشتباہ بنوری کے ڈسے ہوئے سب الم نصیب دیر تک سرگوشیاں کرتے رہے اور اپنے مستقبل کے منصوبوں پر غور کرتے رہے ۔
پانڈی وال میںگنوار انتھک کی شادی کی تقریب کے موقع پر کھلے میدان میںشامیانے لگاکر ایک محفل موسیقی کااہتمام کیاگیا تھا۔ شادی کی اس تقریب میں رقص ِ مے اور سازکی لے کو تیز تر کرنے کے وسیع انتظام تھے ۔مضافاتی دیہات وقصبات سے سب بھڑوے ، لچے ،تلنگے ،شہدے اور مسخرے یہاں عیاشی کے لیے اکٹھے ہو گئے تھے۔مہمانوں کی پر تکلف ضیافت کی گئی اور سب مہمان مے انگبین سے جی بھر کر سیراب ہوئے ۔ اشتباہ بنوری،اس کی ماں قفس جانم اور اس کے قحبہ خانے کی طوائفیں ظلی،شباہت ،پونم ،سمی،شگن،شعاع اور گائتری نیم عریاں لباس پہن کرسٹیج پر موجودتھیں ۔ سب طوائفوں نے بیش قیمت طلائی
زیورات پہن رکھے تھے ۔ سب سازندے موسیقی کی دھنیں بجارہے تھے ۔ سٹیج پر قفس جانم کے قریبی رشتے داراوربھڑوے بھی پان کی جگالی کر ر ہے تھے ۔ سٹیج سے بیس گز کے فاصلے پر پنڈال میں تماشائی کرسیوں پر بیٹھ چکے تھے ۔ کچھ فاصلے پر بُور لدے چھتنار اور پرانے درختوں کے جھنڈتھے وہاں سے نکل کر کئی اُلّو اور اُلّو کے پٹھے بھی پنڈال کے گرد منڈلارہے تھے ۔ ستارے آسمان پر چمک رہے تھے،کبھی کبھی بجلی چمکتی تومحسوس ہوتا کہ کوئی حادثہ ہونے والا ہے ۔ محفل رقص و موسیقی کے آغاز سے چند لمحے پہلے سٹیج کے بالکل قریب ہی ایک آٹو رکشا رکا اور تین نوجوان رکشے سے نکل کرپنڈال کے آخری کنارے پر دُور سٹیج کے سامنے جا کر کھڑے ہو گئے ۔ اشتباہ بنوری کے پہلے گیت سے محفل موسیقی کاآغاز ہوا۔اشتباہ بنوری نے دُور کھڑے رافع کی طرف اشارہ کر کے جھومر ڈالی اور گیت کے بول ہو ا میں گونجنے لگے :
ساری رات تیر اتکیا میں راہ ایہناں تاریاں توں پچھ چن وے
وے میں تیرے پچھے ہوئی ہاں تباہ ایہناں ساریاں تو ںپچھ چن وے
ترجمہ :
راہ دیکھی میں نے شب بھر تیری تارے دیں گے گواہی
محفل کے سب لوگ ہیں شاہد تُو نے کردی میری تباہی
سٹیج کے بالکل قریب کھڑے آ ٹو رکشا میںاچانک ایک زور دار دھماکہ ہوااور پورے سٹیج کے پر خچے اُڑ گئے ۔ سٹیج پربھڑکنے والی آگ کے شعلے دیکھ کر پنڈال میں بیٹھے لوگ اپنی جان بچانے کے لیے سر پر پاؤں رکھ کر بھاگ نکلے ۔سٹیج پربر اجمان سب بھڑوے ،طوائفیں ،رقاصائیں ،تتلیاں ،کنچنیاں اور کٹنیاںقیامت خیز آ گ کے مہیب شعلوں کی زد میں تھیں ۔اگلی صبح جب آگ بجھانے کے لیے لوگ پہنچے توانھوں نے دیکھا کہ ہر طرف راکھ ہی راکھ تھی جس سے سڑے ہوئے گوشت کی بد بو کے بھبھوکے اُٹھ رہے تھے ۔ کچھ حریص اور طالع آزما لوگ ملبے کی راکھ کو کریدنے لگے ۔اچانک یہ آواز سن کر سب لوگ سہم گئے :
جلاہے جسم جہاں زر بھی جل گیا ہوگا
کریدتے ہو جو اب راکھ جستجو کیاہے