(Last Updated On: )
دنیا کی کسی بھی زبان کا مطالعہ کیا جائے تو یہ حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ فعل ہی زبان کی جان اور روح رواں ہے۔ لسانیات میں فعل کی یہ اہمیت بے وجہ نہیں۔ حساس تخلیق کارجب اپنی ذات اور دِلِ گداز کو رہین غم محسوس کرتا ہے تووہ اپنے اندوہ نہانی کی کہانی کو اشعار کے قالب میں ڈھالتا چلا جاتا ہے۔ اپنی زندگی کو زرنگار کرنے کی غرض سے جملے لکھتے وقت وہ زمانے کی رعنائیوں کی تمکنت اور زرکار راستے کے سرابوں کے عذابوں کا احوال بھی بیان کرتا ہے۔ اس کی وسعتِ دید پر عقیدت گل بار کرنے والے جانتے ہیں کہ تخلیق کار کی حسرتیں ہی اس کے رنج و الم کی کفیل ہیں۔ تخلیق کار کے اسلوب میں فعل کو اسی قدر اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے جس قدر اسم کو۔ ریاض زیست میں اظہار و ابلاغ کی خاطر کی جانے والی جملہ سازی میں فعل ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ در اصل فعل اپنی نوعیت کے اعتبار سے عمل کی ترجمانی کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ جہاں تک اصطلاح ’عمل‘ کا تعلق ہے اس کا وسیع تر معانی میں میں استعمال اظہار و ابلاغ کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ معنوی اصطلاح ’عمل‘ اور قواعدی اصطلاح ’فعل‘ میں مطابقت کے معجز نما اثر سے فکر و خیال اور قلب و روح کے جذبات کی کیفیت لبوں پر لانے اور اسے زیبِ قرطاس کر کے اپنے مافی الضمیر کا موثر انداز میں اظہار کیا جا سکتا ہے۔ فعل جہاں کسی عمل کی نشان دہی کرتا ہے مثلاً ’سلطان نماز پڑھ رہا ہے‘ وہیں یہ حالت کی ترجمانی پر بھی قادر ہے جیسے ’نوید سوتا ہے‘ ۔ یہ فعل ہی ہے جو اس عالم نا پائیدار میں آزمائشِ صبر گریز پا اور فطرت کے جملہ مظاہر کے پیہم رواں دواں رہنے اور دمادم آنے والی صدائے کن فیکون کے جریدۂ عالم پر اثرات سے پیہم آگاہ کرتا ہے۔ یہ امر ملحوظ رہے کہ کہاوتیں اور نظم و نثر کی تخلیقات کے عنوان فعل سے بے نیاز ہیں۔ مثلاً کہاں راجا بھوج اور کہاں گنگو تیلی، نہ گھر میرا نہ گھر تیرا چڑیا رین بسیرا رے۔
جب ترا حکم ملا ترک محبت کر دی
دِل مگر اِس پہ وہ دھڑکا کہ قیامت کر دی
تجھ سے کس طرح میں اظہار تمنا کرتا
لفظ سوجھا تو معانی نے بغاوت کر دی
میں تو سمجھا تھا کہ لوٹ آتے ہیں جانے والے
تُو نے جا کر تو جُدائی میری قسمت کر دی
پوچھ بیٹھا ہوں میں تجھ سے ترے کوچے کا پتا
تیرے حالات نے کیسی تیری صورت کر دی
(احمد ندیم قاسمی)
ہزار برق گرے لاکھ آندھیاں اُٹھیں
وہ پھُول کھِل کے رہیں گے جو کھِلنے والے ہیں
وہ افسانہ جسے انجام تک لانا نہ ہو ممکن
اُسے اِک خوب صورت موڑ دے کر چھوڑنا اچھا (ساحر لدھیانوی)
شاہ سراج کی شاعری کی اورنگ آباد شہر اور اس کے مضافات میں بہت دھُوم تھی۔ دکن میں شاعری کے قدیم استاد کی حیثیت سے اُسے معمار سخن سمجھا جاتا تھا۔ سراج کی یہ غزل زمانے کے نشیب و فراز کی مظہر ہے:
خبر تحیر عشق سُن نہ جنوں رہا نہ پری رہی
نہ تو تُو رہا نہ تو میں رہا جو رہی سو بے خبری رہی
شہ بے خودی نے عطا کیا مجھے اب لباس برہنگی
نہ خرد کی بخیہ گری رہی نہ جنوں کی پردہ دری رہی
چلی سمت غیب سے کیا ہوا کہ چمن ظہور کا جل گیا
مگر ایک شاخ نہالِ غم جسے دِل کہو وہ ہریر ہی
نظر تغافل یار کا گلہ کس زباں سے بیاں کروں
کہ شراب صد قدح آرزو خمِ دِل میں سو بھری رہی
ترے جوش حیرت حسن کا اثر اس قدر سیں یہاں ہوا
کہ نہ آئینہ میں رہی جِلا نہ پری کوں جلوہ گری رہی
کیا خاک آتشِ عشق نے دِلِ بے نوائے سراج کوں
نہ خطر رہا نہ حضر رہا مگر ایک بے خطر رہی
تحریر یا تقریر کا ہر جملہ جزوی یا کُلی طور پر کسی نہ کسی کیفیت کی ترجمانی کرتا ہے اور جملے کو اس نوعیت کی ترجمانی کے لیے جو مواد درکار ہوتا ہے وہ اسم فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک مسلمہ صداقت ہے کہ یہ فعل ہی ہے جو درپیش صورتِ حال کو زِیست کی تاب و تواں، تابندگی، بو قلمونی، تنوع اور دھنک رنگ منظر نامے سے متمتع کر کے منفرد آہنگ عطا کرتا ہے۔ اس سے یہ حقیقت کھُل کر سامنے آ جاتی ہے کہ جملے میں سوز و ساز زندگی کے حیات بخش عناصر کے تمام سوتے فعل ہی سے پھُوٹتے ہیں۔ اسم کے مانند فعل کی معنوی قسم بھی ہے لیکن ’فعل‘ کو قواعدی اصطلاح کی حیثیت حاصل رہی ہے جب کہ ’عمل ’کو فعل کے متوازی معنوں میں دیکھا جاتا ہے۔ اُردو اور دکنی زبان میں فعل کا استعمال با لعموم جملوں کے آخر میں کیا جاتا ہے۔ جب کوئی استدعا کی جائے یا دبنگ لہجے میں کوئی بات کی جائے تو فعل شروع میں بھی مستعمل ہے مثلاً:
ڈرتے ڈرتے دمِ سحر سے
تارے کہنے لگے قمر سے
چلنے والے نکل گئے ہیں
جو ٹھہرے ذرا وہ کچل گئے ہیں
اُٹھ کہ خورشید کاسامان سفر تازہ کریں
نفسِ سوختۂ شام و سحر تازہ کریں (علامہ اقبال)
آؤ اِک سجدہ کریں عالمِ مد ہوشی میں
لوگ کہتے ہیں کہ ساغر کو خدا یاد نہیں (ساغر صدیقی)
’’چلے تو کٹ ہی جائے گا سفر آہستہ آہستہ‘‘، ’’چلو تم اُدھر ہی ہوا ہو جدھر کی‘‘ ، ’’جا ! تیرا اللہ نگہبان۔‘‘ ’’ہے کوئی مائی کا لال؟‘‘ ’’کرتا ملک الموت تقاضاکوئی دِن اور‘‘، ’’گرتے ہیں شہ سوارہی میدان جنگ میں‘‘
فعل کو چونکہ خارجی دنیا کے ترجمان کی حیثیت حاصل ہے اس لیے فعل وقت کی جلوہ نمائی پرقادر ہے۔ سیلِ زماں کے مہیب تھپیڑوں اور گردشِ ایام کے بارے میں حقیقی شعور سے متمتع کرنے کی غرض سے فعل مخصوس نوعیت کے صرفیوں پر انحصار کرتا ہے اور وقت کی ترجمانی فعل کا زمانہ بن کر اپنی پہچان کراتی ہے۔ دعویِ صبر و شکیب کرنے والے اہلِ درد جانتے ہیں کہ عرصۂ دہر کے ہنگاموں میں بے بس انسانوں کو جبر کے سامنے سپر انداززہونے پر مائل کرناکاوشِ بے حصول کے سوا کچھ نہیں۔ حریت فکر کے مجاہد ظلمت یاس میں بھی بیاض رُخ پہ سحر کی صباحتیں دیکھ کر بھی ستیز کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ زمانہ جو جنس کے مانند معنوی اصطلاح بھی ہے لیکن جب اسے فعل کے حوالے سے موضوع بحث بنایا جائے تو تو اسے خالص قواعدی اصطلاح سمجھنا چاہیے۔ اگر اس قواعدی اصطلاح سے امتیاز کی ضرورت محسوس ہو تو اہلِ نظر کو اقتضائے وقت کے مطابق اس کی متوازی معنوی اصطلاح‘ ’وقت‘ کو مرکزِ نگاہ بنانا ہو گا۔ اُردو اور دکنی میں واحد حاضر کی صورت میں ضروری اظہاریے کو اکثر فعل کی سادہ صورت سے تعبیر کیا جاتا ہے اور اسی کو فعل کی جڑ کہا جاتا ہے جیسے ’چاہ‘ ، ’بول‘ وغیرہ۔ فعل کی اسی جر کے ساتھ نا، نے، نی، ن، لگا کر مصدر کی تشکیل ممکن ہے۔ یہاں مصدر اور فعل کے فرق کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے۔ مصدر میں کسی کام یا حرکت کا بیان ہوتا ہے لیکن اِس میں زمانے کا وجود عنقا ہے مثلاً توڑنا /بھاننا۔ ان مصادر میں حرکت کا تصور تو یقیناً موجود ہے مگر زمانہ غائب ہے۔ فعل کے بارے میں گرامر کے ممتاز ماہرین کے خیالات قابل غور ہیں:
ڈاکٹر ابو اللیث صدیقی:
’’فعل ایک ایسا کلمہ ہے جو اکیلا اپنے معنی دے۔ اس میں کسی کام یا شے کا کرنا یا ہونا یا نہ کرنا یا نہ ہونا
اور ازمنہ ثلاثہ یعنی ماضی، حال اور استقبال میں ایک زمانہ پایا جاتا ہے۔‘‘ (14)
ڈاکٹر مولوی عبدالحق:
’’فعل وہ ہے جس سے کسی شے کا ہونا یا کرنا ظاہر ہوتا ہے جیسے تماشا شروع ہوا، اُس نے خط لکھا، ریل چلی۔‘‘ (15)
مولوی فتح محمد خان جالندھری:
’’جو اکیلا اپنے معنی دیتا ہے اور اس میں منجملہ ازمنہ ثلاثہ کے ایک زمانہ بھی پایا جاتا ہے اس کو فعل کہتے ہیں۔‘‘ (16)
ڈاکٹر عصمت جاوید:
’’ایسے الفاظ جِن سے یا تو کام کا تصور وابستہ ہوتا ہے یا پھِر جو اِسم کی موجودگی کا اظہار کرتے ہیں اور ان
کے ساتھ وقت نما علامتیں جُڑی ہوتی ہیں اُنھیں فعل کہتے ہیں۔‘‘ (17)
شیو پرشاد راجا:
’’فعل کے معنی کام اور وہ اُس کا نام ہے جو بِنا مدد دوسرے لفظ کے اپنے معنی بتلا دیتا ہے اور ماضی، حال اور مستقبل اِن تینوں زمانوں میں سے کوئی زمانہ پایا جاتا ہے۔‘‘ (18)
رُتھ لیلیٰ شمٹ (Ruth Laila Schmidt):
“Urdu verbs have four parts: the Root ,Imperfective Particle, Perfective Particle, and Infinitives. These are elaborated with auxiliaries and suffixes into complex system of verb tense aspect. The basic form of a verb determines its aspect, whereas the auxiliary (or the future tense, the future suffix) determines the tense.”(19)
جان شیکسپئیر (John Shakespear):
“A verb is a word which of itself may constitute a sentence and without which, expressed or understood, no sentence can be complete. In the
Hindustani, the Arabic term action is commonly used to designate this part of speech ,which admits of various subdivisions.” (20)
محترمہ ڈاکٹر حبیب ضیا:
’’فعل اس کلمہ کو کہتے ہیں جس سے کسی کام کا کرنا، ہونا یا سہنا سمجھا جائے اور اس میں زمانہ پایا جائے۔ ہر فعل کے لیے ضروری ہے کہ اس کاکوئی فاعل ہو اس لیے جس سے فعل صادر ہوتا ہے اس کو فاعل کہتے ہیں۔‘‘ (21)
ہلیا لشکر لے شہ جاگے تے اپنی
چلیا عسکر لے شہ جاگے تے اپنی (ابن نشاطی: پھول بن، صفحہ 126)
معانی کے لحاظ سے فعل کی قسمیں
معانی کے لحاظ سے فعل کی تین اقسام ہیں:
۱۔ فعل لازم
فعل لازم میں فعل کی تاثیر کا تعلق صرف فاعل تک محدود رہتا ہے اور اِسے کسی اور آسرے کی احتیاج نہیں رہتی۔
لے لشکر شاہ اس جنگل میں بیٹھا
ستاریاں سوں چندر بادل میں بیٹھا (ابن نشاطی: پھول بن ص ۶۶)
رہیا یوں توں آدم کے دِل تنگ میں
کہ جیوں آگ پنہاں اچھے سنگ میں (وجہی: قطب مشتری ص ۶)
۲۔ فعل متعدی
فعل متعدی میں فعل کے اثرات فاعل کی حدود سے آگے نکل کر مفعول پر بھی مرتب ہوتے ہیں:
مشتری تماشا دیکھنے آئی (وجہی: سب رس ص ۶۹۲)
اے سکھیں میں نے دیکھیا سنگ کر کے یار کا
پن نہ دیکھیا بے سج ھور سنگدل تج سار کا (بحری: کلیات ص۷۲۱)
۳۔ فعل ناقص
فعل ناقص ایسا فعل ہے جو کسی اثر کا ثبوت فراہم کرے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس میں کام کرنے کے بجائے ہونے سے غرض رکھی جاتی ہے، فعل ناقص بالعموم فاعل سے بے نیاز رہتا ہے۔ پڑنا، ہونا، لگنا افعال ناقص ہیں۔
میں گر پڑا کہ میرے بازوؤں میں جان نہ تھی
وگرنہ میرا نشیمن تو یہ چٹان نہ تھی (رام ریاض)
دکنی زبان میں مستعمل افعال ناقص درج ذیل ہیں:
ا تھا،ا ہے، اہیں، اتھی، اتھے، اتھیاں، ہے، ہیں، تھا، تھی، تھے، تھیاں
علی ؑ وہ کہ شانِ ولایتا ہے
جہاں بخش صاحب کرامتا ہے (نصرتی: گلشن عشق،ص ۳۲)
گرامر کے اصولوں کے مطابق فعل کی دو کیفیات ہیں:
۱۔ فعل معروف
جب کسی فعل کے فاعل کے بارے میں مکمل معلومات دستیاب ہوں تووہ فعل معروف کہلائے گا۔
سمن بر اس کوں گند کرہار دی ایک (ابن نشاطی: پھولبن ص ۷۹)
۲۔ فعل مجہول
جب فاعل کا تو علم نہ ہو مگر مفعول کے بارے میں آگہی حاصل ہوایسا فعل مجہول کہلاتا ہے۔
جکوئی اپنی عزت خاطر مارا گیا سو شہید ہے۔
بادی النظر میں واحد حاضر کے لیے ضروری لفظ کی سادہ صورت ہی فعل قرار پاتی ہے جیسے ’چاہ‘ ، ’بول‘ وغیرہ۔
دکنی اُردو
میرا کہنا مجھے کہنا
ہِلنے جُلنے باج ہِلے جُلے بغیر
دیکھنے دیوے دیکھنے دے
بھِگنا بھِیگنا
سُنگنا سُونگھنا
تھڑنا ٹھٹھرنا
فعل کی بناوٹ
فعل مصدر سے علامت مصدر ہٹانے اور بعض تغیرات لانے سے حاصل ہوتا ہے۔ اگر مادے کے تصور سے بات کی جائے تو مادۂ فعل اور اس پر اضافات سے فعل کی تشکیل ہوتی ہے۔ فعل کی تشکیل کو درج ذیل صورتوں میں دیکھا جا سکتا ہے:
۱۔ افعال مفرد
۲۔ افعال مرکب
۱۔ افعال مفرد
ایسے افعال جو صرف ایک لفظ پر مشتمل ہوں، افعال مفرد کہلاتے ہیں۔ مثلاً رونا، سوئے، دھوئیں وغیرہ۔
۲۔ افعال مرکب
الف۔ امدادی افعال: دوسرے افعال کی مدد سے جو مرکب افعال بنتے ہیں انھیں امدادی افعال کہتے ہیں۔
ب۔ مرکب افعال: افعال کو اسما یا صفات کے ساتھ ترتیب دینے سے مرکب افعال بنائے جاتے ہیں۔
1۔ امدادی افعال سے مرکب افعال بنانا
الف۔ ’’ہو‘‘ : ایک امدادی فعل ہے اس سے بہت سے مرکب افعال بنتے ہیں مثلاً آیا ہونا، منایا ہونا۔
دکنی میں اس کی مثال اس طرح ہے:
جدھاں تھے تن کے چشمے میں جیا جل دھار ہو آ یا
تدھاں تھے عشق منج دل کے برک کا بار ہو آیا (غواصی: کلیات، صفحہ 114)
ب۔ ’’دینا‘‘ اور ’’لینا‘‘ : سے بھی مرکب افعال بنتے ہیں مثلاً مل دینا، نکال دینا، چھین لینا۔ اردو اور دکنی میں ’لینا‘ سے امدادی فعل کی مثال:
سمج کر دیک توں دنیا کے شیوے
کہ چھن میں دیوے چھن میں چھین لیوے (اب نشاطی: پھول بن، صفحہ 21)
غم اور خوشی میں فرق نہ محسوس ہو جہاں
میں دِل کو اُس مقام پہ لاتا چلا گیا
اپنی تباہیوں کا مجھے کوئی غم نہیں
تم نے کسی کے ساتھ محبت نباہ تو دی (ساحر لدھیانوی)
مصدر سے علامت مصدر ہٹانے اور بعض تغیرات لانے سے مادۂ فعل حاصل ہوتا ہے۔ اگر مادے کے تصور کو پیش نظر رکھا جائے تو یہ امر واضح ہے کہ مادۂ فعل اور اس پر اضافہ کرنے سے فعل کی تشکیل ممکن ہے۔
الف۔ امدادی افعال
جب کسی فعل کی تشکیل دوسرے فعل یا اس کے جزو کی مرہونِ منت ہو اور اس کے مفہوم میں وسعت، قوت اور حسن پیدا کر کے اصل فعل کی معاونت کرے تو امدادی فعل کہلاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں امدادی فعل سے مراد ایسا فعل ہے جس کی گردان اور صیغے دوسرے افعال سے مختلف صیغے بنانے میں معاون ثابت ہوں۔ امدادی فعل کے وسیلے سے فعل کے مطالب اور مفاہیم کی توضیح و تشریح کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ زمانے کی نوعیت، طور اور حالت کے بارے میں بھی امدادی افعال حقائق کی گرہ کشائی کرتے ہیں۔ دوسرے افعال کی مدد سے جو مرکب افعال بنتے ہیں انھیں امدادی افعال کہتے ہیں۔
وہیں متفق ہو او چائے سو غل
سری دے گئے جملہ مل خر یو کل
ہوئی پل میں اس دھات لشکر کی موڑ
کہ نیں لڑ سکے پھر کبھی فوج جوڑ (نصرتی)
میں دِل پہ جبر کروں گا تجھے بھُلا دوں گا
مروں گا خود بھی تُجھے بھی کڑی سزا دوں گا
یہ تیرگی میرے گھر کا ہی کیوں مقدر ہو
میں تیرے شہر کے سارے دئیے بُجھا دوں گا
ہوا کا ہاتھ بٹاؤں گا ہر تباہی میں
ہرے شجر سے پرندے میں خود اُڑا دوں گا
وفا کروں گا کسی سوگوار چہرے سے
پرانی قبر پہ کتبہ نیا سجا دوں گا
بڑھا رہی ہیں میرے دُکھ نشانیاں تیری
میں تیرے خط تیری تصویر تک جلادوں گا (محسن نقوی)
ب۔ مرکب افعال
افعال کو اسما یا صفات کے ساتھ ترتیب دینے سے مرکب افعال بنائے جاتے ہیں۔ بعض اوقات مرکب افعال میں دیگر زبانوں سے تراجم کر لیے جاتے ہیں جیسے فارسی سے کثیر تعداد میں افعال دکنی اور اردو میں داخل ہوئے۔ دکنی شاعری میں فارسی محاورات کے تراجم بھی کیے گئے۔ ولی دکنی نے فارسی محاورات کے معانی کو جس خوش اسلوبی سے اپنی شاعری میں جگہ دی ہے ذیل میں اس کی چند مثالیں پیش کی جاتی ہیں:
محاورات مفہوم مثال
دل بستن دل باندھنا ولی جن نے نہ باندھیا دِل کوں اپنے نو نہالاں سے
خوش آمدن خوش آنا نہ جاؤں صحنِ گلشن میں کہ خوش آتا نہیں مجھ کو
دم زدن دم مارنا دم زدن میں بھبھوتی مُکھ پہ لیا دم مارتی ہے خاک ساری کا
شیوہ گرفتن شیوہ لینا لیا ہے اس سبب دِل نے مرے شیوہ گدائی کا
روا داشتن روا رکھنا رکھتا ہے کیوں جفا کو مجھ پر روا اے ظالم
آب کردن آب کرنا اے ولی دِل کو آب کرتی ہے
نماز کردن نماز کرنا کرتی ہیں تیری پلکاں مل کر نماز گویا
کم بستن کمر باندھنا آیا جو کمر باندھ کے تو جورو جفا پر
جا کردن جا کرنا گوہر اس کی نظر میں جا نہ کرے
چشم داشتن چشم رکھنا چشم رکھتا ہوں اے سجن کہ پڑھوں
جفا کشیدن جفا کھینچنا سدا عاشقاں کھینچتے ہیں جفا
بتنگ شدن بتنگ ہونا اے دوستاں بتنگ ہوا ہوں میں ہوش سے
خوش آ گئی ہے جہاں کو قلندری میری
وگرنہ شعر میرا کیا ہے شاعری کیا ہے
کمر باندھے ہوئے چلنے کو یاں سب یار بیٹھے ہیں
بہت آگے گئے باقی جو ہیں تیار بیٹھے ہیں
اور اب یہ کہتا ہوں، یہ جرم تو روا رکھتا
میں عمر اپنے لیے بھی تو کچھ بچا رکھتا
٭٭٭