’’ اُسے خواب میں چلنے کی عادت تھی یا پھر چلنے میں سونے کی، جب ہی تو وہ را تو ں کو اپنی آرام گاہ میں ٹہلتا رہتا۔ اگر بستر پر وجود کو گرا بھی دیتا تو اس کا دماغ اور آنکھیں جاگتے رہتے۔ اکثر اوقات وہ خود کلامی میں ایسی ایسی باتیں کہہ جاتا کہ سننے والے انگشت بہ دنداں رہ جاتے۔ ۔ ۔ حیران ہو جاتے اور سوچتے بھلا یہ بھی کوئی کہنے کی باتیں ہیں۔ ۔ ۔ خود کلامی ہی سہی ؛ ہے تو پریشان کن۔ اس کا خیال تھا کہ اس کے ارد گرد رہنے والے تمام لوگ زر خرید غلام اور لونڈیاں ہیں۔ روشنیوں ، ہواؤں ، پانیوں ، موسموں ، آسمانوں ، زمینوں اور دھُوپ چھاؤں جیسی سبھی نعمتوں کا حق دار بہ جز اس کے کوئی اور نہیں ہے۔ ان شدت پسند اور غیر حقیقت پسندانہ خیالات سے اس کے سوچنے ، سمجھنے ، بولنے اور برتنے کی حسیات زنگ آلود ہونے لگی تھیں۔ اس کے قریب رہنے والے لوگوں کے خیال میں وہ نفسیاتی مریض بن چکا تھا اور انھیں یہ بھی دھڑکا لگا رہتا تھا کہیں اس کے ہاتھوں کسی کی جان نہ ضائع ہو جائے۔ مجبوراً قرابت دار اس کی جائز و نا جائز فرمائشوں اور مطالبات کو بے چون و چرا مان لیتے۔ ۔ ۔ اور پھر وہ اس راہ ہو لیتا جس پر اس کا جی چاہتا۔
مہینوں وہ غائب رہتا، اس کے جاننے والے نہیں جانتے تھے کہ وہ کہاں نکل جاتا ہے اور کیا کرتا رہتا ہے ، مگر یہ ضرور جانتے تھے کہ وہ خود کو کبھی نقصان نہیں پہنچا سکتا، کیوں کہ اس نے کسی بھی حالت میں ، کبھی بھی ، کوئی ایسی حرکت نہیں کی تھی ، جس سے اندازہ ہو سکتا ہو کہ وہ ایسا کر سکتا ہے۔ البتہ یہ ممکن تھا، جب وہ کسی اور کو نشانہ بنائے تو سامنے والا بھی وار کر دے۔ وہ بلا کا ذہین دکھائی دیتا تھا، کبھی کبھی تو یوں معلوم ہوتا جیسے علوم کے تمام دفاتر اس کے دماغ میں کھلے ہوئے ہیں اور وہ انھیں صرف ایک نظر دیکھ کر آگے نکلتا جا رہا ہے۔ علم الکلام کا ماہر تھا یا کم از کم اندھوں میں کانا تھا، اس کے ہم محفلوں اور جاننے والوں میں اس جیسا خوش گفتار ، خوش سلیقہ اور موقع شناس کوئی اور نہیں تھا۔ بولتا تھا تو یوں دکھائی دیتا جیسے اب کبھی خاموش نہیں ہو گا۔ ۔ ۔ مگر جب خاموش ہوا تو سالوں کسی سے بات نہیں کی۔ آس پاس کے لوگوں میں بعض کا خیال تھا کہ وہ ’’مرشد کے حکم سے چلّہ کاٹ رہا ہے ‘‘ اور بعض اسے IMPOSTORکہتے ، مکار اور مکر وہ خیال کر تے۔ یہ تمام باتیں وہ جانتا تھا۔ ۔ ۔ وہ جانتا تھا کہ اس کے قریب رہنے والوں میں کون کیا رائے رکھتا ہے ، لیکن وہ عموماً اپنا تاثر ظاہر نہیں کرتا تھا اور پھر کسی دوسرے وقت میں کسی اور طریقہ سے حساب بے باق کر دیتا۔ اس کے اس رد عمل کو کم لوگ جانتے تھے۔ ۔ ۔ کیوں کہ وہ براہِ راست کچھ نہیں کرتا تھا، جس طرح اس کی ہر بات تہ در تہ ہوتی ، اسی طرح اس کا عمل تھا۔ ۔ ۔ ہر پرت کے نیچے سے دوسری پرت نکل آتی اور آدمی حیران رہ جاتا۔ اگر وہ پیالی توڑنا چاہتا تو اسے سیدھے انداز سے پکڑ کر زمین پر نہیں پٹخ دیتا تھا۔ ۔ ۔ بل کہ اس کے لیے وہ میز سے ٹھوکر کھاتا اور اپنی ٹانگ سہلانے کے ساتھ ساتھ ٹوٹی پیالی کو دیکھ کر آنکھوں ہی آنکھوں میں اپنی حکمت پر مسکراتا رہتا۔ اس کی ان عادتوں اور حکمت عملیوں سے کم لوگ واقف تھے۔ ایک دفعہ اس نے کہا تھا کہ
’’طاقت صرف طاقت ہوتی ہے ، خیر اور شر کی بحث بے معنی ہے ، مجھے کوئی بھی طاقت ہاتھ آ جائے میں اسے استعمال کروں گا۔ شیطان اگر دنیا کو زیر کر نے میں معاونت کرتا ہے تو اسے دوست کہنے اور دوست رکھنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔ میں طاقت چاہتا ہوں ، حکم رانی چاہتا ہوں ، دوام چاہتا ہوں۔ ‘‘
اس سے پہلے کہ وہ کچھ اور کہتا، اس کے ایک ہم محفل نے اپنا جوتا اُتار کر اس کے منہ پر دے مارا۔ ۔ ۔ اور پھر ایک ساعت کے اندر اسے گردن سے پکڑ کر دبوچ لیا، اس کے کندھوں پر اپنے دانت گاڑھ لیے اور اس دوران اپنی لا تو ں کا استعمال بھی جاری رکھا، جب خود نڈھال ہوا تو اس کی جان چھوٹی۔ مٹی اور خون میں لتھڑا وجود لیے جب وہ اپنے گھر پہنچا تھا تو گھر والے حیران نہیں ہوئے تھے۔ ۔ ۔ اسی لیے انھوں نے اس سے کوئی سوال بھی نہیں کیا، کیوں کہ وہ جانتے تھے وہ انھیں کچھ نہیں بتائے گا۔ اس واقعہ کا اتنا اثر ضرور ہوا تھا کہ وہ اب کھلے عام اس طرح کی باتیں نہیں کرتا تھا اور جاننے والوں کو تو اس پربھی حیرت ہوئی تھی کہ اس نے مارنے والے سے نہ صرف معافی مانگ لی تھی ، بل کہ اس کی غیر موجودگی میں اس کی تعریفیں بھی شروع کر دی تھیں۔ ‘‘
بزرگِ محترم کی بات کاٹتے ہوئے سائل نے کہا کہ یہ فرضی داستان مجھے کیوں سنانا چاہتے ہیں آپ۔ ۔ ۔ ؟ کیوں آپ چاہتے ہیں کہ میں اس سوا ل کو بھول جاؤں جو میں نے آپ سے کیا ہے۔ جواباً ان کے چہرے پر مسکراہٹ کی ہلکی سے لکیر کھنچ گئی اور کہنے لگے
’’یہ تمھارے سوال کا جواب ہی تو ہے ، ذرا صبر سے کام لو‘‘
اب سائل نے تفنن طبع کے لیے ان سے کہا۔ ۔ ۔ کہیں یہ غلام عباس کی کہانی ’’بہروپیا‘‘ کا دوسرا ظہور تو نہیں۔
’’قطعاً بھی نہیں۔ ۔ ۔ وہ مثبت کردار تھا، جس کی جستجو اور طلب خیر کی جانب تھی جب کہ جو تذکر ہ ہم کر رہے ہیں وہ منفی ہے۔ ۔ ۔ سراسر منفیIMPOSTORکا لفظ اس کے لیے کم ہے۔ وہ اس سے کہیں زیادہ خطرناک اور مہلک شخصیت کا مالک تھا۔ ‘‘
مکرر قطع کلامی پر معافی کا خواست گار ہوں ، میرا سوال تو ابھی تک جواب طلب ہے ، سائل نے کہا تو محترم فرمانے لگے
’’میں مختصر کرتا ہوں ! وہ فریبی تھا، اپنی حیثیت سے زیادہ جھوٹے دعوے کرتا تھا، جس عرصہ میں وہ غائب رہا نہ جانے وہ کیا کرتا رہا۔ ۔ ۔ لیکن واپسی پر اس نے مشہور کر دیا تھا کہ جس طاقت کے حصول کے لیے وہ برسوں مارا مارا پھرتا رہا ہے ، اسے حاصل ہو گئی ہے ، اب وہ دنیا پر حکم رانی کی قدرت رکھتا ہے ، مگر وہ ایسا کر ے گا نہیں ، کیوں کہ جس مرتبہ پروہ فائز ہے اس کا تقاضا یہ ہے کہ اس چھوٹے کام کو اوروں کے لیے چھوڑ دیا جائے۔ وہ کہتا
’’حکومت اور حکم رانی تو چھوٹے کام ہیں ؛ میرا منصب ان سے بڑا ہے۔ ‘‘
کج فہموں نے اس کی اس بات کو مان لیا تھا اور اس کے ساتھ ہو بھی لیے۔ ان نادانوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ۔ ۔ جوں جوں یہ طبقہ بڑھتا گیا بہروپیے کی طاقت بھی بڑھنے لگی۔ پھر اس نے اپنی اسی حکمت کے تحت شہر پر قبضہ کر لیا۔ وہ جو کہتا تھا کہ حکومت اور حکم رانی سے مجھے کوئی نسبت نہیں باقاعدہ حکمران ، بل کہ جابر حکمران بن بیٹھا۔ اس نے اپنے معاون کے کہنے پر چن چن کر ان لوگوں کو خس و خاشاک بنایا جو ان کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے تھے مگر۔ ۔ ۔
مگر اب اسے سونے میں چلنے یا پھر چلتے میں سونے کی عادت ہو گئی تھی۔ رات رات بھر وہ عام لوگوں کی طرح سو نہیں سکتا تھا۔ ۔ ۔ اور ایسے عالم میں جب وہ خود کلامی کرتا تو اس کے گھر والے اس کی ہذیان گوئی پر اپنے کانوں میں انگلیاں ٹھونس لیتے۔ دل ہی دل میں اس پر لعنت بھیجتے اور پھر اس کی یہ خود کلامی اس کے گھرکی دیوار پھلانگ کر باہر نکل آئی۔ ۔ ۔ سڑکوں اور گلیوں پر پھیل گئی اور اب اسے اپنی بھی خبر نہیں رہی تھی۔ ۔ ۔ ! شیطانی طاقت اس سے چھن چکی تھی اور اس کے معاون نے ایک اور IMPOSTORکا تقرر کر دیا تھا۔ ‘‘
وہ خاموش ہوئے تو سائل نے عرض کیا، جناب آپ نے تو ساری بات کو اُلجھا کر رکھ دیا ہے میں نے تو صرف اتنا پوچھا تھا کہ ’’بادشاہ مکر م‘‘ نے جاپانی وزیر اعظم جونی شیرو کوئی زومی کو ملّا محمد عمر کی بابت جو لطیفہ سنایا ہے اس پر آپ کا کیا رد عمل ہے۔ ۔ ۔ ؟ جس کے جواب میں آپ نے فرضی داستان سنا ڈالی۔ بزرگ بولے
’’کہانی کوئی بھی فرضی نہیں ہوتی۔ ۔ ۔ اور کوئی کہانی عبرت سے خالی بھی نہیں ہوتی۔ میں تمھارے سوال کا جواب وضاحت سے دے چکا ہوں ، مگر ایک بات تمھارے سامنے اور بھی رکھتا ہوں۔ ہیو گو شاویز نے بش کو بر سر عام شیطان کہا۔ ۔ ۔ بہ قول شاویز کے
’’ شیطان اور اس کی قوتیں خیر کا تعاقب کر رہی ہیں۔ ‘‘
بزرگ خاموش ہوئے۔ ۔ ۔ اپنی چادر اُٹھا کر کاندھے پر رکھی اور چلے گئے۔ ۔ ۔
ریڈیو پر خبر نگار کی آواز آئی
’’آج فلوجہ، تکریت، بغداد اور بعقوبہ میں امریکی افواج کی فائرنگ سے سات سوکے قریب شہری جاں بہ حق ہو گئے۔ ۔ ۔ اُدھر افغانستان کے علاقہ زابل میں بھی امریکی بمباری سے سیکڑوں شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع آئی ہے اور پاکستان کے قبائل میں جھڑپوں سے سینتالیس شر پسند ہلاک اور چھ سیکورٹی اہل کار شہید ہو گئے ہیں۔ ‘‘
٭٭٭