’’یہ 27جنوری2005ء کا دن تھا۔ ۔ ۔ جنوبی پولینڈ کے شہر آشوچ کی جسموں کو جامد کر دینی والی سردی جسموں میں اُتر رہی تھی۔ لوگ موٹے کمبل اوڑھے اُن لوگوں کو یاد کر رہے تھے۔ ۔ ۔ جن کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ ہٹلر کی افواج نے انھیں انتہائی ذلت آمیز طریقہ سے قتل کیا تھا۔ ۔ ۔ اُن کی ننگی نعشوں کو اُوپر نیچے رکھا گیا تھا۔ ۔ ۔ اور ان تہ بہ تہ رکھی گئی نعشوں میں خواتین کے برہنہ۔ ۔ ۔ مگر مردہ جسم بھی تھے۔ ان با تو ں میں کتنی صداقت ہے اس حوالے سے کوئی بھی حتمی بات ابھی تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔ فطرت کے عین مطابق ان واقعات کے حوالے سے بھی دو گروہوں نے جنم لیا ہے۔ ایک وہ لوگ ہیں جو ان واقعات کو تسلیم کر تے ہیں اور دوسرے وہ لوگ ہیں جو ان کی نفی کر تے ہیں۔
خیر۔ ۔ ۔ آشوچ میں منعقدہ تقریب میں ہٹلر کی فوج کے ہاتھوں یہودیوں کے نسل کش کیمپ سے بچ جانے والے افراد اور عالمی راہ نما شریک تھے۔ آشوچ کے یخ بستہ ماحول کو آنسوؤں کی گرمی سے بھی گرم نہیں کیا جا سکا تھا۔ ۔ ۔ تب اسرائیل کے صدر موشے کاتساؤ نے کہا تھا کہ
’’ہم اب بھی مرنے والوں کی چیخیں سن سکتے ہیں۔ اب جب کہ میں کیمپ کی زمین پر قدم رکھ رہا ہوں ، تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے میں مرنے والوں کی راکھ پر چل رہا ہوں۔ ‘‘
موشے کاتساؤ کی یہ باتیں شرکا کے لیے سخت اذیت ناک ثابت ہوئیں۔ ۔ ۔ اور سسکنے والی آوازیں چیخوں اور آہوں میں بدل گئیں۔ کیمپ میں سوگواری تھی ، مگر آشوچ کا ماحول جوں کا توں تھا۔ تقریب میں بتایا گیا کہ اس کیمپ میں دس لاکھ افراد کو ریل گاڑیوں کے ذریعہ سے لایا گیا تھا اور 1940ء سے لے کر ستائیس جنوری1945ء تک ایک ملین سے زائد افراد کو ہلاک کیا جا چکا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر مرکزی یورپ کے یہودی تھے۔ جنھیں ہم جنس پرستوں ، پولینڈ اور روسی قیدیوں کے ساتھ ٹرکوں میں آشوچ بھر کر لایا گیا تھا۔ ان تمام ہلاک ہونے والوں کی تعداد گیارہ لاکھ بتائی گئی۔ جن میں سے دس لاکھ یہودی تھے۔ آشوچ کی اس تقریب میں موشے کاتساؤ کے علاوہ فرانسیسی صدر ژاک شیراک، امریکی نائب صدر ڈک چینی، برطانوی وزیر خارجہ جیک سٹرا، روسی صدر ولادی میرپوٹن، پولینڈ کے صدر الیگزینڈر کو ازنیوسکی اور جرمن صدرہارسٹ کوہلر بھی شریک تھے۔ آخرالذکر پر مکمل سکوت طاری تھا۔ آشوچ کے کیمپ سے زندہ بچ جانے والے ایک یہودی آرنولو سٹیگر نے اُس وقت کو یاد کیا جب وہ آشوچ میں قید تھا۔ بانوے سالہ روسی فوج کے افسر انا تو لی شپیرو نے اُن دنوں کی دھندکو سرکاتے ہوئے بتایا کہ
’’یہاں ننگی عورتوں کے ایک کے اُوپر ایک رکھی گئی نعشوں کے انبار تھے۔ چاروں طرف خون ہی خون تھا۔ ۔ ۔ اور بدبو نتھنوں کی چیر رہی تھی۔ کوئی شخص اس ماحول میں پانچ منٹ کے لیے نہیں رُک سکتا تھا۔ ‘‘
یوں لگتا تھا جیسے آشوچ میں ہونے والی اس روز کی برف باری نے زندوں کا خون بھی منجمد کر دیا ہے۔ ‘‘
پروفیسر صاحب ایک منٹ کے لیے خاموش ہوئے۔ ۔ ۔ سگرٹ سلگایا اور دوبارہ گویا ہوئے
’’ایران میں ہولوکاسٹ پر کانفرنس ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ہولوکاسٹ ہوا بھی تھا کہ نہیں۔ گزشتہ سال دسمبر کے وسط میں جنوب مشرقی ایرانی شہر زاہدان میں ہزاروں افراد سے خطاب کے موقع پر ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ہولو کاسٹ کو مفروضہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا
’’انھوں نے ایک کہانی گھڑ لی ہے جسے وہ یہودیوں کا قتل عام کہتے ہیں اور اب وہ اسے خدا، پیغمبر اور مذہب سے اونچا درجہ دیتے ہیں۔ ‘‘
انھوں نے اس موقع پریہ بھی کہا تھا
’’اگر یورپ نے یہودیوں کا قتل عام کر کے ظلمِ عظیم کیا ہے تو مظلوم فلسطینیوں کو اس کی سزا کیوں دی جا رہی ہے۔ ۔ ۔ ؟ ہماری پیش کش یہ ہے کہ آپ یورپ یا امریکا یا پھر الاسکا، آسٹریا یا جرمنی میں زمین کا ایک حصہ یہودیوں کو دے دیں تا کہ وہ اس پر اپنی حکومت قائم کر سکیں۔ ‘‘
خدا لگتی بات ہے کہ اس سے صائب مشورہ کوئی اور انھیں نہیں دیا جا سکتا تھا۔ ۔ ۔ اور نہ دیا جا سکتا ہے۔ اگر ہولوکاسٹ کا انکار جرم ہے تو پھر مغرب کو اپنے گنا ہوں کا کفارہ بھی خود ادا کرنا چاہیے۔
خیر۔ ۔ ۔ ہم واپس ایران میں ہونے والی اس کانفرنس کی جانب آتے ہیں جس میں تیس مختلف ممالک سے 67 مفکرین کی شرکت کی اطلاع آئی ہے اور ساتھ ہی ایرانی وزیر خارجہ منو چہر متقی کا یہ کہنا بھی سننے کو ملا ہے کہ
’’کانفرنس کا مقصد ہولوکاسٹ کی تصدیق یا تردید کرنا نہیں ، بل کہ ان مفکر ین کو موقع فراہم کرنا ہے جو اس کے بارے میں یورپ میں اظہارِ خیال نہیں کر سکتے۔ ‘‘
منو چہر متقی نے حقیقتاً مغرب کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے۔ وہ جو آزادی ء اظہار کے راگ الاپ الاپ کر مسلم معاشروں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں ، آج خود اپنے کہے ہوئے سے مکر رہے ہیں۔ ۔ ۔ بل کہ اُلٹے پاؤں بھاگنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس کی ایک مثال امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک حالیہ بیان کی صورت دی جا سکتی ہے ، جس میں اس نے اس کانفرنس کو ایرانی حکومت کا ایک اور ہتک آمیز قدم قرار دیا ہے۔ ویسے سچی بات تو یہ ہے کہ محمود احمدی نژاد صاحب کا یہ کہنا وزن رکھتا ہے کہ
’’کس طرح ساٹھ لاکھ یہودیوں کا قتل عام ممکن ہے۔ ‘‘
مجھے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان کا وہ بیان یاد آ رہا ہے جو انھوں نے گزشتہ سال جنوری کے تیسری ہفتے میں نیویارک کی اس تقریب میں دیا تھا جو نازی کیمپوں سے آزادی کی ساٹھویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد کی گئی تھی۔ موصوف نے فرمایا تھا
’’وہ برائی جس نے ساٹھ لاکھ یہودیوں اور دوسروں کو ایذا رسانی کے کیمپوں میں مصائب میں مبتلا کیا۔ آج بھی وہ برائی اقوام عالم کو دھمکا رہی ہے۔ ‘‘
اس بیان پر تبصرے کی گنجائش نہیں۔ یہ ان عالمی طاقتوں کی طرف واضح اشارہ ہے جو دنیا کا امن تباہ کر نے کے درپے ہیں۔ ‘‘
پروفیسر صاحب نے سگرٹ کے دھوئیں کو سانس کے ذریعہ سے اپنے اندر کھینچا ؛ اور پھر ایک خاص انداز سے دھوئیں کو فضا میں چھوڑتے ہوئے سلسلۂکلام جوڑا
’’یہ باتیں ضمناً در آئی ہیں ، واپس کانفرنس پر آتے ہیں۔ کانفرنس میں شریک برطانیہ سے آنے والے ایک یہودی عالم اہرن کوہن نے کس قدر ضبط سے یہ کہا ہے
’’ہم کہتے ہیں ہولوکاسٹ ہوئی ہے۔ ۔ ۔ لیکن اسے کسی طور پربھی فلسطینیوں کے خلاف زیادتیوں کے لیے جواز نہیں بنانا چاہیے۔ ‘‘
اہرن کوہن جان لیں کہ ایرانی صدر کا بھی یہی مؤقف ہے۔ ۔ ۔ اور عام مسلمانوں کا بھی کہ۔ ۔ ۔ یہودی اپنے اُوپر ظلم کر نے والوں کو پہچانیں نہ کہ نہتے فلسطینیوں پر ظلم ڈھائیں۔
میں سمجھتا ہوں ایران نے کانفرنس کا انعقاد کر کے ایک جرأت مندانہ قدم اُٹھایا ہے۔ دوسرے اسلامی ملکوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔ کیوں کہ جب کوئی ایک یورپی ملک نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے حوالے سے گستاخانہ خاکے شائع کرتا ہے تو پورا یورپی میڈیا اس کی تتبع کرتا ہے۔ یہاں کوئی سلمان رشدی پیدا ہوتا ہے تو ’’آزادیِ اظہار‘‘ کو جواز بنا کر اسے وہاں پناہ دے دی جاتی ہے۔ ۔ ۔ مگر جب کوئی ان کا اپنا ’’ہولوکاسٹ‘‘ کی حقیقت جاننے کی کوشش کرتا ہے تو اس پر مقدمہ قائم کر نے کا کہا جاتا ہے۔ کیا برطانوی مؤرخ ڈیوڈ آرونگ کی آسٹریا میں گرفتاری کو بھلایا جا سکتا ہے۔ ۔ ۔ ؟ آرونگ وہی شخص ہے جس نے اپنی کتاب میں کہا تھا کہ
’’ہولوکاسٹ کے حوالے سے ہلاکتوں کی تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا تھا۔ ۔ ۔ اور آشوچ کیمپ میں گیس چیمبر بھی نہیں تھے۔ ‘‘
یہ ایک حوالہ ہے۔ کئی اور باتیں بھی ہیں جن سے ہمارے مؤقف کو تقویت ملتی ہے۔ ہم تو وہ ہیں جن کے نزدیک ایک انسان کو قتل کرنا پوری انسانیت کو قتل کر دینے کے مترادف ہے۔ اس لیے ہم کسی کے قتلِ عام پر خوش نہیں ہوتے۔ ۔ ۔ لیکن اگر ایران نے حقائق کی جان کاری کے لیے کانفرنس کا انعقاد کیا ہے تو امریکا اور مغرب کو اپنے آپ پر قابو رکھنا چاہیے کہ، ہم بھی گوشت پوست کا دل رکھتے ہیں۔ ‘‘
پروفیسر صاحب بات مکمل کر کے خاموش ہوئے اور اپنی کر سی کی پشت کے ساتھ سر ٹکا کر خلاؤں میں گھورنے لگے۔ ۔ ۔ محفل میں موجود لوگوں کی آنکھوں سے چشمے جاری ہو چکے تھے۔ ۔ ۔ شاید آشوچ کے چیمبروں میں دم توڑنے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ یا مسجد اقصیٰ کی خاطر قربان ہونے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ یا پھر بغداد، تکر یت اور بعقوبہ میں رزقِ خاک ہونے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ پکتیا، تورابورا اور کابل کی مٹی میں مٹی ہو جانے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ یاکوہلو، بگٹی اور سوئی کی گلیوں میں مار دیے جانے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ یا پھر وانا، وزیرستان اور کراچی میں اَن دیکھی گولیوں کا نشانہ بننے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ اور یا پھر لال مسجد اور جامعہ حفصہ کے محاصرے کے دوران جاں بہ حق ہونے والوں کے لیے۔ ۔ ۔ خود کش حملوں میں موت کو گلے لگانے والے سپاہیوں کے لیے۔ ۔ ۔ یا پھر ان مقتولوں کے لیے جنھیں اپنا جرم تک معلوم نہیں تھا۔ ۔ ۔ بس آنسوؤں کی لکیریں بڑھتی جا رہی تھیں۔ ۔ ۔ مگر دماغ کی دیواروں سے ایک ہی جملہ بار بار ٹکر ا رہا تھا
’’ہم وہ ہیں جو ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل سمجھتے ہیں۔ ‘‘
٭٭٭