’’صبح بیدار ہوا تو پہلی نظر وال کلاک پر پڑی۔ 11:45 کا وقت دکھاتے ہوئے گھڑیال کی سوئیوں پر غور کیا تو وہ جامد تھیں۔ میں نے سوچا گزشتہ رات تو نئی بیٹری ڈالی گئی تھی پھر کیوں اس کی سوئیاں چلنا بھول گئیں۔ موبائل آن کیا تو سگنل غائب تھے ، البتہ موبائل کی گھڑی 4:53 بجا رہی تھی۔ جلدی سے بستر چھوڑا اور باہر گلی میں نکل آیا۔ گلی کی بہتی نا لیوں میں محلے کے گھروں کے واش رومز سے برآمد ہونے والا مواد شامل ہو رہا تھا۔ کچھ خواتین اپنے گھروں کا کوڑا کر کٹ اپنے دروازوں سے باہر پھینک رہی تھیں۔ ۔ ۔ جس سے ماحول میں مزید تعفن پھیل رہا تھا۔ میں جس وقت گلی سے گزر رہا تھا میرے لیے آزادانہ سانس لینا ناممکن تھا۔ بڑے بڑے ڈگ بھرتا ہوا آبادی سے دو میل باہر کھیتوں میں نکل آیا۔
ابھی پو نہیں پھٹی تھی۔ ارد گرد کی چیزیں پوری طرح واضح نہیں دکھائی دے رہی تھیں۔ میں چلتے چلتے گندم کے کھیتوں کے قریب پہنچ گیا۔ ۔ ۔ مگر اب بھی گلی کا بدبو دار ماحول میرے نتھنوں کو چیر رہا تھا۔ اوس میں ڈوبے ہوئے گندم کے کھیتوں کو دیکھ کر مجھے قدرے راحت محسوس ہوئی ، البتہ ایک پگ ڈنڈی پر چلتے ہوئے اچانک جب میرے پاؤں سے کوئی چیز ٹکر ائی تو فطرتاً میں نے ٹھوکر میں آنے والے چیز کو دیکھا۔ یہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کے زہر کی خالی بوتل تھی۔ میں نے سوچا کسی کسان نے کھیتوں پر اسپرے کر کے بوتل یہیں پھینک دی ہو گی۔ چند قدم اور بڑھائے تو مزید کچھ بوتلیں نظر آئیں۔ مجھے کسانوں کی اس لاپروائی پر سخت افسوس ہوا۔ ان زہر آلود خالی بوتلوں کو یوں راستے میں چھوڑ دینا مجھے بہت بُرا لگا۔
صبح کی اذانیں گونجنے لگی تھیں۔ مؤذن سونے والوں کو اُٹھ کر عبادت کی ترغیب دلا رہے تھے۔ میں اس معمول کی چہل قدمی سے واپس سیدھا محلہ کی جامع مسجد کی طرف لوٹا۔ محلے کی گلیوں میں ابھی تک تعفن کا راج تھا۔ مسجد میں وضو بنانے کے لیے استنجا خانہ میں داخل ہوا تو یہاں بھی بدبو نے میری ناک چیر کر رکھ دی۔ خود پر ضبط کر کے وضو کیا اور جوتیاں ہاتھ میں اُٹھا کر مسجد کے اندر داخل ہو گیا۔ کہ، اس سے پہلے ایک بار اپنی جوتیاں گنوا بیٹھا تھا۔ امام صاحب نے نہایت اہتمام اور قرأت کی پابندی کے ساتھ نماز میں سورۂ رحمٰن کی مقفیٰ آیات تلاوت کیں۔ نماز کے بعد مختصر وعظ میں انھوں نے ان آیات سمیت دیگر کچھ آیتو ں کا ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا۔ ۔ ۔ جن میں قول و فعل کے تضاد کے حوالے سے تنبیہ کی گئی ہے۔ کچھ باتیں گرہ میں باندھ لیں۔ ۔ ۔ کچھ کانوں سے سرک گئیں۔ گھر آیا تو خاتون خانہ ناشتا تیار کر رہی تھیں۔
خاتون خانہ سے شکایت کی کہ ، آج کیوں ناشتا بنانے میں دیر کر دی ہے ؟ تو جواب ملا
’’آپ باہر گئے تو چند منٹ بعد بجلی غائب ہو گئی۔ سوئی گیس کے لگے پائپوں سے ہوا برآمد ہو رہی تھی۔ ماچس کی پوری ڈبیا جلا چکنے کے بعد تو کہیں جا کر چولھا روشن ہوا۔ ‘‘
خیر۔ ۔ ۔ لقمہ توڑ کر منہ میں ڈالا تو عجیب سی بو سانسوں میں اٹک گئی۔ خاتون خانہ سے پوچھا
پکانے میں کوئی کسرتو نہیں رہ گئی؟ جواب ملا
’’اس بار جو آٹا آیا ہے اسے پکاتے ہوئے یوں معلوم ہوتا ہے جیسے باسی ٹکڑوں کو پیس کر بنایا گیا ہو۔ ‘‘
چائے کا گھونٹ بھرا تو ذائقہ ایسا جیسے کوئی کیمیائی محلول گلے سے اُتر کر اس کی ساخت کو کھرچ رہا ہو۔
خاتون خانہ سے پوچھا کیا چائے کا برانڈ بدل لیا ہے ؟ جواب ملا
’’نہیں ، دودھ سے بُو آ رہی ہے۔ گوالے سے شکایت کی تھی۔ وہ کہتا ہے ان دنوں بھینسوں کو گوبھی کے پتے ڈال رہے ہیں ، اس وجہ سے شاید کچھ اثر آیا ہے۔ ذائقہ کے عادی ہو گئے تو بُو نہیں آئے گی۔ ‘‘
مجھے وہ رپورٹ یاد آئی جس میں بتایا گیا تھا کہ چائے کی پتی میں جان وروں کا خون ملایا جاتا ہے ، چنوں کے چھلکوں پر رنگ چڑھا کر بیچا جاتا ہے۔ معروف برانڈز کے خالی ڈبوں میں خود ساختہ چائے ڈال کر بیچی جاتی ہے۔ میں نے وال کلاک پر نظر ڈالی وہ وہیں رُکا ہوا تھا۔ قدرے جلد بازی سے لباس تبدیل کیا اور محلے کی بدبو دار گلیوں سے نکل کر ویگن اسٹاپ پر آ گیا۔ وین کی سامنے والی نشست خالی تھی۔ میں ایک طرف ہٹ کر کھڑا ہو گیا۔ گاڑی کے ہیلپر نے مجھ سے پوچھا
’’کیا نہیں جانا؟ ‘‘
جانا تو ہے لیکن خواتین کے لیے مخصوص نشست پر کیسے بیٹھوں ؟
۔ ۔ ۔ میں نے کہا تو گاڑی میں موجود سبھی لوگ میری جانب دیکھ کر مسکرا دیے۔ ایک ادھیڑ عمر شخص اپنی نشست سے اُتر کر نیچے آ گیا۔ اس کے ساتھ ایک جواں عمر شخص بھی تھا۔ دونوں نے فرنٹ سیٹ سنبھال لی۔ میں ان کی خالی کر دہ نشستوں میں سے ایک پر بیٹھ گیا۔ اگر ہیلپر کو انسان سمجھ کر دیکھا جائے تو نشستیں مکمل ہو چکی تھیں۔ ۔ ۔ مگر نہیں ، ڈرائیور کے حساب سے ایک سیٹ خالی تھی۔ قریباً آدھ گھنٹہ انتظار کے بعد دو مسافر آ گئے۔ ۔ ۔ اب ایک کو تو سیٹ پر بٹھا لیا گیا اور دوسرا وین کے اندر کھڑا ہو گیا۔ اس کھڑے ہوئے شخص کی وجہ سے پورا سفر عذاب بن کر اُترا۔
’’کیوں بھائی! دو روپے زیادہ کیوں کاٹ لیے ، ڈیزل کی قیمت کم ہوئی ہے بڑھی تو نہیں ، ،
ایک مسافر کی آواز آئی۔ ہیلپر نے اسے جواب دینا ضروری نہ سمجھتے ہوئے ڈرائیور سے کہا ایک طرف گاڑی روکے اور احتجاج کر نے والے کو اُتار دے۔ سب خاموش تھے۔ ۔ ۔ کسی نے بھی احتجاج کر نے والے کا ساتھ نہ دیا اور دو روپے زائد کے حساب سے سب نے خود بھی کر ایہ ادا کیا۔ کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے۔ ۔ ۔ دفتر پہنچا تو ب اور دی گارڈ ’’ری پیٹرگن‘‘ اپنی دونوں ٹانگوں کے درمیان دابے اونگھ بل کہ، سو رہا تھا۔ اسے سلام کیا تو وہ گھبرا کر کھڑا ہو گیا۔ میں نے پوچھا کیوں بھائی رات کو سوئے نہیں ؟ ۔ ۔ ۔ کہنے لگا
’’کیا بتائے صیب، یہ کومپنی والا ہے ناں ! دو دو ڈپٹیاں لیتا ہے۔ رات کو ایک سیٹھ کے بنگلے پر جاتا ہے۔ سیٹھ لوگ کم بخت پارٹیوں پرجاتا ہے اور دیر سے آتا ہے ، اس لیے اَم سو نہیں سکتا ہے۔ صبح امارا ’’ری لیور‘‘ آتا ہے تو اَم یہاں آ جاتا ہے۔ ‘‘
میں نے اس سے پوچھا کیا تمھاری کمپنی تم سے زبردستی دو ڈیوٹیاں کراتی ہے ؟ کہنے لگا
’’نہیں صیب، پہلے اَم کاری لیور نہیں آتا تھا، تو زبردستی کرتا تھا۔ ۔ ۔ اب اَم خود ڈبل ڈپٹی کرتا ہے۔ صیب تم تو جانتا ہے مہنگائی کتنا ہو گیا ہے ، گذر مشکل ہے۔ ‘‘
میں اس کی باتیں سن کر سوچنے لگا یہ محافظ ہے جو خود مسائل کا شکار ہے۔ دفتر کا چپڑاسی ابھی نہیں آیا تھا۔ میں نے ’’ڈسٹر‘‘ اُٹھایا۔ ۔ ۔ اپنی میز اور کر سی صاف کر کے بیٹھ گیا۔ مجھ سے آدھ گھنٹہ بعدچپڑاسی آیا تو میرے پوچھنے پر ہمیشہ کی طرح کہنے لگا
’’ سر! آپ کے علاوہ سبھی لوگ تو دس کے بعد آتے ہیں اور بڑے صاحب۔ ۔ ۔ وہ تو بارہ بجے سے پہلے کبھی آئے نہیں۔ پھر میں اتنی صبح آ کر کیا کروں۔ ‘‘
لیکن تمھیں تو صبح ساڑھے آٹھ بجے یہاں ہونا چاہیے۔ بجائے میری بات کا جواب دینے کے چپڑاسی
’’بڑے صاحب کا کمرہ صاف کرتا ہوں ‘‘ کہہ کر چلا گیا۔
’’نہیں صدیقی صاحب نہیں ، آج یہ کام نہیں ہو سکے گا، صاحب دن بھر دفتر میں موجود ہوتے ہیں۔ پھر کسی روز میں خود فون کر کے آپ کو بتاؤں گا۔ ‘‘
میرا ’’کولیگ ‘‘اپنے سیلولر پر کسی کو یہ کہتے ہوئے دفتر میں داخل ہوتا ہے۔ ہماری نظریں چار ہوتی ہیں ، رسماً ایک دوسرے کا حال پوچھتے ہیں۔ میرا کولیگ کہتا ہے
’’ماڈل ٹاؤن جب سے شفٹ ہوئے ہیں ، دفتر کا راستہ لمبا ہو گیا ہے ، اب اپنی گاڑی سے بھی دیر ہو جاتی ہے۔ ‘‘
میں اسے کوئی جواب نہیں دیتا ہوں۔ میں سوچتا ہوں میرا کولیگ مجھ سے جونئرہے اور اس کی تنخواہ بھی مجھ سے کم ہے۔ میں ابھی تک اپنے اباکے مکان میں رہتا ہوں ، مگر اس نے ماڈل ٹاؤن میں کوٹھی بنا لی ہے ، نئی گاڑی خرید لی ہے ، اس کے بچے مہنگے پبلک اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔ خیر! کام شروع ہوتا ہے۔ لوگ آتے جاتے ہیں۔ کچھ لوگوں کو میں ہینڈل کرتا ہوں اور کچھ کو میرا کولیگ۔ ۔ ۔ مگر بیچ بیچ میں وہ آنے والوں کو لے کر باہر نکل جاتا ہے ، ان سے ’’معاملہ‘‘ کرتا اور واپس آ جاتا ہے۔
اب چھٹی کا وقت ہو گیا ہے۔ میرا ساتھی دن بھرکی ’’کمائی ‘‘کو اپنے بٹوہ میں سلیقہ سے رکھتا ہے اور مجھے مخاطب کر کے کہتا ہے
’’کیا کریں جناب! اتنی مہنگائی میں تنخواہ پر گزران مشکل ہے۔ ویسے لوگ خوشی سے دیتے ہیں ، میں زبردستی تو نہیں لیتا۔ ‘‘
وہ اپنے کوٹ کی جیب سے نئے ماڈل گاڑی کی چابیاں نکال کر اس انداز سے اُچھالتا ہے جیسے کوئی باؤلر گیند پھینکے سے پہلے اُچھالتا ہے۔ ہم دونوں ایک دوسرے سے رسمی جملے کہہ کر جدا ہو جاتے ہیں۔
میں سوچتا ہوں لوگ اپنے حق کے لیے خوشی سے رشوت کیوں دیتے ہیں ؟ ۔ ۔ ۔ میں سوچتا ہوں کیا میں اس مہنگائی سے متاثر نہیں ہوا ہوں ؟
میں اسٹاپ پر کھڑا بس کا انتظار کرتا ہوں۔ کچھ لوگ اور بھی اپنے ٹھکانوں کو لوٹنے کے لیے گاڑیوں کے منتظر ہیں۔ کچھ ماڈرن ٹائپ نوجوان اپنے مخصوص انداز سے سٹاپ پر کھڑی ’’ورکنگ وومنز‘‘ کو تاک رہے ہیں۔ یوں معلوم ہوتا ہے جیسے کوئی قصاب بکر ے کو دیکھ رہا ہو۔ میں سوچتا ہوں کیا ان لوگوں کا کسی عورت سے کوئی رشتہ نہیں۔ اِن کی طرف مائیں ، بہنیں ، بیویاں اور بیٹیاں نہیں ہوتیں۔ اتنے میں ہمارے پاس سے ایک شخص ’’مالش‘‘ کی صدا بلند کر تے اور ہاتھ میں پکڑی ہوئی تیل کی نصف درجن بوتلوں کو کھڑکاتے ہوئے گزرتا ہے۔ میری آنکھوں کے سامنے ریلوے اسٹیشنوں اور بڑے بس اڈوں کا منظر آ جاتا ہے ، جہاں اس طرح کے مالشی گھر سے بھاگ کر آنے والے کم سنوں کے شکار میں رہتے ہیں۔ ان پر ذہنی اور جسمانی تشدد کر تے ہیں ، انہیں نشے کی لت ڈالتے ہیں ، جوئے اور ڈکیتی کے طریقے سکھاتے ہیں ، معاشرے میں بدامنی پھیلانے کے گُر سکھاتے ہیں۔ اگلے ہی لمحے میرے دماغ میں سرسراہٹ ہوتی ہے اور مجھے خیال آتا ہے یہ کم سن بچے اپنے گھروں سے بھاگتے ہی کیوں ہیں ؟ پھر میری آنکھوں میں کئی ایسے منظر گھوم جاتے ہیں ، جہاں والدین اپنے بچوں کا استحصال کر تے ہیں۔ کبھی ’’ایموشنل بلیک میلنگ ‘‘کے ذریعے۔ ۔ ۔ تو کبھی کسی اور طرح سے۔ ۔ ۔
سوچیں بڑھتی جاتی ہیں ، باتیں کھُلتی جاتی ہیں۔ گاڑی میں بیٹھتا ہوں تو آدمی میں آدمی گڑے ہوئے ہوں جیسے۔ ۔ ۔ سانس لینا بھی محال ہو جاتا ہے۔ اپنے اُوپر چھتری کی مانند پھیلے ہوئے بے سلیقہ لوگوں کو دیکھتا ہوں تو دماغ کی رگیں چٹخ جاتی ہیں۔ سفرکی مشقت جھیلنے کے بعد جب اسٹاپ پر اُترتا ہوں تو میرے پڑوسی منشی صاحب بھی موجود ہیں۔ انھوں نے ہاتھوں میں موسمی پھلوں اور سبزیوں کے تھیلے پکڑ رکھے ہیں۔ کہتے ہیں
’’ کیا بتاؤں جناب ! ہر چیز کو آگ لگی ہوئی ہے۔ قیمتوں کی بڑھوتری تو ایک طرف معیار کا بھی ناس مارا گیا۔ ‘‘
میں نے سوچا کارخانے دار اپنی بنائی گئی مصنوعات سے زیادہ نفع کمانے کے لیے کوالٹی کنٹرول پر توجہ نہیں دیتے۔ پھر ہر چیز کی نقل اس کے ساتھ ہی تیار ہو کر مارکیٹ میں آ جاتی ہے۔ دودھ والا اگر پانی ملاتا ہے تو چائے والا خون اور پٹرول والا مٹی کا تیل ، قصاب گوشت میں پانی ڈال کر اس کا وزن بڑھاتا ہے ، سبزی والا باسی سبزیاں فروخت کرتا ہے ، محافظ سو جاتا ہے اور چپڑاسی وقت پر آنا توہین سمجھتا ہے ، صاحب لوگوں کے آنے کا کوئی وقت نہیں ، ملازمین کا رشوت لینا ضروری ہے۔ ۔ ۔ ورنہ مہنگائی کا مقابلہ نہیں ہو سکتا ، گاڑیوں میں انسانوں پر سوار ہو کر سفر کرنا ناگزیر ہے ورنہ زندگی کی گاڑی بھی چھوٹ سکتی ہے۔
سوچوں کے انبار تلے دبا ہوا گھرکی دہلیز پار کرتا ہوں تو خاتون خانہ کے کھانسنے کی آواز استقبال کرتی ہے۔ میں پوچھتا ہوں ، نیک بخت کیا دوا نہیں لی ؟ جواب ملتا ہے
’’ کئی دوائیں بدل چکی ہوں ، مگر کھانسی ہے کہ جا کے ہی نہیں دیتی۔ ‘‘
مجھے ایک اخباری رپورٹ یاد آ جاتی ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ اس وقت تقریباً ہر دوا کی دو نمبر موجود ہے۔ بل کہ کئی دو نمبر ادویات ساز باقاعدہ حکومت کے پاس رجسٹرڈ ہیں اور اپنے ٹریڈ مارک سے دوائیں فروخت کر رہے ہیں۔ مجھے وہ رپورٹ یاد آئی جس میں اس مسیحا نما قصاب کے چہرے سے پردہ کھینچا گیا تھا جو دوا ساز کمپنی سے معاہدے کی بنا پر ہر مریض کو اس کا سیرپ بیچتا تھا۔ سردرد، بدن درد، کھانسی، جوڑوں کا درد پیٹ کا درد، دل کا درد، غرض تکلیف کوئی بھی ہو، مریض کسی بھی عمر کا ہو اسے یہ سیرپ پینا پڑتا تھا۔ میں نے سوچا کیا وہ ادارے سوئے ہوئے ہیں جنھیں ’’کوالٹی کنٹرول‘‘ کے شعبوں کی نگرانی پر مامور کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ اور وزیر صحت کیا کر رہے ہیں۔ ۔ ۔ ؟ پھر مجھے خیال آیا ان لوگوں نے ملک کے سیون اسٹار ہوٹلوں میں نہایت اہم موضوعات پر ہونے والے سیمینارز اور سمپوزیمز میں شریک ہونا ہے۔ اور پھر میری آنکھوں کے سامنے ، تعلیم، مواصلات، اطلاعات، خزانہ، دفاع ، خارجہ، داخلہ کے سیکرٹریوں اور وزرا کی مصروفیات کا منظر آیا۔ ہر ہر شخص درجنوں کیمرہ مینوں اور سیکڑوں صحافیوں کو اپنے سامنے بٹھا کر مستقبل کی حکمت عملیوں اور اپنی کام یابیوں کے بارے میں بتا رہا تھا۔ میں نے دیکھا کہ پرمٹوں ، پلاٹوں اور ٹھیکوں کے حصول کے لیے سیاست دانوں کی لمبی قطار تھی۔ ہر کوئی اپنے نفع کے لیے قومی سرمایے پر قبضہ کر رہا تھا، اسے لٹا رہا تھا۔ تب اچانک مجھے وزیر اعظم اور صدر کے ہنگامی دورے نظر آئے۔ ان کے وفود میں شامل وزرا، سیکرٹری، دیگر اہل کار اور ان کی بیگمات شان و شوکت سے غیر ملکی دورے کر تے ہیں۔ ۔ ۔ اربوں روپے اُڑاتے ہیں ، لوٹ آتے ہیں اور اپنے دوروں کی کام یابی کی نوید سناتے ہیں۔ خوش حالی کا راگ الاپتے ہیں۔ انھیں غربت اور بے کاری کے ہاتھوں جھلس جانے والے چہرے نہیں دکھائی دیتے۔ ۔ ۔ محرومیوں اور بے بسیوں میں گھرے ہوئے لوگ ان کی آنکھوں سے اوجھل رہتے ہیں۔
خاتون خانہ میرے سامنے کھانا چن رہی ہیں۔ میں ایک نوالہ توڑ کر منہ کے قریب لے جاتا ہوں۔ روٹی سے وہی صبح والی بُو آ رہی ہے۔ ۔ ۔ مگر میں بھوکا ہوں۔ پیٹ کا دوزخ بھرنے کے لیے مجھے یہی کھانا ہے۔ میں عشا کی نماز پڑھنے کے لیے اپنے گھر سے پاؤں باہر نکالتا ہوں تو گلی میں پھیلی ہوئی بدبو میرے نفس کو قتل کرتی ہے ، مگر مجھے نماز بہ ہر حال پڑھنی ہے۔ مسجد کے اندر داخل ہوتے ہوئے اپنے جوتوں کو ہاتھ میں اٹھائے چل رہا ہوں کہ مسجد سے جوتے چوری ہو جاتے ہیں۔ امام صاحب سورۂ یوسف کی کچھ آیات تلاوت کر تے ہیں۔ نماز مکمل ہوتی ہے۔ ۔ ۔ میرا سر جھکا ہوا ہے اور میرے دماغ پروہ واقعات روشن ہو رہے ہیں ، جو گزشتہ چند برسوں میں رونما ہوتے آ رہے ہیں۔ ۔ ۔ معبدوں میں نماز پڑھتے ہوئے بھائیوں نے بھائیوں کو بارود سے اُڑا دیا۔ میں یوسف علیہ السلام کے بھائیوں کو یاد کرتا ہوں۔ ۔ ۔ تاریخ کے کئی ورق چند ساعتوں میں میرے سامنے کھل جاتے ہیں۔ میں گھر آتا ہوں ، خاتون خانہ سے کچھ امور پر گفتگو ہوتی ہے اور آنے والے کل کے استقبال کے لیے تازہ دم ہونا چاہتا ہوں۔ ۔ ۔ اور سو جاتا ہوں۔
میرا آئندہ دن بھی اسی طرح گزرے گا جیسا کہ آج گزرا ہے۔ ‘‘
’’میں ‘‘کی کہانی ختم ہوئی تو میں نے سوچا ’’میں ‘‘کی یہ باتیں سن کر معلوم ہوتا ہے جیسے ملک کے اندر بہ جز اس کے کوئی اور نیک نہیں ، کوئی اور صاحب کر دار ، دیانت دار ، امین اور وفاپرست نہیں۔ میرے ذہن میں اپنا ایک شعر تازہ ہوا
سب کے ہاتھوں میں آئنہ دے دو
سچ تو مشکل ہے کون بولے گا
میں نے ’’میں ‘‘کے ہاتھ میں آئینہ دیا۔ ۔ ۔ آئینے کی کر چیاں چاروں اور بکھری پڑی تھیں۔
٭٭٭