الحمد للہ۔ “برگد” کی پذیرائی خوب ہوئی۔ پہلا ایڈیشن ایک ہی ماہ میں ختم ہو گیا۔ پبلشر ادارہ ماورا پبلیکیشنز سے تقاضہ ہوا کہ دوسرا ایڈیشن شائع کرنے کی اجازت دی جائے۔ میں منتظر تھا کہ کتاب جید ناقدین اور سینئرادبا تک پہنچ جائے، کچھ تبصرے آ جائیں تو دوسرا ایڈیشن چھاپیں۔ تقاضے نے شدت اختیار کی تو دوسرا ایڈیشن جلد نکالنا پڑا۔ عام طور پر اپنی تحریر میں اغلاط کی نشاندہی مشکل ہوتی ہے۔ اس سلسلہ میں تعاون کی درخواست کے ساتھ معروف نقاد و افسانہ نگار جناب محمد ہاشم خان (ممبئی۔ ہندوستان) کو نسخہ بذریعہ کوریئر سروس بھجوا دیا۔ اُنہوں نے کمال مہربانی سے پڑھ کر کتابت کی کچھ اغلاط نشان زد کیں جو درست کر لی گئی ہیں۔ ہاشم خان صاحب ہی کے مشورہ سے نیا ایڈیشن خط نوری نستعلیق کی بجائے فیض نستعلیق میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اُن کا تبصرہ بھی اس ایڈیشن میں شامل ہے۔
اشاعت اول کے لئے معروف نقاد جناب محمد حمید شاہد صاحب کا تبصرہ موصول ہونے تک کتاب چھپ چکی تھی۔ فلیپ کور پر جگہ محدود ہونے کی وجہ سے مکمل تحریر نہ چھپ سکی۔ اس کا مجھے قلق تھا۔ اشاعت دوئم میں یہ گراں قدر تبصرہ مکمل شائع ہو رہا ہے۔ افسانہ “شارقہ” کو ذرا مختصر کر دیا ہے۔ کچھ بہت عمدہ اور معتبر تبصرے موصول ہو چکے ہیں۔ بہت سے زعماء نے بڑی حوصلہ افزائی فرمائی اور تفصیلی تبصرے بھیجنے کا وعدہ فرمایا ہے۔ اگر اس ایڈیشن میں شامل کروں تو کتاب کی ضخامت بڑھ جائے گی۔ انشاء اللہ علیٰحدہ چھپوانے کی کوشش کروں گا۔ سید صغیر حسین صاحب اور جناب خالد شریف صاحب نے حسب سابق موجودہ ایڈیشن کی اشاعت میں بہت مدد کی ہے۔ اُن کا شکر گزار ہوں۔
جاوید انور
۲۵ جون ۲۰۱۷ء