(Last Updated On: )
مہاجرین یا غلام؟ ہجرت اَپنے مسائل سے اَور غلامی اَپنی خواہشات کی۔ ہجرت اَپنی مرضی سے یا زَبردستی؟ یہ اِیک پرانی کہانی ہے۔ جب د ُ نیا میں غلام، تاجر، خانہ بدوش، پیغمبر، جنگیں کرنے وَالے اَور عام اِنسان، بہتر مستقبل، کاروبار، اَشیاء خورد و نوش، مذہب کے پھیلاؤ اَور اَپنے ملک کی سرحدوں کے پھیلاؤ کے لیے اِیک جگہ سے دوسری جگہ کسی نہ کسی حیلے بہانے سے ہجرت یا حملہ، تبلیغ یا تجارت جو بھی کہہ لیجئے، کے لیے نئی رَاہیں، نئے ممالک تلاش کرتے تھے۔ اِس کا آغاز اِنسانی تہذیب کے اِرتقاء سے ہوا اَور اُنیسویں صدی کے آواخر تک ہوتا رَہا۔ اِس بات کا اَندازہ آپ اِس بات سے لگا لیجئے کہ اُنیسویں صدی کے آواخر میں ہجرت اِتنے زَوروں پر تھی کہ ہر دَسواں آدمی مہاجر ہوا کرتا تھا یا غلام کہہ لیجئے۔ کہنے کا مطلب یہ ہوا کہ جہاں کا، یا جس ملک کا وہ رَہنے وَالا تھا و ُ ہاں وہ نہیں رَہ رَہا تھا۔ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ ہجرت کیا کرتے تھے۔
اُنیسویں صدی کے آواخر میں، اَمریکہ کی اِیک ریاست نیویارک کے پاس اِیک جزیرہ ہے ELLIS ISLAND (اَیلس آئی لینڈ)، پوری د ُ نیا کے مہاجرین یا غلاموں کی آماجگاہ ہوا کرتا تھا۔ یہاں سے لوگ اَمریکہ (یو۔ ایس۔ اے)، کینیڈا، آسٹریلیا اَور اَرجنٹینا کے لیے رَاہِ فرار ڈھونڈا کرتے تھے۔ یقینا بہتر مستقبل کے لیے۔
لیکن آج مہاجرین کے لیے کئی طرح کے رَاستے ہیں۔ ماضی کی طرح نہیں۔ اِیک سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ۲۰۰۲ء میں سترہ کروڑ پچاس لاکھ (۵۰۰۰۰۰۰ ۱۷) یعنی ۱۷۵ ملین لوگوں نے بہتر مستقبل یا رَوزگار کی خاطر اَپنا ملک چھوڑا۔ آج لوگ ELLIS ISLAND پر اَکھٹے ہوکر امریکہ یا کینیڈا کے لیے نہیں نکلتے بلکہ اَمریکہ کے علاوہ یورپ، جاپان، Scandinavian (سکینڈینیوین) ممالک، اَور جہاں بہتر رَوزگار کے مواقع ہوں، کے لیے نکلتے ہیں۔
د ُ نیا کی کل آبادی سے سترہ کروڑ پچاس لاکھ (۱۷۵۰۰۰۰۰۰) یعنی ۱۷۵ ملین، مہاجرین یا غلاموں کا مقابلہ کیجئے، جو بہتر مستقبل کے لیے (۲۰۰۲ء کے اعداد شمار کے مطابق) اَپنا ملک چھوڑ چکے ہیں، تو یہ تقریباً کل آبادی کا تین فیصد حصہ بنتا ہے۔ یعنی ہر سو (۱۰۰) میں سے تین (۳) بندے مہاجر یا غلام ہیں۔ یعنی ۹۸، ۹۹، ۱۰۰ بندہ مہاجر ہے۔ اِس اعداد و شمار میں آپ اُن لوگوں کو مت شامل کیجئے جن کی لکھت پڑھت نہیں ہوئی۔ یعنی کسی بھی ملک کے سرکاری اعداد و شمار میں اُن کا اِندراج نہیں۔ یعنی یہ اعداد و شمار on the record (آن دی ریکارڈ، یعنی جن لوگوں کے اعداد و شمار پائے جاتے ہیں) لوگوں کے ہیں۔ مہاجرین یا غلاموں کاموضوع جہاں متجسّس اَور متحیرکن ہے و ُ ہاںدُکھ دَرد، رَنج و اَلم، غم و اَندوہ سے بھی بھرا پڑا ہے۔
*
آج اَگر آپ اِیک نقشہ بنانے چلیں کہ مہاجرین یا غلام کہاں کہاں بستے ہیں، کن کن ممالک میں پائے جاتے ہیںتو یہ اِیک مشکل مرحلہ ہوگا۔ اَب یہ مکڑی کے جالے کی طرح پوری د ُ نیا میں پھیل چکے ہیں۔ اِس لیے آپ اِیک پاکستانی FIJI ISLAND (فجی آئی لینڈ) میں اَور اَفغانی SWITZERLAND (سوئٹزرلینڈ) میں باآسانی
ڈَھونڈ سکتے ہیں۔
مہاجرین کسی بھی ملک سے، یعنی اَفریقہ سے یا پاکستان سے، اِنڈیا سے یا چین سے، سری لنکا سے یا بنگلہ دیش سے یا کسی بھی ملک سے اَپنے پسندیدہ ملکوں میں کیسے آتے ہیں؟ مَیںاُن لوگوں کی بات کررَہا ہوں جو غیرقانونی طور پر دَاخل ہوتے ہیں۔
لانے اَور لے جانے وَالے ایجنٹ کہلاتے ہیں، یعنی PEOPLE BROKER (پیپل بروکر) یا آسان اُردو میں دَلال کہہ لیجئے۔ اَور جن ممالک سے غیرقانونی طور پر دَاخل کیا جاتا ہے، اِس غیرقانونی طور پر سرحد پارکرنے کا نام ڈَنکی ہے۔ یہ کس زبان کا لفظ ہے یا کس لفظ سے مُماثلت رَکھتا ہے؟ یہ بعد کی بحث ہے۔
پوری د ُ نیا میں اِنتہائی مربوط گروہ ہوتے ہیں جو بڑے منظم اَورمضبوط ہوتے ہیں۔ اَب اِنسان کی عقلِ سلیم سوچتی ہے کہ کوئی یورپ یا اَمریکہ میں غیرقانونی طور پر کیسے دَاخل ہوسکتا ہے۔ عام تاثر یہ ہے کہ سفید چمڑی وَالے بڑے اِیماندار اَور محبِ وَطن ہوتے ہیں،لیکن حقیقت میں اَیسا نہیں ہے۔ کسی بھی ملک میں غیرقانونی طور پر دَاخل ہونے کے لیے اُس ملک کے لوگوں کی مدد کے بغیر (جہاں آپ جانا چاہتے ہیں) دَاخل ہونا ناممکن ہے۔
یعنی جہاں چینی، پاکستانی، ہندوستانی ایجنٹ، people broker یا دَلال ہوتے ہیں، بالکل اُسی طرح European ممالک میںیا اَمریکہ میں و ُہاں کے مقامی ایجنٹ، people broker یا دَلال کے ساتھ بات چیت کرنی ہوگی۔ یعنی پاکستان، ایران، ترکی، یونان، جہاں جہاںآپ کا پڑاؤ ہوگا، و ُ ہاں و ُ ہاں قیمت چکانی ہوگی۔
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ جیسے جیسے امیگریشن کے قوانین میں پیچیدگیاں پیدا ہورَہی ہیں، وَیسے وَیسے مہاجرین کی تعداد میں بجائے کمی ہونے کے اِضافہ ہورَہا ہے۔ ہر سال مہاجرین یا غلاموں کی تعداد میں تقریبا ً ۴۰لاکھ تک کا اِضافہ ہورَہا ہے، جو غیرقانونی طور پر منتقل کئے جاتے ہیں۔ خریدے یا بیچے جاتے ہیں۔ اَربوں روپے کا کاروبار کیا جاتا ہے۔ آپ مہاجرین یا غلاموں کو معمولی لوگ مت جانئے۔ ہر مہاجر یا غلام پانچ یا چھ لاکھ تک کے اِخراجات اُٹھاتا ہے، بلکہ کبھی کبھی اِس سے بھی زیادہ۔
اَقوامِ متحدہ میں کام کرنے وَالے اِیک اَطالوی نژاد سوشیالوجسٹ، جن کا تعلق مہاجرین کی نقل و حمل کے اعداد و شمار پر تحقیق کرنا ہے ۔اُن کا اَندازہ ہے کہ اِ س وَقت تک بیس کروڑ اِنسان دَورانِ ہجرت ایجنٹ یا دَلالوں کے زِیرِ عتاب رَہے ہیں۔
مثال کے طور پر سن دَو ہزار، جون کے مہینے میں ٹماٹروں کا اِیک ٹرک براستہ DOVER (ڈوور، انگلستان کی سرحد جو اِنگلش چینل کے پاس ہے) اِنگلینڈ جارَہا تھا۔ تقریبا ً پچاس چینی مہاجرین اِس ٹرک میں دَم گھٹنے کی وَجہ سے اَپنی جان سے ہاتھ دَھو بیٹھے۔ اِس کے چند ہفتوں بعد براستہ ہنگری آنے وَالے چھیالیس (۴۶) سومالین دَارِ فانی سے کوچ کرگئے۔ آج سے چند سال پہلے دو ہندوستانی جہاز کے پہیوں میں بند ہوکر آئے۔ اِنسانی عقل حیران رَہ جاتی ہے کہ یورپ ہجرت کرنے کے لیے مہاجرین نے یہ اَنوکھا رَاستہ اَپنایا۔ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ دونوں اِنگلستان پہنچ گئے۔ اِیک نے جلدی ہی دَم توڑ دِیااَور دوسرا شاید اَب بھی ہسپتال میں زندگی اَور موت کی کشمکش میں ہے۔
اِس طرح کی بیشمار مثالیں ہیں۔ یہ وہ مثالیں ہیں جو on the record ہیں، جن کے گوشوارے یا لکھت پڑھت ہے یا جن کی پہنچ اَخبار تک ہوتی ہے۔ لیکن اِس سفر یا ہجرت کے دوران کتنے لوگ گمنام اَور تاریک رَاہوں میں مارے جاتے ہیں، اِس کا کوئی record (ریکارڈ) یا لکھت پڑھت نہیں ہے۔
*
اِنسان (تقریباً) د ُ نیا کے مختلف حصوں میں غیرقانونی طور پر لائے اَور لے جائے جاتے ہیں۔ جن سے یا تو غیرقانونی طور پر کام لیا جاتا ہے یا اَگر مہاجرین مؤنث ہیں تو اُن سے جسم فروشی کا کام لیا جاتا ہے۔
بارہ کروڑ بچے (تقریباً) جن کی عمر ۱۴ سے ۱۵ سال کے دَرمیان ہوتی ہے، غیرقانونی طور پر لائے اَور لے جائے جاتے ہیں، جن سے غیرقانونی طور پر کام لیا جاتا ہے یا جسم فروشی یعنی اَغلام بازی (لواطیت) کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔
بیس لاکھ عورتیں اِنسانوں کی اِس تجارت کا شکار ہوتی ہیں۔ جن کی عزت لوٹنے کے علاوہ اُن سے جسم فروشی کروَائی جاتی ہے۔ اِن ۲۰ لاکھ عورتوں میں ۵لاکھ (تقریباً) عورتوں کی منزل یورپ ہوتی ہے اَور اِن ۵ لاکھ عورتوں میں سے ۵۰ ہزار اٹلی وَارد ہوتی ہیں یا لائی جاتی ہیں۔ یعنی ’’آم کے آم اَور گٹھلیوں کے دَام ‘ ‘کا سا مصداق ہے۔
اِن ساری باتوں کے پیچھے پیسہ گردش کرتا ہے۔ ہر شخص کو پیسے کا لالچ ہے اَور یہ غم کھائے جارَہا ہے کہ دوسروں کا پیسہ میرے پاس آجائے اَور مَیں رَات و رَات اَمیر ہوجاؤں۔ اِس کے لیے خواہ مجھے کچھ بھی کیوں نہ کرنا پڑے۔ بڑے کم لوگ مجبوری کی حالت میں اَیسا قدم اٹھاتے ہیں۔ آپ خود سوچئے، ایجنٹ یا دَلال کو پانچ لاکھ روپے دِے کر آنے وَالا شخص غریب تو نہیں ہوسکتا۔
*
اٹلی کوآپ clandestines (کلندستینی) یعنی چُھپ کر رَہنے وَالوں کی جنت سمجھ لیجئے یا دوزخ۔ جس طرحpredators چُھپ کر حملہ کرنے وَالے ہوتے ہیں، اِسی طرح چُھپ کر رَہنے وَالے clandestine ہوتے ہیں جنھیں اطالوی زبان میں clandestini (کلندستینی) کہا جاتا ہے اَور یہ لفظ سُنتے ہی اَیسا لگتا ہے جیسے کسی نے گالی دِے دِی ہو۔
یورپ میں دَاخل ہونے وَالے چھ بڑے رَاستوں میں سے چار کا تعلق اٹلی سے ہے۔ اٹلی اِس وَقت یورپ میں و ُ ہی حیثیت رَکھتا ہے جو اُنیسویں صدی کے آواخر میں ELLIS ISLAND (ایلس آئی لینڈ) کوحاصل تھی۔ سارے clandestini (کلندستینی) اٹلی کے آس پاس کے جزیروں پر اَکھٹے ہوتے ہیں اَور موقع پاتے ہی رَاہِ فرار اِختیار کرتے ہیں۔ نوّے فیصد لوگ یورپ کے مختلف ملکوں میں چلے جاتے ہیںلیکن پچھلے دَس سالوں میں اٹلی میں اُوپر تلے اِمیگریشن کُھلنے کی وَجہ سے (جسے اطالوی زبان میں sanatoria (ساناتوریہ) کہتے ہیں) لوگوں نے یہاں ٹکنا شروع کر دِیا ہے۔ نہ صرف ٹکنا شروع کردِیا ہے بلکہ نئے آنے وَالوں میں اِضافہ ہورَہا ہے۔
لیبیا اَور سسلی کے دَرمیان دو اطالوی جزیرے ہیں، LAMPEDUSA (لمپیدوسا، اٹلی کا ایک جزیرہ) اَور PANTELLERIA (پانتِ لیریاء، اٹلی اِیک جریزہ)، زیادہ تو بوجھ اِن جزیروں پر پڑتا ہے۔ مہاجرین اَپنا پہلا پڑاؤ یہاں کرتے ہیں پھر سسلی کے لیے نکلتے ہیں اَور اِس طرح CALABRIA (کلابریہ) میں دَاخل ہوجاتے ہیں۔ ایجنٹ یا دَلال اِس کاروبار میں ہر ماہ لاکھوں یوروں (euros)کا فائدہ اُٹھاتے ہیںیعنی اَگر آپ غیرقانونی اَسلحہ یا منشیات کا کاروبار کریںتو بھی آپ اِتنا منافع نہیں کماسکتے، جتنا آپ اِنسانوں کی سمگلنگ میں اِیک ماہ میں کماتے ہیں۔
صرف اِتنا سوچئے کہ سری لنکا یا انڈیا، پاکستان یا بنگلہ دیش سے اٹلی آنے کے لیے اِیک مہاجر ۵ ہزار یورو ادا کرتا ہے اَور چینی مہاجر اِس سے دوگنا۔ یہ اِیک اَیسا سفر ہے جس میں وَاپسی کا ٹکٹ نہیں ہوتا۔ اَور مزے کی بات یہ ہے کہ اِس سنگل ٹکٹ میں ڈِسکاؤنٹ (رعایت) نہیں دِیا جاتا بلکہ زیادہ ہی وَصول کئے جاتے ہیں۔