لاہور کے قدافی سٹیڈیم میں، 4 مئی ، 2024 ، کو دریچہ ادب پاکستان کی سپیشل سلور جوبلی کے موقع پر دریچہ ادب لاہور چیپڑ کے زیر اہتمام پنجاب آڈیٹوریم ادبی بیٹھک قزافی اسٹیڈیم لا ہور میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام تھا ، تقریب کے چیف آرگنائزر و بانی دریچہ ادب پاکستان سید قمر عباس ہمدانی اور آرگنائزنگ کمیٹی کے فرحت طاہر شاہ چیف ایگزیکٹو لاہور چیپٹر ، ملک رفیق کاظم ، صدر لا ہور یونٹ ، سجاد انعام سہارن نائب صدر لا ہوراور محمد ثاقب منیر تھے ۔ اس تقریب میں دریچہ ادب پاکستان کی ترویج و ترقی اور فروغ ادب کے حصول مقاصد کیلئے بہترین خدمات سر انجام دینے والے دریچہ ادب پاکستان کے عہدہدار وں اور اردو ادب کی ممتاز شخصیات کو اسناد، میڈلز اور ایوارڈز سے نوازا جانا تھا
ادارہ برائے زبان ، فن ، تے ثقافت پنجاب کی عمارت میں لاہور کے زیر ِ اہتمام دریچہ ادب پاکستان انٹرنیشنل ( رجسٹرڈ) جھنگ کی سپیشل سلور جوبلی کی شاندار تقریب میں جہاں پاکستان اور بیرون پاکستان سے آسمان ادب کے چاند تارے چمک دمک رہے تھے ان میں ایک میں گل بخشالوی بھی شریک تھا ، قدافی سٹیڈیم پہنچا تو جھنگ کی ممتاز شاعرہ و کالم نگار ارم ناز نے میرا استقبال کیا ، ارم ناز کے ساتھ تقریب کے ہال میں داخل ہوا ، تو قلم قافلہ کی پہچان شاعرہ ڈاکٹر زرقا نسیم غالب نے حسب معمول مسکراتے ہوئے کہا ، بابا ، خوش آمدید ، اور میں ان کے ساتھ ، ساتھ والی نشست پر بیٹھ گیا ، ارم ناز تقریب میں شرکت کے لئے آنے والے ممتاز ادب دو ست خواتین و حضرات کے استقبال کے لئے ہال کے صدر دروازے پر جا کھڑی ہوئیں ۔
دریچہ ادب پاکستان انٹرنیشنل ( رجسٹرڈ) جھنگ کے بانی اور روح روا ں سید قمر عباس ہمدانی نے سلور جوبلی کی تقریب سجانے کے لئے پاکستان بھر سے ممتاز شعراءو شاعرات کو تقریب میں مدعو کیا تھا ۔ ، ممتاز شاعر نقاد، ڈاکٹر سعادت سعید کی زیرِ صدارت تقریب میں بریگیڈئر (ریٹائرڈ) محمّد صادق را ہی ، محترمہ شاہدہ لطیف ، فنون کے مدیرِ اعلیٰ ، نیئر حیات قاسمی ، بیاض کے مدیر اعلیٰ عمران منظور ، الحمراءکے مدیر اعلیٰ شاہد علی خان ، قلم قافلہ پاکستان کے گل بخشالوی ، انیس انصاری، اسلم شنکر ، ثمرین ندیم ثمر ، عاطف جاوید عاطف، ڈاکٹر محمّد کلیم اور شہزاد نیئر خصوصی طور پر شریک تھے ۔ نقابت کے فرائض ، ممتاز شاعر ہ ڈاکٹر زرقا نسیم غالب ، پروفیسر عقیلہ آصف اور فرخندہ شمیم سر انجام دے رہی تھیں، ڈاکٹر زرقا نسیم غالب نے تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت ِ کلام پاک ، اور سرور ِ کا ئنات کے حضور نزرانہءنعت سے کیا ، تو میں اگلی نشستوںسے اٹھ کر آخری نشستوں پر تشریف فرما ، نیئر حیات قاسمی ، عمران منظور ، اور شاہد علی خان کے ساتھ بیٹھ گیا ،
دریچہ ادب پاکستان انٹرنیشنل ( رجسٹرڈ) جھنگ کی بانی اور روح روان سید قمر عباس ہمدانی نے تقریب کے باقاعدہ آغاز کے بعد تقریب میں شریک معزز خوا تین و حضرات کی تشریف آوری پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ، کہ دریچہ ادب پاکستان انٹرنیشنل کی سلور جوبلی کی تقریب میں آپ کی تشریف آوری ہمارے لئے باعث ِ صد افتخار ہے۔ مجھے فخر ہے اپنے ان ادب دوستوں کے حسن کردار پر جو 1996 ، سے میرے ساتھ اردو ادب کی شادابی کے لئے میرے ہم سفر ہیں ، میں ان کو کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کر سکتا ، وہ دریچہ ادب کی شان اور پہچان ہیں ۔ آج کی تقریب میں انہیں دنیائے اردو ادب کی پہچان شخصیات کے سا تھ ، ان کے مثالی ادبی اور علمی خدمات پر ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا جا رہا ہے آج کی تقریب ادبی سرگرمیوں میں ان کی صلاحیتوں کا بھر ملا اعتراف ہے ۔
سید قمر عباس ہمدانی کے اظہار خیال کے بعد ایوارڈ اور اسناد کی تقسیم کا مرحلہ تھا ، پروفیسرڈاکٹر عقیلہ آصف ، ڈاکٹر زرقا نسیم غالب اور فرخندہ شمیم ایوارڈ اور اسناد کے لئے اردو ادب کی قد آور شخصیات کو سٹیج پر آنے کی دعوت دیتی رہیں ادب دوست آتے رہے اور معتبر شخصیات کے دست ِ مبارک سے ایوارڈ اور اسناد وصول کر تے رہے ،راقم گل بخشالوی نے جناب قمر ہمدانی ، جناب نیئر حیات قاسمی ، جناب شہزاد نیئر ، کے دستِ مبارک سے ایوارڈ اور تقریب کے صاحب صدر ڈاکٹر سعادت سعید ، آ صف جاوید آصف اور شہزاد نیئر کے دستِ مبارک سے تعریفی اسناد وصول کیں
تقسیم اعزازات اور ایوارڈ ز کے بعد تقریب کے صاحب صدرڈاکٹر سعادت سعید ، نے شاندار تقریب کے اہتمام پر سید قمر عباس ہمدانی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہو ئے کہا ، آپ کی ادبی خدمات قابل صد تحسین و آفر ین ہیں ، وہ شعراءو شاعرات جن کو آج ان کی اردو دوستی کے اعتراف میں ایوارڈ اور ا سناد سے نوازا گیا ، قابل ِ صد مبارک باد ہیں جناب سید قمر عباس ہمدانی صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر سعادت سعید نے کہا کہ اردو ادب کے تابناک مستقل کے لئے ہم آپ کے ساتھ ہیں ،