(Last Updated On: )
اُس نے اپنی ہتھیلیوں کی طرف دیکھا ،جن پر مشقت اُسی طرح کھدی پڑی تھی، جیسے اُس کے بچپن میں نمایاں ہوتی تھی۔ اُسے یاد آیا: دھان کے کھیتوں میں رات بھر پانی لگانا اور پھر فصل کی تیاری پرکاٹنا؛دونوں عمل اپنی جگہ تھکا دینے والے تھے۔ کٹائی سے اُس کی ہتھیلیاں چھل جاتی تھیں۔ کبھی تویوں معلوم ہوتاتھا، جیسے اُس کی ہتھیلیاں بکرے کی کھال کی طرح اُدھڑ رہی ہیں۔ کپاہ چُننا، مویشیوں کے لیے چارا کاٹنا، کیکراور پھلاہی کے کھردرے تنوں کی چھال اُتار کر لانا، کھجور کے درختوں کی خشک شاخیں توڑنا ، بکریاں چرانااور پھر چند ساعتیں ہم جولیوں کے ساتھ ’’ گیٹی چھپان‘‘ ، ’’ لٹوگھمان‘‘ اور کبڈی کھیل لینا۔ زندگی میں اس سے زیادہ کھیل تماشے کی گنجائش بھی نہ تھی۔ دیہی زندگی کی مشقت اُس وقت اور سوا ہوجاتی ہے ، جب کوئی مزارع کے گھر پیدا ہو۔
دُور دُور تک عجیب سناٹاتھا؛ ایک خوف ناک اور روح کو چیر دینے والا سناٹا۔اُسے کم از کم یہی محسوس ہوتا تھا؛ حالاں کہ باہر دو پولیس والے مسلسل آپس میں باتیں کررہے تھے۔ اُن کے چہروں پر نقاب اور ہاتھوں پر دستانے چڑھے ہوئے تھے۔ اُن سے کچھ فاصلے پر ایک فوجی بندوق لیے کھڑا تھا؛جس نے خود کوبھاری بوٹوں، موٹے دستانوں اورسیاہی مائل سبز دھاری دار وردی اور ہیلمٹ نما جنگی ٹوپی سے چھپا رکھی تھی۔پتا نہیں اُس کے اندر یہ تنہائی کہاں سے اُترآئی تھی۔ کچھ دنوں سے ویسے بھی اُس کے اعصاب تھکاوٹ سے چُور تھے۔ صبح سے رات گئے تک مسلسل کام بجائے خود بہت سے نقش دُھندلا دیتا ہے اور جب ایک سراسیمگی اور وحشت کی فضا بھی مسلسل طاری ہوتودل و دماغ ثابت قدم کہاں رہ سکتے ہیں؟
باپ کے مرجانے کے بعد ،جب اُس کی ماں نے دوسری شادی کرلی توسوتیلے والد کو یہی آسان راستہ دکھائی دیا کہ اُسے کسی طرح درمیان سے نکال باہر کرے۔ باپ اکثر کہتا تھا: ’’پرایا خون کسی طرح اپنا نہیں ہوتا۔‘‘ ایک بہن تھی ، جو مشکل سے بارہ سال کی ہوگی، جب نئے باپ نے اُسے اپنے کسی عزیز سے بیاہ دیاتھا۔سوتیلے باپ نے اس کی ماں کو بیٹے کے بہترمستقبل کا خواب دکھا کر شیشے میں اُتارلیا تھا۔ آخر گاؤں سے سیکڑوں میل دُور شہر کے ایک خیراتی ادارے میں اُسے داخل کرادیاگیا۔ ادارے میں اس جیسے کئی اور بچے بھی تھے؛ جنھیں رہائش، خوراک، لباس اور دوسری ضروریات کے ساتھ تعلیم بھی مفت دی جاتی تھی۔آٹھویں تک تعلیم کے بعدان بچوں کو دوسرے مناسب اسکولوں میں داخل کرادیا جاتاتھا۔ میٹرک پر جس بچے کے اچھے نمبر آجاتے ، اُسے وظائف مل جاتے اور یوں اُس کا تعلیمی سفر مزید آسان ہوجاتاتھا۔
شروع میں اُسے شدت کے ساتھ ماں اور بہن کی یادآیا کرتی تھی؛ وہ چاہتا تھا، کہ جس طرح بھی ہو؛ اُسے اُن سے ملنا چاہیے لیکن ادارے کے سخت نگہداشتی قوانین اسے باہر جانے سے روکتے تھے؛ دوسری جانب گھروالوں نے بھی پلٹ کر خبر نہ لی۔رفتہ رفتہ اُس نے خود کو تنہائی اور تکلیف کا عادی بنالیا۔ اب اس کی زندگی کا سارا انحصار اسی ادارے پرموقوف تھا۔
گھر کے ماحول اورمستقبل کے انجانے خوف ناک تصور کی وجہ سے وہ وقت سے پہلے بالغ ہوچکاتھا۔اس لیے وہ اچھی طرح جانتاتھا،کہ اُسے اپنی راہ سینے کے بل طے کرنی ہے؛ورنہ وہ زندگی میں کبھی کھڑا نہیں ہوپائے گا۔ مسلسل مشقت اور خیراتی ادارے کی خبرگیری کے باعث آخر وہ ڈاکٹر بن کر ایک سرکاری ادارے میں تعینات ہوگیا۔کبھی کبھار وہ پلٹ کردیکھتا تھا لیکن ماضی کی بدنما یادیںاُس کاکلیجہ چیر کررکھ دیتیں۔ا پنوں کی پیہم بے اعتنائی اورکربِ لامتناہی اُسے پلٹنے نہ دیتا تھا۔ وہ سوچتا تھا، کہ کسی طرح ماں اور بہن کی خبرگیری ہی کرلیا کرے لیکن سوتیلے باپ کا چہرہ آنکھوں میں سماتے ہی اُس کے سارے خیالات اور ہمدردیاں بکھرکررہ جاتیں۔بہن کی کم عمری میں شادی کرادینے اور اسے گھرسے نکال دینے پر بعض اوقات اسے اپنی ماں بھی مجرم معلوم ہوتی؛ ایسے میں یہ گھناؤنی اور مکروہ سوچ بھی اُس کے دماغ سے چپک جاتی:
’’ محض اپنے بدن کی آسودگی کی خاطر ماں نے ہمیں راہ سے ہٹنے دیا؛ ورنہ مزاحمت کرتی ۔‘‘
ایسے لمحوں میں اُسے خود سے بھی شدید نفرت ہونے لگتی اور وہ چاہتا، کہ آس پاس رکھی ہوئی ہر چیز کو راکھ کرنے کے بعد اپنی زندگی کابھی خاتمہ کرلے۔خود سے لڑنے کے بعد لیکن خودہی معمول پرآجاتا۔اُس کی شادی نہ کرنے کی دیگر وجوہ میں سے ایک یہ وجہ بھی تھی۔ عورت سے اُس کا اعتبار اُٹھ چکاتھا۔ وہ اکثرسوچتا:
’’ میں مرگیا تومیری بیوی بھی میری ماں کی طرح کسی دوسرے مرد کی تلاش میں نکل کھڑی ہوگی۔‘‘
یہ احساس اسے شکست سے دوچار رکھتا۔ اس کی زندگی کا سب سے پُرسکون دن وہی ہوتا، جب وہ اپنے ماضی کے خیراتی ادارے میں وقت گزارتا۔ اُس کی تنخواہ کا بڑا حصہ اُس ادارے کی ضروریات پوری کرتا تھا۔ وہ جب بھی وہاں جاتا، وہاں کے بچوں سے یہی کہتا:
’’ یہ ادارہ جس طرح تمھارا مائی باپ ہے، اسی طرح میرا بھی ہے، لہٰذا تم میرے بھائی ہو۔ اپنی ضرورتوں کو مجھ سے نہ چھپایا کرو اور یہ بات ہمیشہ یاد رکھو، کہ احسان فراموش زندگی میں کوئی جہت نہیں پاسکتا۔ یہاں سے جب نکل جاؤ توپلٹ کر ضرورآؤ۔‘‘
باہر پولیس والے اُسی طرح محوِ گفتگو تھے اور اس کے اندرسناٹاپاؤں پھیلائے بیٹھا ہوا تھا؛ اچانک ایک ساتھی نرس نے ایک جھٹکے کے ساتھ دروازہ کھولا اور وہیں سے بتایا:
’’ بیڈ نمبرسترہ کا مریض بے حال ہے؛ وہ باربارچیختا ہے اوربھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔‘‘
’’ اچھا! تم چلو میں آتا ہوں۔‘‘
شہر سے دُور بنائے گئے اس قرنطینہ سینٹر میں اُن لوگوں کو لایا جاتا تھا؛جن میں وائرس کا شبہ ہوتا۔ خصوصاً اُن خاندانوں کے لوگ ہوتے، جن کاکوئی فرد باہر سے آیا ہوتا۔ان میں وہ لوگ بھی شامل تھے، جو ایران زیارات کے لیے گئے تھے اور وہ بھی جو یورپ، امریکا، چین ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب یا پھر کسی دوسرے ملک سے پلٹے تھے۔ حکومت پوری کوشش کررہی تھی ، کہ بلاتخصیص ہر ایک کی ایک بارجانچ ضرور ہوجائے ۔ پلٹنے والوں نے خود کوہی دھوکا نہ دیاتھا، بلکہ اپنوں کی زندگیوں سے کھیل کر انھیں بھی فریب میں مبتلا کیا تھا۔ اب مجبوراً ان کے لیے یہ اہتمام ضروری ہو چکاتھا۔ سینٹر میں آنے والے طرح طرح کے مسائل پیدا کرتے تھے۔ دو روز پہلے زیرِ جانچ ایک شخص نے عجیب مطالبہ کیا، جس پر ڈاکٹروں سمیت دیگر عملہ ایک دوسرے کا منھ دیکھتے رہ گئے۔ اُس نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کہاتھا:
’’ میں عادی شرابی ہوں، میرے لیے انتظام کریں، ورنہ میں باہر نکل جاؤں گا اور ہر ایک کے چہرے پر تھوکوں گا؛ سب کو مرض لگاؤں گا۔‘‘
ایک اور مریض نے مقامی کمشنر کے دورے کے موقع پر چیخ چیخ کر کہاتھا:
’’ ہمیں چرس دلائیں، سیگرٹ دلائیں؛ہمارا یہاں دَم گھٹتا ہے، یاپھر گھر جانے دیں۔‘‘
کمشنردم بخود رہ گیا۔ اُس نے کہا :’’سیگرٹ تو ہم دے دیں گے، چرس کا مطالبہ دُرست نہیں ۔‘‘
کمشنر کے جانے کی بہت دیر بعد تک ہنگامہ جاری رہا۔
’’ باباجی!کیوں چیختے اور بھاگنا چاہتے ہیں؟‘‘ ڈاکٹر نے سترہ نمبر بیڈکے مریض سے پوچھا۔
’’ میں بالکل ٹھیک ہوں، مجھے جانے دو۔ میری بکریاں مر جائیں گی۔‘‘بوڑھے نے جواب دیا۔
’’ آپ ٹھیک ہیں، ہم جانتے ہیں، بس کچھ دن انتظار کرلیں۔ہم آپ کوصحت مندرکھنا چاہتے ہیں۔ بس کچھ دن اور انتظار۔‘‘
’’ میری بکریاں مر گئیں توکون ذمہ دار ہے؟ میں اُنھیں چارہ ڈالتا ہوں، اُنھیں پانی پلاتا ہوں، اُن کا خیال رکھتا ہوں۔ آپ لوگوں نے پورا خاندان حفاظت کے نام پر قید کرلیا ہے۔‘‘
’’ باباجی!ہم توآپ سب کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔آپ کا خیال رکھتے ہیں۔ مفت دوائیں، مفت کھانا، مفت خدمت اوراس پر بھی آپ ناراض ہوتے ہیں؟‘‘
یہ کہ کرڈاکٹر نے مریض کا ٹمپریچر چیک کیا،جو مسلسل بڑھ رہاتھا۔اُس نے کچھ لکھ کر نرس کو انجکشن لگانے کی ہدایت کی اور باباجی کی جھڑکیاں اور گالیاں سُنتا ہوا دوسرے مریضوں کی طرف نکل گیا۔
یہ مریض آج ہی لایاگیاتھا۔ اس کے خاندان کے سات لوگ بھی اس کے ساتھ تھے۔ ایک بڑھیا،تین لڑکیاں، دو نوجوان لڑکے اور ایک بیس دنوں کا بچہ۔باباجی کو دیکھنے کے بعد اُسے خیال آیا، کہ ان کی تفصیل جاننے کی کوشش کرے۔ لڑکوں اور لڑکیوںکا پوچھے کہ وہ باباجی کے کیالگتے ہیں؛ بیس دن کے بچے کے متعلق جان کاری حاصل کرے؛ اسی لمحے اُسے خیال آیا کہ ان کے ساتھ جو بڑھیا ہے ، اُسے دیکھے؛ جسے ابھی تک وہ نہ دیکھ پایا تھا۔نرس نے اُسے یہی بتایا تھا :
’’ بابا جی ہیں، اُن کی بیوی ہیں، دو بیٹے ہیں، ایک بیٹی ہے اور دو بہوئیں ہیں۔‘‘
اُس نے سینٹر میں سے گزرتے ہوئے بوڑھی مریضہ کو دیکھا۔ ایک سرد آہ لی۔ پھراُس کے دماغ میں بدن کی آسودگی کی خواہش پر اولاد کوقربان کردینے والی ماں کا نقش لہراگیا۔اگلے روز وہ اپنے اسپتال میں فرائض انجام دے رہا تھا اور سینٹر میں اُس کی جگہ کوئی دوسرا ڈاکٹر ڈیوٹی پر چلا گیا۔