(Last Updated On: )
درختوں پر بُور اور بار کا زمانہ تھا؛ پرندے بھی بارآوری کے عمل سے گزرہے تھے اور بعض جانوروں میں بھی تخلیقی عمل جاری تھا۔یہی وہ دن تھے ، جب شجاع کے دوست نے اُسے بتایا:
’’ بُور آگیا ہے ،دُعا کرو۔‘‘
اُس نے خوشی کے ساتھ بہت سی دعائیں دیں۔
شجاع کو بچے بہت اچھے لگتے ہیں ؛سچ تو یہ ہے، کہ تخلیقی عمل سے گزرتی ہوئی عورتیں اُسے دیوی سے کم نہیں لگتیں؛ اس کا دل از خود ایسی خواتین کے احترام میں جھکتا چلا جاتا ہے ۔ ویسے اُس کے دوست کے یہاںپہلے بھی بچے موجود تھے؛ وہ بچے اُسی کے گھر کی نہیں بلکہ شجاع کے گھر کی بھی رونق تھے۔ وہ اپنے مطالعے کے کمرے میں ، بالکونی میں، گھر کے کوریڈور میں ، صحن میں، ٹیلی ویژن ہال میں یاپھر کچن میں چائے بنواتے ہوئے موجود ہوتا، تویہ تیز و تند طوفانوں کی مانند دروازوں کے کواڑ توڑتے اندر چلے آتے تھے۔ اُسے ان کایہ بے تابانہ پن بہت اچھا لگتا تھا۔ کبھی کبھی تو وہ اُس کی قیمتی کتابوں پر مختلف رنگوں کے قلم سے ایسی قلم کاری کرتے ، کہ وہ کتابیں پڑھنے کے لائق بھی نہ رہتیں۔اُسے یہ سب بھی اچھا لگتا تھا؛ کیوں کہ وہ اُس کے دوست کے بچے تھے۔شجاع کا خاندان بھی انھیں اتنا ہی چاہتاتھا، جتنا کہ وہ خود۔
ان بچوں کی پیدائش بھی تو ان کے سامنے ہوئی تھی؛یوں وہ اُن کی سالگرہ کو یادرکھتے اور حسبِ توفیق تحائف بھی دیتے۔ اُس کا دوست بھی شجاع کی خوشیوں میں ایسے ہی شریک ہوتاتھا۔ باہمی زندگی کا یہ خوش گوار پہلو دونوں خاندانوں کو بہت قریب رکھتا تھا۔
ان کی دوستی آج سے دس سال قبل اُس وقت شروع ہوئی، جب وہ ایک ہی ادارے میں کام کرتے تھے اور پھراتفاق سے اگلے دو سال بعد وہ اپنے شہر سے سیکڑوں میل دور ایک اور ادارے میں یکجا ہوگئے۔تب اُس کے دوست کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ شجاع کی شادی کوالبتہ کچھ عرصہ گزر چکا تھا۔ نئی ملازمت کے بعدشجاع اپنے گھرو الوں کو ساتھ لے آیا تھا۔
سیکڑوں میل کی مسافت میں اپنوں سے دُور رہنا کچھ دانش مندی نہیں۔ اگرچہ اس طرح آپ باقی خاندان سے کٹ جاتے ہیں لیکن بیوی بچوں کا ساتھ رہنا بھی ایک نعمت ہے اور ان سے دُوری ایک کڑے امتحان جیسی ہے۔ کچھ سال بعد جب اُس کا دوست بھی اپنے بیوی بچوں کو لے آیا تو شجاع کے خاندان نے پردیس میں اُن کا دل لگانے میں بہت کردار ادا کیا۔
دونوں گھرانے اتنے شیروشکر تھے، کہ باقی لوگوں کو گمان گزرتا، جیسے وہ قریبی عزیز ہوں۔ اکثر لوگ یوں بھی اس بات کی تفریق نہیں کر پاتے تھے اور پھر اکثر فراغت کے وقت ان کا ایک ساتھ ہونا بھی اس بات کاشہادت گزار بن جاتا ۔دونوںمیں سے اگرکوئی کہتا ،کہ وہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں اور باہمی رفاقت کے سوا کوئی رشتہ نہیں ؛تواس بات پر بھی کم ہی یقین کیا جاتا۔سچ تو یہ تھا، شجاع کے دوست کے بچے اُسے تایا اَبو کہتے تھے اور جب بچے اُسے یوں پیار سے پکارتے تو اُس کاجی بھی چاہتاتھا،کہ وہ اپنا سب کچھ اُن پر لٹادے۔
وقت تو بدلتا ہے؛اُن کے یہاں بھی بدل گیا۔ اُس کے دوست کا خاندان جڑپکڑتا گیا اور دوسرے لوگوں سے تعلقات استوار ہوئے تو شجاع کے یہاں اُن کا آناجانا کم ہوتاگیا۔ وہ اس بات کو معمول کے مطابق سمجھتا تھا۔ یہ انسان کی بنیادی عادات میں سے ایک ہے۔ وہ چاہتا ہے، کہ ہر پل نیا جہان سر کرے؛ نئے تعلقات بنائے؛ نئی دنیاؤں سے لطف کیش ہو۔ اس لیے اُسے کچھ عجیب نہ لگتا تھا۔ البتہ شجاع اس معاملے میں ذرا قدامت پرست تھا۔ وہ تعلق بنانے میں بہت دیر لیتا تھا۔ غالباً یہ اُس کی خاندانی تربیت کا نتیجہ تھا، کہ اُن کے یہاں تعلق بنانے اور تعلق توڑنے میں زمانے لگ جاتے تھے۔ جسے ایک بار دوست بنا لیا، وہی راستہ بدل لے تو بدل لے؛ ان کا دستوربہ ہرحال ساتھ نبھانے کا تھا۔ یہاں بھی یہی اُصول قائم تھا۔ بیچ میں کئی اُتارچڑھاؤ آئے؛ کئی بار اُس کے دوست نے سرِ محفل شجاع کی کسی کمزوری کوا ُچھالا بھی اور بعض مرتبہ تو اُسے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی تعلیمات بھی یادآئیں لیکن وہ دوست کی باتوں کو اپنا وہم سمجھ کر در گزر کرتا رہا۔
جس بات نے اُس کے دل میں پہلی گرہ لگائی، وہ بہت تعجب خیز ہے۔ وہی بچے جو اُسے تایا ابو کہتے تھے، اُنھوں نے انکل کہنا شروع کردیا اور پھر بات انکل سے ہوتی ہوئی ’’سر‘‘ تک آگئی۔ اب اس کے لیے سمجھ جانا بہتر تھا؛ سوا پنے تئیں وہ اچھائی کی ٹھان کے ایک قدم پیچھے ہوگیا۔ خواتین کے تعلق کے حوالے سے کوئی حتمی بات اس لیے نہیں کی جاسکتی کہ ان کے رویوں میں اُتارچڑھاؤ معمول کی بات ہے۔ صبح ناراض ہیں توشام کو بریانی بھیج رہی ہیں۔ یہ اتوار نفرت آگیں ہے توا گلے اتوارکو پورے خاندان کو گھر بلوایا ہوا ہے۔ ان کے یہاں بھی ایسا ہی ہوتا رہتا۔
وہ مسکرا کرملتے تھے؛ کھانا اکٹھے کھالیتے تھے۔ کام میں ایک دوسرے کا ہاتھ بھی بٹاتے تھے اور بعض اوقات سفر بھی اکٹھے کر لیتے تھے۔ ایک موقعے پر شجاع نے اُس کی اپنائیت بھری گفتگو پر محسوس کیا، شاید وہ اُسے سمجھنے میں غلط ہو۔ دوست ویسا نہیںشاید ، جس طرح وہ سمجھ رہا تھا اور پھر یہ کون سی بڑی بات ہے، کہ بچے اُسے’’سر‘‘ کہ کرپکارتے ہیں۔ ہوسکتا ہے،اُس کے دوست نے یہ سب بچوں کی بہتر تربیت کے لیے کیا ہو۔ ویسے بھی یہ القابات حقیقی رشتوں کے لیے ہی موزوں ہوتے ہیں۔شجاع نے احساسِ مروت کے ساتھ سوچا:
’’ کیا یہ دوستی اور محبت کی علامت نہیں کہ اُس نے انتہائی ذاتی بات میں مجھے حصے دار بنایا؟ ورنہ کون ہے ،جوکسی کو ایسی اطلاع دے گا، کہ اُس نے بیج کاشت کیا تھا اورانکھوا پھوٹ چکا ہے۔‘‘
انھی دنوں میں ایک بار شجاع کے دوست نے اُسے کوبتایا:
’’ تمھاری بھابھی بیمار ہے۔ ان دنوں مشکل زیادہ ہوجاتی ہے۔ بچے چھوٹے ہیں، ہروقت کھانے پینے کی ضد کرتے ہیں اور کام والی بھی کچھ دنوں سے نہیں آتی۔‘‘
شجاع کو بہت دُکھ اور شرمندگی کا احساس ہوا۔ اس کے ہوتے ہوئے بھی دوست ایک مشکل مرحلے سے گزررہا تھا اور وہ اتنا بے خبر رہا تھا۔اسی احساس نے اُس سے کہلوایا:
’’ یہ تو کوئی ایسی بات نہیں۔ آیندہ کھانا میری طرف سے ہی آئے گا۔ تمھیں تردد کرنے کی ضرورت نہیں اور نہ دھیان میں یہ لاؤ کہ اس سے ہمیں کوئی مشکل ہوگی۔بچوں کو ہمارے یہاں بھیج دیا کرو۔ ہمارا دل بھی بہل جاتا ہے اُن کی معصومیت بھری شرارتوں سے۔‘‘
’’ نہیں ، میں خود کرلیتا ہوں سب کچھ، ویسے ایک بات کہ دی۔‘‘
’’ ٹھیک ہے مگرمجھ پر واجب ہے ،کہ میں خیال رکھوں۔‘‘
پھر حسبِ توفیق شجاع اُس کی مشکلات دورکرنے میں جٹ گیا۔
اُن دنوں اچانک وبا پھوٹ پڑی۔ہر طرف نفسانفسی کا عالم تھا۔ لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی تھی ،کیا کریں اور کیا نہ کریں۔شجاع بھی سخت پریشان تھا۔ یہ عین فطری بات ہے ،کہ مشکلوں میں انسان اپنوں کی طرف لپکتا ہے؛ چاہتا ہے ،کہ اگرموت آنی ہے تو اپنوں میں آجائے؛پردیس میں مرنے کی رُسوائی بھی ایک عجیب احساس رکھتی ہے۔وہ بھی فکر مند تھا اور چاہتا تھا اپنے شہر چلا جائے۔ ابھی آمد ورفت کے ذرائع معطل نہیں ہوئے تھے اور نہ وبا کے باعث شہروں کویوں زیادہ مقفل کیا گیا تھا۔ ملک میں اکا دکا قرنطینہ سینٹر بنے تھے۔ اُس نے اپنے دوست سے کہا:
’’ میرا خیال ہے، آنے والے دن خطرناک ثابت ہوں گے۔ حالات بگڑتے چلے جارہے ہیں۔ جوں جوں بیرونِ ملک سے ہمارے لوگ پلٹ رہے ہیں ؛ وبا میں اضافہ ہوتا جاتا رہا ہے اور حکومت بھی سخت اقدامات کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بہتر یہ ہے، کہ ہم اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور اپنوں میں رہیں۔‘‘
’’ میرا خیال ہے، خطرے والی کوئی بات نہیں۔ حالات جلد معمول پر آجائیں گے۔‘‘
’’ میں مشکلات دیکھ رہا ہوں؛اس لیے جانا چاہوں گا۔‘‘
’’اگرحالات خراب ہوئے تو تب دیکھ لیں گے؛ ابھی نہیں جاناچاہیے۔‘‘
’’ ہو سکتا ہے، تب پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوجائے اور سیکڑوں میل کا سفر مشکل ہوجائے ۔‘‘
’’ آپ جانتے ہیں میری بیگم کی طبیعت خراب رہتی ہے۔ایسے میں سفر ___!‘‘
یہ ایسا جملہ تھا ،جوشجاع کے سینے میں اُترگیا۔وہ اس جملے میں پوشیدہ مفہوم سے آگاہ تھا۔ اب اگر وہ چلا جاتا توہمیشہ دوست کے دل میں یہ خیال باقی رہتا، کہ شجاع نے دوستی کا لحاظ نہیں رکھا۔ مشکلوں میں توساتھ دیا جاتا ہے، چھوڑا نہیں جاتا۔ اُس نے فیصلہ کیا ؛ ایسا فیصلہ جو بعد میں اُس کے لیے کئی مشکلوں کا موجب بنا۔
’’ ٹھیک ہے ، ہم نہیں جاتے۔ اللہ مالک ہے۔‘‘ شجاع نے فیصلہ کن انداز میں کہا۔
یہ وہی دن تھے، جب پورے ملک میں کرفیو جیسی فضا تھی۔ پبلک ٹرانسپورٹ پوری طرح منجمد تھی۔ آمد ورفت کا سلسلہ اپنی گاڑی پر ہی موقوف تھا۔ حکومت ہر تحصیل میں قرنطینہ سینٹر بنا رہی تھی۔ اتفاق سے اُن کے ادارے کو بھی سینٹر بنادیا گیا۔ اگرچہ رہائشی کالونی فاصلے پرتھی لیکن ایک عجیب سا خوف پھیل چکا تھا۔جس روز قرنطینہ میں مریضوں کو منتقل کیاجاناتھا، اُسی روز شجاع کے دوست نے اپنے گھرجانے کا فیصلہ کرلیا ۔
یہ بات شجاع کو ایک تیسرے فرد نے بتائی تھی۔وہ اگرچہ اس بات پر حیرا ن بھی تھا، کہ کچھ دیر پہلے تو اُن کی ملاقات ہوئی تھی۔ دوست نے تو ذکر نہیں کیا تھا۔ پھر بھی اُس نے خوشی یا پھر مجبوری کے احساس کے ساتھ دوست سے رابطہ کیا۔
دوست کی گاڑی میں جگہ موجود تھی، اس لیے سب ایک ساتھ آسانی سے جاسکتے تھے۔ اُس نے دوستانہ تعلق کو پیشِ نظررکھتے ہوئے اپنے دوست سے بات کی:
’’ ہمیں بھی ساتھ لے چلو، اَب یہاں خطرات بڑھ گئے ہیں۔‘‘
’’ میری بیگم کی بیماری کا توآپ کو علم ہے۔اکٹھے سفر میں پریشانی بڑ ھ جائے گی ___ ورنہ لے جانے میں تو ____‘‘
شجاع اس جواب کے لیے ذہنی طور پربالکل تیار نہ تھا ۔ وہ اپنے تعلق کو بہت اہم خیال کرتاتھا لیکن اس مشکل گھڑی نے اُسے بہت کچھ سکھا دیاتھا۔