(Last Updated On: )
چوک میں دُور دُور تک کوئی دکھائی نہیں دیتاتھا۔ وہ اپنی ڈبل کیبن گاڑی میں بیٹھی اِدھر اُدھر یوں نظریں دوڑارہی تھی، جیسے اُس کا کوئی بہت ہی عزیز کھوگیا ہو۔ اُس کے چہرے پر ایک انجانا احساس تھا ۔ایسا احساس، جس میں جستجو اور حزن یکجا ہوجایا کرتے ہیں۔ اُس نے ڈرائیور کو ملائم لہجے میں ہدایت دیتے ہوئے کہا:
’’ آہستگی سے آگے بڑھتے رہو اور دونوں جانب دیکھتے جاؤ۔‘‘
دراز قد، سرخ و سپید رنگت ،جسے دیکھنے سے کبھی یوں احساس ہوتا کہ اچانک لہو کی کچھ بوندیں جلدسے نکل کر چہرے پرپھیل جائیں گی۔ متناسب ڈیل ڈول اور پھربے انتہا خوب صورتی کے ساتھ ایسا تہذیبی رکھ رکھاؤ کہ دیکھنے والے قدرت کی اس فیاضی پر رشک کرتے رہ جائیں۔ ایسی ملوک اور مہذہب شخصیت خال خال نظر آتی ہے۔
ڈرائیور اپنی مالکن کے تاثرات جاننے کے لیے تھوڑی تھوڑی دیر بعد آئینے میں سے جھانک لیتاتھا۔چیونٹی کی چال چلتے بہت دیر ہوچکی تھی اورانھیں مطلوبہ ہدف تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی تھی۔مطلوبہ چوک کب کا پیچھے رہ چکاتھا۔وہ آگے نکلتے گئے؛ اچانک اُ ن کی نظریں ایک بندہوٹل کے چھجے تلے بیٹھے دو بوڑھوں پر پڑیں۔ اُس نے بے تابی کے ساتھ ڈرائیور سے کہا:
’’ روکو ___روکو، ان کے سامنے روک دو۔‘‘
’’ جی میڈم‘‘ کہتے ہوئے ڈرائیو ر نے گاڑی ہوٹل کے سامنے روک دی۔
میڈم نے گاڑی کا شیشہ نیچے کرکے دونوں بزرگوں کو اپنی طرف اشارے سے بلایا۔ غربت اورافلاس اُن کے چہروں سے ٹپکتی تھی۔ ایک کے ہاتھ میں رنگ کرنے والا برش پکڑا ہوا تھا۔ وہ اپنے کپڑوں سے رنگساز معلوم ہوتاتھا۔ اس وضع کے لوگ عموماً شہر کے چوکوں پر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ لوگ عمارتوں میں رنگ روغن کرکے دہاڑی لیتے اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔دوسرے بزرگ کے ہاتھ میں تیشہ اور کرنڈی تھی۔ اگرچہ اُس نے نسبتاً صاف کپڑے پہن رکھے تھے لیکن اُس کے چہرے کے خط و خال سے مفلوک الحالی اور بے چارگی عیاں تھی۔ اچھا راج کہاں بے کاررہتا ہے؟ ٹھیکیدار اسے ہاتھوں ہاتھ لیتے ہیں لیکن جواپنی توانائیاں کھو دے اور اونچی عمارتوں پر چڑھنا جس کے لیے مشکل ہوجائے ؛ اُسے کوئی اپنے کام پر نہیں لے کرجاتا۔ چناں چہ اس کے لیے بہترین جگہ اس طرح کے چوک ہی ہوتے ہیں۔ایسے راج چوکوں میں بیٹھ جاتے ہیں۔جس نے تھوڑا بہت کام کرانا ہوتا ہے؛ جیسے گٹر کی مرمت، بالکونی کی کھسکی ہوئی اینٹوں کی بحالی یا پھر ٹوٹے ہوئے فرش کی مرمت وغیرہ۔ توپھران راجوں کی دہاڑ بن جاتی ہے؛ورنہ چوک میں بیٹھ بیٹھ کر ناکام گھروں کو پلٹ جاتے ہیں۔
میڈم نے دونوں کو مخاطب کرکے پوچھا:
’’ کتنے دنوں سے کام پر نہیں گئے ؟‘‘
’’ بیس دن ہوگئے ہیں بی بی صاحبہ‘‘ دونوں نے بیک وقت جواب دیا۔
میڈم نے غور کیاتودونوں کی آنکھوں میں عجیب سی بے بسی اورمعصومیت کی بے تاب لہریں رقص کناں تھیں۔وہ دیکھ کر تڑپ اُٹھی۔
ایسے گھرانے، جن کی گزراوقات دہاڑی پر ہو ،اگروہ بیس بیس دن یوں بے کار رہیں گے تو اُن میں فاقوں کے دیو پنجے گاڑھ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ بھوک کی شدت اپنی جگہ، بیماروں اوربچوں کی ضروریات پوری کرنا بھی ناممکن ہوجاتا ہے۔مکان کاکرایہ، یوٹیلٹی بلوں کا بوجھ اور ناقابلِ یقین صورت ِ حال انھیں مارڈالتی ہے۔یہی وہ احساسات تھے، جنھوں نے میڈم کو گھر سے نکلنے پر مجبور کیاتھا۔ دراصل کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پرکئی ایسے ویڈیو کلپ پھیلے ہوئے تھے، جن میں مفلوک الحال لوگوں کی مدد کی تحریک دی جارہی تھی۔ اُس نے ایک ویڈیو دیکھی تھی، جس میں راشن کے تھیلوں سے بھری ہوئی ایک جیپ ؛ جس کا ڈارئیور ٹھیلے والوں، سائیکل والوں، مزدوروں، بھکاریوں یاپھرپیدل چلنے والے بزرگوں اور بچوں کو دیکھتا ہے توجیپ کی رفتارآہستہ کرکے اُن میں راشن کے تھیلے بانٹتاجاتا ہے۔نہ جیپ کی شناخت ہوتی ہے اور نہ لینے والوں کی۔ اُسے یہ انداز اچھا لگاتھا۔ تب اُس نے سوچا ،وہ بھی ایسے ہی انداز سے لوگوں کی مدد کرے گی۔
اگرچہ کئی فلاحی اورسیاسی تنظیمیں کام کرتی ہیں۔ وہ اگردوکلوچینی بھی کسی کو فراہم کرتی ہیں تو لینے والے کے ساتھ تصویربناکراُسے عام کرنا ضروری خیال کرتی ہیں۔ ایسی تنظیمیں اور لوگ بھول جاتے ہیں ،کہ اس طرح وہ مجبورخاندانوں کی عزتِ نفس پر حملہ آور ہوتے ہیں اوراُنھیں معاشرے میں منھ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑتے۔ اس طرح کے صدقات و خیرات محض دکھاوے کے زمرے میں آتے ہیں۔ خالق کی رضا تواس میں ہے، کہ دینے والے ہاتھ سے دوسرا ہاتھ بے خبر رہے ۔وہ بھی یہی چاہتی تھی ،کہ دوسرا ہاتھ بے خبررہے۔اُس کے لیے وہ ویڈیو تکلیف کا سبب بنی تھی، جس میں ایک غریب شخص تین کلوآٹا، آدھاکلوچینی اور ایک پاؤ گھی کا پیکٹ اُٹھائے کہ رہاتھا :
’’ حکومت نے میری یہ مدد کی ہے؛ دیکھو لو۔ میں صبح سے قطار میں کھڑاتھا۔ یہ راشن توایک دن میں ختم ہو جائے گا۔کیا کل پھر مجھے بھکاریوں کی طرح یہاں آنا پڑے گا؟‘‘
میڈم نے اُن مزدوروں کی مدد کے لیے اپنا پرس کھولا؛دو منٹ ہی گزرے ہوں گے کہ اُس کی گاڑی چاروں طرف سے گِھر گئی۔ بیسیوں لوگ اچانک کہیں سے نکل آئے۔ یہ سب اسی قبیلے کے لوگ تھے۔کسی کے ہاتھ میں تیشہ پکڑا ہواتوکسی کے ہاتھ میں برش، کوئی کدال پکڑے کھڑا تھا توکوئی بیلچہ لیے۔ اُس کے لیے یہ منظر انتہائی تکلیف دہ تھا۔ بے کسوں اور بے بسوں کا ہجوم دیکھ کر اُس کے اوسان خطا ہوگئے۔ اتنی غربت اور بے چارگی کا تصور بھی اُس کے لیے محال تھا۔وہ یہ سوچنے پر مجبور تھی، کہ ریاست غریبوںکی مددکرنے سے قاصر ہے ۔ریاستی ادارے پوری طرح نااہل ثابت ہوچکے تھے۔ افسروں اور اہل کاروں کی ہڈحرامیاں اس ایک واقعے سے عیاں تھیں۔
یہ غریب لوگ پولیس کے خوف کے باعث دُور دُور چھپ کر بیٹھے تھے ،کہ مبادا ٹولیوں میں بیٹھنے کے جرم میں پکڑے جائیں اور پولیس والوں کے ڈنڈے کھائیں یا پھر حوالاتوں میں بھرے جائیں۔اب البتہ اُمید کی ڈور انھیں کھینچ کر گاڑی تک لے آئی تھی۔
میڈم نے بٹوے سے رقم نکال کر بانٹنا شروع کی ہی تھی، کہ اُسے اپنے طرزکی ناکامی کا احساس ہوا۔ مزدروں نے چھیناجھپٹی شروع کردی ۔ کئی باراُس کی نازک کلائیوں پر سخت اور کھردرے ہاتھوں کی تلخی اُتری۔ایک موقع پر توتین لوگوں نے یکبارگی اُس کے ہاتھ کو ہی پکڑ لیا، جسے چھڑانا بہت مشکل ہورہاتھا۔ اُس نے فوراً گاڑی کے شیشے اُوپر کیے اور ڈرائیور کو نکل جانے کا حکم دیا۔ یہ لیکن آسان نہ تھا۔
مزدورں نے گاڑی کو چاروں طرف سے گھیر رکھاتھااور وہ کسی بھی طرح پیچھے ہٹنے کو تیار نہ تھے۔ایک شخص نے ہتھوڑے والے شخص سے کہا:
’’ شیشے پر ہتھوڑا مارو، جلدی توڑو۔‘‘
یہ سن لینے کے بعد جواز باقی نہ رہاتھا، کہ وہاں مزیدٹھہراجاتا۔اب مدد کی بجائے خوف کااحساس غالب ہونے لگاتھا۔میڈم نے کئی بار یہ جملہ دُہرایا:
’’ ڈرائیو! جلدی نکلو یہاں سے، نکلو جلدی۔‘‘
ڈرائیور نے وہاں سے مشکلوں کے ساتھ گاڑی نکالی۔
ملوک چہرہ دُکھوں سے اَٹ چکاتھا۔ آنکھوں میں نہ رُکنے والے آنسوؤں کا ذخیرہ اُتر آیا تھا۔ نہیں معلوم کتنے زمانوں سے وہ آنکھیں نہ روئی تھیں۔ آج شاید پہلی بار اُن میں سیلاب یوں بپھرا تھا، کہ جیسے کبھی قرار نہ پائے گا۔ اُس نے بھی بپھرنے دیا، بڑھنے دیا، بڑھنے دیا۔پھربے ساختہ اُس کی زبان پررواں ہوا:
’’ اُف میرے خدا! اتنی غربت؟ میںتصور بھی نہ کرسکتی تھی ،کہ لوگ اتنے سنگین حالات میں جیتے ہیں۔ یہ تڑپتی، کُرلاتی اور بین کرتی زندگی مجھے کبھی چین سے سونے نہ دی گی۔‘‘
آج پہلی باراُسے اپنے شوہر کی پانچ گاڑیاں، چھے کمرشل پلاٹ، دوبنگلے اور کروڑوں روپے، راکھ کا ڈھیر معلوم ہوئے تھے اور وہ خود کو دُنیا کی غریب ترین مخلوق خیال کررہی تھی۔