(Last Updated On: )
میں کمرے میں داخل ہوئی تو اس کے ننھے سے وجود کو پردے کی اوٹ سے جھلکتا پایا ۔ کمرے میں روشن دان سے آتی روشنی کی لکیر اس وقت کمرے میں یہی تحلیل ہو گئی۔ جب میں نے پردے سرکا دیے سارا کمرا اجلی روشنی میں نہا گیا۔ وہ اچھلتا پھدکتا میرے بستر پر آدھمکا ۔ کمرا روشن ہوا تو چیزوں کی سطح تازہ تازہ پڑی گرد نے مجھے اپنی جانب متوجہ کیا ۔ میں جان بوجھ کر اس ننھے وجود کو نظر انداز کرنے لگی جو کبھی پردے کی اوٹ سے جھانکتا اور کبھی میرے بستر پر کر وٹیں لینے لگتا جانے کیوں میں اس سے نظریں چرانے لگی تھی بہت سے کام ادھورے تھے۔ آج کا دن بہت مصروف گزرنا تھا، میں جلدی سے چیزوں پر پڑی گرد کو صاف کرنے لگی۔ بستر کی چادر بدلتے ہوئے میں جان بوجھ کر اس کے ننھے وجود کو بھی چادر میں لپیٹ دیا اور نئی چادریں بچھا دیں ۔ شاید اس طرح اس ننھے وجود سے چھٹکارا مل جائے۔
گھر بھر کی صفائی کے بعد قدرے فراغت کے احساس کے ساتھ میں اپنی آرام کرسی پر بیٹھ گئی ۔ آنکھیں موند لیں اور جیسے آرام کر سی بغیر کسی کوشش کے خود ہی حرکت کرنے لگی۔ اس دوران مجھے اپنی پائو ں کی انگلیوں پر کسی اور ننھے منے پائوں رکھنے کا احساس ہوا۔ میں نے آنکھیں کھولنا چاہیں مگر میں اس لمس کو محسوس کرنا چاہتی ۔ پھر وہ ننھا وجود میرے پائوں کی جانب سے رینگتا ہوا میری گود میں آبیٹھا ۔ میں نے آنکھیں کھول دیں۔ وہ ننھا وجود کچھ اس انداز سے میری گود میں بیٹھا تھا جیسے کوئی کوہ پیما کسی برف پوش چوٹی کو سر کر کے اس پر بیٹھا سامنے نظر آنے والی برف پوش چوٹی کو دیکھنے محو ہو۔گھر کے اندر کے کام تو نمٹ گئے باہر کے کاموں کا خیال آتے ہی میں اٹھ کھڑی ہوئی۔ وہ ننھا وجود میری گود سے فرش پر جا گرا میں اسے روندتی ہوئی گاڑی میں بیٹھ گئی۔ گاڑی سٹارٹ کی اور میرا رخ گوشت مارکیٹ کی طرف ہو گیا۔ گوشت کی خریداری کے بعد میں گاڑی کا دروازہ کھولنے لگی میری نظر ایک گنے کی رس کی دکان پر پڑی جی چاہا کہ ٹھنڈا ٹھنڈا گنے کا رس پیا جائے ۔میں نے گاڑی اس دکان کے سامنے روکی۔ دکان کا مالک اپنے بھاری بھرکم گوشت پوست کے وجود گنے کا رس نکال رہا تھا ۔ گاڑی کے رکتے ہی ایک آٹھ نو سال کا بچہ گنے کے تازہ تاز ہ رس کا گلاس لے کر میری جانب بڑھا و ہ یونہی ہر رکتی گاڑی کی جانب لپکتا اور آرڈر ملتے ہی گلاس گاڑیوں تک پہنچاتا ۔ مگر اس کے اپنے ہونٹ خشک تھے۔ مجھے اپنی گردن پر پانی کے چند قطرے محسوس ہوئے میں نے نظر گھما کر اپنے بائیں شانے پر دیکھا و ہ ننھا سا وجود جانے کب سے میرے شانے پر بیٹھا تھا یہی منظر دیکھ کر اس کی آنکھیں بھیگ گئیں اور اس کی آنکھوں سے نکلتے آنسو کے چند قطرے میری گردن سے ہوتے ہوئے میرے دل میں آکر جذب ہو گئے۔ گرمی اپنے زوروں پر تھی میں نے گاڑ ی کا اے سی کے سامنے سیٹ پر رکھ دیااور گوشت کو ٹھنڈا رکھنے کی غرض سے اے سی کے سامنے سیٹ پر رکھ دیا ۔گوشت کو دیکھ کر اس کے چہرے پر عجیب سی ناگواری کا احساس ابھرا اور سیٹ پر بیٹھنے کے بجائے میری آستین میں سر چھپانے لگا ۔ آخر پہ وجود اتنا بے قرار کیوں رہتا ہے ؟اسے کہیں سے چین ہی نہیں ۔ شاید یہ گھر ہے کیا مجھے اس کے لیے کوئی گھر تعمیر کرنا چاہیے ۔ جہاں وہ سکون سے رہ سکے اور یوں مارا مارا نہ پھرے ۔ لیکن اس کام کے لیے میرا خود ان گورکھ دھندوں سے نکلنا ضروری تھا۔ اس ننھے وجود کے لیے کیسا گھر بنائوں ابھی یہ سوچنا باقی تھا۔
رات کمرے میں داخل ہوئی تو میں نے دراز میں سے قلم اور چند صفحات نکالے ۔ اچانک وہ پھر سے نمودار ہوا ۔ میں نے قلم ہاتھ میں لیا تو وہ قلم کے ڈھکن پر آبیٹھا اور مستی کے عالم میں ہوا میں ٹانگیں لہرانے لگا ۔ اس کی خوشی دیدنی تھی ۔ قلم جس میں روشنائی تو تھی مگر اس کے لب خشک تھے میں نے ہاتھ سے قلم کو جھٹکا تاکہ یہ رواں ہو جائے ۔ لیکن وہ ننھا وجود قلم کے وجود سے مضبوطی سے لپٹا رہا ۔ کبھی وہ قلم کے ڈھکن پر آبیٹھتا اور کبھی سیاہ ہوتے ہوئے اوراق میں لوٹنے پوٹنے لگتا۔ یوں روز کچھ وقت قلم اور صفحات کے ساتھ گزارنا میر ا معمول بن گیا۔میں نے اس ننھے وجود کے لیے کاغذ کا گھر بنایا وہ اس گھرمیں بہت خوش تھا اب دن بھر وہ مجھ پر نظر رکھتا مگر میرے قدموں سے نہ لپٹتا ۔ بس سارا دن میں اس احساس کے حصار میں رہتی کہ وہ نہایت بے تابی سے اپنے کاغذ کے بنے گھر میں میرا منتظر ہے۔ یوں کاغذکے بنے گھر میں ہماری ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ کبھی وہ مجھے گھر کی دھلیز تک رخصت کرنے آتا اور کبھی اپنے وجود کی مہک کو میرے ساتھ ہی رخصت کردیتا ۔میں اس خوشبو کو امانت کی طرح دن بھر ساتھ لیے لیے پھرتی اور پھر اس کاغذ کے گھر میں بنی کیاریوں میں کھلے رنگ برنگے پھولوں کے حوالے کر دیتی ۔یوں کاغذ کے اس گھر کا کونا کونا سجنے سنورنے لگا اس ننھے وجود کی بے قراریاں سمٹنے لگی تھیں اور وہ قد آور ہونے لگا۔ اب اس کے گھر کے لیے مجھے زیادہ کاغذ وں کی ضرورت تھی ۔ میں نے اس گھر کے صفحات کو ترتیب سے اوپر نیچے رکھ دیا اور ان بنیادوں پر اک نئے گھر کی تعمیر کا سوچنے لگی۔آج کی رات وہ پھر سے میرے ساتھ تھا ۔ کبھی میری پلکوں پر آبیٹھتا اور کبھی میری دھڑکنوں کو کان لگا کر سننے لگتا جانے کب میں سو گئی لیکن اس کی کھٹ پٹ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ صبح ہوتے ہی میری نظر تپائی پر رکھے ان سیا ہ اوراق پر پڑی جو اک کتاب کی صورت میں نظر آرہے تھے ۔ میری آنکھیں اس ننھے وجود کو تلاشنے لگیں یہ اسکی کارستانی لگتی تھی۔ پہلی بار وہ میرے سامنے آلتی پالتی مار کر بیٹھ گیا اس کے ننھے ہاتھ جو اب خاصے مضبوط ہو چکے اس کتاب کی طرف بڑھنے اور اس نے وہ کتاب مجھے تھما دی ۔آج اس کتاب کی تقریب رونمائی تھی مجھے اس کتاب کی خالق کی حیثیت سے جب سٹیج پر بلایا گیا تو و ہ اس وقت بھی میرے ساتھ تھا اس کا ساتھ پا کر مجھے قدرے اطمینان ہواسٹیج کے زینے پر پہلا قدم رکھتے ہی اس کا قد آور وجود میرے شانوں پر جھکنے لگ ااور پھر وہ سمٹتے سمٹتے میری ھنسلی کی ہڈی میں آہستگی سے جذب ہو گیا
**