(Last Updated On: )
رات میں اس خیال سے دیر تک جاگتی رہی کہ صبح ویسے بھی چھٹی ہے آ رام سے اٹھنا ہو گا۔ لیکن چڑیا کی چوں چوں نے مجھے صبح سویرے ہی بیدار کر دیا ۔ جیسے پانی کی روانی ، جیسے چلتی ہوئی ہوا سے سبزے کی سر سراہٹ ۔ چڑیا کی چوں چوں بھی ایسے ہی مسلسل تھی اگرچہ یہ چوں چوں کانوں میں ایسے رس نہیں گھولتی جیسے کسی کوئل کی آواز ، یہ اتنی نرم بھی نہیں تھی جیسے کلیوں کی چٹکنے کی صدا ، یہ تو کسی درمیاں کے تاثر کو لیے ہوئے تھی ۔ سننا چاہو تو بھلی اور نہ سننا چاہو تو ہتھوڑے کی طرح سماعتوں پر برستی ہوئی۔
میں نے تکیے سے اپنا چہرا چھپا لیا پھر کروٹ بدلی اور تکیہ ایک کان کے نیچے سے دوسرے کان کے اوپر آگیا ۔ آوازیں کچھ مدہم ہو گئیں ۔ میں دوبارہ سے خود کو سونے کے لیے آمادہ کرنے لگی۔
پچھلے مہینے کی بات ہے شام کے سائے گہرے ہو رہے تھے۔ہوا میں خنکی تھی، سردیاں ہوا کے جھونکوں کے ہاتھ اپنی آمد کی گھنٹیاں بجا رہی تھیں ۔ ہا تھ میں گرم کافی کا کپ لیے میں ٹیرس پر آبیٹھی ۔ میرے کمرے کی کھڑکی بھی اسی ٹیرس پر کھلتی تھی ۔سردی بڑھ رہی تھی، ممکن ہے رات کو بارش ہو جائے یہی سوچ کر میں کھڑکی کے پٹ بند کرنے لگی ارے یہ کیا ! روشن دان کی ادھ کھلی درز پا کر جانے کب چڑیا نے تنکے جمع کر لیے ۔ مجھے یوں لگا میرے ساتھ رہنے میری ہمجولی آئی ہے ۔ گھربنانے کا احساس کس قدر خوش گوار ہوتا ہے۔انسان ایک ایک اینٹ میں اپنے خواب چنتا ہے۔، اور چڑیا ایک ایک تنکے کو لاتی اور کمال پھرتی سے نئے تنکے اور سوت کی تلاش میں پھر پُھرسے اڑ جاتی ہے۔ ذرا نہیں تھکتی ۔ آشیا نے کی چاہت بھی عجب ہے مکین کو تھکنے ہی نہیں دیتی۔
سردی بڑھ رہی تھی میںنے سر شام ہی بیرونی دروازے بند کر لیے ۔ اپنے دونوں بچوں کو اونی کپڑے پہنا دیے ۔ ٹرنک سے رضائی بھی نکال لی کہیں ان ننھی جانوں کو ٹھند نہ لگ جائے ۔
بچوں کو اوپر تلے گرم کپڑے پہناتے ہوئے مجھے اپنا بچپن یاد آنے لگا میری امی بھی تو اسی طرح جھا ڑے کی تانک جھانک کے ساتھ ہی مجھے ڈھیروں کپڑے پہنا دیا کرتی تھیں وقت واقعی پر لگا کر اڑتا ہے ۔ بچپن ،لڑکپن ، جوانی ، شادی اور پھر ماں بن جانا ۔ کس قدر تیزی سے یہ مرحلے طے ہو گئے ۔ عمرگزشتہ کی سر زمین پر قدموں کے نشاں زیادہ گہرے نہیں تھے مگر تیزی سے اٹھائے جانے والے ہر قدم پر نت نئے مناظر میرے تجربات کی زنبیل کو بھرتے رہے تھے لیکن یہ زنبیل آخری قدم آخری منظر تک کبھی نہیں بھرتی گنجائش بحر حال باقی رہتی ہے خواہ سفر کتناہی طویل کیوں نہ ہو ۔کچھ ایسی ہی بے ربط باتیں سوچتے سوچتے میں جانے کب سو گئی ۔
سورج مشرق سے پوری طرح اگا نہیں تھا کہ روشن دان سے پھر سے وہی چوں چوں کی آوازیں ۔۔۔۔ آنکھ کھلتے ہی میری پہلی نظر روشن دان پر پڑی وہا ں چڑیا کے ساتھ ایک چڑا بھی تھا۔ مجھے کئی بار لگا جیسے چڑیا چوری چوری مجھے دیکھتی ہے۔کیسا بچگانہ خیال تھا۔ چڑیا کا بھلا ہم انسانوں سے کیا سروکار۔
زندگی کے شب و روز دن بدن مشکل ہوتے جا رہے ہیں ۔ تمام کام مشینی انداز میں طے پا رہے ہیں ۔ گھڑی کی سوئیوں کے پیچھے بھاگتے بھاگتے کبھی کبھی جی چاہتا ہے کہ جھوٹ موٹ کابے ہوش ہو کر گر پڑوں اسی بہانے کچھ دیر سستا لوں گی یہ الگ بات ہے کہ ذہن پھر بھی چوکنا رہے گااور خیا ل گھڑی کی سوئیوں سے اٹکتا ہوا۔
عورت عمر کے کسی مرحلے میں بھی ہوماں باپ کی موجودگی میں میکے جانا اور وقت گزارنا ، تپتے ہوئے ساحل کے کنارے گیلی مٹی پر قدموں کے مٹتے ہوئے نشان پر پلٹ پلٹ کر پائوں رکھنے جیسا ہے ۔ گہری طمانیت سے بھر پور احساس ۔ جانے انسان کیوںماضی میں بار بار جینا چاہتا ہے اور بیٹی کو جب اپنے نئے گھر کی فکریں ہوں والدین کا سایہ بھی نہ رہے تو میکے کی دہلیز یوں انجان ہونے لگتی ہے جیسے چڑیا جب اپنے بچوں کے لیے گھونسلا بناتی ہے تو اس گھونسلے کا راستہ بھول جاتی ہے جہاں اس نے پہلی بارآنکھ کھولی تھی عورت اور چڑیا کا دکھ بھی سانجھا ہے۔
دوسروں کے گھر کی خبر یں رکھنا عموماًعورتوں کا محبوب مشغلہ ہوتا ہے میں بھی تو ایک عورت ہوں ۔ یہی سوچ کر کرسی کے اوپر تپائی رکھی اور روشن دان کے اندر جھانکنے لگی ۔ چڑیا گھونسلے میں موجود نہ تھی چھوٹے چھوٹے سفید انڈے مجھے کسی قیمتی موتی کی طرح لگے جلدی سے نیچے اتر آئی کہیں میری یہ حرکت میری ہم زاد کو خوف زدہ نہ کر دے ۔
اگلے چند دن بہت مصروف گزرے ۔ آسماں سے برستی ٹھنڈی نرم روئی کی چاہت ہمیں ناران لے گئی ۔کہیں بل کھاتے ان گنت موڑ اور کہیں حد نگاہ دریا کے ساتھ ساتھ بچھی ریشمی سڑک ۔ یخ بستہ ہواوٗں نے ماضی کی تلخ یادوں کو کچھ دیر کے لیے منجمد کر دیا۔ حسن کسی بھی روپ میں ہو اپنے قدر دانوں کو مسحور کر دینے کی غیر معمولی طاقت رکھتا ہے پھر اسکی حدت سے بچنا دلِ بے تاب کے بس میں نہیں رہتا۔ان حسیں نظاروں نے بھی میری مہمان نوازی اسی انداز میں کی ۔ کچھ دیر کو میں وہ سب کچھ بھول گئی جو پیچھے چھوڑآئی تھی یہاں تک کے چڑیا کا گھونسلا بھی۔
ایک ہفتہ گزر گیا ۔ گھر کی فکر ستانے لگی واپسی کا سفر شروع ہوا ۔ رات گئے گھر پہنچے ۔ تھکاوٹ سے برا حال ۔ صبح اسی انداز میں میر ا خیر مقدم کیا گیا مگر آج چڑیا کی چوں چوں میں کچھ نحیف آوازیں اوربھی سنیں ۔ کیا انڈوں میں سے بچے نکل آئے ۔ میری غیر حاضری میں میرے گھر کے مکینوں میں اضافہ ہو گیا کیسا ہی خوشگوار احساس تھا ۔ چڑیا کی چوں چوں تو میرا الارم تھی۔ ادھر موذن خلق خدا کو خالق کی بارگاہ میں بلاتا اور ادھر چڑیا اپنی حمدو ثنا میں مصروف جاتی۔
روشن دان پر لگی جالی پر اکثر چڑ یا اپنی چونچ مارتی اور کمر ے میں جھانکنے لگتی واقعی عورت تانک جھانک سے باز نہیں آتی۔یہ چڑے بھی بڑے بے وفا ہو تے ہیں بچوں کے لیے ممتا کی ماری چڑیا سارا دن دانہ دنکا لاتی ۔ چڑا تو مجھے نظر ہی نہیں آیا۔سارا بوجھ چڑیا کے ناتواں پروں پرڈالا اور منظر سے غائب ۔
شہر میں ٹریفک بہت بڑھ گئی تھی ۔ صبح صبح ہر شخص دیوانہ وار اپنی اپنی منزل کی جانب بھاگتا دکھائی دیتا تھا۔ میں نے بھی معمول سے
پندرہ منٹ پہلے ہی گھر سے نکلنا شروع کر دیا ۔پہلے بچوں کو سکول کے گیٹ پر اتارنا اور پھر اپنی جاب پر پہنچنا ۔ واپسی پر دانہ دنکا چگنے یعنی پھل سبزی کے ٹھیلوں سے خریداری میں کچھ وقت لگ جاتا اور بچوں کو سکول سے لے کر گھر پہنچے میں خاصی دیر ہو جاتی ۔
آج ٹھنڈ معمول سے زیادہ تھی لگتا تھا بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے ۔ ہوا بھی بہت تیز تھی گھر کی تمام کھڑکیاں دروازے میں نے مضبوطی سے بند کر دیئے ۔ تیزہوا پھر طوفانی بارش اور بجلی کی آنکھ مچولی ۔
رات بھر موسم کے یہی تیور رہے ۔موذن کی صدا کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل گئی ۔ آج تو روشن دان سے آنے والی چوں چوں کی آوازیں بھی مدھم تھیں ۔ مشرق سے پھیلتی روشنی نے پر پھیلائے ۔ اک اور نئی چمکدار صبح کی امید پر میں نے کھڑکی سے پردے ہٹائے سامنے پہاڑوں پر تازہ تازہ پڑی برف گزری ہوئی رات کی سر گزشت بیان کر رہی تھی۔
مقررہ وقت پر ہم تیار ہو گئے ۔ ٹیرس سے ملحقہ سیڑیوں پر سے میرے بچے تیزی سے اتر گئے اور گیٹ کے پاس میرا انتظار کرنے لگے ۔ گھر لاک کر کے میں بھی تیزی سے سیڑھیاں اترنے لگی کہ میری نگاہ کھڑکی کے پاس فرش پر گری ، چڑیا کے مردہ جسم پر پڑی ۔ بے رحم ہوا کے تھپیڑوں نے روشن دان کو دھکیل کر بند کر دیا تھا میرا دل دھک سے رہ گیا ۔بانس کا ڈنڈا لا کر روشن دان کھولا ۔
کاش شام کو کھڑکیاں دروازے بند کرتے وقت میں اک نظر روشن دان کو بھی دیکھ لیتی۔ افسوس اور ندامت کے احساس سے میری آنکھیں نم ہو گئیں ۔ دن بھر کی مصروفیت میں بھی رہ رہ کر چڑیا کا خیال آتا رہا۔
شب و روزاسی مخصوص چال کے ساتھ ماہ و سال میں ضم ہو نے لگے بہا ر کی کونپلیں جھاڑے کی چادر چھیدنے لگیں ۔ روشن دان سے اب چوں چوں کی آوازیں نہیں آتی تھیں ۔ چڑیا کے بچے بڑے ہو کر نئے روشن دانوں کی تلاش میں اڑ چکے تھے ۔
خامو شی گھر کے درو دیوار پر نقش و نگار بنانے میں مصروف تھی ۔ آئینے کے سامنے آج میں نے بغور اپنا سراپا دیکھا۔ کتنا کچھ بدل گیا۔ ٹیلی فون کی گھنٹی نے اِس سکوت کو توڑا تو میں فون کی طرف لپکی ۔ میرے بڑے بیٹے کا برطانیہ سے فون تھا ۔ کئی دنوں بعد اسکا فون آیا ۔ اُس نے بتایا کہ میرے چھوٹے بیٹے کا برطانیہ کی اُس یورنیورسٹی میں داخلہ ہو گیا ہے جہا ں پڑھنا اسکا خواب تھا۔ اِس سے بڑھ کر خوشی کی بات کیا ہو سکتی ہے ۔ پندرہ دنوں بعد اُس کی کلاسز شروع ہونا تھیں آخر وہ دن آگیا جب وہ اپنی آنکھوں میں مستقبل کے سنہرے خواب سجائے ڈھیروں دعائو ں کے ساتھ رُخصت ہو گیا۔ہوائی اڈے سے گھر لوٹتے شام ہو گئی، تھکاوٹ کا احساس عام دنوں سے زیادہ تھا۔ کافی کا کپ لے کرمیں ٹیرس پر آبیٹھی ۔ گرم گرم کافی کی چسکیاں لیتے ہوئے میری نظر ادھ کھلے روشن دان پر ٹک گئی جسے سردی بڑھ جانے کے باوجود میں نے جان بوجھ کر نہیں کیا تھا۔