(Last Updated On: )
مغرب میں جہاں انٹر نیٹ کا استعمال ہر شعبۂ زندگی پر محیط ہو چکا ہے، انٹرنیٹ کے بعض ایسے استعمالات سامنے آئے ہیں جو بہت سنگین نوعیت کے ہیں۔ مثلاً مختلف مذاہب اور نسلوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے انٹرنیٹ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح انٹرنیٹ تشدد اور جرائم کے فروغ کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔ ان کے لیے مغرب میں سائبر کرائم کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔ ہمارے ہاں بھی سائبر کرائم کی وبا آہستہ آہستہ فروغ پا رہی ہے۔ خصوصاً وہ نوجوان جو اپنا زیادہ وقت انٹرنیٹ پر گزارتے ہیں بعض ویب سائٹس یا چیٹنگ کے ذریعے ان چیزوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ بعض دیگر منفی عادات مثلاً جوا وغیرہ کے فروغ کا بھی یہ ایک بہت موثر ذریعہ بن گیا ہے۔ یہ ساری چیزیں جو آج مغرب میں پھیل رہی ہیں انٹرنیٹ کے استعمال کے بڑھنے کے نتیجے میں ہمارے ہاں بھی عام ہو سکتی ہیں۔