( تنقیدی مضامین کا مجموعہ۔پروفیسر خالد سعید)
کرناٹک اردو اکیڈمی کی جانب سے شائع کیے گئے ، پروفیسر خالدسعید کے تنقیدی مضامین کے تیسرے مجموعے ’’معنی کا گُمان‘‘ پر تبصرے کا فریضہ مجھے سونپا گیا ہے ، پروفیسر خالد سعید میرے نصف ہم نام ہونے اور مجھ سے قربت رکھنے کے ساتھ ساتھ ایک نہایت ذہین منکسر المزاج اور علم دوست انسان کے طور پر بھی مجھے عزیز ہیں۔یوں علمی اور ادبی موضوعات پر اُن سے غیر رسمی گفتگو تو اکثر ہوتی رہتی ہے مگر ان کے تحریر کردہ تنقیدی مضامین کی باقاعدہ جانچ پرکھ کو میں اپنی علمی بصیرت سے کسی قدر آگے کی بات خیال کرتا رہا، ویسے بھی رفیقوں اور حریفوں دونوں کی ادبی کاوشوں پر رائے زنی عموماً کوئی خوش گوار عمل نہیں ہوتا تاآنکہ آپ بڑی حد تک معروضی رویہ اختیار کر سکتے ہوں اور حق گوئی کے ساتھ ساتھ مروت و رواداری کا دامن بھی ہاتھ سے نہ جانے دیں ، بہر حال ’’معنی کا گمان‘‘ پر اِس تبصرے میں ( جسے میں اپنا رد عمل کہنا زیادہ مناسب سمجھتا ہوں ) حسب ضرورت اور حسبِ حالات ان دونوں روِیّوں کو اپنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
خالد سعید کی تنقیدی تحریروں کو غور سے پڑھنے پر میں اِس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ وہ بنیادی طور پر ایک ہئیتی اور تجزیاتی نقاد ہیں۔گو کہ اپنے مضامین میں یہاں وہاں انہوں نے تحقیقی ، نفسیاتی اور اسلوبیاتی طریقۂ کار سے بھی کام لیا ہے۔ البتہ تاثراتی تنقید سے جس کے نمونے اردو میں بکثرت ملتے ہیں ،نہ صرف اُن کے ذہن کو کوئی علاقہ نہیں معلوم ہوتا بلکہ اُسے انہوں نے اپنے لیے ایک Tabooبھی بنا رکھا ہے۔ یعنی کہ وہ متن کی ساخت اور اُس کے تشکیلی اجزاء کے مطالعے و تجزیے کے ذریعہ اُس کے معنی و مفہوم کو دریافت کرنا چاہتے ہیں نہ کہ محض اُن تاثرات پر اکتفا کرنا جو متن کی قراء ت کے دوران ذہن میں قائم ہو جاتے ہیں۔ غالباً ان کے تنقیدی ذہن کی تربیت اس طور پر ہوئی ہے کہ اُنہیں تاثراتی تنقید میں معروضیت کے فقدان اور شخصی نظریات و تعصبات کی آمیزش کے اِمکان کا ادراک بہت پہلے ہی ہو چلا تھا۔ کسی فن پارے کی Structural studyبہت دِقت طلب کام ہے۔ اس کے لیے ذہانت کے ساتھ ساتھ باریک بینی اور عرق ریزی بھی درکار ہے۔ خالد سعید کے مضامین اپنے مصنف میں ان اوصاف کے بدرجۂ اتم موجود ہونے کے شاہد ہیں۔ انہوں نے کم لکھا ہے مگر شاید اسی باعث وہ پوری طرح تیار اور Motivatedہونے کے بعد ہی قلم سنبھالتے ہیں۔ چنانچہ ان کے زیادہ تر مضامین اپنے لکھے جانے کا مثبت جواز فراہم کرتے نظر آتے ہیں۔ مزید کچھ کہنے سے پہلے آیئے یہ دیکھ لیں کہ وہ خود اپنے اس vocationکے متعلق کیا کہتے ہیں۔ زیر نظر مجموعے میں شامل اُن کے پیش لفظ کے ایک یا دو اقتباس اِس کی صراحت میں مدد گار ہو سکتے ہیں۔
’’تنقید میرا کاروبار نہیں …شوق ہے مشغلہ ہے … ادبی تخلیقات کی معنویت تک رسائی حاصل کرنے کا شوق اور ادبی مسائل کو سمجھنے کا مشغلہ۔ لیکن یہ شوق فضول دیوانگی کی مشکل اختیار نہیں کر پایا۔ لہٰذا میرے مضامین تخلیقات کی تفہیم و تعبیر سے اور ان سے لذت اندوزی کی کوششوں سے عبارت ہوا کرتے ہیں …ابتدا سے ہی میرا یہ احساس رہا ہے کہ تنقید محض معنی کی تلاش ہی سے عبارت نہیں بلکہ اُن وسائل و ذرائع کا مطالعہ بھی ،جو معنی کی استقامت میں استعمال کیے جاتے ہیں تنقید کے وظائف میں شامل ہے … وسائل و ذرائع سے میری مراد زبان، بدیعات، تکنیک اور ہئیت کے مرکب سے ہے …… جہاں تک معنی کی تلاش کی بات ہے ہم معنی کہاں تلاش کرتے ہیں ، معنی کے نام پر اپنی تعبیریں پیش کرتے ہیں …ورنہ ناقدین و شارحین کو کیا پڑی تھی کہ جن اشعار کی تشریح خود غالب نے فرما دی ان کے بھی معنی بیان کرتے رہیں …… بعد میں احساس ہوا کہ معنی تحریر میں نہیں پسِ تحریر ہوا کرتے ہیں ، اور اب میرا خیال ہے تنقید کسی ادبی تخلیق کی تفہیم و تعبیر یا پسِ تحریر معنی کی تلاش ہی سے عبارت نہیں بلکہ معنی کے گمان (کی نشاندہی) سے عبارت ہے اور یہ گمان ان سارے وسائل و ذرائع کی شناخت و مطالعے کے بغیر پیدا نہیں ہوتا جنہیں مصنف شعوری یا لاشعوری طور پر معنی کی استقامت کے لیے استعمال کرتا ہے …… لہٰذا جب تک میری نظر ان وسائل و ذرائع تک نہیں پہنچتی جو معنی کے کسی نئے گمان کی نشاندہی میں معاون ہوں میرا قلم تعبیر کی طرف مائل نہیں ہوتا…… یہی میری کم گوئی کا جواز ہے اور یہی ان مضامین کی تصنیف کا بھی……‘‘
پیش لفظ کے ان اقتباسات کو ان کے مضامین کے مجموعوں کے عنوانات ’’ بصیرتیں ‘‘ ، ’’ پس تحریر‘‘ اور ’’ معنی کا گمان‘‘ سے مربوط کر کے غور کیا جائے تو ایسا لگتا ہے کہ تنقید میں اُن کا مقصد کسی فن پارے کی تشکیل میں شامل اُس کے بنیادی عناصر کے تجزیاتی مطالعے (Structural study) کی وساطت سے اُس کے بطن میں پوشیدہ معنی و مفہوم کے امکانات کی نشاندہی کرنا ہے ……نیز یہ کہ تنقیدی ذہن کی بلوغت کے ساتھ وہ فن پارے میں کسی مجرد اور قطعی معنی کی تلاش کے بجائے اُس کی ساختیاتی وحدت میں مضمر ’’نئے دیگر یا زائد(Reserved) معنی و مفہوم کے گمان‘‘ کے دریدین(Derridean) یا رد تشکیلی تصور تک بھی آپہنچے ہیں۔ ہر چند کہ یہ نئی بصیرت ابھی تک ان کے تنقیدی طریقہ کار میں کوئی بڑی تبدیلی لانے سے قاصر رہی ہے۔ مگر شاید مستقبل میں نشانیات (Semiotics) سے مزید دلچسپی اور تحریری زبان کے لفظ مرکزی Logocentricمزاج کا درک انہیں بحیثیت نقاد اس سمت پیش قدمی کرنے کی طرف مائل کر سکے …
اس مجموعے کا پہلا مضمون ’’ فکشن الیکٹرانِک میڈیا کے تناظر میں ‘‘ ہے جس میں اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ فکشن کے تحفظ اور ترویج و ترسیل کے باب میں الکٹرانک میڈیا کس قدر نئے امکانات لے کر آیا ہے۔ بس فکشن کو ان نئے ذرائع سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ان کے خیال میں فکشن کو Websitesپر لانے کے سلسلے میں اچھے بڑے کے امتیاز یا تنظیم و ترتیب کے مزاج و معیار وغیرہ کا بہت کم لحاظ رکھا جا رہا ہے۔ یہ کام ذمہ داری سے اور ان حضرات سے لیا جانا چاہیئے جو تحریری ادب اور میڈیا کے منفرد مزاج اور تقاضوں کا ادراک رکھتے ہوں۔
دوسرا مضمون’’ بیانیہ میں راوی کی مداخلت‘‘ ہے جو عزیز احمد کی ناولوں کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔Narratologyکی یہ طرز ماضی کی ادبی اصناف مثلاً منظوم قصوں ، داستانوں ، مثنویوں اور لوک ناٹکوں وغیرہ میں بھی برتا جاتا رہا ہے یہاں تک کہ نذیر احمد اور سرشار کے یہاں بھی اس کے نمونے مل جاتے ہیں ، عزیز احمد کی ناولوں میں اس کی نشان دہی کرتے ہوئے خالد سعید نے اس کے محرکات پر غور کیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ عزیز احمد نے اس اسلوبِ بیانیہ کو اپنا کر غالباً بیانیہ کے ایک قدیم اور معدوم ہوتے ہوئے طرز کی بازیافت کی کوشش کی ہے۔مگر نہ صرف خود عزیز احمد کے ادبی نظریات بلکہ ان کی تصنیفات کے تہذیبی پس منظر اور کر داروں کی ذہنی سطح اور متمدن زبان و بیان نیز نشست و برخاست کو نظر میں رکھا جائے تو بیانیہ کا یہ مخصوص طرز کسی قدیم روایت کی باز یافت کے بجائے اُن دنوں تیزی سے رو بہ فروغ بیانیہ کے نئے اسلوب ’’حقیقت نگاری ‘‘ (Realism)کو ہی برتنے کی ایک پُر جوش مثال مانا جانا چاہئے ، جہاں راوی درمیان میں اس دیانت دارانہ اعتراف کے لیے بھی سامنے آنا ضروری سمجھتا تھا کہ وہ کہاں کہاں اور کس باعث حقیقت نگاری سے قاصر رہا ہے۔ویسے مضمون نگار کے دائرۂ بحث میں بھی یہ بات کسی حد تک آ جاتی ہے۔ ہاں اس پہلو سے اس مضمون کی ستایش لازمی ہے کہ فکشن میں بیانیہ کے اس طرز کی روایت، اس کی شناخت اور اس کے محرکات پر اتنی مفصل اور پُر مغز گفتگو ایک مختصر مضمون کے دائرے میں شاید ہی کہیں اور لائی جاسکی ہو۔
عزیز احمد کی فکر کی تشکیل و ارتقاء اور ان کے آخری اور اپنے دور میں متنازعہ ناول ’’شبنم‘‘ سے متعلق اس مجموعے کے مضامین کا مخزن خالد سعید کی پی، ایچ ، ڈی کے لیے لکھی گئی تھیسس معلوم ہوتی ہے۔ اس اعتبار سے کہ عزیز احمد کا فکشن اور ان کی دیگر تحریریں ایک عرصہ تک ان کے خصوصی مطالعہ کا موضوع رہی ہیں ،یہ غیر متوقع نہیں کہ ان مضامین میں وہ بالغ النظری اور علمیت و جامعیت ملے جس کی ایک ماہرِ موضوع سے توقع کی جاتی ہے۔ ’’شبنم‘‘ کے اپنے انتہائی جامع اور تفصیلی مطالعے میں مختلف نقادوں کی آراء سے بحث کرتے ہوئے وہ ناول کی اپنی تجزیاتی قرات کے ذریعہ چند نتائج اخذ کرتے ہیں جواس عشقیہ تمثیل میں مضمر عزیز احمد کے تصور عشق و محبت کے ارتقاء سے متعلق ہیں۔ یہ ایک طرح سے عزیز احمد کی رومانیت یا فطرت پسندی اور عشق و جنس سے متعلق آزاد خیالی کا دفاع بھی ہے ( اس دور میں ان پر عریاں نگاری اور Scandal writingجیسے لیبل لگائے گئے تھے )۔ اس مضمون کا ایک اقتباس پیش کیا جاتا ہے۔
’’شبنم‘‘ اپنی معنویت اور پیرائے کی وجہ سے عزیز احمد کے تخلیقی سفر میں ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ یہ محض عشق کی داستان نہیں بلکہ دو دبستانوں کی فکری کشمکش کی کہانی ہے ، یہ محض ارشد علی خاں کے تصورات کی شکست کی کہانی نہیں تخلیقی سفر میں عزیز احمد کے افکار کی تبدیلی کا اشارہ بھی ہے۔ ناول ’’ شبنم ‘‘ ہو کہ ’’ فسانۂ زریں تاج‘‘ ان دونوں کے مطالعے سے احساس ہوتا ہے کہ مغربی افکار سے پروردہ تصور عشق و جنس سے عزیز احمد نے اپنا دامن چھڑا لیا ہے …‘‘
ایک پہلو سے غور کیا جائے تو کسی ادیب کے تصور عشق و جنس یا اس کے فکری ارتقاء سے زیادہ یہ مسئلہ ادب میں Eroticaسے جڑا ہوا ہے۔ Eroticismاور ادب (فکشن ، شاعری) کا بڑا پرانا رشتہ ہے۔ مذہبی کتابوں میں بھی یہ کسی نہ کسی فارم میں موجود ہے – قصائص، داستان، مثنوی، Romances ,Epicsاور Balladsسبھی میں قارئین یا سامعین کی دلچسپی قائم رکھنے کے لیے Eroticsکا اپنا ایک جائز یا ناجائز حصہ ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا ، کہیں اسے اخلاقیات کے بہ مقابل ایک Contrasting factorکے طور پر لایا گیا ہے ، کہیں طاقتور اور با کر دار کی آخری لغزش کے طور پر یا پھر فطرت انسانی میں پوشیدہ اُس کی جبلّتوں (Instincts)اور Learned behaviourکے درمیان مسلسل کشمکش کی نمائندگی کے لیے۔ بلکہ آج کے معیاری مغربی فکشن پر نظر ڈالی جائے تو ہنری مِلر سے لے کر گیبرل گارسیا مارکیز اور مِلن کندیرا تک( The Joke, The Tropic of Cancer, Being And nothingness , Love in the Times of Cholera) وغیرہ زیادہ تر ناول نگاروں کی تخلیقات میں فکشن ، جنس، اور سیاسیات (Fiction, Eroticism and Politics)کا ایک دلچسپ مثلث دکھائی دیتا ہے۔ اِن سے یہ تاثر بھی ملتا ہے کہ جیسے تینوں انسان کی سماجی و معاشرتی زندگی کے ارتقاء کے ساتھ ہی ایک ناقابل تقسیم طور پر باہم مربوط ہو چکے ہیں۔ آج کے یہ تخلیق کار اپنے اطراف کی سماجی اور سیاسی صورت حال کو کسی نہ کسی جنسی صورتِ حال (Erotic situation) سے جوڑ کر دیکھتے ہیں اور اپنے بیانیہ میں اسے ایک دوسرے سے Juxtaposeکرنے کی طرف مائل دکھائی دیتے ہیں ، یوں جنس ان کے فکشن میں ایک سیاسی استعارہ بن کر اُبھرتی ہے۔
اب عزیز احمد کے فکشن کے حوالے سے بات کی جائے تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ اُن دنوں بھی اپنی تحریروں میں بڑی حد تک Boldاور غیر روایتی معلوم ہوتے تھے۔ زیر بحث ناول ’’شبنم‘‘ میں بھی ایک ادھیڑ عمر کے مرد اور ایک کمسن لڑکی کے عشقیہ تعلقات کو Rationallyسمجھنے اور پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔گو کہ ایک روایتی معاشرے میں جہاں جنسی خواہش کا کھلے عام اظہار بہر حال غیر اخلاقی اور Scandalousہی مانا جاتا ہے۔ اس موضوع پر لکھا ناول عموماً متنازعہ ہی قرار پائے گا۔ یہاں جو بات غور کرنے کی ہے ،وہ یہ کہ عزیز احمد نے اپنے ذہن کی تمام تر رومانیت و جدّت کے باوجود جنس کے موضوع کو ایک مشرقی ادیب کی طرح ہی برتا ہے ، چنانچہ اس رشتہ میں مضمر پیچیدگی اور تضادات سے عقلی یا نفسیاتی بحث پر ہی اکتفا کیا ہے ،نہ کہ اسی دور کے آس پاس شائع ہونے والی کئی مغربی ناولوں جیسے کہ “Lolita” یا”The Hotel room” کے مصنفوں کی طرح ادھیڑ عمر کے مردوں کی نوخیز لڑکیوں کے لیے جنسی کشش کو Biologicalاور فطری اور اسی لیے جائز ٹھیراتے ہوئے اپنے Protagonistsکو Sexual underdogsکہہ کر ان سے ہمدردی اور یگانگت جتانے اور ان کا بھر پور دفاع کرنے کی کوشش کی ہے ……
اس بات سے شائد کم ہی لوگ اختلاف کریں کہ مغربی ادیبوں Thackeray ، Zolaیا Chekhovکی طرح ادب میں عزیز احمد کا بنیادی مسلک بھی سماجی حقیقت نگاری ہی تھا۔ کسی مخصوص دور کا معاشرہ یا اُس کی خارجی حقیقت تو تقریباً ہر اچھے ناول کے Ethosکی تشکیل کرتے ہیں مگر یادوں میں سمٹے پڑے ماضی کے منظر نامے کو تخلیقی طور پر دوبارہ زندگی دے کر نئے منظر ناموں میں بدلتے وقت کون کتنا رومانوی یا حقیقت پسند ہو سکتا ہے ، یہ ہر ادیب کے اپنے اپنے جمالیاتی معیار اور ادبی تصورات پر منحصر ہے۔ عزیز احمد ہوں کہ بیدی یا قرۃ العین، ہر ناول نگار کے ساتھ شاید کچھ یوں ہوتا ہے کہ اُس کی بنیادی کہانی (Master Story) تو ہر بار کھو جاتی ہے اور جو کہانی لکھی جاتی ہے وہ اُس کھوئی ہوئی کہانی کی یاد ہوتی ہے۔ یعنی کہ کوئی کہانی اپنے آپ پوری طرح ایک منفرد ایجاد یا انکشاف نہیں ہوتی… یادوں میں بکھرے تجربات و احساسات جب مصنف کے ذہن میں ایک Pattern بنا کر اپنے اظہار کا مطالبہ کرنے لگتے ہیں تو اگلی کہانی کی شروعات ہو جاتی ہے …غرض کہ حقیقت ہے تو کہانی بھی ہو گی… شاید اسے ہی حقیقت کے گمان کا نام دیا جاتا ہے۔ چنانچہ وہم اور حقیقت کے درمیان وقوع پذیر ہونے والے اس کھیل کو مسلسل دیکھنا سوچنا اور بیان کرنا ایک صوفی کی طرح ایک ادیب کے تخلیقی عمل کا بھی بنیادی محرک کہا جا سکتا ہے۔ قرۃالعین حیدر کے ناول ’’ چاندنی بیگم‘‘ کے حوالے سے تحریر کردہ خالد سعید کا مضمون’’ فکشن نان ہسٹری‘‘ بھی تخلیق کار بالخصوص ایک ناول نگار کے اُ س کے فنی سروکار کے دوران ایسے مسائل سے اپنے اپنے منفرد انداز میں Negotiateکرنے سے متعلق ہی ہے ……
یہ مضمون اس موضوع پر لکھے دوسرے مضامین سے بہت زیادہ مختلف نہیں کہ گذرا ہوا وقت اور حیات کا تسلسل یا تاریخ کی کروٹیں اور اس کے ساتھ تغیر پذیر انسانی معاشرہ … بنیادی طور پر یہی خود بحیثیت ادیب قرۃ العین حیدر کا اپنا Preoccupationرہا ہے اور ان کے فکشن سے متعلق زیادہ تر مضامین کا موضوع بھی۔ البتہ اِس مضمون سے یہ التباس پیدا ہو سکتا ہے کہ جیسے وقت اور تاریخ کے تغیر اور تہذیب و کلچر کے باہم رشتوں کا ادراک ناول نگار کو ایک ذہنی ارتقاء کے نتیجے میں کار جہاں دراز ہے کے بعد اور چاندنی بیگم کی تصنیف سے قبل ہوا… جب کہ ان کے ابتدائی کیریر کی پہلی اہم اور بعد تک اہم ترین تصور کی جانے والی تصنیف ’’ آگ کا دریا‘‘ بھی گذرے ہوئے وقت، تاریخ کے پھیلاؤ اور زندگی کے تسلسل سے متعلق ان کے فلسفیانہ اور Panoramicویژن کا ایک ناقابلِ فراموش فنی اظہار بن کر اُبھری تھی اور پھر بعد میں گردشِ رنگ چمن وغیرہ … ان باتوں سے قطع نظر مجھ جیسا قاری اس مضمون کے کسی قدر گُنجلک اور Repetitiveہونے کے احساس سے بھی نہیں بچ پاتا … قرۃ العین کے فکشن یا نان فکشن (Non-Fiction) ’’گردش رنگ چمن‘‘ ’’ سفینۂ غم دل‘‘ اور ’’ چاندنی بیگم‘‘ وغیرہ کے نو تاریخی (new-Historicist) یا ما بعد نو آبادیاتی(Post colonial) مطالعے بھی واقعی دلچسپ ہو سکتے ہیں ،کیوں کہ تاریخ اور فکشن کے اتصال کی اس سے بہتر مثالیں پورے اردو ادب میں شاید ہی کہیں اور ملیں۔
اِس مجموعے کا جو مضمون تجزیاتی اور Structuralمطالعے کے ضمن میں غیر معمولی اور اپنی مثال آپ ہے وہ ’’ میلی چادر کے تانے بانے ‘‘ کے عنوان سے بیدی کی ناولٹ کی ایک فلسفیانہ بصیرت افروز اور تخلیقی قرات ہے جو اس ناولٹ کے اساطیری پس منظر کی عطا کردہ گہری معنویت اور استعاراتی بیانیہ کے حُسن و اثر پذیری کو پوری طرح سامنے لاتی ہے۔کم از کم میری نظر میں کوئی دوسرا مضمون نہیں جو فکشن کے ایک اعلی نمونے کے طور پر بیدی کی اس ناولٹ کی تحسین و ترسیل کا اِس سے بہتر وسیلہ بن سکے۔ البتہ اِ س کا افتتاحی حصہ جو اسی ناولٹ کی اساطیری معنویت کے بارے میں نارنگ صاحب کے تحریر کردہ مضمون سے علمی مگر طویل اور کسی قدر جارحانہ بحث پر مشتمل ہے ، اس کی ایک ایسی توسیع (Supplement) کا تاثر دیتا ہے جس سے یہ سوچ کر مضمون کے حق میں گریز کیا جا سکتا تھا کہ تنقید کا دامن متضاد آراء اور گوناگوں بصیرتوں کے لیے کبھی ناکافی نہیں ہو سکتا۔
فکشن کے علاوہ شاعری کی تنقید سے متعلق بھی اِس مجموعے میں کئی مضامین ہیں۔ ’’غالب کا شعور مرگ‘‘ میں مضمون نگار نے موت یا اُس کی خواہش کے موضوع سے متعلق غالب کے اشعار کی نشاندہی اور اُن کی تشریح کے ذریعے ان کے شعور مرگ پر ایک فلسفیانہ تبصرہ قلم بند کیا ہے جو دلچسپ ہے۔ شاعری سے متعلق ایک اور مضمون راشد کی نظم ’’ زنجیر‘‘ کے بارے میں ہے جس کی تفہیم و تعبیر کے سلسلے میں بیک وقت Prosodyکے پرانے اور نسبتاً نئے تمام اوزار استعمال کیے گئے ہیں۔ چنانچہ اس میں ایسی اصطلاحات کی بھر مار ہے ، جیسے کہ قول محال، صوتی بہاؤ ، طویل یا غنائی مصوتے ، صوتی صوری و بصری تاثرات، لفظی تلازمے یا معنوی رعایت اور خارجی و ہئیتی ارتباط وغیرہ۔ مگر میرا پنا خیال ہے کہ اس سے مضمون نگار کی شاعری کی قواعد اور اُس سے متعلق تنقیدی اصطلاحات سے وسیع تر واقفیت کا اندازہ تو ضرور ہو جاتا ہے مگر راشد کی شاعری سے انصاف دشوار ہے جو اپنے مخصوص مزاج کے باعث ایسے کسی Phoneticیا Syntactic Dissectionکی متحمل نہیں ہو سکتی۔
مضامین کی فہرست میں مخدوم کی نظم ’’ چاند تاروں کا بن‘‘ اور فیض کی ’’ صبح آزادی‘‘ کے فارم اور اسٹرکچر کا تقابل مطالعہ بھی ہے جو ذہانت اور دِقت نظر سے کیا گیا ہے اور بیک وقت تجزیاتی اور اسلوبیاتی دونوں کہا جا سکتا ہے۔ یہ ایک منفرد اور قابل قدر تنقیدی مضمون ہے جسے پڑھ کر آپ اس نتیجے پر پہنچیں گے کہ حالاں کہ بحیثیت اسکالر خالد سعید کی توجہ زیادہ تر فکشن پر ہی مرکوز رہی ہے مگر اردو کی شعری روایت پر گہری نظر رکھنے اور خود بھی ایک حساس شاعر ہونے کے باعث ان کے شاعری کے مطالعے بھی منفرد اور قابل قدر ہیں۔ مخدوم کی شاعری سے متعلق ان کا ایک اور مضمون ’’شاعر شکستِ نور و صدا‘‘ بھی ایسا ہی ایک مضمون ہے جسے مخدوم کی شاعری کی تعبیر و تفہیم کے ضمن میں ایک اضافہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ یہاں انہوں نے غالباً پہلی بار مخدوم کی تمام تر شاعری کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے اُسے ترقی پسندی کے محدود و مخصوص دائرے سے نکال کر عشق و محبت کے آفاقی احساس کی شاعری قرار دینے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ اس مضمون کا ایک حصہ یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔
’’ یہ طئے ہے کہ مخدوم کا شعری مزاج حُسن وعشق کی سرشاریوں سے ہم آہنگ رہا ہے۔ اپنے مجموعہ کلام ’’ سرخ سویرا‘‘ سے لے کر آخری مجموعہ کلام ’’بساط رقص‘‘ تک یہ رنگ و آہنگ ان کے مزاج میں باقی رہا البتہ اس کی کیفیت و کمیت عہد بہ عہد بدلتی رہی ہے ، مثلاً ’’ گل تر‘‘ میں حُسن کی رعنائی اور جمالِ بدن کی شگفتگی کا احساس جس طرح پایا جاتا ہے وہ ’’ سرخ سویرا‘‘ کی عشقیہ نظموں میں مفقود ہے۔ خصوصاً ’’گل تر‘‘ کی غزلیں عشق کے سرور اور بدن کے جمال کی بہترین مثالیں پیش کرتی ہیں۔ مخدوم کی شاعری در اصل عشق میں تنہا پڑجانے والے انسان کی بپتا ہے۔ عشق نے انہیں شیفتگی اور شگفتگی بھی بخشی اور عشق نے ہی ان سے وہ شگفتگی چھین بھی لی۔ محبت نے انہیں سرشار کیا تھا اور محبت ہی نے انہیں بے کیف بھی کیا۔ عشق نے انہیں معمور کیا تھا اور عشق ہی نے انہیں ویران بھی کیا اور ویرانی بھی ایسی کہ انہیں ہر بزم میں خاموشی ، ہر محفل میں سنّاٹا اور ہر گھر میں تنہائی نظر آنے لگی۔
کوئی دھڑکن ،نہ کوئی چاپ ،نہ کوئی سنچل ، نہ کوئی موج ، نہ ہل چل نہ کسی سانس کی گرمی ، نہ بدن ،ایسے سنّاٹے میں ایک آدھ تو پتہ کھڑکے ، کوئی پگھلا ہوا موتی ، کوئی آنسو ، کوئی دل بھی نہیں ، کتنی سنسان ہے یہ راہ گذر ، کوئی رخسار تو چمکے ، کوئی بجلی تو گرے (سنّاٹا۔ ۱۹۶۱ء)
رات ہی رات ہے سنّاٹا ہی سنّاٹا ہے ، کوئی ساحل بھی نہیں کوئی کنارہ بھی نہیں ، کوئی جگنو بھی نہیں کوئی ستارہ بھی نہیں ، (وادی فردا۔۱۹۷۶ء)
اختتاماً میں یہ اعتراف کرنا چاہتا ہوں کہ پروفیسر خالد سعید کے اس تنقیدی مضامین کے مجموعے ’’معنی کے گمان ‘‘ پر اپنے اس تبصرے کو میں کوزے میں آبشار کو سمیٹنے کے مترادف مانتا ہوں۔ یہ ان کے تنقیدی مضامین پر حسبِ استطاعت میرا اپنا رد عمل ہے جس سے اتفاق و انکار دونوں ممکن ہیں۔ چنانچہ ادبی تنقید سے شغف رکھنے والے حضرات کو چاہیے کہ اس کتاب کو حاصل کر کے اس سے استفادہ کریں۔ مجھے یقین ہے کہ ان کے لیے اس کتاب کا مطالعہ ایک مسرت آگیں اور سود مند علمی تجربہ ثابت ہو گا۔
٭٭٭