میرا شعر محاذ نہیں ہے
میں جس پر اعلان کروں کہ سب دشمن دشمن جیسے ہیں
اور
ہر اک زندہ، ادھ زندہ چہرے پر تیزاب اُچھالوں
اور کہوں
میں شہر خدا کا باشندہ ہوں
میرا چہرہ۔ میری رُوح کے اندر چھپا ہوا ہے
سچ تو یہ ہے
سارے فرشتے جیتے ہیں، پھر مر جاتے ہیں
ایک خودی کے منڈپ میں۔ جس میں رہبانی تاریکی ہے
اور سچ کا بالکل جھوٹا جادو۔!
سچ تو یہ ہے: ۔
بیچ سٹرک پر دوڑنے والا گرداں پہیہ
ہوٹل میں سوکھے ہونٹوں سے سب کی خدمت کرنے والا
معصوم سا بچہ
سچ تو یہ ہے۔
ٹھنڈا بیچنے والا تیز دھوپ میں لاغر بوڑھا۔!
میں اپنے چہرے پر اک جھوٹا سچے لے کر گھوم رہا ہوں
لوگ مرے ہونٹوں کو اپنا ہونٹ سمجھ کر بول رہے ہیں
ان کے اپنے ہونٹوں میں کوئی جان نہیں ہے
میرا شعر محاذ نہیں ہے
میرا فن ہتھیار نہیں ہے
تم سب روندی روندی را ہوں پر جب چلتے ہو
مجھ کو عذر نہیں ہوتا پر گھن آتی ہے
مجھ کو چاٹی چومی کھالوں میں نئے نئے عنوان کہاں سے مل پائیں گے
میں اپنے سینے میں گھس کر قئے ہو جاؤں۔ کیسے ہو گا؟
میں اپنی خاموش ہتھیلی میں خود اپنی زیست بنا کر
جی لیتا ہوں۔
آگ ہوا کو پکڑ رہی ہے۔ اور ہوا نازک ہاتھوں سے
بھیگی زمیں کو چھو چھو کر کیوں ناپ رہی ہے
اور ہوا کو پی جاتے ہیں کیوں لرزاں اور حیراں لمحے
میں اس اندیشے میں گم کہوں
٭٭٭