ہر روز کی طرح کمرے کی دیوار پر لگے ہوئے بلب کے نیچے دو موٹی موٹی چھپکلیاں بار بار منہ کھول کر بے بس کیڑوں کی نگل رہی تھیں اور وہ دونوں بھی ہر روز کی طرح اپنے تھکے ہارے جسموں کو لے کر بے جان کرسیوں پر آن پڑے تھے۔ پھر ایک نے دوسرے سے سوال کیا:
’’تم نے آج کیا دیکھا؟ دوسرا کہنے لگا:
’’میں نے آج دو عجیب منظر دیکھے۔ تم کہو، تم نے کیا دیکھا؟‘‘
’’آج میری نظروں سے بھی کئی عجیب حادثے گزرے لیکن پہلے تو بیان کرو کہ تم نے کیا دیکھا؟‘‘ وہ کہنے لگا:
’’میں نے دیکھا کہ ایک بارہ تیرہ سال کی لڑ کی سڑک پر جا رہی ہے اچانک پانچ نوجوان آدمی اس کے پاس آئے اور اسے پکڑ کر لے گئے۔ پھر جو کچھ میں نے دیکھا اسے بیان کرنے کی زبان کو طاقت نہیں۔ میری آنکھوں میں ابھی تک اس بے بس لڑکی کی چیخیں گونج رہی ہیں۔ میں سب کچھ دیکھتا اور سنتا رہا لیکن نہ جانے کیوں کچھ نہیں کر سکا۔‘‘
دوسرے نے افسوس کا اظہار کیا۔
’’افسوس آدمی درندہ بنتا جا رہا ہے۔ اس درندگی کا ایک دہشت ناک منظر میری نگاہوں کے سامنے پیش آیا ․․․․․․․ ایک مقام پر مختلف قوم کے دو افراد میں کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ جھگڑا اتنا بڑھا کہ دو قوموں کی لڑائی میں بدل گیا۔ چاقو، تلواریں، بھالے، بندوقیں نکل آئیں، جسم کٹنے لگے، خون بہنے لگا، وہاں جوان بوڑھے، مرد عورت کا فرق نہیں تھا۔ ہر ایک کو مارا جا رہا تھا، کاٹا جا رہا تھا۔ برسوں جو ساتھ رہے، آس پاس دوست بن کر رہے، ایک دوسرے کو بڑی بے دردی سے کاٹنے لگے۔ عورتوں کی عزتیں اور بچوں کی لاشیں اُچھلنے لگیں۔ اور ایک منظر دیکھ کر تومیں کانپ گیا۔
’’وہ کیا تھا‘‘ پہلے نے بے چینی سے پوچھا۔
’’ایک حاملہ عورت جان بچانے کے لیے بھاگ رہی تھی کہ اچانک اُس پر کسی نے حملہ کر دیا اور اس کا پیٹ چاک کر کے انسان بنتے ہوئے گوشت کے لوتھڑے کو ہوا میں اچھال دیا گیا۔‘‘
’’اُف یہ بے دردی کے مظاہرے کب تک آنکھیں دیکھتی رہیں گی، کان سنتے رہیں گے۔‘‘
’’جب تک آدمی اس زمین پر موجود ہے‘‘ دوسرے نے جواب دیا۔
’’آخر جذبۂ انسانیت کہاں ناپید ہو گیا۔‘‘
’’جذبۂ انسانیت کبھی تھا ہی نہیں، انسان کوئی مخلوق نہیں۔ یہ صرف ہمارے دہنوں کا تشکیل دیا ہوا ایک تخیلی نام ہے۔ یہاں تو صرف ابن آدم کی حکومت ہے۔ ہابیل قتل کیا جاتا رہے گا، قابیل ہمیشہ زندہ رہے گا۔ کیا تم نے کوئی انسان دیکھا ہے؟‘‘
’’ہاں‘‘
’’کہاں ہے وہ؟‘‘ دوسرے نے مضطرب ہو کر پوچھا۔
’’وہ ․․․․․․وہ․․․․․․․․ نہیں! میں نے نہیں دیکھا، میں جھوٹ کہہ رہا ہوں۔‘‘
’’جو شے نہیں ہے اسے دیکھا بھی کیسے جا سکتا ہے۔‘‘
سچ! انسان ایک آئیڈیل کا نام ہے، تم نے اور کیا دیکھا؟‘‘
’’کیا کیا سنو گے، تم سنتے سنتے تھک جاؤ گے لیکن حادثات کا بیان ختم نہیں ہو گا کیا تم سنو گے کہ نوبیاہتا عورت نے سسرال کے ظلموں سے نجات حاصل کرنے لیے اپنے بدن میں آگ لگا لگی، کیا تم سنو گے کہ بے گناہ عورتوں بچوں اور مردوں سے بھری ٹرین کو بم سے اڑا دیا گیا۔ کیا تم اس بے حسی کی کہانی سنو گے کہ ایک شخص سڑک پر تڑپ تڑپ کر جان دیتا رہا اور لوگ انجان بن کر گزرتے رہے۔‘‘
’’بس کرو․․․․ ․․․․بس ․․․․․․․․یہ سب کچھ میں نے بھی دیکھا ہے۔ پتہ نہیں شرافت، ہمدردی کہاں گئی ․․․․․․․‘‘
’’شرافت ․․․․․․․․․ہاہاہا․․․․․․․ہمدردی․․․․․․․․․ہاہاہا ․․․․․․․․یہ سب الفاظ کتابوں کے ہیں ․․․․․․․صرف کتابوں کے۔ وہ وقت عنقریب آنے والا ہے، جب دنیا کا سب سے شریف آدمی وہ کہلائے گا جو انسانیت، شرافت، ہمدردی، دوستی، وفا جیسے الفاظ کے معنی جانتا ہو گا۔‘‘
’’ہاں بہت جلد وہ وقت آنے والا ہے ․․․․․․․ یہ آدمیوں کی دنیا ہے اور آدمی کی فطرت شر پسند ہو گئی ہے۔ چھوڑ و اس بات کو ․․․․․․․․․ تم کہو تمہاری محبوبہ کیسی ہے؟‘‘ ایک نے گفتگو کے موضوع کو بدلنے کی کوشش کی دوسرا کہنے لگا:
’’بہت اچھی، تمام دنیا کی لڑکیوں سے اچھی۔‘‘
’’کیا تمہیں اس کی وفا پر یقین ہے۔‘‘
’’اتنا ہی جتنا اس بات پر کہ میں زندہ ہوں۔ وہ اپنی خوبصورتی کی طرح مجھے چاہتی ہے۔‘‘
’’وہ جھوٹ بولتی ہے ․․․․․․․ وہ تمہیں نہیں چاہتی۔‘‘
’’نہیں تم جھوٹ بول رہے ہو․․․․․․․ تم اس پر الزام لگا رہے ہو۔‘‘
’’نہیں! میں جھوٹ نہیں بول رہا۔ اس نے شاید کبھی تمہیں چاہا ہو گا۔‘‘
’’وہ اب بھی مجھے پوجتی ہے۔‘‘
’’یہ تمہاری خوش فہمی ہے۔ وہ جان چکی ہے کہ تم صرف ایک فنکار ہو۔ جس کی جیبیں خالی ہیں۔‘‘
’’وہ دولت کو نہیں چاہتی۔‘‘
’’وہ دولت ہی کو چاہتی ہے ․․․․․․․․ تم نہیں جانتے کہ دہ دولت مند کے ساتھ رشتہ جوڑ چکی ہے۔‘‘
’’تم اس پر بے وفائی کا الزام لگا کر مجھے جوش دلا رہے ہو۔‘‘
’’تم کیا کر سکتے ہو؟‘‘
’’میں تمہاری زبان کھینچ لوں گا۔‘‘
’’اور میں پھر بھی کہتا رہوں گا کہ وہ بے وفا ہے ․․․․․․بے وفا۔‘‘
’’میں تمہیں مار ڈالوں گا۔‘‘
’’میرے بھی دو مضبوط ہاتھ ہیں۔‘‘
’’کمینے ․․․․․․ میں تجھے زندہ نہیں چھوڑ دوں گا۔‘‘
دونوں ایک دوسرے سے بھڑ جاتے ہیں اور جان لینے کی حد تک لڑتے رہتے ہیں۔
انجام کار آخری سانسیں لیتے ہوئے گر جاتے ہیں۔ ایک دوسرے سے کہتا ہے۔
’’آخر تو نے مجھے مار ہی دیا۔‘‘
’’ہاں ․․․․․․․․ہم ․․․․․․․․دونوں نے ․․․․․․․․ ایک دوسرے کو مار ڈالا ․․․․․․․․․ آخر ․․․․․․ہم بھی تو آدمی ہی ہیں۔‘‘
اچانک کمرے کا بلب بجھ گیا اور وہ دونوں موٹی موٹی چھپکلیاں ان دونوں مُردہ جسموں کی خون میں لتھڑی ہوئی پشت پر آ گریں۔
٭٭٭
آہ! پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا۔۔۔ ایک چراغ اور بجھا
مجھے لمحے نہیں صدیاں سنیں گی میری آواز کو محفوظ رکھنا عالمی شہرت کے حامل اردو زبان و ادب کے...