سب خوش تھے۔ بہت خوش۔ ہر چہرہ مسرت کا اظہار کر رہا تھا۔ پیر وجواں، خرد و کلاں، زن و مرد اپنی مسکراہٹوں سے راستوں میں کلیاں بچھا رہے تھے کہ جس وقت سے منادی نے اعلان کیا تھا کہ ہر خاص و عام کو اطلاع دی جاتی ہے کہ ٹھیک آٹھ روز بعد یعنی بروز دو شنبہ بادشاہ سلامت اس گاؤں میں تشریف لائیں گے اور غریبوں کی فریادیں سنیں گے۔ گاؤں کے تمام لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ یہاں کی صفائی میں مدد کریں۔ اور پھر یوں ہوا کہ ہر شخص اپنے گھر، اپنی دوکان اور اپنی گلی کوچے کی صفائی اس طرح کرنے لگا جیسے اس کے گھر کوئی مہمان آنے والا ہو۔ دیواروں کے اندر، کھلے میدانوں میں، راستوں میں، کھیتوں کھلیانوں میں یہی ذکر تھا کہ بادشاہ سلامت کے آنے میں کتنے دن اور باقی ہیں؟ وہ کس طرح آئے گا؟ وہ کیسا ہو گا؟ کیا ہم اس سے مل سکیں گے؟ باورچی خانہ میں روٹی پکاتے ہوئے ’’الف‘‘ کی بیوی نے کہا:
’’سنتے ہو۔ میں سوچ رہی ہوں کہ بادشاہ سلامت کے آنے والے دن اپنی گائے کے دودھ کی کھیر بنا کر رکھ لوں۔ اگر وہ ہمارے جھونپڑے میں آئے تو کھلا دوں گی۔ بازار سے تھوڑا سا ناریل لیتے آنا۔‘‘
’’ٹھیک ہے۔ ذرا اچھی سی بنانا۔ حاکم لوگ ہیں پتہ نہیں کیسا کھاتے ہوں گے۔‘‘ الف نے یہ بات اتنے اعتماد کے ساتھ کہی جیسے بادشاہ صرف اُسی کا مہمان ہو۔ ہر شخص کی دانست میں بادشاہ اس کا مہمان تھا ’’جیم‘‘ اپنی بیوی اور جوان بیٹے بیٹیوں سے کہہ رہا تھا۔
’’ارے تم لوگوں نے ابھی تک کچھ نہیں کیا۔ بادشاہ سلامت کے آنے میں صرف پانچ دن باقی رہ گئے ہیں میں کہا تھا کہ گھر کے دروازے کے آس پاس سفیدی کر لو۔ ٹوٹی پھوٹی اینٹوں کو ہٹا دو۔ ارے بادشاہ سلامت دیکھیں گے تو کیا کہیں گے‘‘ اور اس کی بات ختم ہوتے ہی سب صفائی کے کام میں لگ گئے۔
ہر گھر سے یہی آوازیں آ رہی تھیں۔
’’سنیے میں تو اس روز اپنے گھر کے دروازے پر بہت سے چراغ جلا کر روشنی کروں گی۔‘‘
’’ارے وہ تو دن میں آئیں گے۔‘‘
’’تو کیا ہوا رات کو بھی تو ٹھہریں گے۔ گاؤں کی رات بھی دیکھیں گے۔ میں تو کہتی ہوں کہ پوری بستی میں چراغ جلنے چاہئیں تاکہ اندھیرا پتہ ہی نہ چلے۔‘‘
ہاں اپنی زندگیوں میں تو اندھیرا ہے لیکن اپنے حاکم کے راستوں کو روشن کرنے کے لیے اپنے لہو کے چراغ جلانے چاہئیں۔‘‘
’’تم تو ہمیشہ بے سر پیر کی باتیں کرو گے۔‘‘
کوئی شخص اپنے حاکم کے خلاف کوئی لفظ سننے کو تیار نہیں تھا ان کا کہنا تھا۔
’’حاکم تو حاکم ہوتا ہے۔ اُسے خدا خود ہی بناتا ہے‘‘
’’ہاں بھئی بادشاہ تو زمین پر خدا کا نائب ہے۔‘‘
’’ارے میاں بزرگوں نے کہا ہے کہ بادشاہ کی تنہا جان ہزاروں غریب جانوں کے برابر ہوتی ہے۔‘‘
’’بالکل ٹھیک کہتے ہو بھائی۔ بادشاہ نہ ہو تو لوگ بھوکے مر جائیں۔‘‘
جھوٹ۔۔ بالکل جھوٹ۔۔ بادشاہ کچھ نہیں کرتا۔ لوگ روزانہ بھوک سے مرتے ہیں۔‘‘
ایک نوجوان نے تیز آواز میں کہا سب نے اسے غصّے سے دیکھا لیکن وہ کہتا رہا۔
’’لوگ گاؤں کی گندگی سے مرتے ہیں۔ کیڑے مکوڑوں کی طرح زندگی گذرتے ہیں۔ آج یہاں کی صفائی ہو رہی ہے۔ اس لیے کہ بادشاہ آ رہا ہے۔ اتنے برسوں سے گاؤں سڑ رہ ہے تو کوئی دیکھنے نہیں آیا۔ بادشاہ آئے گا۔ بھُوکوں کو کھانا بانٹے گا۔ ننگوں کو کپڑے دے گا۔ مظلوموں کی فریادیں سنے گا۔ سب کچھ ملے گا لیکن صرف ایک دن۔ پھر سب بھوکے رہیں گے۔ سب ننگے رہیں گے۔ سب ظلم سہیں گے۔ کوئی کچھ دینے یا سننے والا نہیں ہو گا۔‘‘ نوجوان بہت غصے میں تھا کسی ایک شخص کی آواز آئی۔
’’یہ دیوانہ ہے۔۔ پاگل ہے۔‘‘
پھر سب نے کہا
’’ہاں یہ پاگل ہے —حاکم اعلیٰ کو بُرا کہتا ہے۔ اسے گاؤں سے نکال دو۔ حاکم کے خلاف آواز نکالنے والا باغی ہوتا ہے۔ اس کی باتوں سے بغاوت کی بُو آ رہی ہے۔ اس کی زبان بند کرو۔‘‘
سب نے مل کر اسے خاموش کر دیا کہ یہ وقت ہجو کا نہیں صرف قصیدہ خوانی کا ہے۔
اب بادشاہ کے آنے میں صرف دو دن باقی رہ گئے تھے گاؤں کے افراد کے دلوں کی دھڑکنیں اس طرح تیز ہونے لگی تھیں جیسے معزز مہمان آنکھوں کی زد میں آ گیا ہو اور اس کے استقبال کا انتظام ابھی تک نامکمل ہو۔ ہر فرد خوشی کے ساتھ ساتھ گھبراہٹ بھی محسوس کر ہا تھا اس کے دل میں یہ خوف تھا کہ ’’اگر بادشاہ نے مجھ سے کوئی سوال کر لیا تو کیا جواب دوں گا۔ اور کس طرح؟‘‘
کوئی اور کہہ رہا تھا۔
’’میاں حاکموں سے بات کرنے کے لیے سلیقہ چاہیے۔ ہر ایک کے بس کی بات نہیں بڑے آدمی سے بات کرنے کے لیے بڑا آدمی ہونا بھی ضروری ہے۔‘‘
ایک اور کی رائے تھی کہ:
’’بھائی بادشاہ ہم لوگوں سے کہاں بات کرے گا۔ ہم ٹھہرے غریب لوگ، گندے لوگ، وہ تو خوشبوؤں میں بسا ہو گا۔ ویسے بھی بڑے لوگوں کو غریب آدمیوں میں سے بدبو آتی ہے۔‘‘
دوسرا آدمی بول پڑا۔
’’ہم نے تو بھیّا نئے کپڑے سلوائے ہیں۔ ایسا موقع زندگی میں پہلی بار آیا ہے۔ ہمارا گاؤں بڑا قسمت والا ہے کہ بادشاہ سلامت یہاں آ رہے ہیں۔‘‘
اب بادشاہ کے آنے میں صرف ایک رات باقی تھی پورے گاؤں کو ان سرکاری ملازموں نے چمکا دیا تھا جو اسی کام کے لیے برسوں سے یہاں مقرر تھے اور جو پہلے یہاں کبھی نہیں آئے تھے۔ تمام کچّے اور ٹوٹے ہوئے راستوں کو صاف کر دیا تھا۔ گلی کوچوں سے کوڑا کرکٹ ہٹا دیا تھا نالیوں کی گندگی بہا دی گئی تھی۔ گاؤں کی شکل بدل گئی تھی لگتا تھا جیسے یہاں ہر روز اسی طرح صفائی ہوتی ہے۔ ہر شخص اسی طرح خوش و خرم رہتا ہے۔ اسے کوئی تکلیف نہیں۔ گاؤں میں تعینات سرکاری ملازموں نے انہیں سمجھا دیا تھا کہ وہ بادشاہ سلامت سے کوئی تکلیف بیان نہ کریں کیوں کہ تمہاری تکلیف سے انہیں دکھ ہو گا۔ بلکہ کہنا کہ ہم سب بہت خوش ہیں۔ گاؤں میں روزانہ اسی طرح صفائی رہتی ہے۔ سب نے ان باتوں سے اتفاق کیا تھا کہ وہ بغاوت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتے تھے۔
اور جب دو شنبہ کی صبح کو آفتاب نکلا تو اس کی آب و تاب کچھ اور ہی تھی۔ ایسا لگتا تھا جیسے آج کا آفتاب صرف اسی گاؤں کے لئے نکلا ہے۔ راستے چمک رہے تھے، دیواریں جگمگا رہی تھیں۔ چہروں پر تازگی تھی۔ اس روز گاؤں کے تمام پھولوں کو توڑ کر ہار بنا لیے گئے تھے گاؤں کے تمام افراد اپنے ہاتھوں میں ہار لیے گھروں سے باہر نکل آئے تھے اور گاؤں سے باہر راستے کے اطراف کھڑے ہو گئے تھے۔ تمام نگاہوں کو انتظار تھا۔ بادشاہ کے آنے کا وقت قریب آ گیا تھا اور پھر اچانک ہٹو بچو اور نعروں کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ نقیب بادشاہ کی آمد کا اعلان کر رہا تھا۔ گھوڑوں کے ٹاپوں کی آوازیں سنائی دینے لگے۔ دھیرے دھیرے سواری کا جلوس اور نزدیک آ گیا۔ بادشاہ ہاتھی پر سوار تھا۔ اس کے چاروں طرف تلواریں لیے ہوئے مسلح سپاہی چل رہے تھے۔ گاؤں والوں نے خوشی سے بادشاہ کے اقبال کی بلندی کے نعرے لگائے۔ اس کے اوپر پھول برسائے۔ بادشاہ نے مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلا کر ان کے استقبالیہ نذرانوں کو قبول کیا۔ اور ان کی خوشحالی دیکھ کر اطمینان کا سانس لیا۔ آہستہ آہستہ سواری آگے بڑھتی گئی۔ بادشاہ کو دیکھنے کے لیے بچّے، مرد، عورتیں دیواروں، چھتوں اور پیڑوں پر چڑھے ہوئے تھے۔ عورتیں چھتوں سے پھول برسارہی تھیں اور بادشاہ کی شان میں قصیدے پڑھ رہی تھیں۔ تھوڑی دیر بعد بادشاہ کی سواری گاؤں سے گذر گئی۔ اور جلوس کا غبار گاؤں میں باقی رہ گیا۔ بادشاہ گاؤں میں ٹھہرا نہیں۔ اس نے گائے کے دودھ کی کھیر نہیں کھائی۔ اس نے گھروں کے دروازوں پر جلے ہوئے چراغوں کی روشنی کو نہیں دیکھا۔ اس نے کسی کی فریاد نہیں سنی۔ شاید چہروں پر تمام زندگی کی خوشیاں سمیٹے ہوئے لوگوں میں کوئی فریادی نہیں تھا۔ کئی روز بیت گئے۔ راستے پھر خراب ہو گئے۔ گلی کوچوں میں پھر کوڑا کرکٹ جمع ہو گیا۔ نالیوں سے پھر بدبو آنے لگی۔ گھر پھر بے چراغ ہو گئے۔ ایک شخص کہنے لگا۔
’’بادشاہ یہاں ہر روز کیوں نہیں آتا؟‘‘
دوسرے نے سوال کیا۔
’’بادشاہ یہاں ہر روز کیوں آئے؟ اس نے تو ایک ہی دن میں رعایا کی خوشحالی دیکھ لی۔‘‘
٭٭٭
آہ! پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا۔۔۔ ایک چراغ اور بجھا
مجھے لمحے نہیں صدیاں سنیں گی میری آواز کو محفوظ رکھنا عالمی شہرت کے حامل اردو زبان و ادب کے...