’’پھر ابراہیم کے لیے خدائے بزرگ و برتر کا حکم ہوا ہے کہ اے ابراہیم تم اپنی بیوی اور معصوم بچّے کو اللہ کی راہ میں قربان کر دو۔ ابراہیم نے اللہ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ہاجرہ بی بی سے کہا کہ اے ہاجرہ تم اسمٰعیل کو لے کر میرے ساتھ چلو۔ وہ نیک بی بی بغیر کچھ سوال کیے ابراہیم کے ہم راہ چلنے لگی۔ جب وہ تینوں ایک ریگستان میں پہنچے جہاں تپتی ہوئی ریت کے سوا کچھ بھی نہ تھا تو ابراہیم ان دونوں کو چھوڑ کر جانے لگے۔ ہاجرہ بی بی نے پکار کر کہا ’’اے میرے سرتاج ہمیں کس کے سہارے چھوڑ کر جا رہے ہیں۔‘‘ ابراہیم نے کوئی جواب نہ دیا، انہوں نے پھر سوال کیا کہ ’’کیا ہم سے کوئی بھول ہوئی‘‘ ابراہیم نے کہا ’’نہیں! یہ میرے اللہ کا حکم ہے۔‘‘ بی بی ہاجرہ نے اطمینان کا سانس لیا اور پھر کوئی سوال نہیں کیا۔ ابراہیم وہاں سے رخصت ہوئے۔ کچھ دیر بعد بچّہ پیاس کی شدت سے بلکنے لگا ہاجرہ بے چین ہوئیں کہ وہاں دُور دُور تک کوئی چشمہ نہیں تھا۔ حیران و پریشان پانی کی تلاش میں اِدھر اُدھر دوڑتی رہیں۔ بچّہ ریت پر ایڑیاں رگڑتا رہا، یہاں تک کہ اُسی جگہ سے ایک چشمہ پھُوٹ نکلا۔ ہاجرہ بی بی جب نامراد و مایوس واپس لوٹیں تو یہ دیکھ کر حیران ہوئیں کہ اسمٰعیل کے ایڑیاں رگڑنے سے میٹھے پانی کا چشمہ جاری ہو گیا ہے۔ تا حد نگاہ پھیلے ہوئے ریگستان میں وہ چشمہ ایک نعمت تھا۔ پھر دھیرے دھیرے وہاں لوگ آ کر بسنے لگے اور ایک ایسی بستی آباد ہو گئی جو قیامت تک آباد رہے گی۔‘‘
دینیات کی کتاب کا یہ سبق پڑھتے پڑھتے سعیدہ نے بستر پر لیٹے ہوئے شوکت سے سوال کیا۔
’’پاپا کیا ہمارا گھر ٹوٹ جائے گا؟ کیا یہ بستی اُجاڑی جائے گی؟‘‘
معصوم سعیدہ نے شوکت کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا تھا۔ اس نے تڑپ کر کہا ’’نہیں بیٹے کی ایسی بُری بات زبان سے نہیں نکالتے۔ خُدا سے دعا کرو کہ کبھی کسی کا گھر نہ اُجڑے۔‘‘ اُسے یاد آیا کہ گاؤں میں جب اُس کے چھوٹے بھائی نے روشن دان سے ایک چڑیا کے گھونسلے کو نکال کر پھینک دیا تھا تو اس نے اسے بہت ڈانٹا تھا اور سزا دی تھی لیکن آج وہ اپنے گھونسلے کے تنکوں کو بچانے میں لگا ہوا تھا۔ اُسے معلوم تھا کہ اُس نے کتنی محنت و مشقّت کے بعد، ہزاروں خواہشوں کا خون کر کے اس چھوٹے سے گھر کو تعمیر کیا تھا۔
پندرہ سال قبل شوکت دہلی آیا تھا یہاں اسے ایک ملازمت مل گئی تھی۔ کچھ دن تو اپنے کسی دوست کے کمرے پر رہ کر گذار دیے تھے لیکن جلد ہی اُس نے کرائے کا ایک مکان تلاش کر لیا تھا۔ مکان حاصل کر لینے کے بعد وہ اپنی بیوی اور بچّی کو بھی اپنے ساتھ لے آیا تھا کہ اب اس کا کسی اور شہر میں ہجرت کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔ وقت گزرتا رہا اور وہ کئی برسوں تک کرائے کے مکان میں رہتا رہا۔ جس مکان میں اس کی رہائش تھی اسے صرف دہلی میں مکانوں کی قلّت کے پیش نظر مکان کہا جا سکتا تھا، اس کے باوجود اس کی تنخواہ کا چوتھائی حصہ مکان کے مالک کی نذر ہو جاتا تھا۔ تنخواہ کا یہ حصہ نکالتے وقت اسے ایسا لگتا تھا جیسے کسی نے اس کی خوراک کا چوتھائی حصہ چھین لیا ہو لیکن مالک مکان کی نظریں ہر ماہ رقم کی وصولی کے وقت یہ شکایت کرتی تھیں کہ ہم نے تمہیں دہلی جیسے شہر میں رہنے کے لیے چھت عطا کی لیکن تم نے اس کے عوض میں اتنی حقیر رقم دی۔ اس لیے تم مکان خالی کر دو یا کرایہ میں اضافہ کرو۔ انہیں شکایتوں کے سبب اس نے کئی مکان تبدیل کیے، وہ اس نقل مکانی سے تنگ آ گیا تھا لیکن بے بس تھا وہ اکثر اپنے آبائی گھر کی وسعت کو یاد کرتا تھا کہ جس کے صحن میں بآسانی بچے کرکٹ کھیل سکتے تھے اور جس میں رہنے کے لیے افراد کی کمی تھی۔ وہ سوچتا تھا کاش سائنس نے اتنی ترقی کی ہوتی کہ آدمی اپنا گھر جہاں چاہے منتقل کر سکے۔ اسے اپنے بچوں کے بچپن پر رحم آتا تھا کہ اُن کے بچپن میں مکانوں سے صحن غائب ہو گئے تھے۔ اسے اپنا بچپن یاد تھا اور اپنے گھر کا وہ صحن جس میں نیم کے درخت کی چھاؤں میں دوپہر گزرتی تھی۔ ساون میں آنگن کے ان درختوں پہ جھُولے جھولے جاتے تھے۔ اسے وہ اپنے بچوں کی بد قسمتی ہی کہتا تھا کہ انہوں نے گھر کے آنگن میں نہیں بلکہ صرف سڑکوں کے اطراف درخت دیکھے تھے۔ وہ یہ سب بے بسی سے سوچتا، دیکھتا اور محسوس کرتا تھا کہ سوچنا، دیکھنا اور محسوس کرنا اس کے اختیار میں تھا۔
مکانوں کی پریشانیاں دیکھتے ہوئے اکثر دوستوں نے اسے مشورہ دیا کہ اب تو تمہیں یہیں رہنا ہے کیوں نا کچھ زمین خرید کر اپنا گھر بنا لو، لیکن اس کے پاس یک مشت اتنی رقم نہیں تھی کہ تھوڑی بہت بھی زمین خرید سکتا۔ پھر بھی اس نے غفلت نہیں برتی۔ دن رات سوچتا رہا کہ کسی طرح اتنی رقم جمع کی جائے کہ کم از کم پچاس گز زمین ہی وہ اپنے لیے خرید لے، وہ تنہا کرائے کے مکان میں زندگی گذار سکتا تھا لیکن بیوی اور بچوں کی موجودگی میں اسے شرمندگی کا احساس ہوتا تھا کہ وہ انہیں اپنا گھر بھی نہیں دے سکا۔
پھر ایک دن شوکت کی زندگی کا وہ خوش نصیب دن بھی آ گیا تھا جب وہ دہلی میں سو گز زمین کا مالک ہو گا۔ اس دن اس کی بیوی اور بچے بھی بہت خوش تھے۔ اس نے اپنے دوستوں کو اس خوشی میں شریک کرنے کرنے کے لیے مٹھائی بھی کھلائی تھی۔ لیکن ابھی صرف ایک مرحلہ طے ہوا تھا ابھی خوشی ادھوری تھی۔ ابھی اس زمین پر گھر تعمیر کرنا تھا اور جو کچھ اس کے پاس تھا وہ سب زمین کی نذر ہو گیا تھا، ابھی ایک بار اور دائمی سکون کے لیے اسے گھٹ گھٹ کر جینا تھا اور وہ اس کے لیے تیار بھی تھا کہ اس مرحلے کے طے ہو جانے کے بعد وہ مطمئن زندگی گذار سکے گا۔ پھر پہلے کی طرح وہ مرکب ہمت پر سوار ہوا اور گھر کی تعمیر کی ابتدا کرا دی۔ جیسے جیسے گھر کی دیواریں بلند ہوتی گئیں، اس کے اخراجات میں تنگی آتی گئی۔ بیوی کے سبھی زیورات جنہیں ہر عورت بے حد عزیز رکھتی ہے، گھر کی تکمیل کے لیے فروخت ہو گئے۔ والدین سے مدد لی، دوستوں سے قرض لیا تب کہیں جا کر اس کے گھر کو وہ شکل ملی جس میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ زندگی گذار سکے۔
اور جب اس گھر میں شوکت نے اپنے بچوں کے ساتھ قدم رکھا تھا تو اس نے محسوس کیا تھا کہ اب اس کی زندگی کے بقیہ دن اطمینان سے گذر جائیں گے۔ اب اسے اپنے بچوں کے سامنے شرمندگی نہیں ہو گی، سب خوش تھے بہت خوش۔ شاید کوئی بادشاہ بھی قلعے کی تعمیر کے بعد اتنا خوش نہ ہوا ہو گا اس لیے کہ وہ کئی قلعے بنوانے کی استعداد رکھتا ہے اور شوکت کو اس چھوٹے سے گھر کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنا پڑا تھا لیکن اس قربانی کے بدلے اسے کبھی نہ ختم ہونے والا سکوں نصیب ہوا تھا۔ اب اسے تھوڑے بہت قرضے کی ادائیگی کے علاوہ کوئی فکر نہ تھی۔۔ اچانک ایک دن فکروں کی یلغار ہوئی۔ ہوا یوں کہ جس زمین پر وہ بستی آباد تھی وہ دہلی ترقیاتی کمیٹی کی خریدی ہوئی زمین تھی اور کچھ شر پسند لالچی لوگوں نے اسے فروخت کر دیا تھا۔ اب یہ کمیٹی اپنا قبضہ چاہتی تھی تاکہ وہاں قومی شاہراہ بنائی جائے، پارک بنائے جائیں۔ اس نوٹس کے جاری ہوتے ہی اس بستی کے لوگ ان بے بس چھوٹے چھوٹے کمزور جانوروں کی طرح پریشان ہو گئے جو جنگل میں شیر کی آمد سے سہم جاتے ہیں۔ شوکت کی خوشیاں ختم ہو گئی تھیں، ابھی تو اس نے قرض لیے ہوئے روپے بھی واپس نہیں کیے تھے۔ بیوی کے زیورات کی واپسی کے بارے میں تو ابھی اس نے سوچا بھی نہیں تھا وہ تو دیواروں پر بچوں کی لگائی ہوئی ان تصویروں کو دیکھ کر خوش ہوتا تھا جن پر لکھا تھا۔ ویلکم۔ سوئٹ ہوم۔
اسے اب اس سوئٹ ہوم کی دیواریں ہلتی ہوئی نظر آ رہی تھیں اور ان ہلتی ہوئی دیواروں کے بیچ جب وہ اپنے معصوم بچوں کو ایک بار پھر بے گھری کے عالم میں دیکھتا تو تڑپ اٹھتا تھا۔ ان بچوں نے اس گھر کے لیے کتنی قربانیاں دی تھیں، کھلونوں کے بجائے گھر کے لیے اینٹیں خریدی تھیں۔ اپنے آپ کو کھلونوں سے کھیلنے والے بچوں کی عمر سے بلند کر لیا تھا اور اس معصوم بڑپن نے بازاروں میں بکتے ہوئے کھلونوں کی طرف سے منہ پھیر لیا تھا تاکہ انہیں سر چھپانے کے لیے اپنی چھت مل جائے۔ اس سے اپنی بیوی کی خالی خالی ویران آنکھیں نہیں دیکھی جاتی تھیں جس نے اپنے جسم کے تمام زیورات اتار کر مٹی کی نذر کر دیے تھے اور اس گھر کو ہی اپنا زیور سمجھا تھا۔ اسے خود اپنی خبر نہیں تھی کہ گھر کی دیوار کو بچانے کی کوشش میں اس کے بالوں میں کتنی دھول اَٹ کئی ہے اور اس کے پیر کتنے کیچڑ میں دھنس گئے ہیں۔ اس بستی کے ہر شخص کا یہی حال تھا، سبھی لوگ اپنے گھروں کی حفاظت میں جان و مال سے لگے ہوئے تھے۔ ہر روز کسی برسراقتدار شخص کے روبرو اپنی عرضی لے کر جاتے تھے اور اس کے محض ہمدردانہ الفاظ سن کر لوٹ آتے تھے۔ ان کا رکسی نے نہیں کیا لیکن روکا کسی نے نہیں۔ پھر ایک دن یہ ہوا کہ بہت سویرے بڑی تعداد میں مسلح فوج نے بستی کو گھیر لیا اورجبراً گھروں کو خالی کرادیا۔ گھروں کے خالی ہوتے ہی بلڈوزروں کی کرخت آوازیں سنائی دیں اور تھوڑی ہی دیر میں ان دل شکن آوازوں کے ڈھیروں کے نیچے ارمانوں کے محل چکنا چور ہو گئے وہ سب اپنے ٹوٹے پھوٹے سامان کے ڈھیروں پر کھڑے اپنی بے گھری کا تماشا دیکھتے رہے۔ فوج مزاحمت کرنے والوں کے سینوں کی طرف بندوقوں کا رخ کیے کھڑی تھی۔ وہیں کچھ دور ایک شخص اپنے ٹرانسسٹر پر یہ گیت سن رہا تھا۔ ’’اب کوئی گلشن نہ اجڑے اب وطن آزاد ہے۔‘‘ اور وہیں اینٹوں کے ڈھیر پر معصوم سعیدہ کی دینیات کی کتاب کا وہ ورق کھلا ہوا تھا جس میں تحریر تھا کہ ’’پھر ابراہیم کے بنائے خدا کے گھر کو ڈھانے کیے لیے ابرہہ کی ایک فوج نے مکہ پر چڑھائی کی لیکن اسی وقت آسمان پر بے شمار ابابیلیں اپنی چونچوں میں کنکریاں لیے دکھائی دیں۔ ابابیلوں نے وہ کنکریاں فوج کے اوپر برسائیں جو سپاہیوں کے سروں کے اندر اتر گئیں۔‘‘ سعیدہ نے آسمان کی جانب دیکھا لیکن آج بندوقوں کے خوف سے ابابیلوں نے اپنا رخ بدل لیا تھا۔
٭٭٭
آہ! پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا۔۔۔ ایک چراغ اور بجھا
مجھے لمحے نہیں صدیاں سنیں گی میری آواز کو محفوظ رکھنا عالمی شہرت کے حامل اردو زبان و ادب کے...