بچّے ٹیلی ویژن دیکھنے میں محو تھے۔ بچّوں کے ایک پروگرام میں ایک لڑکی کہانی سنا رہی تھی وہ کہہ رہی تھی۔
’’تو بچو ہوا یوں کہ ایک جنگل میں ایک شکاری شیر کے شکار کے لیے ایک پنجرہ لگا کر چلا گیا اتفاق سے ایک خونخوار شیر اُدھر سے گذرا، اُس نے دیکھا کہ پنجرے کے اندر ایک بکری کا بچّہ بیٹھا ہوا ہے۔ شیر کے منہ میں پانی آ گیا اور وہ بکری کے بچے کو پکڑنے کے لیے پنجرے پر جھپٹا، جیسے ہی وہ پنجرے کے اندر گھُسا، پنجرے کا دروازہ بند ہو گیا۔ اب تو شیر بڑا پریشان ہوا کہ کیا کرے۔ اب وہ انتظار کرنے لگا کہ وہاں سے کوئی گذرے تو اس کی خوشامد کرے اور پنجرہ کا دروازہ کھلوائے۔ تھوری دیر بعد وہاں سے ایک لومڑی گذری، شیر نے لومڑی سے درخواست کی کہ وہ دروازہ کھول دے۔ لومڑی کہنے لگی کہ میں نے اگر دروازہ کھول دیا تو تم مجھے کھا جاؤ گے۔ شیر نے کہا۔ لومڑی کہنے لگی کہ میں نے دروازہ کھول دیا تو تم مجھے کھا جاؤ گے۔ شیر نے کہا۔ نہیں میں ایسا نہیں کروں گا۔ بہت خوشامد کرنے پر لومڑی نے پنجرے کا دروازہ کھول دیا۔ شیر پنجرے سے باہر آ گیا، شیر کو بہت بھوک لگ رہی تھی۔ اُس نے اپنا وعدہ بھول کر لومڑی کو کھانا چاہا۔ لومڑی نے کہا یہ کیسا انصاف ہے۔ تم اپنے وعدے سے بدل رہے ہو۔ شیر بولا مجھے بھوک لگی ہے۔ لومڑی بولی اچھا چلو کسی سے پوچھتے ہیں کہ کیا یہ انصاف کی بات ہے۔ شیر اس بات پر راضی ہو گیا۔ تھوڑی دور پر انہیں ایک آدمی ملا۔ لومڑی نے آدمی کو روک کر ساری بات بتائی۔ آدمی کچھ دیر سوچتا رہا پھر بولا چلو مجھے وہ پنجرہ دکھاؤ، تینوں پنجرہ دیکھنے چل دیے۔ پنجرے کے پاس پہنچ کر آدمی نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آتا کہ شیر اتنا بڑا ہو کر اس پنجرے میں کیسے آ گیا۔ شیر کے بار بار کہنے پر بھی آدمی نے تسلیم نہیں کیا۔ آخر کار شیر نے کہا کہ میں پنجرے کے اندر جا کر دکھاتا ہوں۔ جیسے ہی شیر دوبارہ پنجرے میں گیا آدمی نے پنجرے کا دروازہ بند کر دیا۔ اب تو شیر بہت پچھتایا۔ لومڑی کو یقین ہو گیا کہ آدمی شیر سے زیادہ خطرناک ہے۔ لومڑی نے آدمی کا شکریہ ادا کیا اور جنگل میں چلی گئی۔‘‘
بچّے کہانی سن کر بہت خوش ہوئے۔ لیکن ننھا عاطف یہ سوچنے لگا کہ آدمی کیا ہوتا جو شیر سے بھی نہیں ڈرتا۔ اس نے پاس بیٹھی ہوئی دادی ماں سے اپنی ننّھی زبان میں معلوم کیا۔
’’دادی ماں یہ آدمی کیا ہوتا ہے کہ شیر بھی اس سے ڈرتا ہے۔‘‘ دادی ماں نے از راہ مذاق کہا۔
’’آدمی بڑا خطرناک جانور ہوتا ہے۔ تمہیں معلوم ہے بہت سال پہلے چنگیز خاں نام کا ایک آدمی تھا۔ بہت ہی خطرناک تھا اس نے ہزاروں گھر جلا دیے۔ سیکڑوں شہر برباد کر دیے۔ لاکھوں لوگ اس کے ہاتھوں مارے گئے۔ آدمی تو اتنا خطرناک ہوتا ہے کہ سب جانوروں کو مار سکتا ہے۔:
ننھے عاطف کے دل پر ایک خوف طاری ہونے لگا تھا۔ دوسرے بڑے بچوں کو عاطف کے خوف اور حیرانی سے لطف آ رہا تھا۔ انہوں نے دادی ماں سے کہا۔
’’دادی ماں ننھے کو یہ بھی توبتا۔ کہ ہلاکو خاں بھی آدمی تھا جس نے بغداد شہر کو جلا دیا تھا۔‘‘
’’ہاں بیٹا ہلاکو خاں بھی ایک آدمی تھا اس نے بھی ہزاروں بے گناہوں کو مار ڈالا۔‘‘
دادی ماں کو بھی لطف آ رہا تھا۔ ٹیلی ویژن اب بھی چل رہا تھا لیکن بچوں کی دلچسپی اس کی طرف سے اس لیے ہٹ گئی تھی کہ اب خبریں آ رہی تھیں۔ لیکن جب خبریں سنانے والی خاتون نے بتایا کہ ’’ایک نامعلوم آدمی نے شہر کے بیچوں بیچ بھیڑ والی جگہ پر اپنی بندوق سے اندھا دھند گولیاں چلا دیں جس سے بہت سے لوگ مارے گئے۔‘‘ تو عاطف چونک پڑا۔ اب آدمی کا ڈر اس کے دل میں بیٹھ گیا تھا۔ اس کا ننھا سا ذہن سوچنے لگا تھا کہ خدا نے آدمی کو ایسا کیوں بنایا ہے جو خوب صورت دنیا کو تباہ کر دینا چاہتا ہے۔ خبریں ختم ہو گئی تھیں۔ خبروں کے اختتام پر اناؤنسر نے ایک ضروری اعلان کیا، اس نے کہا۔ ’’جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ وزیر اعلیٰ کو کل رات کسی آدمی نے بم کے دھماکے سے اڑا دیا۔ جو شخص اس آدمی کو پکڑ وائے گا اسے دس لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔‘‘
اس اعلان نے ننّھے عاطف کے دہن پر خوف کا ایک اور وار کیا، اس کے ننّھے ذہن نے یقین کر لیا تھا کہ دنیا میں سب سے زیادہ خطرناک مخلوق آدمی ہے۔ وہ دل و نظر میں خوف لیے ہوئے نیند کی آغوش میں چلا گیا اور خواب میں آدم کی بھیانک شبیہ تیار کر رہا تھا۔ وہ سب کی زبانی اتنے واقعات سُن چکا تھا کہ اُسے آدمی کے مقابلے میں تمام بھیانک مخلوقات کی شکلیں کم بھیانک معلوم ہو رہی تھیں، کم سِن ذہن آدمی کے تعمیری کارناموں سے ناواقف ہوتا ہے۔ نا پختہ اذہان تخریب کاری کی جانب زیادہ متوجہ ہوتے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ عاطف کے دل و دماغ پر آدمی کی تخریب کاریاں نقش ہو گئی تھیں۔ اس کے ذہن میں صرف یہ تصویریں محفوظ تھیں کہ آدمی نے کسی کو قتل کر دیا، آدمی نے کسی عورت کو جلا دیا، آدمی نے راہ چلتے کسی کو لوٹ لیا، آدمی نے ہوائی جہاز اور ٹرین کو بم سے اڑا دیا۔ عاطف تمام رات خوف سے سمٹتا رہا۔
دوسرے دن جب پھر شام کا دھند لکا چھایا تو بچوں نے دادی ماں کو گھیر لیا اور کہانی سنانے کے لیے ضد کی۔ ننھّے عاطف نے اپنی توتلی زبان میں کہاں۔
’’دادی ماں آدمی کی کہانی سنائیے۔‘‘
عاطف نے یہ بات اس طرح کہی تھی جیسے بچے شیر کی کہانی کی فرمائش کرتے ہیں۔ دادی ماں نے عاطف کی فرمائش کا احترام کرتے ہوئے کہا:
’’اچھا بچو! میں تمہیں آدمی کی کہانی سناتی ہوں۔ بہت پہلے کی بات ہے۔ ایک جنگل میں ایک شیر اپنے دو بچّوں کے ساتھ رہا کرتا تھا۔ جب اس کے بچّے بڑے ہونے لگے تو شیر نے ان سے کہا کہ دیکھوں تم جنگل میں کسی سے نہیں ڈرنا، اس لیے کہ تم جنگل کے راجا کے بیٹے ہو لیکن آدمی سے ہمیشہ بچ کر رہنا، وہ بہت خطرناک مخلوق ہے، وہ تمہیں بھی مار سکتا ہے۔ شیر کے بچّوں نے اس بات کو ذہن نشیں کر لیا۔ ایک دن شیر کا ایک بچّہ جو اب بڑا ہو گیا تھا جنگل میں گھومنے کے لیے نکلا وہ سوچ رہا تھا کہ شاید اسے کہیں آدمی جیسی بھیانک مخلوق دیکھنے کو ملے ۰ اُس نے دیکھا کے پیڑ کے نیچے ایک گدھا کھڑا ہے شیر کے بچّے نے قریب جا کر پوچھا۔
’’تم کون ہو؟‘‘
’’کیا تم نے آدمی کو دیکھا ہے۔ وہ کیسا ہوتا ہے‘‘۔ شیر کے بچّے نے پھر سوال کیا۔ گدھا آدمی کا نام سن کر کچھ سہم گیا اور کہنے لگا۔
’’آدمی تو بڑی بُری بلا کا نام ہے۔ روزانہ صبح میری پیٹھ پر بوجھا لاد دیتا ہے اور ڈنڈے سے مار مار کر بوجھا لے چلنے پر مجبور کرتا ہے۔ میری یہ حالت اُسی نے کی ہے۔‘‘
گدھے نے اپنی پیٹھ سے بہتے ہوئے خون کو دکھایا۔ شیر کا بچہ اپنے ذہن میں آدمی کی ڈراؤنی تصویر بناتا ہوا آگے بڑھا تو اسے ایک گھوڑا دکھائی دیا۔ کم سن شیر نے سوچا شاید یہی آدمی ہے یہ گدھے سے بڑا ہے۔ اس نے ڈرتے ڈرتے پوچھا ’’تم کون ہو؟ کیا تم آدمی ہو؟‘‘
’’نہیں میں تو گھوڑا ہوں۔ آدمی تو بہت ظالم ہوتا ہے۔ یہ دیکھو میرے جبڑوں کا کیا حال کیا ہے۔ میرے منہ میں لگام باندھ کر میری پیٹھ پر بیٹھ جاتا ہے اور مجھے چابک سے مار مار کر دوڑاتا ہے‘‘ گھوڑے نے اپنا منہ اور پیٹھ جوان ہوتے ہوئے شیر کو دکھائی۔ یہ سُن کر نوجوان شیر کو اطمینان ہوا۔ وہ آگے بڑھ گیا۔ تھوری دور چلا کہ اس کی نگاہ اونٹ پر پڑی، اونٹ کی لمبائی دیکھ کر اسے گمان ہوا کہ یہی آدمی ہو گا۔ اس نے دبے الفاظ میں پوچھا۔
’’تم کون ہو؟‘‘
’’تم میرا نام جان کر کیا کرو گے؟‘‘ اونٹ پوچھنے لگا۔ نوجوان شیر کہنے لگا۔
’’آدمی کو دیکھنا چاہتا ہوں، تم آدمی تو نہیں؟‘‘
آدمی کا نام سن کر اونٹ کے بدن میں کپکپی سی آ گئی۔ وہ کہنے لگا۔
’’بھئی تم نے کس بلا کا نام لے دیا کہ جس کے نام ہی سے مجھے ڈر لگنے لگا۔ میں اونٹ ہوں۔ میں تو خود آدمی کا تابع دار ہوں۔ یہ دیکھوں آدمی نے میری ناک میں نکیل ڈال رکھی ہے اور مجھے اپنے اشاروں پر نچاتا ہے۔ میری پیٹھ پر سامان لاد کر گرم گرم ریت پر دوڑاتا ہے۔
اب نوجوان شیر سوچنے لگا کہ آخر آدمی کیسا ہو گا جو اتنے بڑے جانور کو بھی تابعدار کر رکھا ہے۔ وہ یہی سوچتا ہوا آگے بڑھ رہا تھا کہ ایک سیاہ پہاڑ جیسے جسم وا لے جانور کو دیکھ کر ڈر گیا۔ اسے یقین ہو گیا کہ یہی آدمی ہو گا کہ جس سے سبھی خائف ہیں۔ وہ ایک درخت کی آڑ میں چھُپ گیا اور وہیں کھڑے ہو کر پوچھنے لگا۔
’’اے پہاڑ جیسے بدن رکھنے والے کیا تم آدمی ہو جس سے جنگل میں سبھی ڈرتے ہیں میں نے تم سے بڑا اب تک کوئی نہیں دیکھا۔‘‘
ہاتھی کو شیر کی معصومیت پر ترس آ یا اور اس نے کہا
’’نہیں! میں ہا تھی ہوں اور تم بڑے خوش قسمت ہو کہ تم نے ابھی تک آدمی کو نہیں دیکھا۔ میرے سر کی حالت دیکھو، میرے اوپر بیٹھ کر اتنی زور زور سے بھالے مارتا ہے جیسے یہ سر نہیں پتھر ہے۔ اتنا بڑا بدن رکھنے کے باوجود بھی آدمی کے سامنے میں بے بس ہوں۔‘‘
نو جوان شیر اب اور زیادہ پریشان تھا کہ آخرآدمی کیا ہے۔ چلتے چلتے اس نے دیکھا کہ کچھ لوگ آری سے پیڑ کاٹ رہے ہیں۔ نو جوان شیر ان کی طرف بڑھا وہ لوگ شیر کو دیکھ کر گھبرائے لیکن ہمت کر کے کھڑے رہے۔ شیر کے بچے نے قریب آ کر پوچھا۔
’’کیا تم نے آدمی کو دیکھا ہے۔ آدمی کیسا ہوتا ہے؟‘‘
لکڑہارے بھانپ گئے اس کے دل پر آدمی کا خوف غالب ہے۔ انہوں نے نوجوان شیر سے کہا کہ ’’تم ذرا اپنے ہا تھ آگے بڑھاؤ‘‘ جب معصوم شیر نے ہاتھ آگے بڑھائے تو لکڑہارے نے چیری ہوئی لکڑی کے بیچ میں انہیں پھنسا دیا اور کہا۔
’’ہم ہی آدمی ہیں۔‘‘
نا سمجھ شیر تکلیف سے تڑپنے لگا اسے یقین ہو گیا کہ واقعی یہ آدمی ہیں۔ ’’تو بچو سنا تم نے آدمی کیا ہوتا ہے۔‘‘
ننھا عاطف دادی ماں کی یہ بات سن کر حیران تھا، دادی ماں اتنا کہہ کر خاموش ہو گئیں۔ تبھی دروازے پر دستک ہوئی۔ آفاق جلدی سے دروازے پر گیا اور واپس آ کر کہا۔
’’پاپا دروازے پر کوئی آدمی ہے۔‘‘
ننھے عاطف نے آفاق کی بات کو غور سے سنا، وہ چیخ پڑا ’’آدمی‘‘ اور بے ہوش ہو گیا۔
٭٭٭
آہ! پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا۔۔۔ ایک چراغ اور بجھا
مجھے لمحے نہیں صدیاں سنیں گی میری آواز کو محفوظ رکھنا عالمی شہرت کے حامل اردو زبان و ادب کے...