بعد کئی صدیوں کے زید بن حارث کی آنکھوں میں آفتاب کی کرنیں چُبھنے لگیں، اس نے آہستہ آہستہ پلکوں کو حرکت دی اور اپنے گرد دیکھا، روشنی دھیرے دھیرے غار کے اندر داخل ہو چکی تھی۔ اس نے اپنے خوابیدہ ساتھیوں پر نظر ڈالی اور محسوس کیا کہ ان کی پلکوں کے نیچے تپش پھیلنے لگی ہے اور عنقریب یہ وا ہو جانا چاہتی ہیں۔ اس سے پہلے کہ اس کا کوئی ساتھی اپنی پلکوں کو وا کرتا اور آفتاب کی روشنی آنکھوں میں اُتار لیتا۔ اُس نے آواز دی۔
’’ساتھیو! کیا تم اپنی آنکھوں میں روشنی کی چُبھن محسوس نہیں کرتے۔‘‘
اور اس آواز کے ساتھ سب کی آنکھوں میں آفتاب اُتر گیا۔ اب سب نے اپنے جسموں کو حرکت دی اور نیم دراز ہوئے۔ ابو سعد کفِ دست سے اپنی آنکھوں کو ملتا ہوا یوں گویا ہوا:
’’اے حارث کے بیٹے کیا ہم سوئے ہوئے تھے۔‘‘
’’ہاں شاید ہم سب ہی سو گئے تھے‘‘ زید بن حارث نے جواب دیا اور استفسار کیا۔
’’اے عمر کیا تم جانتے ہو کہ ہم نے کتنا عرصہ عالمِ غفلت میں گذارا۔‘‘
’’صرف ایک شب۔‘‘ پھر وہ سب ہی اپنے گرد و پیش کا جائزہ لینے لگے۔ وہ ایک غار میں تھے، اپنے آپ کو غار کی پناہ میں دیکھ کر طلحہ بن عبید نے اپنے ساتھیوں سے دریافت کیا۔
’’دوستو! کیا تمہیں یاد ہے کہ ہم نے اس تاریک غار میں پناہ کیوں لی تھی؟‘‘
’’ارے طلحہ کیا تمہیں یاد نہیں رہا۔‘‘ زید نے طلحہ سے پوچھا۔ قبل اس کے کہ طلحہ کچھ جواب دیتا ابو سعد کہنے لگا۔
’’عزیزو! یہ باتیں بوقتِ فرصت دہرائی جائیں گی۔ سرِ دست اشتہا بڑھتی جاتی ہے۔ چلو ہم سب بستی کی جانب چلیں اور کھانے کا انتظام کریں۔‘‘
ابو سعد کے مشورہ کو سب نے قبول کیا اور اپنی جیبوں میں ہاتھ ڈالے کہ جن میں دینار موجود تھے۔ پھر وہ چند نوجوان بستی کی سمت روانہ ہوئے۔ کچھ دور چلنے کے بعد ہی انہیں بستی دکھائی دینے لگی۔ لیکن انہوں نے اس بستی کو اس بستی سے مختلف پایا جسے چھوڑ کر انہوں نے غار میں پناہ لی تھی۔ اہل شہر کے لباس اور چہرے ان سے مختلف تھے۔
کچھ دیر تک وہ حیران و پریشان رہے۔ پھر اسی عالم میں ایک دوسرے سے کہنے لگے۔
’’اے زید شاید ہم راستہ بھٹک گئے۔‘‘
’’تم ٹھیک کہتے ہو۔ یہ قوم وہ نہیں، جن کے بیچ ہم رہتے تھے۔‘‘
’’فی الحال یہیں ٹھہرتے ہیں اور اس ملک کو دیکھتے ہیں۔ پھر ہم اپنے ملک کی راہ پوچھیں گے۔‘‘
وہ چاروں ایک جگہ کھڑے ہو کر لوگوں کی آمد و رفت دیکھنے لگے کہ ایک راہ گیر ان کے نزدیک سے گذرا۔ زید بن حارث نے اسے اپنی طرف متوجہ کیا۔
’’اے برادر عزیز اس ملک کا حاکم کون ہے؟‘‘
اس نے ان کو بنظر غور دیکھا اور کہا۔
’’یہاں عوام کی حکومت ہے۔‘‘
وہ سب ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔ ابو سعد نے نا فہمی کا اظہار کیا۔
’’اے عزیز کیا تم وضاحت سے بیان کر سکو گے کہ عوام کی حکومت سے کیا مراد ہے؟‘‘
’’ہمارے یہاں حاکم کے انتخاب کے لیے عوام کی رائے حاصل کی جاتی ہے اور جس شخص کو اکثریت چاہتی ہے حاکم بنایا جاتا ہے۔‘‘
’’کیا منتخب شدہ شخص تمام عمر حاکم رہتا ہے اور کیا اس کے بعد اس کی اولاد تخت نشین نہیں ہوتی۔‘‘ عمر نے پھر استفسار کیا۔
’’نہیں! حاکم کا انتخاب ہر پانچ برس بعد ہوتا ہے۔ اور اس حکومت کے آئین کے مطابق اس کی اولاد اس کی جانشین نہیں ہوتی۔ بلکہ عوام جب چاہیں حاکم کو بدل سکتے ہیں۔‘‘ راہ گیر اتنا کہہ کر آگے بڑھ گیا۔ ان سب نے ایک دوسرے کو دیکھا۔ انہیں اپنے اندر خوشی کی کرنیں پھوٹتی ہوئی محسوس ہوئیں وہ سب کہنے لگے۔
’’دوستو! کیا ہم نے اپنے ملک میں اس طرح کی حکومت کا نفاذ نہیں چاہا تھا۔ شاید ہم صحیح ملک میں پہنچ گئے ہیں۔ اگر یہاں کی حکومت نے اجازت دے دی تو یہیں مستقل قیام کریں گے۔‘‘
وہ سب عوامی حکومت کے نام سے اس قدر خوش ہوئے کہ انہیں اس بات کا خیال ہی نہ رہا کہ اپنی اشتہا مٹانے کے لیے بستی کی سمت آئے تھے، ان کا شوقِ دیدار شہر لمحہ بہ لمحہ بڑھتا گیا اور پھر سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہم سب اول وقت میں اس شہر مقدس کی زیارت کریں کہ جس میں عوام کی حکومت ہے اور اس فیصلے کے بعد وہ شہر کے ایک راستے پر بہ ہمراہ حیرت و استعجاب چلنے لگے۔ تھوڑی دور چلے تھے کہ شہر کے ایک راستے سے ایک جلوس آتا ہوا دکھائی دیا۔ وہ ٹھہر کر جلوس کا انتظار کرنے لگے۔ جلوس میں شامل افراد حاکم وقت کے خلاف آوازیں بلند کر رہے تھے، اسے دغا باز اور فریبی کہہ رہے تھے۔ وہ بھی جلوس کے ساتھ ہو لیے اور اس بات سے خوش تھے کہ بعد مدت کے ایسا ملک دیکھا ہے کہ جس میں ہر شخص کو ہر بات کہنے کی آزادی ہے وہ بات خواہ حاکم وقت کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ جب وہ مجمع ایک میدان میں ٹھہر گیا تو ان میں سے ایک شخص آگے بڑھا اور یوں گویا ہوا۔
’’دوستو! آج پھر وہ وقت آ گیا ہے کہ ہم سب موجودہ حاکم کے خلاف عَلمِ بغاوت بلند کریں۔ کیا بوقت انتخاب حاکمِ وقت سے تمہاری توقعات یہی تھیں جو آج تم دیکھ رہے ہو، کیا اس حاکم نے تم سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کیا؟ کیا تم نے جو کچھ اس سے مانگا تھا تمہیں ملا، پھر تم کیسے کہتے ہو کہ اس ملک میں عوام کی حکومت ہے؟‘‘
طلحہ بن عبید نے اپنے پاس کھڑے ہوئے ایک شخص سے دریافت کیا۔
’’اے عزیزیہ شخص کون ہے؟‘‘
اس نے جواب دیا۔
’’اے برادر یہ بھی ان لوگوں میں سے ایک ہے جو عوام کا نمائندہ بن کر اس ملک پر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ حاکمِ وقت کے حریفوں کی صف کا ایک آدمی ہے۔‘‘
’’تو کیا عوام اسے پسند کرتے ہیں‘‘ زید بن حارث نے سوال کیا۔
’’کچھ عرصہ پہلے عوام نے اسے ایک ریاست کا حاکم منتخب کیا تھا لیکن حاکمِ اعلیٰ کا ہم رائے نہیں تھا۔ اسی لیے اس نے اپنے اقتدار کا بے جا استعمال اور اسے اپنے عہدے سے برطرف کر دیا۔‘‘
’’کیا عوام کی رائے کے بغیر ایسا کیا جا سکتا ہے‘‘ عمر نے معلوم کیا۔
’’یہاں عوام کو پانچ برس بعد اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ اس کے درمیان منتخب شدہ حاکم اپنی رائے کو برتر اور بہتر سمجھتا ہے‘‘ اجنبی کا یہ جواب پا کر زید کے ساتھی ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔ تقریر اب بھی جاری تھی۔ یہاں تک کہ اس شخص کی اشتعال انگیز باتوں کو سن کر مجمع مشتعل ہو گیا اور ان کی زبانیں زہر اگلنے لگیں۔ اسی لمحہ حاکمِ وقت کی فوج کے سپاہیوں نے اس ہجوم پر حملہ کر دیا۔ ہجوم منتشر ہو گیا۔ لوگ زخمی ہوہو کر گرنے لگے سیکڑوں لوگ گرفتار کیے گئے۔ ان چاروں نے بھی اپنے لیے جائے پناہ تلاش کی۔ اسی وقت پورے شہر میں نظر بندی کا اعلان کر دیا گیا۔ گوئی شخص اپنے گھر سے باہر نہیں نکل سکتا تھا۔ فوج راستوں پر تعینات تھی۔
طلحہ اور اس کے ساتھیوں نے جب اپنے سروں پر آسمان کے بجائے ایک مکان کی چھت دیکھی تو زید بن حارث سے پوچھا کہ وہ اُسے بڑا مانتے تھے
’’اے حارث کے بیٹے ہم کس مقام پر ہیں۔ کیا ہم نظر بند کر دیے گئے ہیں۔‘‘
’’ہم اس وقت کسی کے مکان میں ہیں اور شاید آفاتِ شہر کا شکار ہو کر نظر بند ہو گئے ہیں۔‘‘ زید اس سے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتا تھا۔ کچھ دیر بعد ہی ایک شخص ان کے قریب آیا اور استفسار کیا۔
’’دوستو! تم لوگ کون ہو اور یہاں کیوں کر پہنچے۔‘‘
’’اے عزیز ہم تمہارے شہر میں اجنبی ہیں اور نظر بندی کے نفاذ کے اعلان کے بعد پناہ کی تلاش میں یہاں تک پہنچ گئے ہیں۔ کیا تم ہمیں پناہ دو گے۔‘‘ ابو سعد نے اپنا حال بیان کیا۔
اس شخص نے ان چاروں کے ساتھ بہتر سلوک کیا اور اپنے دستر خوان پر کھانا کھلایا، وہ چاروں اس کے اس سلوک سے خوش ہوئے اور اس کا شکر ادا کرتے ہوئے کہنے لگے۔
’’اے مہربان! ہم تمہارے شکر گذار ہیں کہ تم نے ہمیں پناہ دی اور اپنے دستر خوان پر کھانا کھلایا۔ اے محسن اب تم کوئی تدبیر کرو کہ ہم یہاں سے نکل سکیں۔‘‘
’’تم ایسے ہنگامی حالات میں کہاں جاؤ گے۔ کہ تم سب مسافر ہو۔ ایسا نہ ہو کہ کسی مصیبت میں گرفتار ہو جاؤ۔ مجھے اپنا دوست جانو اور اس غریب خانہ میں اس وقت تک قیام کرو جب تک حالات معمول پر نہ آ جائیں۔‘‘ صاحب خانہ کے اس جواب پر بسلسلہ مشورہ ان لوگوں نے ایک دوسرے کو دیکھا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ یہاں قیام کریں اور اس فیصلے کے بعد انہوں نے آرام کیا اور روز فردا صاحب خانہ سے پوچھا۔
’’اے برادر عزیز کیا تم اپنے ملک اور یہاں کی حکومت کے بارے میں کچھ بتاؤ گے۔‘‘ صاحب خانہ نے بنظر غور ان چاروں کو دیکھا اور اپنے شک کا اظہار کیا۔
’’دوستو کیا تم میرے اس شک کو دور کر سکو گے کہ تم کسی ملک کے جاسوس ہو۔‘‘ وہ سب حیران و پریشان ہو کر ایک دوسرے کو دیکھنے لگے، انہیں خاموش دیکھ کر صاحب خانہ نے کہا۔
’’تم اس وقت میرے مہمان ہو اور میں نہیں چاہوں گا کہ میری کسی بات سے تمہیں تکلیف پہنچے۔ مجھے یہ شک اس لیے گذرا کہ حاکمِ وقت ملک میں ہونے والے ہر حادثہ کا الزام غیر ملکوں پر عائد کرتا ہے۔‘‘
’’وہ ایسا کیوں کرتا ہے؟‘‘ عمر نے سوال کیا۔
’’اس سے وہ خود بے گناہ ثابت ہو جاتا ہے۔ تم لوگوں کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ یہاں ہر شخص دو چہرے رکھتا ہے۔ ایک سیاہ اور ایک سفید۔ سفید چہرہ لے کر وہ سب کے سامنے آتا ہے اور سیاہ سے پس پشت بات کرتا ہے۔‘‘
’’ایسا کیوں ہے؟‘‘ طلحہ نے معلوم کیا۔
’’یہ بات ابھی تک قابلِ غور ہے اور کوئی شخص اس نتیجہ پر نہیں پہنچ سکا کہ اس ملک کے لوگ دو چہرہ کیوں ہیں‘‘ صاحب خانہ لا علمی کا اظہار کیا۔ طلحہ نے پھر پوچھا۔
’’کیا اس کی کوئی مثال پیش کر سکتے ہو۔‘‘
’’یہاں ہر شخص اس کی مثال ہے۔ یہاں حکمراں طبقہ جو عوام کا منتخب کردہ ہے جب عوام کے روبرو آتا ہے تو اتنا عاجز اور منکسر ہوتا ہے جیسے عوام اس کا خدا ہے اور جب وہ کرسیِ اقتدار پر جلوہ افروز ہوتا ہے تو عوام کے سینوں میں چھُرے بھونکتا ہے۔ کل وہ حاکمِ وقت کے خلاف زہر اُگل رہا تھا اور آج وہ دیکھو حاکمِ وقت کی مدح میں قصیدے پڑھ رہا ہے۔‘‘
’’میرے عزیز میں نے کہا کہ یہاں سب دو چہرہ لوگ ہیں۔ آج جو میرے ساتھ ہے، ہو سکتا ہے وہ کل میرے ساتھ نہ رہے۔ یہاں لوگ بِک جاتے ہیں۔ یہاں کا حاکم عوام کے نمائندے نہیں چاہتا بلکہ اپنے ہم خیال چاہتا ہے۔ یہاں عوام کے نام پر حکومت کی جاتی ہے۔‘‘ صاحب خانہ کی اِن باتوں کو سُن کر وہ سب کچھ سوچنے لگے اور بہت دیر تک سوچتے رہے کچھ دیر بعد عمر نے پوچھا۔
’’دوستو کیا تم سب بھی وہی سوچ رہے ہو جو بات میں سوچ رہا ہوں۔‘‘
انہوں نے پوچھا۔
’’تو کیا سوچ رہے ہو؟‘‘
’’میں سوچ رہا ہوں کہ یہاں کے لوگ دو چہرہ کیوں ہیں؟‘‘
’’ہاں عمر ہم سب بھی یہی سوچ رہے ہیں‘‘
’’کیا یہ اُس بات کا ردّ عمل․․․․․․․․‘‘ طلحہ نے اتنا کہا تھا کہ زید بن حارث نے اُسے اشارہ سے روک دیا۔ صاحب خانہ نے سب کو عالمِ محویت میں دیکھ کر معلوم کیا۔‘‘
وہ ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔ زید بن حارث نے کہ اُن سب میں بڑا تھا کہا۔
’’عزیزو! یہ شخص بڑا مہربان اور محسن ہے اس سے کچھ پوشیدہ رکھنا گناہ کا باعث ہو گا۔‘‘
زید کی بات سے سب نے اتفاق کیا پھر طلحہ بن عبید نے یوں بیان کیا:
’’اے برادر کچھ عرصہ پہلے ہم نے اپنے ملک کے بادشاہ کے ظلم سے تنگ آ کر اپنا شہر چھوڑ دیا تھا۔ ہم لوگ اپنے ملک میں عوام کی حکومت چاہتے تھے۔ اسی جرم میں بہت سے لوگ قید خانوں میں ڈال دیے گئے۔ ہم چاروں نے قید سے بچنے کے لیے راہ فرار اختیار کی۔ کچھ روز اِدھر اُدھر گھُومتے رہے اور پھر ایک غار میں پناہ لی۔ ہمارے جسم تھکن سے بوجھل ہو گئے تھے۔ اس لیے ہم پر غفلت طاری ہو گئی اور ہم سو گئے۔ دوسری صبح آفتاب کی کرنوں نے ہمیں بیدار کیا اور جب ہمیں بھُوک لگی تو ہم تمہارے شہر میں پہنچ گئے کہ ہمارے پاس دینار موجود تھے، ، طلحہ نے اپنی جیب سے چند سکّے نکال کر اُس شخص کے روبرو کیے، اس شخص نے وہ سکّے دیکھے اور ہنسنے لگا وہ سب حیران ہوئے کہ اس کی ہنسی کا سبب کیا ہے وہ اپنی ہنسی کو روکتے ہوئے پوچھنے لگا۔ ’’تمہارے ملک کا نام کیا ہے؟‘‘
’’ہم بلقان کے رہنے والے ہیں‘‘ عمر کے اس جواب سے صاحب خانہ اور زور سے ہنسنے لگا۔ زید نے پوچھا۔
’’اے عزیز تمہاری ہنسی کا باعث کیا ہے۔‘‘
اس نے کہا۔
’’تم لوگ مجھ سے مذاق کر رہے ہو یا جھوٹ بول رہے ہو۔ تم اس وقت جس ملک میں ہو، اس کا نام بلقان ہے اور یہ سکّے اسی ملک میں تین سو برس پہلے رائج تھے۔‘‘
صاحب خانہ کی اس بات پر وہ سب چونک پڑے۔ ان کی حیرانی اور پریشانی بڑھ گئی، ابو سعد نے متعجبانہ انداز میں پوچھا
’’ساتھیو کیا ہم تین سو برس تک اس غار میں سوتے رہے۔‘‘
’’لیکن یہ کس طرح ممکن ہے‘‘ عمر نے حیرانی ظاہر کی۔
’’خدا ہر چیز پر قادر ہے‘‘ زید بن حارث خود حیران تھا۔
صاحب خانہ ان کی یہ باتیں سن کر خوش ہوا اور عقیدت مندانہ ان کے روبرو آیا اور کہنے لگا۔
’’شاید تم ہی وہ لوگ ہو جن کا انتظار میں کئی برسوں سے کر رہا ہوں۔‘‘
’’تمہارے انتظار کی وجہ کیا ہے‘‘ طلحہ نے معلوم کیا۔
’’کئی برس پہلے ایک بزرگ نے یہ کہا تھا کہ کچھ عرصے بعد چار نوجوان آئیں گے اور وہ بتائیں گے کہ اس ملک کے لوگ دو چہرہ کیوں ہیں۔ ہمارے شہر کی ایک جماعت بہت دن سے آپ لوگوں کی منتظر ہے۔ میں ان سب کو یکجا کرتا ہوں تاکہ آپ کی باتیں سن سکیں۔‘‘ صاحب خانہ کا اضطراب بڑھتا گیا۔
’’ٹھہرو ابھی کچھ دیر توقف کرو۔ ابھی اس شہر کے حالات ٹھیک نہیں۔ ہم آج شام کو اس غار کی طرف لوٹ جائیں گے۔ تم کل صبح اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہاں آنا‘‘
زید نے اسے روکا صاحبِ خانہ نے ضبط کیا۔
دوسرے دن علی الصبح غار کے دہانے پر لوگوں کا ایک ہجوم اکٹھا ہو گیا۔ چاروں طرف امن قائم رکھنے کے لئے فوج تعینات تھی۔ وہ چاروں غار کے اندر حیران و پریشان بیٹھے تھے کہ یا خدا یہ کیسا عذاب ہے۔ تھوڑی ہی دیر میں وہ شخص کہ جس کے مکان میں وہ مہمان رہے تھے آیا اور کہنے لگا۔
’’حضرات باہر لوگ بے چینی سے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
پہلے تو ان لوگوں نے تامل کیا پھر چاروں اس کے ساتھ باہر آئے اور مجمع کا جائزہ کیا۔ سبھی کے چہروں سے اشتیاق ظاہر ہو رہا تھا۔ زید بن حارث نے آگے بڑھ کر یوں بیان شروع کیا۔
’’دوستو ہم بھی تم جیسے اور تمہارے ملک کے رہنے والے ہیں۔ لیکن یہ خدا کی عجیب قدرت ہے کہ اس نے تین سو برس ہمیں عالمِ خواب میں رکھا جبکہ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ ہم صرف ایک رات سوئے ہیں۔‘‘
تمام مجمع پر سکوت طاری تھا۔ زید کہہ رہا تھا۔
’’تین سو برس پہلے ایک خاتون اس ملک کی بادشاہ تھی۔ جس کے ظلم اور جبر سے ہر شخص پریشان تھا۔ وہ صرف اسی امیر کو پسند کرتی تھی جو اس کے سامنے زبان بند کیے، سر جھکائے بیٹھا رہے۔ ایک مرتبہ ملکہ نے عزیز مصر کی طرح خواب دیکھا کہ سات موٹی گائیں ایک میدان میں آئیں پھر سات کمزور گائیں آئیں۔ موٹی گائیں کمزور گایوں کو کھا گئیں۔ ملکہ یہ خواب دیکھ کر پریشان ہوئی اور ہر ایک سے اس کی تعبیر پوچھی، لیکن کوئی نہ بتا سکا۔ پھر ایک بزرگ نے کہ جو ہمیشہ سچی تعبیر بتاتا تھا کہا کہ یہ سات موٹی گائیں سات سال ہیں۔ ان سات سالوں میں خوب غلّہ پیدا ہو گا، پھر سات کمزور گائیں یعنی سات ایسے سال آئیں گے کہ ان میں قحط پڑے گا۔ اگر ملکہ پہلے سات سالوں میں خوب غلّہ اکٹھا کروا لیں تو اگلے سات سال آرام سے گذریں گے۔ ملکہ نے جوکہ خود کو سب سے دانش مند سمجھتی تھی۔ اس تدبیر کو تسلیم نہ کیا اور خود کوئی نئی تدبیر سوچنے لگی۔ اس ملکہ کے ایک نوجوان بیٹا بھی تھا جس نے ماں کو مشورہ دیا۔
’’اے والدۂ محترمہ میرے ذہن میں ایک تدبیر ہے جس پر عمل کرنے سے ہمارا ملک قحط کی بلا سے بچ جائے گا۔‘‘
ملکہ اپنے فرزند کی لیاقت پر خوش ہوئی اور کہنے لگی۔
’’بیان کر‘‘۔
’’اے ملکہ معظّمہ اگر ملک کے سبھی مردوں کی رگ افزائش نسل قطع کر دی جائے تو ہمارے ملک کی آبادی بڑھنے سے رُک جائے گی اور سات سال بعد اس سے بھی کم لوگ ہمارے ملک میں رہ جائیں گے۔ جب آبادی کم ہو گی تو علّہ کم خرچ ہو گا اور اگلے سات سال ہم پریشان نہ رہیں گے۔‘‘
عورت کہ آدم تا ایں دم ناقص العقل سمجھی گئی ہے۔ اپنے بیٹے کی اس بات پر خوش ہوئی اور اس نے پورے ملک میں اعلان کرا دیا کہ ملک کے تمام مردوں کی رگ افزائش نسل قطع کر دی جائے تاکہ ہمارے ملک میں آئندہ سات سال کوئی بچہ پیدا نہ ہو۔ اس حکم پر فوری عمل کیا گیا بالآخر نتیجہ یہ ہوا کہ آبادی کم ہونے لگی اور پھر آبادی کا بڑا حصّہ قحط کے سات سالوں کی نذر ہو گیا۔ اب ملکہ کو فکر ہوئی کہ اگر یہ بچی ہوئی عورتیں اور مرد بھی ختم ہو گئے تو ملک ختم ہو جائے گا۔ بقیہ مرد اس لائق نہیں تھے کہ بقیہ عورتوں کی سوکھی ہوئی کھیتیوں میں ہریالی لا سکیں۔ بہت غور و خوض کے بعد ملکہ اس نتیجہ پر پہنچی کہ دوسرے ملکوں سے درخواست کی جائے کہ وہ اپنے یہاں کے مرد یہاں بھیجیں تاکہ ہمارے یہاں کی عورتیں ان سے مل کر بچے ّ پیدا کر سکیں، بمشکل ایک ملک اس کے لیے تیار ہوا۔ اس دوسری قوم کے مردوں سے اختلاط کے بعد یہاں کی عورتوں نے جو بچّے پیدا کیے وہ سب دو چہرہ تھے۔ دوسری قوم کے مردوں نے افزائش نسل کے لیے خاصہ معاوضہ وصول کیا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ معاوضہ کی ادائی گی کے بعد پیدا ہونے والی نسل آج بھی معاوضہ پا کر اپنا ضمیر پیچ دیتی ہے۔ اپنے ملک کے بادشاہ کے ظلم سے بچنے کے لیے ہم چودہ برس تک ملک سے باہر رہے اور پھر جب ایک غار میں پناہ لی تو خدا نہ ہماری آنکھوں پر پردہ ڈال دیا جس سے ہم تین سو برس تک سوتے رہے۔ اور اب اپنے ملک میں عوامی حکومت دیکھ کر خوش ہوئے کہ تین سو برس قبل ہم جس طرح کی حکومت چاہتے تھے وہ ہمارے ملک میں آ چکی ہے جس میں ہر شخص کو ہر بات کہنے کی آزادی ہے۔‘‘
زید بن حارث نے اپنی بات ختم کی ہی تھی کہ لوگوں نے انہیں اپنے کاندھوں پر اُٹھا لیا اور بآواز بلند نعرے لگانے لگے، ان چاروں کے لیے بے پناہ عقیدت ظاہر کی۔ سارے مجمع میں اشتعال پیدا ہو گیا۔ اسی وقت حاکمِ وقت کی طرف سے فوج کو حکم ملا کہ ان چاروں یا وہ گواور دیوانے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا جائے، ان کی آزادی امن کے لیے خطرہ ہے۔
٭٭٭
آہ! پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر رانا۔۔۔ ایک چراغ اور بجھا
مجھے لمحے نہیں صدیاں سنیں گی میری آواز کو محفوظ رکھنا عالمی شہرت کے حامل اردو زبان و ادب کے...