بالآخر وقت آیا رحمت حق جوش میں*آئی
کہ اذن جنگ بن کر غیرت حق جوش میں آئی
معا جبریل لے کر آیہ قرآں ہوئے نازل
جہاد فی سبیل اللہ کے فرماں ہو ئے نازل
یہ حکم آیا کہ ہاں اب ان غریبوں کو اجازت ہے
بچارے بے وطن آفت نصیبوں کو اجازت ہے
وہ جن پر ظلم کے بیداد کے بادل برستے ہیں
جو اپنے ہی وطن میں سانس لینے کو ترستے ہیں
جو ناحق کے ستم سہتے ہیں اور مغموم رہتے ہیں
وطن کو چھوڑ کر بھی بے کس و مظلوم رہتے ہیں
خطا جن کی فقط یہ ہے کہ وہ اسلام لے آئے
جو دنیا کو لٹا کر اک خدا کا نام لے آئے
جنہیں دشمن تہیہ کر چکے ہیں تنگ کرنے کا
ہے ان کو اذن حملہ آوروں سے جنگ کرنے کا
خدا ظالم کے منصوبوں کو رد کرنے پہ قادر ہے
خدا مظلوم لوگوں کی مدد کرنے پہ قادر ہے
نہ دے اللہ اگر حملوں کے سد باب کی جرات
یونہی بڑھتی رہے ہر ایک شیخ و شاب کی جرات
یہ معبد خانقاہیں صومعے یکسر اجڑ جائیں
منادر اور گرجے بیخ سے بن سے اکھڑ جائیں
مساجد جن کے اندر ذکر حق کثرت سے ہوتا ہے
جہاں انسان آکر معصیت کے داغ دھوتا ہے
گرا دیں لوگ آ کر ان عماراتِ مقدس کو
نہیں منظور یہ اللہ کی ذات مقدس کو