(Last Updated On: )
مختصر سا ساتھ
اک لمبی جدائی
کیا دیا—؟
آپ کو حاصل تھی گو
ساری خدائی
کیا دیا—؟
یاد دی
یا، دل کے اندر نرم گوشے میں کہیں
جلتی بجھتی کب چنگاری
کوئی—
بھسم کر دے روح کو
اور جب بجھے
ڈپریشن کے اندھے کنویں میں گرا دے
ذہن کو—
کیا دیا—؟
لفظ بخشا
لفظ مخفی ان سنا—!
اَن کہا اور اَن لکھا
جو کسی منہ بند سیپی میں
سسکتا رہ گیا
سچے موتی کی طرح
گھپ اندھیرے میں کہیں
گہرے سمندر کے تلے
تنہا
دمکتا رہ گیا
کیا دیا—؟
زندگی دی—
ذمے داری، معنویت سے تہی
تشکیک کے کہرے میں بند
سوچ
بے حد و حساب
از زمیں تابہ فلک
بے کراں، بے سمت اور بھٹکی ہوئی
کیا دیا—؟