::: " پاکستان کی ثقافت کیا ہے؟ " :::
کیا ان سوالات کے جوابات مل جائیں گے؟
۱۹۷۴ میں پاکستان ٹیلی وژن پر" موضوع سخن " کے عنوان سے فیض احمد فیض، پروفیسر کرار حسین اور ڈاکٹر نبی بخش بلوچ نے پاکستانی ثقافت کے مسائل پر خطبات پیش کئے۔ اور حاضرین کے جوابات بھی دئیے۔ اس پروگرام کو متنازعہ بناکر نئی نظریاتی مباحث بھی شروع ہوگئی تھی اور پھر اخبارات اور رسائل میں پاکستانی ثقافت کی جڑوں کوبھی کھنگلا گیا۔ مگر چند ہی دنوں بعد یہ بحث سرد خانے میں چلی گئی۔
ٹیلی وژن کے اس مذاکرے کے کچھ دنوں بعد مرزا ظفر الحسن مرحوم نے غالب لائبریری، ناظم آباد کراچی میں فیض احمد فیض کو " پاکستانی ثقافت" پر گفتگو کرنے کے لیے مدعو کیا۔ میں بھی اس نشست میں شامل تھا۔ اس تقریب میں کراچی کے تقریبا تما م دانش ور، ادبا، شعرا اور فنکاروں نے شرکت کی۔ راقم السطور نے مرزا ظفر الحسن صاحب کو پاکستانی ثقافت کے حوالے سے دس/۱۰ سوالات لکھ کر دے دئیے تاکہ وہ ان سوالات کو فیض صاحب کے سامنے رکھیں۔ شاید وقت کی قلت کے سبب یا نہ جانے کس مصلحت کے تحت فیض صاحب کے سامنے یہ سوالات نہیں رکھ پائے۔ آج بیالیس/۴۲ سال بعد ان سوالات کو آپ دوستون کے سامنے اس امید کے ساتھ رکھ رہا ہوں کہ سب نہیں تو اگر کم از کم ایک دو سوالات کے جوابات مجھے مل جائیں تو کیا بات ہے۔۔ تمام دوستوں کو " دعوت شیراز" ہے۔ سوالات ملاخطہ کریں:
۱۔ پاکستانی ثقافت کے اجزائے ترکیبی کیا ہیں؟
۲۔کیا پاکستانی ثقافت کا وجود ہے؟
۳۔ اگر پاکستان کی کوئی ثقافت ہے تو اس کی ابتدا کب اور کہاں سے کی جائے؟
۴۔ کیا پاکستانی ثقافت " اسلامی" تہذیب کا حصہ ہے؟
۵۔ اگر پاکستان کی ثقافت اسلامی ہے توکیا موہن جوڈرو، ہڑپا اور ٹیکسلا وغیرہ کو پاکستانی ثقافت کا حصہ کہا جاسکتا ہے؟
۶۔ کیا پاکستانی ثقافت کے خدوخال میں ارتفاع، انضباط، تعارض اور انجذاب کا خمیر موجود ہے؟
۷۔ کیا پاکستان کی ثقافت پر ہندوستانی یا گنگا جمنی تہذیب کا عمل دخل ہے؟
۸۔ پاکستان تہذیب اور پاکستانی ثقافت کو ہم کیسے تشریح کریں گے؟
۹۔ پاکستان کی ثقافت کا کونسا جعرافیہ ہے؟ اور کونسی قومی، لسانی اور نسلی مشترکہ شناخت یا پہنچان ہے؟
۱۰۔ آپ پاکستان میں مذھبی اور سیکولر ثقافت میں سے کس تمدن کا رنگ حاوی اور گہرا دیکھتے ہیں ؟