باعث رنج و غم و آزار کورونا وائرس
کر رہا ہے ہر کسی پر وار کورونا وائرس
اسپتالوں میں ہیں بے بس اس کے آگے چارہ گر
کر رہا ہے سب کو اب بیمار کورونا وائرس
یا الہیٰ تو ہی دے سکتا ہے اب اس سے نجات
کر رہا ہے سب کو اب لاچار کورونا وائرس
اس وبا کا کب نہ جانے کون ہو جائے شکار
ڈس رہا ہے سب کو مثل مار کورونا وائرس
ان کو جن کی لاک ڈاؤن سے معیشت ہے تباہ
کررہا ہے مفلس و نادار کورونا وائرس
ہر کوئی وحشت زدہ ہے کوچہ و بازار میں
کررہا ہے زندگی دشوار کورونا وائرس
لوگ رخصت ہو رہے ہیں اب قطار اندر قطار
چل رہا ہے وقت کی رفتار کورونا وائرس
ان دنوں ہوجائے جس کو نزلہ کھانسی اور بخار
سوچتا ہے کررہا ہے وار کورونا وائرس
لڑ رہے ہیں اک مسلسل جنگ جس سے ڈاکٹر
جانے کب مانے گا اپنی ہار کورونا وائرس
درہم و برہم ہے جس سے آج دنیا کا نظام
اب ہے وہ ناقابل اظہار کورونا وائرس
اس کی زد میں آگئے کتنے مشاہیر ادب
جیسے ہو اک دشمن فنکار کورونا وائرس
اس سے ہو جائے کسی کا جب گلہ خارش زدہ
چبھتا ہے ایسے ہوجیسے خار کورونا وائرس
بچ کے اس سے جائے تو جائے کوئی برقی کہاں
کررہا ہے جان سے بیزار کورونا وائرس