15 جولائی 1934 یوم پیدائش
ایک درجن سے زائد کتابوں کے مصنف، نعت گو شاعر اور ماہر تعلیم گوہر ملسیانی 15 جولائی 1934 میں ملسیانی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ ان کی مادری زبان اردو اور ان کا اصل نام میاں طفیل محمد ہے اور "گوہر" تخلص استعمال کیا۔ پاکستان کے قیام کے بعد وہ اپنے والدین کے ہمراہ ہندوستان سے ہجرت کر کے خانیوال آ گئے ۔ یہاں پر وہ محکمہ تعلیم استاذ کی حیثیت سے بھرتی ہو کر درس و تدریس کے پیشے سے وابستہ ہو گئے ۔ درس و تدریس کے حوالے سے ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ صادق آباد میں گزرا۔ انہوں نے درس و تدریس کے علاوہ اپنی زندگی کا زیادہ تر عرصہ کتابیں لکھنے اور شاعری کرنے میں گزارا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پر ان کی تصنیف " سیرت ہادی برحق " بہت مشہور ہے۔ شاعری میں انہوں نے حمد و نعت ، اور ملی نغمے لکھے ہیں۔ نعتیہ شاعری پر ان کا ایک شعری مجموعہ " عصر حاضر کے نعت گو " شائع ہوا ہے۔ "غزلیں " کے نام سے ان کا ایک شعری مجموعہ ہے۔ گوہر ملسیانی صاحب نے صادق آباد سے "عکس صادق آباد " کے نام سے ایک ادبی مجلہ جاری کیا تھا ۔ گوہر ملسیانی صاحب کا 83 سال کی عمر میں 25 فروری 2017 کو خانیوال میں ہوا۔ گوہر ملسیانی صاحب کے چند حمدیہ اشعار
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عمل کچھ بھی نہیں لیکن بھروسہ اس کی رحمت پر
یہی معصوم سی اک آرزو تو زندہ رکھتی ہے
تیری صفات کو ہر زاویے سے دیکھا ہے
ترے جمال کو ہر آئینے میں دیکھا ہے
میں اس کے شوق میں رہتا ہوں سر بسر رقصاں
عجیب قرب ہے جو فاصلے میں دیکھا ہے
گوہر وہ ذات عقل و خرد سے ماورا
کیا تذکرہ کرے کوئی اس کی صفات کا