ایک پرانی سی کار رکهی هوئی هے _ چند ماه پہلے کی بات هے _ بیٹیوں کے هاں گیا _گاڑی ریورس کر رها تها تو ریت میں پهنس گئی _ تهوڑا زور لگوایا تو اگلا بمپر ٹوٹ کر نیچے گر گیا _ وهیں سے ایک پرانا بمپر خریدا _ کار میں پهنسوایا اور فیصل آباد گهر پہنچا _
اگلے دن نیا بمپر ڈلوانے لاری اڈا مارکیٹ گیا _ پتا چلا کہ تقریبا پندره هزار کا خرچ هو گا _ سوچ میں پڑ گیا _ اسی دوران بیٹے کا فون آیا کہ , ابو واپسی پر میرے نیو کپڑے لیتے آنا _ بمپر کا خیال دل سے نکالا _ بونینزا والوں سے بیٹے کے لئے پندره هزار کے چار سوٹ خریدے سروس والے دو جوگرز لئے اور گهر واپس آ گیا _
کچھ دن بعد پهر بمپر خریدنے نکلا _ سنگیت سینما کباڑ مارکیٹ سے بمپر ڈهونڈ رها تها کہ چهوٹے بیٹے کا فون آیا , ابو _ بڑے بهائی کو آپ نے کپڑے لے دئیے _ میر ے بهی آج لیکر آنا _ بیٹے کی بات سنکر وهیں سے گاڑی بونینزا شاپ کی طرف موڑی _ سولہ هزار کے چار سوٹ خریدے , دو جوگرز لئے اور گهر واپس آ گیا __بمپر خریدنا بعد پر ڈال دیا _
براؤن کار کیساتھ ٹوٹا هوا وائٹ بمپر اچها نہیں لگ رها تها سو کچھ دن بعد پهر بمپر ڈلوانے کا پروگرام بنایا تو خیال آیا کہ سب سے چهوٹے بیٹے کیلئے تو خریدا هی کچھ نہیں _ بمپر کا خیال دل سے نکالا اور جا کر چهوٹے کے جوتے کپڑے اور ایک ریموٹ هیلی کاپٹر لے آیا _
اسی دوران عید الفطر نزدیک آ گئی _ سوچا کہ اس بمپر کیساتھ بیٹیوں کے گهر جاؤنگا تو داماد حضرات کیا سوچیں گے کہ اتنا عرصہ هو گیا سسر صاحب کار کا بمپر هی نا ڈلوا سکے _ سو گهر سے تیس هزار لیکر نکلا کہ بیٹیوں کے عید کے جوتے کپڑے وغیره خرید کر واپسی پر بمپر ڈلوا لونگا _ جب ساری خریداری مکمل کی تو پاکٹ میں سات سو روپیہ بچا _ اسکا پٹرول ڈلوایا اور پهر ٹوٹے بمپر کیساتھ گهر واپس آ گیا _
بیٹیوں کو عیدی دینے گیا _ ان کا سسرال اور میرا سسرال ایک هی هیں _ وهاں پر سبهی سسرالی خواتین کا پہلا سوال کار کے بمپر کا تها _ میں یہ هی جواب دیتا رها کہ جینئن بمپر مارکیٹ میں ملا نہیں _ جب ملیگا _ ڈلوا لونگا _
جب بهی گاڑی چلاتا هوں ذهن میں یہ هی رهتا هے کے بمپر ٹوٹا هوا هے چلتی کار کا علیحده هو کر گر گیا تو کار الٹ بهی سکتی هے _چلتا بهی ایک سو ستر اسی پر هوں _
ایک دن پهر بمپر ڈلوانے نکل رها تها کہ درمیان والا بیٹا مونہہ لٹکا کر آ گیا کہ ابو _ موبائل کہیں گر گیا هے _ میں نے کہا بیٹا _چند دن بعد نیا لے دونگا _ یہ جواب سنکر وه ناراض هو کر بیٹھ گیا _ میں نے بمپر کا خیال دل سے نکالا اور جا کر اسکا نیا موبائل خرید لایا _
عید آ رهی هے _ کل پهر بازار گیا تها _بیٹوں کے کپڑے جوتے _ بیٹیوں کی عیدی _ ملا جلا کر پچاس هزار خرچ آیا هوں _ نا پچهلی عید پر نا هی اب _ اپنا کچھ بهی خریدنے کو دل نہیں مانا_ واپسی پر بمپر والے کی طرف گاڑی موڑی __اس نے پرانا بمپر بمعہ پینٹ کل دس هزار کا خرچ بتایا _ آرڈر دیتے دیتے خیال آیا کہ بچوں نے اگر کچھ اور مانگ لیا تو کیا کرونگا _ یہ سوچ کر بغیر بمپر ڈلوائے گهر واپس آ گیا _
گهر آ کر گاڑی گیراج میں لگائی _ اپنی پیاری سوک کو جیک اور سپورٹ لگا کر کار کے نیچے گهسا _ پتلی تاریں لیکر بمپر کو دائیں بائیں سے مضبوط کر کے ڈال دیں _ واشرز دیکر نئے نٹ لگا دیئے _ امید هے کچھ دن اور چل جائیگا _
نئے بمپر کا خیال فی الحال دل سے نکال دیا هے _ میری بیٹیاں _ میرے بیٹے خوش رهیں _ میں کار کا نیا بمپر یا عید کے نئے کپڑے لے کر کیا کرونگا __ میں نے کونسا بڑا هو جانا _ ؟