ناول نگاری سے گلوکاری تک
( لینرڈ کوہن کی وفات پر ایک نوٹ )
قیصر نذیر خاورؔ
لینرڈ کوہن (Leonard Cohen) 82 سال کی عمر میں 10 نومبر 2016 ء کو اس دنیا سے رخصت ہو گیا ۔ فنون لطیفہ سے جڑے اس کنیڈین فنکار کا جنم ویسٹ ماوٗنٹ ، کیوبک ، کینیڈا ، میں 21 ستمبر 1934 ء کو ہوا تھا ۔ گارشیا لورکا کی شاعری سے متاثر اور گٹار بجانے کا شوقین کوہن شاعری کرتا کولمبیا یونیورسٹی جا پہنچا اور قانون میں تعلیم مکمل کی ۔ 1959 ء میں وہ کینیڈین سرکار کی مالی معاونت پر لندن میں رہ رہا تھا جب اس نے اپنا پہلا ناول ' Beauty at Close Quarters ' سے لکھا ۔ یہ ناول کینیڈین ناشران نے اس بِنا پر چھاپنے سے انکار کر دیا کہ یہ سوانح عمری زیادہ ہے اور ناول کم ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس میں جنسی مواد نہت زیادہ ہے ۔ اس کے اس ناول کو برطانوی ناشر ' Secker and Warburg" اس شرط پر چھاننے کے لئے تیار ہوا کہ کوہن اسے مختصر کرے اور اس کا نام بدلے ۔ کوہن نے ناول کو مختصر کیا اور اس کا نام ' The Favourite Game ' رکھا ۔ یہ ناول اسی نام سے اکتوبر 1963ء میں شائع ہوا ۔ اس سے قبل اس کی شاعری کے دو مجموعے شائع ہو چکے تھے ۔ اس کا دوسرا ناول ' Beautiful Losers ' جو اس نے یونان کے جزیرے ' ہائیڈا ' میں اپنے قیام کے دوران 1964 / 1965 میں لکھا تھا ، وائی کنگ پریس ، ٹورنٹو نے 1966 ء میں شائع کیا ۔
اس کے یہ دونوں ناول اپنے جنسی مواد ، جن میں ' اوورل سیکس ' ، ' میسٹربیشن ' کے علاوہ ہم جنس پرستی اور ' بائی سیکسویلیٹی کی بھرمار تھی ، کی وجہ سے متنازع رہے لیکن اب یہ کنینڈین ادب میں 1960 کی دہائی کے لینڈ مارک گردانے جاتے ہیں ۔ ' Beautiful Losers ' گو ایک نثری اعتبار سے ایک مشکل ناول ہے لیکن اس کے باوجود اسے دیگر کئی زبانوں میں ترجمہ بھی کیا گیا ۔ یہ ان ناولوں میں شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے کنیڈین ادب میں ' پوسٹ ماڈرن ازم ' کی بنیاد رکھی تھی ۔ لینرڈ کوہن نے اس کے بعد کوئی ناول نہ لکھا اور شاعری ، گیت نگاری اور گلوکاری کو ہی اپنا کیرئیر بنائے رکھا ۔
ان دو ناولوں کے علاوہ اس کی شاعری کے 13 مجموعے اور لگ بھگ 25 البم سامنے آئے ۔
اس کی شاعری کو ' Dark Musical Poetry ' کہا جاتا ہے اور اس میں اپنے وقت کی سیاست کا اثر بھی نظر آتا ہے ۔ اس کی شاعری میں اس کا مجموعہ ' Flowers for Hitler ' خاصا اہم ہے جس کے پہلے صفحے پر لینرڈ کوہن نے لکھا ہے ؛ اگر میں انیسویں صدی میں ہوتا تو اس کا نام ' Sunshine for Napoleon ' رکھتا اور اگر میں تیرھویں صدی کا شاعر ہوتا تو اسے ' Walls for Genghis Khan ' کا نام دیتا ۔ ویسے تو اس کے لکھے اور گائے مشہور گیتوں کی تعداد بہت ہے لیکن گیت ' Hallelujah ' ، جو اس کی 1984 ء کی البم ' Various Positions ' میں شامل ہے ۔ یہ گیت بعد میں کئی گلوکاروں نے بھی گایا جن میں جیف بکلے ( Jeff Buckley) کا گایا سب سے زیادہ اہم ہے ۔ جن لوگوں نے 2001 ء کی فلم ' شَریک ' (Shrek) دیکھی ہے وہ اس گانے کو بخوبی جانتے ہوں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھے جنسیات سے جڑے کچھ الفاظ کے مناسب اردو متبادل نہیں ملے اس لئے میں نے انہیں انگریزی میں ہی لکھنے کو ترجیع دی ۔
https://m.facebook.com/story.php?story_fbid=10153802792116895&id=570476894