اِررئیل فکشن ( Irreal Fiction ) ۔ 1
افسانچہ
جھولا (Columpio)
( Swing )
اَگستن کیڈنا (Agustín Cadena)
اردو قالب ؛ قیصر نذیر خاورؔ
میں ، کچھ عرصے سے ، ایک جھولے ، جو آگے پیچھے حرکت میں ہے ، کی چرچراہٹ سن رہا ہوں ۔ لیکن یہاں کوئی جھولے نہیں ہیں ۔ ہاں بندہ ان کا تصور کر سکتا ہے ۔ سادہ سی بات ہے کہ آپ اپنی آنکھیں بند کریں اوراُس آواز پر اپنی توجہ مبذول کریں جو آ اور جا رہی ہے ؛ یہاں اور وہاں ، کریک ۔ ۔ ۔ ریک ۔ ۔ ۔ کریک ۔ ۔ ۔ ریک ۔ ۔ ۔ جھولے کی آواز کا کوئی پابند سمے نہیں ہے ؛ کسی وقت یہ صبح صبح آتی ہے ، کبھی دوپہر کو اور کبھی صبح اور دوپہردونوں وقت ہی آ جاتی ہے ۔ یہ تو سردیوں میں بھی نہیں رُکتی ، حالانکہ ، اگر جھولے موجود ہیں تو یہ برف سے ڈھکے ہوں گے ۔
کریک ۔ ۔ ۔ ریک ۔ ۔ ۔ کریک ۔ ۔ ۔ ریک ۔ ۔ ۔ یہ ایسی آواز ہے جو آپ کو تھپکیاں دیتی ہے ، آپ کو بیٹھے ہوئے بھی سُلا دیتی ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ جھولے رات میں حرکت نہیں کرتے ، رات میں جب اتھاہ خاموشی مجھے بےخواب کر دیتی ہے ۔
اگر یہ آنگن میرا ہوتا تو میں اس کے لئے ایک جھولا خریدتا ۔ ۔ ۔ لیکن یہاں تو کوئی آنگن بھی نہیں ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ افسانچہ مُصنف کی کتاب ' Dibujos a lápiz ' ( Pencil Drawings ) میں شامل ہے جو 2015 ء میں میکسیکو سے شائع ہوئی ۔
یہ افسانچہ مُصنف کی اجازت سے ترجمہ کیا گیا ہے ۔