شیعہ عورتوں کا گیت
ہماری کوکھ بانجھ نہیں ہے
نہ ہماری چھاتیاں رزق دینے میں بخل کرتی ہیں
ہم پاک آیتوں کی تلاوت اور صیغوں کے ورد کے دوران منکوحہ ہونے والی عورتیں ہیں
نیک مباشرت میں حلال زادے جنتی ہیں
پھر اُنھیں نرم کھال ہرنوں کی طرح گود میں اُٹھاتی ہیں
اور طاہر دودھ کا رزق دے کر پالتی ہیں
ہم وہ ہیں جھنیں سوز اور گریہ کے لحن بھولتے نہیں
اُنھی لحنوں کی لوریوں سے اپنے بچوں کو سلاتی ہیں
اُنھیں درود و صلواۃ کی آوازوں کا سُننے والا اور سنانے والا بناتی ہیں
ہمیں اپنے جنے ہووں کی گنتی نہیں بھولتی
نہ ہم اُنھیں بارود کے کُرتے پہننے دیتی ہیں
مگر افسوس ہمارے حلال زادوں کو جوان ہوتے ہی بھیڑیے کھا جاتے ہیں
وہ بھیڑیے جنھیں اُن کی مائیں جَن کر بھول جاتی ہیں
وہ مائیں اُنھیں جَن کر ایسے پھینک دیتی ہیں
جیسے اُن پر کوئی محنت نہ خرچ ہوئی ہو
وہ بھیڑیے کھا جاتے ہیں ہمارے اِس کائنات کےعزیز ترین بیٹوں کو
اور ہم اپنے اپنے یوسف کی مائیں
فقط اُن کے خون آلود کُرتے سینوں سے لگائے
اندھے یعقوب کا گریہ میں ہاتھ بٹاتی ہیں
یہ گریہ ہماری تمام عمر کا سرمایہ ہوتا ہے
زینب کے شکریے کے ساتھ
ہم شیعہ عورتیں وہ یعقوب ہیں
جن کے کئی کئی یوسفوں کو بھیڑیے کھا گئے
حالانکہ ہماری کوکھ بانجھ نہیں تھی
نہ ہماری چھاتیاں رزق دینے میں بخل کرتی تھیں
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔