مختار نامہ کیا ہوتا ہے۔ اسے کس طرح استعمال کیا جاتا ہے اور اسکی کتنی قسمیں ہیں؟
کوئی بندہ اپنے کسی قانونی کام کی تکمیل کیلئے کسی کو نمائندہ مقرر کرے تو اس تقرر کو مختار نامہ کہا جاتا ہے۔یہ اختیار تحریری ہوگا جسے باقاعدہ رجسٹر کرانا ضروری ہوتا ہے۔
مختار نامہ کی 2 اقسام ہیں۔
1مختار نامہ عام
2۔مختار نامہ خاص۔
مختار نامہ عام۔۔۔: مختار نامہ عام کا حامل شخص اختیار دینے والے کی طرف سے ایک سے زیادہ قانونی معاملات سرانجام دے سکتا ہے۔وہ اسکی مختلف جگہ پر نمائندگی کرسکتا ہے۔پراپرٹی خرید،فروخت کرسکتا ہے۔
مختار نامہ خاص۔۔۔ـ: مختار نامہ خاص کا حامل شخص اختیار دینے والے کی طرف سے صرف وہی خاص کام کرسکتا ہے جسکی اسے مختار نامہ میں اجازت دی گئی ہو۔مختار نامہ خاص میں جائیداد کی خرید و فروخت نہیں ہوسکتی۔
مختار نامہ اشٹام پیپر پر لکھا جائے گا۔جس پر نوٹری ٹکٹ لگایا جاتا ہے۔اسے رجسٹرار آفس میں رجسٹر کرایا جائے گا۔اسے کسی نوٹری پبلک،عدالت،جج،مجسٹریٹ یا سفارتخانے سے تصدیق کرایا جائے گا۔مختار نامہ غیر تصدیق شدہ ہو تو اسے درست نہیں سمجھا جائے گا۔
مختار کی طرف سے کئے گئے ہر فیصلے کو اختیار دینے والے کو ماننا پڑتا ہے۔(زمین کی فروخت وغیرہ)
ہرپاکستانی شہری جو عاقل،بالغ ہو اور قانون کے مطابق معاہدہ کرنے کا اختیا ررکھتا ہو،مختار نامہ جاری کرسکتا ہے۔
اختیار دینے والا اپنے مختار کے فوجداری جرم کا ذمہ دار نہیں ہوگا۔اگر مختار نامہ میں دیے گئے امور کو انجام دیتے ہوئے کسی تیسرے فریق کا نقصان ہو جائے تو اختیار دینے والا اسکا ذمہ دار ہو گا۔
مختار نامے کی معیاد کتنی ہوتی ہے؟مختار نامہ جس مقصد کیلئے جاری کیا گیا ہو،مکمل ہوتے ہی ختم ہوجاتا ہے۔اختیار دینے والا جب چاہے مختار نامہ ختم کرا سکتا ہے۔اس صورت میں وہ رجسٹرار کے پاس اسکی منسوخی درج کرائے گا اور ساتھ ہی اخبار میں اسکی منسوخی کا اشتہار بھی دے گا۔اگر اختیار دینے والے کی موت واقع ہوجائے تب بھی مختار نامہ منسوخ ہو جائے گا۔