پاکستان کے مختلف علاقوں میں کھوجی کتوں اور ڈاگ سنٹرز کے ایجنٹ انسانیت کی تذلیل میں مصروف ہیں۔اوکاڑہ،بہاولپور،ملتان،آزاد کشمیر وغیرہ میں جگہ جگہ آرمی کے تربیت یافتہ کھوجی کتوں کے نام پر ڈاگ سنٹرز بنے ہوئے ہیں۔کسی علاقے میں جرم ہوتا ہے تو لوگ اپنے تئیں ان کتوں کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔کم ازکم 20،30 ہزار روپے دے کر ان کھوجی کتوں اور ان کے مالکان کو جرم والے علاقے میں لے جایا جاتا ہے،جائے وقوعہ سے کچھ کپڑے وغیرہ سونگھائے جاتے ہیں اور پھر یہ کتے مخصوص اشاروں پر چلتےہوئے علاقے کے ہی کسی گھر میں داخل ہوتے ہیں اوراس گھر کے صحن یا کسی کمرے میں بیٹھ جاتے ہیں۔کتے کا محلے کے کسی ایک گھر میں داخل ہونا اور پھروہیں بیٹھ جانا اس بات کا اعلان ہوتا ہے کہ مجرم اسی گھر سے ہے۔اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ کھوجی کتے سے کوئی غلطی تو نہیں ہوئی،کوئی بیگناہ نہ پکڑا جائے ۔ ان ڈاگ سنٹرایجنٹس سے درخواست کی جاتی ہے کہ کتے کو دوبارہ چھوڑا جائے کہ وہ کسی اور گھر میں تو نہیں داخل ہو جاتا ۔یہ ایجنٹ کتوں کو دوبارہ چھوڑنے کا ایک بار پھر معاوضہ وصول کرتے ہیں۔کتے کو پھر چھوڑا جاتا ہے اور نتیجہ اس بار بھی یہی ہوتا ہے۔کتا علاقے میں گھوم پھر کر پھر اسی گھر میں آبیٹھتا ہے جس گھر میں پہلے آیا تھا۔اب تو مکمل یقین ہوجاتا ہے کہ مجرم اسی گھر کا کوئی فرد ہے۔اس گھر سے کسی ایسے نوجوان کو پکڑاجاتا ہے جس کی علاقے میں مشہوری کچھ اچھی نہیں ہوتی اور مدعی اور اہل علاقہ اکثر وہیں اس کی پھینٹی لگانا شروع کردیتے ہیں اورپھر پولیس کے حوالے کردیتے ہیں۔
کتوں کا یہ فراڈ ہے کیا اور انہیں کس طرح ایک مخصوص گھر میں پہنچا کر بٹھا دیاجاتا ہے اس پر بعد میں بات کرتا ہوں ،پہلے یہ بتا دوں کہ ان ’’جاسوس‘‘ کتوں کے نام پر پکڑے گئے ملزم کو عدالت ملزم نہیں مانتی،ان جاسوس کتوں کی شہادت وغیرہ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔سپریم کورٹ اکتوبر 2016 میں جاسوس کتوں کے نام پر چل رہے اس کاروبار پر پابندی لگا چکی ہے۔مطلب یہ کہ یہ ڈاگ سنٹرز والےبذات خود قانون شکن اور مجرم ہیں۔
یہ ’’کھوجی ‘‘کتے کس طرح کام کرتے ہیں اور کس طرح ایک مخصوص گھر میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں؟
ہوتا کچھ یوں ہے کہ ان ڈاگ سنٹرز کے مالکان رابطہ کرنے پر متاثرہ خاندان سے جرم کی تفصیلات پوچھتے ہیں ۔ساتھ یہ بھی پوچھتے ہیں کہ آپ کواپنے علاقے میں جن چند لوگوں پر شک ہے ان کے نام اور گھروں کے پتے بتادیں۔یہ نام اور پتے بتانے پر وہ ان گھروں کی پہلے ہی ریکی کرلیتے ہیں اور ایک گھر کو منتخب کرلیتے ہیں جس کا کہ زیادہ تر مدعی کو نہیں بتایاجاتا۔اس گینگ کے لوگ آپس میں طے کرلیتے ہیں کہ کتے کو اسی گھر میں لانا ہے۔مدعی کو کسی پر شک نہ بھی ہوتو یہ گینگ والے باتوں ہی باتوں میں اہل علاقہ سے کچھ ایسے گھر والوں کی تفصیلات لے لیتے ہیں جن کی محلے میں مشہوری کچھ اچھی نہیں ہوتی،غریب ہوتے ہیں۔وہ یہ گھر پہلے ہی دیکھ لیتے ہیں اورپھر اپنے کتوں کو انہی میں سے کسی ایک گھر میں لابٹھاتے ہیں۔
کارروائی ڈالنے کا آغازکچھ یوں ہوتا ہے کہ کتے کو جائے وقوعہ سے مٹی اور کپڑے سونگھائے جانے کی کارروائی (اداکاری)عمل میں لائی جاتی ہے۔ ٹرینرکتے کی لمبی رسی اپنے ہاتھ میں لیتا ہے اور پھر کتا ’’مجرم ‘‘پکڑنے نکل کھڑا ہوتا ہے۔یہ سُدھائے ہوئے کتے مخصوص لفظ پر دائیں مڑتے ہیں۔ایک مخصوص لفظ بولا جائے تو بائیں مڑتے ہیں۔ایک اور مخصوص لفظ بولا جائے تو سیدھا چلتے رہتے ہیں اور اسی طرح ایک مخصوص لفظ بولنے پر فوراجس جگہ ہوں وہیں بیٹھ جاتے ہیں۔
یہ مخصوص الفاظ کیا ہیں؟
’’کام کرو‘‘ کے الفاظ پر یہ کتے سیدھا چلتے رہتے ہیں۔
’’چیک کرو‘‘ کے الفاظ بولنے پر یہ کتے دائیں طرف (گلی وغیرہ)مڑتے ہیں۔
’’دوبارہ چیک کرو‘‘ کے الفاظ پر یہ کتے بائیں طرف مڑتے ہیں۔
اور ’’فائنل کرو یا تلاش کرو‘‘ کے الفاظ بولنے پر یہ کتے جہاں ہوتے ہیں وہیں بیٹھ جاتے ہیں۔
اسکا مطلب یہ ہے کہ اوپر درج کیے گئے الفاظ ان ’’کھوجی‘‘ کتوں کیلئے اسٹیئرنگ کا کردار اداکرتے ہیں۔آپ کے علاقے میں بھی اس طرح کی کوئی فنکار پارٹی آئی ہوئی ہو تو ان سے کتے کی رسی پکڑ کر خود یہ تجربہ کرسکتے ہیں۔ مخصوص الفاظ کےان کوڈ ورڈز پر کتوں کو چلاتے ہوئےجس مرضی گھرمیں لے جا کر جس مرضی کمرے ،بیڈ یا چارپائی پر بٹھا دیں۔
اپنے ’’کھوجی ‘‘ کتے کو ایک مخصوص گھر میں پہنچا کر یہ ڈاگ سنٹر مالکان تو اپنا معاوضہ وصول کرتے اور رفو چکر ہوجاتے ہیں لیکن بعد میں اس ٹریس شدہ گھر کے لوگوں کو اہل علاقہ کے جس تشدد اور نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔اس طرح کے کئی کیسز میں طویل دشمنیاں بھی شروع ہوئی اور قتل بھی ہوئے۔
قانون کے بارے میں تو آپ نے جان لیا کہ وہ کہتا ہے کہ ان کتوںکی شہادت کی کوئی حیثیت نہیں،سپریم کورٹ نےفراڈ پر مبنی اس کاروبارپر پابندی لگائی ہے۔اس بارے میں سائنس کیا کہتی ہے؟
سائنس کہتی ہے کہ دنیاکا کوئی بھی کتا چاہے وہ کسی بھی نسل سے ہو وہ ایک وقت میں صرف اور صرف ایک خوشبو یا بدبو سونگھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اور اس صلاحیت سے لیس کرنے کیلئے بھی اس کتے کی بچپن سے ہی مخصوص اور بڑے مشکل مراحل سے گزار کر تربیت کی جاتی ہے۔کسی بھی کتے کو ایک صلاحیت کے علاوہ کسی دوسری صلاحیت کیلئے تربیت نہیں دی جاسکتی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں جاسوس کتے جن مقاصد کیلئے زیادہ استعمال کئے جاتے بھی ہیں وہ منشیات،بارود یا لاش کی خوشبو یا بدبو سونگھ کر پتہ چلانا ہوتا۔جس کتے کو منشیات یا بارود کی بو سونگھنے کی ٹریننگ حاصل ہوتی ہے وہ لاش کی بو نہیں سونگھ سکتا۔مطلب یہ کہ ایک کتے کے پاس ایک ہی مہارت ہوتی ہے۔کتوں کے ذریعے چوروں اور ڈاکوؤں وغیرہ کو پکڑنا فلمی کہانیوں میں تو ہوسکتا ہے ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔
آپ سے درخواست ہے کہ آپ کے علاقے میں بھی اس طرح کے کوئی کھوجی کتے والے آئیں تو انہیں بے نقاب کریں،کسی خاندان پر ظلم ہونے سے بچائیں۔حکومت اور پولیس افسران سے درخواست ہے کہ سپریم کورٹ نے کھوجی کتوں کے کاروبار کو ممنوع قرار دیا ہے تو اسے بند کرائیں اور پولیس تھانوں کو ہدایات جاری کریں کہ کتوں کی نشاندہی پر پکڑے گئے لوگوں کو ملزم نہ بنائیں،اس بنیاد پر ایف آئی آرز نہ کاٹی جائیں ۔ اس حوالے سے عوام کو آگاہی دی جائے
اک ستارہ تھا میں
ایک تو سفر کی تھکاوٹ، پھر تقریب میں شرکت کا طویل وقت، اور پھر تقریب سے رہائش گاہ تک کا...