جرمنی کی پہلی ہنگامہ خیز ادبی تخلیق
سن 1999 میں ادب کا نوبل انعام حاصل کرنے والے مشہور جرمن ادیب گنٹر گراس کا ناول دی بلیش ٹرومل Die Blechtrommel میں شایع ہوا اور انگریزی زبان میں ’’دا ٹِن ڈرم‘‘ دوسری عالمی جنگ کے بعد جرمنی کی پہلی ہنگامہ خیز ادبی تخلیق تھی، جو عالمی ادب کا حصہ قرار پائی۔
اِس ناول کا مرکزی کردار تیس سالہ آسکر ماٹسے راتھ ہے۔ کہانی کے مطابق وہ سن 1924ء میں پولینڈ کے شہر گڈانسک میں ایک جرمن خاندان میں پیدا ہوتا ہے اور بچپن ہی سے اپنے اردگرد کے حالات کی فوری طرح سے سمجھ بوجھ رکھتا ہے۔ اپنے خاندان میں پائی جانے والی منافقت سے دلبرداشتہ ہو کر وہ تین سال کی عمر میں ہی یہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ آئندہ اپنا قد بڑھنے نہیں دے گا۔ اِس مقصد کے لئے وہ خود کو تہہ خانے کی سیڑھیوں سے نیچے گرا دیتا ہے۔ یہ اُس کی تیسری سالگرہ کا دن ہوتا ہے۔ اُس روز اُسے تحفے کے طور پر ایک ٹِن ڈرم بھی ملتا ہے۔
بعد ازاں جب کبھی آسکر کو اپنے اردگرد کے حالات پر غصہ آتا ہے، وہ بے رحمی سے یہ ڈرم بجانے لگتا ہے۔ اور کچھ برس گذرنے کے بعد آسکر پر اپنی ایک اور صلاحیت منکشف ہوتی ہے۔ جب ایک روز اُس سے اُس کا ڈرم چھیننے کی کوش کی جاتی ہے تو وہ اِس زور سے چیختا ہے کہ اردگرد تمام شیشے ٹوٹ جاتے ہیں۔ یوں آسکر کے ہاتھ اپنے اردگرد کے ماحول کو قابو میں رکھنے کا ایک ہتھیار آجاتا ہے۔
آسکر کی والدہ کے تعلقات بیک وقت دو مردوں سے ہوتے ہیں، ایک جرمن ہے اور دوسرا پولستانی۔ کہانی اُس دَور کی ہے، جب نازی سوشلسٹ اِس پولستانی شہر پر اپنا قبضہ جمانا چاہتے ہیں اور یہودیو ں کے لئے جینا دُوبھر کر دیا گیا ہے۔ یوں آسکر کی صورت میں ایک ایسے کردار کی آنکھ سے، جو قد میں ایک بچے کی طرح ہے لیکن سمجھ بوجھ میں بالغ ہے، دوسری عالمی جنگ سے پہلے اور اُس کے دوران پیش آنے والے واقعات اور نازی سوشلسٹوں کے عروج و زوال کو دکھایا گیا ہے۔
فرینکفرٹ کتابی میلے میں گنٹر گراس نے اپنی آپ بیتی ’’میری صدی‘‘ میں سے بھی وہ حصے پڑھے تھے جن میں بتایا گیا تھا کہ کیسے اُس زمانے میں اُن کے اِس پہلے ناول کی پذیرائی ہوئی تھی۔
ڈوئچے ویلے سے باتیں کرتے ہوئے ایک بار گنٹر گراس نے اِس ناول کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا تھا:’’1959ء میں اِس ناول کی اشاعت کے بعد سے بہت کچھ بدل گیا۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ میرے ہاتھ میں پیسہ آیا۔ اُس سے پہلے تک، خاص طور پر جب مَیں یہ کتاب لکھ رہا تھا، میری گذر اوقات بڑی مشکل سے ہو رہی تھی۔ تب مجھے وہ کچھ حاصل ہوا، جس کی بہت سے ادیب بجا طور پر خواہش کرتے ہیں، مالی معاملات میں کسی کا محتاج نہ رہنا۔‘‘
گنٹر گراس کے اِس ناول پر اِسی نام سے سن 1979 میں فلم بھی بنی، جس نے فرانس میں کانز کے بین الاقوامی فلمی میلے کی بہترین فلم کے گولڈن پام اعزاز کے ساتھ ساتھ بہترین غیر ملکی فلم کا آسکر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔
“