ملالہ پاکستان میں ۔۔۔۔۔
دنیا کی بہادر لڑکی اور نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ گل مکئی ملالہ یوسف زئی تقریباً ساڑھے پانچ سال کے بعد وطن واپس پہنچ گئیں ہیں۔20 سالہ ملالہ جب غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے اسلام آباد پہنچیں تو اس کا شاندار استقبال کیا گیا ،اگلے چار روز تک گل مکئی پاکستان میں رہیں گی۔پاکستان کی بہادر بیٹی ملالہ کی آمد کے موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ ملالہ ان چار روزکے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔ والدین سمیت دیگر اہل خانہ بھی ملالہ کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں جبکہ سی ای او ملالہ فنڈ فرح محمد بھی ان کے ہمراہ ہیں۔اس وقت ملالہ یوسف زئی اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں قیام کررہی ہیں جہاں ان کی سول سوسائٹی کی خواتین رہنماؤں اور رشتہ داروں سے بھی ملاقاتیں جاری ہیں۔لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی 12جولائی 1997 کو سوات کے علاقے مینگورہ میں پیدا ہوئیں۔ابتدائی تعلیم ملالہ نے سوات میں ہی حاصل کی اور وہاں لڑکیوں کی تعلیم میں درپیش مشکلات کے حوالے سے اپنے خیالات کو تحریر کی شکل دے کر دنیا کو اس سے آگاہ کرنے کی کوشش کی۔ملالہ پر 9 اکتوبر 2012 کو مینگورہ میں اسکول سے گھرجاتے ہوئے شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا جس کے بعد ملالہ کو شدید زخمی حالت میں پہلے پشاور لے جایا گیا اور بعد میں راولپنڈی کے اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔15 اکتوبر2012 کوحالت میں بہتری آنے کے بعد ملالہ کو علاج کے لیے برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا ۔ 12جولائی 2013 کو ملالہ نے اپنی سالگرہ کے دن اقوام متحدہ میں خطاب کیا تھا ۔ 2014 میں صرف 17 سال کی عمر میں ملالہ نے امن کانوبل ایوارڈ حاصل کیا۔اس کے علاوہ ملالہ یوسف زئی مسلسل 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جاچکی ہے۔ملالہ کوعالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔ملالہ کی پاکستان آمد پر جہاں لاکھوں انسان اس بہادر لڑکی کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں ،وہاں ایسے بھی لاکھوں انسان ہیں جو سوشل میڈیا پر انہیں غلیظ اور گھٹیا گالیاں دے رہے ہیں ،نفرت سے لبریز ان لوگوں کے مطابق ملالہ کسی بہت بڑی گیم کا حصہ ہیں ،وہ سی آئی ائے کی ایجنٹ ہیں اور پاکستان کے خلاف سازش کررہی ہیں ،اب سوال یہ کہ ایسی لڑکی جو پاکستانی بچیوں کی تعلیم کے حق کے لئے لڑ رہی تھی ،اسے گولیاں ماری گئی ،وہ درندوں کی گولیوں کا نشانہ بننے کے باوجود زندہ بچ گئی اور پھر پوری دنیا کی بچیوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ،وہ پاکستان کے خلاف کیا سازش کررہی ہے؟سمجھ نہیں آرہی کہ کچھ متعصب لوگ ملالہ یوسف زئی سے کیوں ناراض ہیں ؟ملالہ یوسف زئی پاکستان کی دشمن نہیں ہے ،پاکستان کے دشمن تو وہ ہیں جنہوں نے اسے گولیاں ماری تھی ،وہ جو خودکش حملے کرکے ہزاروں معصوم انسانوں کا قتل کرچکے ہیں ،دشمن تو وہ ہیں جنہوں نے پاکستان کی گلی کوچوں میں خون کی ہولی کھیلی ہے اور کھیل رہے ہیں ۔۔۔سوشل میڈیا پر ملالہ سے نفرت کرنے والے یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اسے کیوں اس قدر پروٹوکول سے نوازا جارہا ہے ،گالیاں دینے والے اپنا گھٹیا اور گندہ چہرہ دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں اور وہ تو دنیا کے سامنے پاکستان کا بہترین چہرہ پیش کررہی ہیں ،عالمی میڈیا ملالہ کی پاکستان آمد کا ہر لمحہ دنیا کے سامنے پیش کررہا ہے ،وہ یہ بھی دیکھا رہا ہے کہ پاکستان آمد پر دنیا کی بہادر لڑکی کو ننگی اور گھٹیا گالیاں دی جارہی ہیں۔۔یہ سوال اٹھانا کہ ملالہ نے پاکستان کے لئے کیا کیا؟احمقانہ بات ہے ،اس نے تشدد ،جبر ،ظلم ،دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کے سامنے آواز بلند کی ،دنیا کی تمام لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ کی خاطر وہ جنگ لڑ رہی ہے ،اسی وجہ سے لاکھوں انسان اس کی عزت کرتے ہیں ،اس سے محبت کرتے ہیں ۔۔۔ملالہ نے پاکستان کے لئے وہ کچھ کیا جو دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفاتکار نہیں کر سکے ۔۔۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔