آج – 23؍اپریل 2002
اردو کے ممتاز ادیب، صحافی، مترجم، نثر نگار اور بہترین شاعر” تاج سعیدؔ صاحب “ کا یومِ وفات…
تاج سعیدؔ کی تاریخ پیدائش ١٦؍ستمبر ١٩٣٣ء ہے۔ تاج سعید کا اصل نام تاج مّحمد تھا اور وہ پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے شعری مجموعوں میں سوچ سمندر، رتوں کی صلیب، لیکھ اور شہر ہفت رنگ اور مرتبہ نثری کتابوں میں کرشن نگر، جہانِ فراقؔ ، پشتو ادب کی مختصر تاریخ، بنجارے کے خواب، احمد فرازؔ : فن اور شخصیت، خوشحال شناسی، شکیلؔ بدایونی : فن و شخصیت اور پشتو کے اردو تراجم شامل ہیں۔
تاج سعیدؔ اردو کے کئی اہم جریدوں کے مدیراعلیٰ رہے جن میں ’’قند‘‘ مردان، ’’ارژنگ‘‘ پشاور اور ’’جریدہ‘‘ پشاور کے نام شامل ہیں۔ تاج سعید کی اہلیہ زیتون بانو بھی اردو کے ممتاز افسانہ نگاروں میں شمار ہوتی ہیں۔ تاج سعیدؔ ، ٢٣؍اپریل ٢٠٠٢ء کو پشاور میں وفات پاگئے اور وہ پشاور ہی میں قبرستان نزد لوتھیہ میں آسودۂ خاک ہوئے۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✧◉➻══════════════➻◉✧
معروف شاعر تاج سعیدؔ کے یومِ وفات پر منتخب اشعار بطورِ اظہارِ عقیدت…
کس نے آ کر ہم کو دی آواز پچھلی رات میں
کون ہم کو چھیڑنے آیا ہے ان لمحات میں
—
میں نے ظلمت کے فسوں سے بھاگنا چاہا مگر
میرے پیچھے بھاگتی پھرتی مری رسوائی تھی
—
ایسی نگاہ پیار کی یوں تاجؔ کو ملی
دل کے نگر میں ایک دیا سا جلا لیا
—
بے مروت ہے زمانہ اس کا شکوہ کیوں کریں
اپنے اندر کے مکیں کا بن کے ہمسایہ رہیں
—
اپنے دل میں یادوں نے زخموں کے پھول کھلائے ہیں
جسم کی اس دیوار کے اندر کس نے نقب لگائی ہے
—
الفاظ کے گہر تری خاطر پرو لیے
یہ بھی تو تیرے حُسنِ طلب کا کمال ہے
—
بارشوں کی رت میں کوئی کیا لکھے آخر سعیدؔ
لفظ کے چہروں کی رنگت بھی بہت دھندلائی تھی
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
تاج سعیدؔ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ