گاڑیوں کے ٹائرز میں نائٹروجن گیس کا استعمال روز بروز فروغ پا رہا ہے۔ ٹائروں کی اکثر دکانوں پر بھی نائٹروجن گیس بھرنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ گو کہ عام گاڑیوں میں نائٹروجن گیس کا استعمال حال ہی میں شروع ہوا ہے تاہم ہوائی جہازوں اور ریسنگ کارز میں ان کا استعمال طویل عرصے سے جاری ہے۔اس کی بنیادی وجہ نائٹروجن گیس کی قیمت ہے جوٹائرز میں بھری جانے والی عام ہوا سےزیادہ مہنگی ہے۔ٹائر میں نائٹروجن گیس بھرنے کے لیے مختلف دکانوں پر 500 روپے تک وصول کیے جاتے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ٹائرز میں نائٹروجن گیس بھروانے کا کوئی فائدہ بھی ہے یا نہیں؟اور کیا اس کی اضافی قیمت دینا سودمند بھی ہے یا نہیں؟ یہ اور اس جیسے بے شمار سوالات اکثر ڈرائیور صاحبان کی جانب سے پوچھے جاتے رہے ہیں۔ تو آئیے ان سوالوں کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بنیادی سوال سے شروعات کرتے ہیں:
نائٹروجن گیس کیا ہے؟
نائٹروجن ایک گیس ہے جس کا کوئی رنگ، خوشبو اور ذائقہ نہیں ہوتا۔ ہمارے آس پاس موجود ہوا میں 78 فیصد نائٹروجن گیس شامل ہے۔
نائٹروجن گیس استعمال کرنے کا کیا فائدہ ہے؟
مشہور ہے کہ نائٹروجن گیس استعمال سے گاڑی کے ٹائرز کا درجہ حرارت کم رہتا ہے جس سے درج ذیل فوائد حاصل ہوتے ہیں:
٭ گاڑی بالکل ہموار سفر کرتی ہے
٭ ٹائر زیادہ عرصے تک قابل استعمال رہتے ہیں
٭ ٹائرز میں ہوا کا دباؤ برقرار رہتا ہے
٭ اس سے رِمز کو نقصان نہیں پہنچتا
اب آئیے ان نکات کی حقیقت باری باری سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
کیا نائٹروجن گیس سے ٹائرز کا درجہ حرارت کم رہتا ہے؟
جی ہاں۔ تحقیق کے مطابق ٹائر میں بھری جانے والی گیس میں جتنی کم نمی ہوگی ٹائر کو درجہ حرارت کم رکھنے میں اتنی ہی زیادہ مدد ملے گی۔ چونکہ عام دستیاب ہوا میں نمی کا تناسب بہت زیادہ ہوتا ہے اس لیے اکثر تیز رفتاری کے دوران گاڑی کے ٹائرز کا درجہ حرارت بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس کے برعکس نائٹروجن گیس میں بہت کم نمی پائی جاتی ہے اور اسی لیے یہ گاڑی کے ٹائرز کا درجہ حرارت کم رکھنے میں مددگار ہے۔ یہ بات ان لوگوں کے لیے اور بھی معنی رکھتی ہے کہ جو اکثر طویل سفر کرتے رہتے ہیں یا پھر تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے شوقین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑی کے ٹائرز طویل عرصے تک قابل استعمال رکھیں
کیا نائٹروجن گیس کی موجودگی میں گاڑی ہموار چلتی ہے؟
جی نہیں۔ ٹائر میں نائٹروجن گیس کے استعمال سے سفری تجربے میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا۔ اس حوالے سے کوئی ٹھوس وجہ یا تحقیق سامنے نہیں آئی کہ جس سے اس دعوی کو ثابت کیا جاسکے۔ لہٰذا گاڑی کے ٹائر میں عام ہوا بھری جائے یا پھر نائٹروجن، سفر کے دوران کوئی بہتری محسوس نہیں کی جاسکتی۔ ہاں یہ بالکل ممکن ہے کہ تیز رفتاری کے دوران ٹائر کے درجہ حرارت کم ہونے کی وجہ سے آپ کو اس حوالے سے بہتر نتائج حاصل ہوں۔
کیا نائٹروجن گیس سے ٹائرز طویل عرصے تک قابل استعمال رہتے ہیں؟
جی ہاں۔ چونکہ نائٹروجن گیس ٹائر کے درجہ حرارت کو کم رکھتی ہے اس لیے ٹائر بھی زیادہ عرصے تک چلتے ہیں۔ اگر ٹائر میں موجود ہوا کا درجہ حرارت بہت زیادہ ہوجائے تو اس سے ٹائر کی ساخت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور وہ زیادہ جلدی گھس جاتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی یاد رکھیں کہ نائٹروجن گیس کے حامل ٹائرز بھی ایک عرصے بعد خراب ہوجاتے ہیں لہٰذا اپنی گاڑی کے ٹائرز وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہنا چاہیے۔ میرا مشورہ ہے کہ چار سے پانچ سال کے بعد گاڑی کے ٹائرز لازمی تبدیل کرلینے چاہیئں۔
نائٹروجن سے ٹائر میں ہوا کا دباؤ برقرار رہتا ہے؟
جی ہاں۔ گاڑی کے ٹائر میں ہوا کا تناسب درجہ حرارت کے ساتھ ہی گھٹتا اور بڑھتا ہے۔ اسی لیے تجویز کیا جاتا ہے موسم سرما میں گاڑی کے ٹائرز کو ضرور چیک کرلینا چاہیے۔ چونکہ نائٹروجن گیس کی موجودگی میں ٹائر کے اندر درجہ حرارت کم رہتا ہے اس لیے مجموعی طور پر ہوا کا دباؤ بھی کم بڑھتا ہے۔
نائٹروجن گیس کا ٹائر سے اخراج کم ہوتا ہے؟
جی ہاں۔ وقت کے ساتھ گاڑی کے ٹائر میں موجود ہوا خارج ہوتی رہتی ہے۔ چونکہ خارج ہونے والی ہوا کی مقدار بہت معمولی ہوتی ہے اس لیے عام طور پر لوگ اسے محسوس بھی نہیں کرپاتے۔ چونکہ نائٹروجن گیس کا کیمیائی اسٹرکچر بہتر ہوتا ہے اس لیے وہ گاڑی کے ٹائر سے کم خارج ہوتی ہے۔ پھر بھی گاڑی پر سفر کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ آپ ٹائر پریشر ضرور چیک کرلیں تاکہ ہوا کے اخراج کا درست اندازہ لگایا جاسکے اور حسب ضرورت دوبارہ ہوا بھروائی جاسکے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ایک بار گاڑی کے ٹائر میں نائٹروجن گیس استعمال کرنے کے بعد اگلی بار بھی آپ کو نائٹروجن گیس ہی بھروانی پڑے گی۔ علاوہ ازیں نائٹروجن گیس کی موجودگی کے باعث ٹائر پریشر سے غفلت نہ برتیں اور اسے چیک کرتے رہیں۔ قیمت اور دستیابی کے حوالے سے نائٹروجن گیس اب بھی عام پاکستانیوں کی دسترس سے باہر ہے۔ میری مشورہ ہے کہ اگر آپ عام گاڑی چلاتے ہیں تو اس کے ٹائر میں نائٹروجن گیس کا استعمال زیادہ فائدہ مند نہیں رہے گا۔ ہاں اگر آپ اسپورٹس کار کے مالک تو ضرور نائٹروجن گیس استعمال کریں اور برق رفتار کا لطف اٹھائیں۔