ڈاکٹر (مجازِ مرسل کی رُو سے) فرہاد احمد فگار ادبی دنیا میں تنقید، تحقیق اور لسانیات کے میدان میں ایک اہم نام مانے جاتے ہیں ۔"احمد عطا اللّہ کی غزل گوئی" اور افتخار مغل (مرحوم) کے مقالے"آزادکشمیر میں اُردو شاعری" کی ترتیب و اہتمام آپ کے اہم کارنامے ہیں۔ ملک بھر کے اخبارات اور رسائل و جرائد میں موصوف کے پُر مغز مضامین اور مقالے وقتاً فوقتاً زیورِ طباعت سے آراستہ ہوتے رہتے ہیں ۔ایسی گوناگوں خوبیوں سے لدی پھندی شخصیت جب کسی مجلّے کی ادارت سنبھالے گی تو یقینناً حق ضرور ادا ہوگا ۔جی ہاں میں بات کر رہا ہوں گورنمنٹ بوائز کالج میرپورہ، ضلع نیلم کے مجلّہ "بِساط" کی۔
"بِساط" Bisaat 2020 Govt.Boys Inter College ,Mirpura Dis. Neelum گورنمنٹ بوائز انٹر کالج میرپورہ، ضلع نیلم کا نقشِ اوّل ہے جس کے بانی مدیر اعلاپروفیسر فرہاد احمد فگار ہیں ۔مجلّہ ١١٢ صفحات پر مشتمل ہے ۔ایک انٹر کالج کے مجلّے کے لیے اتنے صفحات کافی ہیں خصوصاً جب پہلا شمارہ ہو ۔ رسالے کی شروعات پروفیسر محمّدرفیق(پرنسپل) کی خوب صورت تصویر سےہوتی ہے ۔ اگرمجلسِ ادارت اور تدریسی عملے کی اجتماعی تصاویر کا اہتمام ہوتا تو زیادہ مناسب رہتا ۔تمام ضروری موضوعات جو ایک کالج رسالے میں ہونے چاہییں موجود ہیں ۔ناظمِ اعلا کا پیغامِ تہنیت، سربراہِ ادارہ کا مصاحبہ، ادبیات، اسلامیات ،کشمیریات،"نیلمیات" ،غزلیات اور" انتخابات "شامل ہیں ۔اگر "حصّہ انگریزی" کے چند صفحات بھی شامل کر لیے جاتے تو مزید بہتر رہتا ۔جریدے کی خاص بات طلبہ و طالبات کی نگارشات کا شامل ہونا ہے جو متفرق موضوعات سے سجی ہوئی ہیں ۔یقینناً اس کا سہرا بانی مدیر اعلا پروفیسر فرہاد احمد فگار کے سر بندھتا ہے۔یوں مجلّے کے شائع کرنے کا مقصد پورا ہوتا دکھائی دیتا ہے ۔اس "پہلی بارش "کو کام یاب اور کام ران قرار دیا جاسکتا ہے ۔"بِساط٢٠٢٠"Bisaat Mirpura 2020 کا صوتی آہنگ بھی کمال ہے۔
اس وقت جب کئی ڈگری کالجز اور پوسٹ گریجویٹ کالجز کالج مجلّے کی برکت سے خالی ہیں؛ ایسے وقت میں ایک انٹر کالج کا بھرپور کام لائقِ صد تحسین ہے۔ گورنمنٹ بوائز انٹر کالجGovt. Boys Inter College Mirpura میرپورہ، ضلع نیلم کی یہ خوش بختی ہے کہ اسے فرہاد احمد فگار ایسے ادب پرست کی خدمات دستیاب ہیں ۔امیدِ واثق ہے کہ ادارہ "بِساط" کی اشاعت کا تسلسل جاری رکھے گا اورنقشِ ثانی، نقشِ اوّل سے بہتر ہوگا ۔
مبصّر:عابد محمود عابد
لیکچرار :گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج
میرپور، آزاد کشمیر