آپ نے فریج سے دودھ کا ایک گلاس پینے کے لئے نکالا ہے، ایک نظر اس کے پیچھے کے کچھ کرداروں پر۔
پہلا منظر
ہم سے کروڑوں میل دور سورج پر ہائیڈروجن کے ایٹم ایک دوسرے میں ضم ہو کر ہیلئیم بنا رہے ہیں۔ اس ٹکراؤ سے نکلتی توانائی خلا میں ہر طرف بکھر رہی ہے جس کا ایک چھوٹا سا حصہ زمین تک پہنچ رہا ہے۔
دوسرا منظر
زمین پر ایک پودا اس میں سے ایک حصے کو استعمال کرتا ہوا توانائی کی صورت بدل رہا ہے۔ یہ توانائی اس میں کیمیائی شکل میں ذخیرہ ہو رہی ہے۔ اس طرح سٹور ہونے کا مطلب یہ ہے کہ رات کو جب سورج کی روشنی اس کو نہیں پہنچے رہی ہو گی تو بھی اس کو کئی مسئلہ نہیں۔ اس توانائی کے ذریعے پودا اپنے اندرونی نظام چلائے گا جن پر اس کی زندگی منحصر ہے، بڑھے گا اور پھر اپنے پھل اور بیج بنا کر اگلی نسل کو جاری رکھے گا۔
تیسرا منظر
ایک گائے کا بھی یہی مسئلہ ہے۔ اسے توانائی درکار ہے۔ اس کا ادھر سے گزر ہوا تو وہ اس پودے کو چر گئی۔ وہ توانائی جو سورج سے اس پودے نے کشید کی تھی، اب وہ گائے کے پاس پہنچ گئی ہے۔ یہ توانائی اس کے پاس ذخیرہ ہو گی اور پھر اپنی حرکت اور دوسرے تمام نظام جاری رکھنے کے لئے استعمال ہو گی۔ انہیں میں سے ایک نظام میں دودھ کا بننا بھی شامل ہے۔
چوتھا منظر
سورج سے آنے والی یہ توانائی سمندر پر بھی پڑی جس سے اس پانی بخارات میں تبدیل ہوا۔ یہ بخارات بادل بن کر پھر پہاڑوں پر برسے، وہاں سے پانی دریاؤں میں بہتا واپس سمندر میں آ رہا ہے۔
پانچواں منظر
وقت کا پہیہ پیچھے گھما کر کروڑوں سال پیچھے جھانکیں تو اس وقت بھی اسی طرح زمین پر رہنے والی زندگی سورج سے توانائی حاصل کرتی تھیں۔ اس وقت کی مخلوقات مرنے کے بعد زمین میں دبتی چلی گئیں اور پھر زمین کے پریشر تلے وقت نے اس کو سیاہ پٹرولیم اور دوسرے فوسل فیولز میں بدل دیا۔
چھٹا منظر
گوالے نے اس گائے سے دودھ نکالا، تیل والی کمپنیوں نے پٹرولیم نکال کر صاف کیا اور اب یہ گوالے کے موٹرسائیکل میں ہے جسے استعمال کر کے وہ یہ دودھ آپ کے پاس لے کر آیا ہے۔ بجلی بنانے والی کمپنی نے اس دریا پر بند باندھ کر توانائی حاصل کی جس کی مدد سے آپ اس دودھ کو دیر تک محفوظ رکھ سکے اور اب ضرورت پڑنے پر دو روز پہلے نکالے گیے دودھ کو اس گائے سے کوسوں دور بیٹھ کر پینے لگے ہیں تا کہ آپ کا اپنا زندگی کا نظام چلتا رہے۔
توانائی کی یہ زنجیر زندگی کی بنیادی تعریف ہے۔ اس وقت ہمارے بائیولوجیکل سسٹم چلانے کے لئے توانائی کا روزانہ استعمال تین ہزار کلوکیلوریز فی کس ہے۔ بجلی کا استعمال ساڑھے چھ ہزار کلوکیلوریز فی کس ہے. جبکہ ہر قسم کی توانائی (ٹوٹل پرائمری انرجی سپلائی) ترپن ہزار کلوکیلوریز فی کس ہے۔
جب ہم ذہین زندگی کو اپنی زمین سے باہر کائنات کی وسعتوں میں تلاش کرتے ہیں تو ذہانت کی تعریف کا پیمانہ بھی توانائی کے استعمال کو بناتے ہیں۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔