آج سے ٹھیک سو سال قبل پہلی جنگِ عظیم ختم ہوئی۔ دنیا بھر میں اس سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔ لیکن اس کے خاتمے کے ساتھ ایک نئے قاتل کی آمد ہوئی۔ یہ قاتل فلو کا چھوٹا وائرس تھا جس سے ہونے والی بیماری کو ہسپانوی فلو کہا گیا۔ دنیا بھر میں اس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ کروڑ سے زیادہ تھی۔ ان میں سے ایک کروڑ ہلاکتیں برِصغیر میں ہوئیں۔ یہ تعداد دنیا میں لڑی والی جنگِ عظیم میں ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ تھی اور اس نے دنیا میں گہرے سیاسی اثرات چھوڑے۔ سیاہ موت کے بعد یہ وبا تاریخ میں سب سے ہلاکت خیز تھی۔ حتیٰ کہ سوئٹزرلینڈ جیسا ملک بھی اس وائرس کی وجہ سے خانہ جنگی کے دہانے پر تھا۔ پہلی جنگِ عظیم کے دوران میڈیا پر لگی سخت پابندیوں کی وجہ سے اس کی خبریں میڈیا میں نہیں آتی تھیں۔ سپین اس جنگ کا حصہ نہیں تھا اور میڈیا پر اس قسم کی روک ٹوک نہ تھی۔ اس وجہ سے اس کا نام سپینش فلو پڑا۔
اس میں خاص بات یہ تھی کہ مرنے والوں کی تعداد میں نوجوان لوگوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔ 2005 میں الاسکا میں برف میں دفن ایک لاش سے اس وائرس کو نکالا گیا اور اس کو سیکونس کیا گیا جس کی وجہ سے اس سے ہونے والی ہلاکت خیزی کی وجہ کا علم ہوا۔ اس کا بنایا ہوا ایک پروٹین جسم کی دفاعی نظام میں طوفان (سائیکوٹین سٹورم) برپا کر دیتا تھا اور اس اوور ری ایکشن کی وجہ سے اموات کی شرح میں اضافہ ہو جاتا تھا۔ نوجوان لوگ جن کے دفاعی نظام زیادہ بہتر تھے، اس وجہ سے اس کا زیادہ نشانہ بنے۔
اگر یہ وائرس آج ہو تو اس کا علاج کیا جا سکتا تھا اور وہ فلو کی ویکسین اور اینٹی بائیوٹکس کے ذریعے ہوتا۔ 1918 میں ہمیں یہ بنانا نہیں آتی تھی۔ اس کے بعد آنے والی سب سے بڑی وبا ایچ آئی وی کی تھی جو اب تک تین کروڑ جانیں لے چکی ہے۔
کیا ہم ہر بیماری کا علاج ڈھونڈ سکتے ہیں؟ نہیں۔ جراثیم اپنا ارتقائی سفر تیزی سے کرتے ہیں اور میڈیکل سائنس ان تیزی سے ان کا پیچھا نہیں کر سکتی۔ ہمارے پاس ہر بیماری کا علاج نہیں اور نہ ہو گا۔ میڈیکل ریسرچ میں ان بیماریوں اور ان کے بدلتے محاذوں پر جنگ لڑی جاتی ہے۔ فلو کے وائرس اس میں ہمارے لئے ہمیشہ مسئلہ رہے ہیں۔
آج جنگِ عظیم سے متعلق ہر کوئی جانتا ہے لیکن اس وائرس کی ہلاکت خیزی سے اتنے لوگ واقف نہیں۔ لیکن اس وبا سے ہم نے کیا سبق سیکھا تھا؟
1۔ مریض کو الگ کرنا
2۔ بیمار اور مرنے والوں کو ٹھیک ہینڈل کرنا تا کہ وائرس آگے منتقل نہ ہو
3۔ ہاتھ دھونے کی اہمیت
4۔ ویکسینز کی اہمیت
ساتھ لگی تصویر پچھلی صدی میں ہونے والی بڑی وباؤں سے ہونے والی اموات کی۔