آج سب سے پہلے مظفر وارثی کی اپنی آواز میں ان کا اپنا کلام سنا۔”حی علی خیرالعمل”….اس کے بعد اعظم چشتی کی نعت سنی۔
اپنا معیار زمانے سے جدا رکھتے ہیں. ہم تو محبوب بھی محبوب خدا رکھتے ہیں
میں مہدی حسن اور نور جہاں کی نعتیں ڈھونڈ رہا تھا ۔آخر کار اس تلاش میں کامیاب ہو گیا ہوں ۔دونوں کی دو بہت عمدہ نعتیں آج بار بار سنی ہیں ۔
یا محمدؐ ہے سارا جہاں آپ کا. یہ زمیں آپ کی،آسماں آپ کا (نور جہاں اور سعید ہاشمی)
پیام لائی ہے بادِ صبا مدینے سے. کہ رحمتوں کی اٹھی ہے گھٹا مدینے سے (مہدی حسن)
نور جہاں اور مہدی حسن کی نعتوں کے بعد میں نے گلوکارہ مالا کا نام لکھ کر تلاش شروع کی۔مالا کی بجائے ایک پشتو نعت سامنے آ گئی ۔ما لہ نازنین جانان مِ راولہ۔۔۔۔بہت سارے نعت خوانوں نے اسے پڑھ رکھا ہے۔سب اپنی اپنی جگہ اچھے ہیں لیکن مجھے ایک آٹھ سالہ بچے افضل ماشوی کی آواز میں یہ نعت بہت اچھی لگی۔پشتو سے بالکل نابلد ہوتے ہوئے بھی اس کی طرز اور بچے کی آواز میں ایسا تال میل تھا کہ سنتے ہوئے بہت اچھا لگ رہا تھا ۔
مبارک بیگم انڈیا کی بہت خوبصورت گلوکارہ تھیں ۔” کبھی تنہائیوں میں یوں ہماری یاد آئے گی” اور ” مجھ کو اپنے گلے لگا لو اے میرے ہمراہی”…۔ان کے یہ گیت تو آج بھی ذوق وشوق سے سنے جاتے ہیں ۔تو ان مبارک بیگم کی آواز میں 1950 میں ایک نعت ریکارڈ کی گئی ۔نعت کے بول تھے ” کرم کیجئے تاجدارِ مدینہ”.اس کا گراموفون ریکارڈ تیار کیا گیا تھا اور یہ نعت اب یو ٹیوب پر دستیاب ہے ۔ اس کے چند برسوں کے بعد فلم ” مغلِ اعظم” میں لتا منگیشکر نے ایک نعت گائی “بے کس پہ کرم کیجیئے سرکارِ مدینہ” ۔اس کے مزید چند برسوں کے بعد فلم “دیارِ مدینہ” میں آشا بھونسلے نے نعت گائی ۔”مدد کیجیئے تاجدارِ مدینہ”……ان تینوں نعتوں کی تاریخی حیثیت بنتی ہے۔یہ تینوں یو ٹیوب پر آسانی سے مل جاتی ہیں ۔منفرد نعتوں کی جستجو میں رہنے والے یہ نعتیں ضرور سنیں ۔میں انہیں بار بار سن رہا ہوں ۔
ٹی وی کے ایک مشہور کامیڈی شو”مذاق رات” کے مستقل سنگر عون علی خان ہیں ۔یہ امانت علی خان کے چھوٹے بھائی ہیں ۔وہی امانت علی خان جو انڈیا میں گلوکاری کے ایک بڑے مقابلے میں شریک ہوئے تھے اور ونر رہے تھے۔ عون علی خان کی ایک نعت سننے کا موقعہ ملا ہے۔نعت سلام سے شروع ہوتی ہے۔
یا نبی سلام علیک۔۔۔۔۔یا رسول سلام علیک
اے میرے امام الانبیاء تیری شان سب سے اعلیٰ
اس نعت کے شاعر ہمارے دوست ایوب خاور ہیں اور کمپوزر بھی ایوب خاور ہیں ۔نعت میں عربی موسیقی کا ہلکا سا ٹچ سننے میں اچھا لگتا ہے۔
کل خورشید احمد کی ایک نعت سنی تھی۔اس کے ذکر پر رحیم یارخان سے فرحت نواز صاحبہ نے اطلاع دی ہے کہ خورشید احمد رحیم یارخان سے تعلق رکھتے تھے۔یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ان کا تعلق بھی میرے آبائی شہر سے ہے۔چنانچہ آج خورشید احمد کی ایک اور نعت سنی اور اسے سنتے ہوئے کل سے زیادہ مزہ آیا ۔
زمین و زماں تمہارے لئے مکین و مکاں تمہارے لئے
جنین و چناں تمہارے لئے بنے دو جہاں تمہارے لئے
اسماء صبا خواج کا افسانہ مایوسی فنی و فکری مطالعہ
اسماء صبا خواج کا تعلق لکھیم پور کھیری ہندوستان سے ہے، اردو کی ممتاز لکھاری ہیں، آپ کا افسانہ ''مایوسی"...