18 اپریل 1768 یوم پیدائش چندہ بی بی ماہ لقاء
گُل کے ہونے کی توقع پہ جئے بیٹھی ہے …….. مہ لقا بائی چندا
گُل کے ہونے کی توقع پہ جئے بیٹھی ہے
ہرکلی جان کو مُٹھی میں لئے بیٹھی ہے
کبھی صیاد کا کھٹکا ہے کبھی خوفِ خزاں
بلبل اب جان ہتھیلی پہ لئے بیٹھی ہے
تیروتلوار سے بڑھ کر ہے تیری ترچھی نگہ
سیکڑوں عاشقوں کا خون کئے بیٹھی ہے
تیرے رخسار سے تشبیہ اسے دوں کیوں کر
شمع تو چربی کو آنکھوں میں دئے بیٹھی ہے
تشنہ لب کیوں رہے اے ساقیء کوثر! چندا
یہ ترے جامِ محبت کو پئے بیٹھی ہے
………..
مہ لقا بائی چندا جس کا اصل نام چندا بی بی یا چندا بائی اور خطاب ماہ لقا تھا‘ بروز دوشنبہ ۲۰؍ ذی قعدہ ۱۱۸۱ھ کو حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئی (۳)۔ اس کا نام نانی کے نام کی مناسبت سے چندابی بی رکھا گیا ۔ چندا کے والد کا نام بہادر خاں تھا ۔ ان کا موروثی خطاب نواب بسالت خاں بہادر تھا ۔ اور وہ آصف جاہی بخشی ۱ صرف خاص تھے ۔ والدہ کا نام راج کنور بائی (میدا بی بی) تھا ۔ مولوی نصیر الدین ہاشمی نے چندا کی تاریخ پیدائش سہواً ۱۱۷۸ھ بتائی ہے (۴) اور اس کے والد کا نام مرزا سلطان نظر تحریر کیا ہے (۵) ۔ جو محل نظر ہے ۔ مرزا سلطان نظر دراصل چندا کے دادا تھے (۶) جنہوں نے چندا کی پیدائش سے تقریباً ۵۴ سال قبل ۱۱۲۷ ھ میں وفات پائی (۷) ۔ – چندا بی بی المعروف ماہ لاء بائی کو اردو کی پہلی صاحب دیوان خاتون شاعرہ کا اعزاز حاصل ہے ۔وہ ایک حسین و جمیل طوائف تھیں وقت کے بڑے بڑے نامور لوگ ان سے دوستی پر فخر کیا کرتے تھے ۔ چندا بی بی نے تجرد کی زندگی گزار دی۔ نہ جانے کیا راز تھا یا مجبوری تھی کہ انہوں نے شادی نہیں کی۔